Powered By Blogger

پیر, اگست 09, 2021

گوتم تبدیلی مذہب معاملہ:مہاراشٹر کے پوسد شہر سے ڈاکٹر فراز شاہ کی گرفتاری

(اردو اخبار دنیا)یو پی اے ٹی ایس مسلمانوں کو بے جا گرفتار کررہی ہے، جمعیۃ علماء قانونی امدادفراہم کریگی، گلزار اعظمی
ممبئی 9/ اگست.تبدیل مذہب معاملے میں گذشتہ اتوار کی شب اتر پردیش اے ٹی ایس نے مہاراشٹر کے ضلع ایوت محل کے مقام پوسد سے ڈاکٹر فراز شاہ کو اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ حسب معمول اپنے دواخانے میں مریضوں کا علاج کررہے تھے، دو گاڑیوں میں اے ٹی ایس کے افسران پوسد پہنچے اور ڈاکٹر فراز شاہ کو گرفتار کرکے لکھنو لیکر چلے گئے، ڈاکٹر فراز کو گرفتار کرنے سے قبل اے ٹی ایس کے افسران نے ڈاکٹر فراز کے گھر والوں کو مطلع نہیں کیا، ڈاکٹر فراز کے اہل خانہ نے جب مقامی پولس اسٹیشن میں اس کی شکایت درج کرائی تو انہیں تحریری جواب ملاکہ لکھنؤ کی خصوصی عدالت نے ملزم کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے اس لیئے لکھنؤ اے ٹی ایس ٹیم اسے اپنے ساتھ لیکر گئی ہے اور لکھنؤ پہنچتے ہی ڈاکٹر فراز کو عدالت میں حاضر کردیا جائے گا نیز ڈاکٹر فراز کو عمر گوتم تبدیل مذہب معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے کیونکہ دوان تفتیش ڈاکٹر فراز کے بھی اس معاملے میں ملوث ہونے کا سراغ ملا ہے۔

ڈاکٹر فراز شاہ کی گرفتاری کے بعد اس کی والدہ نے جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی)قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی کے نام قانونی امداد کی درخواست ارسال کی ہے جسے منظور کرلیا گیا ہے۔
اس ضمن میں گلزا ر اعظمی نے کہا کہ یو پی اے ٹی ایس مسلمانوں کو بے جا گرفتار کررہی ہے تاکہ آنے والے انتخابات میں اس کا فائدہ اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فراز پوسد میں رہتے ہیں جبکہ تبدیل مذہب کا معاملہ نوئیڈا میں ہوا اس کے باوجود یو پی اے ٹی ایس نے انہیں گرفتار کرلیا۔

امید ہیکہ آج ڈاکٹر فراز شاہ کو لکئنؤ کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا جس کے دوران ملزم کے دفاع میں جمعیۃ کی جانب سے ایڈوکیٹ فرقان خان حاضر رہیں گے۔گلزار اعظمی نے کہا کہ اس معاملے میں پہلے سے گرفتار عرفان خواجہ خان کو جمعیۃ علماء قانونی امداد فراہم کررہی ہے اورجمعیۃ علماء ڈاکٹر فراز کو بھی قانونی امداد فراہم کریگی کیونکہ ملزمین کو جبراً اس مقدمہ میں پھنسایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ ایک ہفتہ سے لکھنؤ میں وکلاء کی ہڑتال ہونے کی وجہ سے عدالتی کام کاج ٹھپ ہے جس کی وجہ سے ملزم عرفان خان کی ضمانت عرضداشت بھی داخل نہیں کی جاسکی ہے، جیسے ہی عدالتی کام کاج شروع ہوگا، ملزم عرفان کی ضمانت عرضداشت داخل کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ اتر پردیش انسداد دہشت گرد دستہ ATSنے عمر گوتم اور مفتی قاضی جہانگیر قاسمی کو جبراً تبدیل مذہب کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور ان پر الزام عائد کیا ہیکہ دونوں ملزمین پیسوں کا لالچ دے کر ہندوؤں کا مذہب تبدیل کراکے انہیں مسلمان بنا تے ہیں اور پھر ان کی شادیاں بھی کراتے ہیں۔ پولس نے ممنو ع تنظیم داعش سے تعلق اور غیر ملکی فنڈنگ کا بھی شک ظاہر کیا ہے۔پولس نے ملزمین پر تعزیرات ہند کی دفعات 420,120(B),153(A),153(B),295,511اور اتر پردیش پروہبیشن آف ین لاء فل کنورژن آف ریلیجن ایکٹ کی دفعات 3,5 کے تحت مقدمہ قائم کرکے ان پر سنگین الزامات عائد کیئے ہیں، یو پی اے ٹی ایس کی تفتیش ابھی جاری ہے۔

سپریم کورٹ کا ایمیزون اورفلپ کارٹ کے خلاف مداخلت انکار جانچ میں المے

نئی دہلی (اردو اخبار دنیا): سپریم کورٹ نے ای کامرس شعبے کی معروف کمپنیوں ایمیزون اور فلپ کارٹ کو بڑا دھچکہ دیتے ہوئے ان کے خلاف کمپٹیشن کمیشن آف انڈیا (سی سی آئی) کی جانچ میں مداخلت سے انکار کردیا۔ مسابقتی قانون کی خلاف ورزی کے لئے دونوں کمپنیو ں کے خلاف سی سی آئی کی جانچ چل رہی ہے۔
چیف جسٹس این وی رمن ، جسٹس ونیت سرن اور جسٹس سوریہ کانت کی ڈویژن بنچ نے اس معاملے میں کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا۔ تاہم عدالت دونوں کمپنیوں کو جانچ میں شامل ہونے کے لیے چار ہفتے کا وقت دیا ہے۔
دونوں کمپنیوں نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ہائی کورٹ نے غیر مسابقتی کاروبار کے لیے دونوں کمپنیوں کے خلاف سی سی آئی کی جانب سے شروع کی گئی ابتدائی تفتیش(پی ای) میں مداخلت سے انکار کر دیا۔
جسٹس رمن نے سماعت کے دوران کہا ، "ہمیں (ہائی کورٹ کے) حکم میں مداخلت کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہ (جانچ میں شامل ہونے کا) وقت آج (9 اگست) ختم ہو رہا ہے ، ہم چار ہفتوں کی توسیع کررہے ہیں۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ ایمیزون اور فلپ کارٹ جیسی بڑی کمپنیاں رضاکارانہ طور پرجانچ میں شامل ہوں گی۔
سینئر ایڈوکیٹ گوپال سبرامنیم نے ایمیزون کی جانب سے دلائل پیش کیں جبکہ سینئر ایڈوکیٹ ابھیشیک منو سنگھوی فلپ کارٹ کی جانب سے پیش ہوئے۔ سی سی آئی کی جانب سے سالیسٹر جنرل تشار مہتا پیش ہوئے۔


انوپم شیام کے انتقال سے یوپی میں سوگ کی لہر

لکھنؤ(اردو اخبار دنیا)،اپنی بہترین اداکاری کی بدولت بالی وڈ اور چھوٹے پردے پر تقریباً ڈھائی دہائی تک دھوم مچانے والے اداکار انوپم شیام اوجھا کی طویل علالت کے بعد اتوار کی رات ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر تقریبا 63 سال تھی۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا ، "مشہور اداکار انوپم شیام اوجھا جی کے انتقال کا سن کر بہت دکھ ہوا۔ میری تعزیت سوگوار کنبے کے ساتھ ہے۔
ضلع پرتاپ گڑھ کے اسٹیشن روڈ کے رہائشی انوپم شیام گردےکی بیماری میں مبتلا تھا۔ ان کے کئی اعضاء نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ حال ہی میں مسٹر یوگی نے اوجھا کے علاج کے لیے 20 لاکھ روپئے کی مدد کی تھی۔ انہوں نے لجا ، دستک ، دشمن ، نائیک ، شکتی: دی پاور ، رکت چریترا اور سلم ڈاگ ملینئر جیسی فلموں میں کام کیا۔


کورونا ویکسین کے کلینیکل ٹرائل کا ڈاٹا منظرعام پر لانے کا مطالبہ، سپریم کورٹ نے مرکز کو بھیجا نوٹس

نئی دہلی:(اردو اخبار دنیا)کورونا ویکسین کے کلینیکل ٹرائل اور پوسٹ ویکسنیشن ڈاٹا کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کرنے والی عرضی پر سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے مرکز سے اس نوٹس کے ذریعہ جواب مانگا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ عدالت نے مرکزی وزارت صحت کے ساتھ ساتھ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ اور ویکسین مینوفیکچر کرنے والی کمپنیوں کو بھی نوٹس جاری کیا ہے اور سبھی سے چار ہفتے میں جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔ چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر جیکب پولیل نے عدالت میں یہ عرضی داخل کی ہے۔

سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ وہ عرضی پر نوٹس جاری کر رہا ہے، لیکن ٹیکہ کاری کو لے کر لوگوں کے ذہن میں کوئی غلط فہمی نہیں پیدا کرنا چاہتا۔ جسٹس ایل ناگیشور راؤ اور جسٹس رسیکیش رائے کی بنچ نے کہا کہ ’’کیونکہ ویکسین پر اندیشہ سے پہلے ہی مسئلہ پیدا ہو رہا ہے، ملک ویکسین کی کمی سے لڑ رہا ہے، ٹیکہ کاری جاری رہے اور ہم اسے روکنا نہیں چاہتے ہیں۔‘‘

عرضی دہندہ کی طرف سے سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے عدالت میں کہا کہ آئی سی ایم آر سمیت سبھی بین الاقوامی ریگولیٹری کا اصول ہے کہ ویکسین ڈاٹا دیا جانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ عوامی طور پر ڈاٹا جاری کیے جانے پر ماہرین اس پر غور کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ ٹیکہ کاری کے عمل کو روک دیا جائے، لیکن ٹرائل کے ڈاٹا کو عوام کے سامنے لایا جانا چاہیے۔‘‘

وکیل پرشانت بھوشن نے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ زیادہ تعلیم یافتہ اشخاص میں خوف ہے، کیونکہ خود مختار ماہرین نے ویکسین یا ٹیسٹنگ کے ڈاٹا نہیں دیکھے ہیں۔ بھوشن نے عدالت میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ گزشتہ ایک مہینے میں کووڈ ٹیکوں کی وجہ سے 3 ہزار لوگوں کی موت ہونے کی خبر ملی ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ کووڈ-19 کے بعد جسم میں پیدا ہونے والی اینٹی باڈی، ویکسین سے بننے والی اینٹی باڈی کے مقابلے بہت بہتر ہوتی اور مختلف تجربہ کرنے والے اداروں نے یہ واضح کیا ہے۔

بہر حال، عرضی میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کو ضروری خدمات تک پہنچنے کے لیے شرط کی شکل میں کووڈ ویکسین لگانے کے لیے مجبور کرنا غیر آئینی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ’’ویکسین کے معاملے میں حکومت نے لازمیت نہیں رکھی ہے، اور ویکسین لگانے والے کو خود فیصلہ لینا ہے۔ ایسے میں سوال یہ اٹھتا ہے کہ نجی اداروں کی جانب سے ملازمین کو مجبور کیوں کیا جا رہا ہے

او بی سی کے خالی اسامیوں کو پر کرے مرکزی حکومت : مایاوتی

لکھنؤ: (اردو اخبار دنیا (بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)سپریمو مایاوتی نے پیر کو کہا کہ دیگر پسماندہ طبقات(اوبی سی) کی شناخت کرنے سے متعلق بل کا ان کی پارٹی حمایت کرتی ہے مگر مرکز کو سرکار نوکریوں میں اس سماج کے لئے خالی اسامیوں کو بھرنے کی سمت میں قدم اٹھانے ہونگے۔
محترمہ مایاوتی نے پیر کو اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا' او بی سی سماج بہوجن سماج کا جزء لاینفک ہے جس کے مفاد و فلاح کے لئے بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے آئین کی دفعہ 340 کا انتظام کیا اور اس پر صحیح سے عمل نہ ہونے پر حکومت کے پہلے وزیر قانون نے استعفی بھی دے دیا تھا۔ بی ایس پی بھی ویسے ہی ان سماج کے لئے جی جان سے یکسو ہے۔
انہوں نے کہا' اسی سوچ کے تحت ریاستی حکومتوں کے ذریعہ او بی سی کی شناخت کرنے و ان کی فہرست بنانے سے متعلق پارلیمنٹ میں آج ترمیمی بلکا بی ایس پی حمایت کرتی ہے۔ مگر مرکزی حکومت صرف خانہ پری نہ کرے بلکہ حکومتی نوکریوں میں او بی سی کے سالوں سے خالی عہدوں کو پُر کرنے کی سمت میں پختہ اقدام کرے۔
قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا میں اپوزیشن کی سخت مخالفت و ہنگامے کے دوران آئین ترمیم(ای ٹی)بحکم(ترمیم)بل 2021 سمیت تین بلوں کو منظور دی گئی ہے۔


گجرات : نیند کی جھپکی آنے سے ڈرائیور نے کھو یا کنٹرول ، جھونپڑی میں گھسا ٹرک ، سورہے 8 افراد ہلاک

(اردو اخبار دنیا)نیشنل ڈیسک: گجرات کے امریلی ضلع کے ایک گاؤں میں دوپہر ڈھائی بجے کے لگ بھگ ایک ٹرک بے قابو ہوکر جھونپڑی میںگھس جانے سے آٹھ افراد ہلاک ہوگئے۔ حادثے کے وقت جھونپڑی میں موجود سبھی لوگ سو رہے تھے۔ امریلی کے سپرنٹنڈنٹ پولیس نرلپت رائے نے بتایا کہمرنے والوں میں آٹھ اور 13 سال کے دو بچے بھی شامل ہیں۔بدھدا گاؤں میں ہونے والے حادثے میں دو بچے بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔

ٹرک ڈرائیور گاڑی چلاتے ہوئے نیند کی جھپکی کی وجہ سے گاڑی کا کنٹرول کھو بیٹھا اور ٹرک سڑک کے کنارے جھونپڑی جا گھسا جس میں 10 افراد سو رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں دو بزرگ بھی شامل ہیں۔


لوک سبھا: کانگریس سمیت 15 پارٹیاں ’او بی سی بل‘ میں ترمیم کی حمایت کرنے کو تیار

نئی دہلی(اردو اخبار دنیا):اپوزیشن پارٹیوں نے پیر کے روز او بی سی بل میں آئینی ترمیم کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا، جسے لوک سبھا میں پیش کیا جانا ہے۔ پندرہ اپوزیشن پارٹیوں نے راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر ملکارجن کھڑگے کے دفتر میں میٹنگ کی جہاں یہ فیصلہ لیا گیا۔

میٹنگ کے بعد کھڑگے نے کہا کہ ’’اپوزیشن پارٹیوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ آج پارلیمنٹ میں پیش کیے جا رہے آئین (127ویں ترمیم) ترمیمی بل 2021 کی حمایت کریں گے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ مرکزی سماجی انصاف اور حقوق کے وزیر ڈاکٹر ویریندر کمار پیر کو لوک سبھا میں آئینی بل 2021 پیش کریں گے۔
یہ بل 102ویں آئینی ترمیمی بل میں کچھ سہولتوں کو واضح کرنے کی کوشش کرتا ہے تاکہ پسماندہ طبقات کی شناخت کرنے کے لیے ریاستوں کی طاقت کو بحال کیا جا سکے۔ اس کا مطالبہ کئی علاقائی پارٹیوں اور یہاں تک کہ برسراقتدار پارٹی کے او بی سی لیڈروں نے بھی کیا تھا۔

اردودنیانیوز۷۲

مظفر نگر: آج تسمیہ جونیئر ہائی اسکول میں آگ سے تحفظ اور بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا

مظفر نگر: آج تسمیہ جونیئر ہائی اسکول میں آگ سے تحفظ اور بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا ...