Powered By Blogger

پیر, جون 12, 2023

امام شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ؒ کل ہند مقالہ نویسی مقابلہخادمین امت کے ذریعے پہلی مرتبہ ملک گیر مسابقے کا انعقاد۔پورے


خادمین امت کے ذریعے پہلی مرتبہ ملک گیر مسابقے کا انعقاد۔پورے ملک سے داخلوں کا آغاز جاری۔
اردودنیانیوز۷۲ 
اول انعام 33,3,33، دوم انعام 22,2,22، سوم انعام 11,1,11

ناندیڑ:(پریس ریلیز)12جون:خادمین امت خدمت دین اور امت کے نونہالوں کی شعور آبیاری کے لئے مسلسل سترہ سالوں سے سرگرم عمل ہے۔ خادمین امت کی منفرد سرگرمیوں سے مہاراشٹر اور اطراف اضلاع کے طلباء، اساتذہ، معلمین و معلمات اور اولیائے طلباء واقف ہی ہیں۔
اس بار حضرت مولانا مفتی غازی سید عمیر احمد ندوی صاحب، شیخ الحدیث کی ایما پر خادمین امت کے زیر انصرام ملک گیر سطح پر '' امام شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ کل ہند مقالہ نویسی مقابلہ '' کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ جس کی تفصیلات اس طرح ہیں۔
ڈاکٹر محمد عبدالصمد عمری (حیدرآباد) اور مفتی غازی سیدعمیر احمدنوی (ناندیڑ) کی زیر سرپرستی میں منعقدہ یہ مقالہ نویسی مقابلہ ڈاکٹر مفتی احمد نورعینی (حیدرآباد) و مفتی صدام حسین لدھیانوی کی زیرنگرانی میں منعقد ہوگا۔ اس کے عناوین (1) فلسطین:ماضی، حال اور مستقبل (2) فتنوں کے باب میں رسول اللہ ﷺ کی پیشن گوئیاں (3) خلافت علی منہاج النبوۃ اور اس کے تقاضے رہیں گے۔
شرائط: مذکورہ بالا کسی ایک عنوان پر مقابلہ تحریر کریں۔ کم ازکم 50 صفحات اے فور سائز،زیادہ کی کوئی قید نہیں۔ عمر،جنس اور تعلیمی اہلیت کی کوئی قید نہیں۔ خود تحریر کریں، صاف ستھرالکھیں ڈی ٹی پی کرتے ہیں توبہتر ہے۔
مدت:12جون 2023 سے تحریر کا آغاز کریں۔ 11 نومبر 2023 کو ذیل کے پتہ پر پہنچ جائے اس طرح روانہ کریں۔ یا ای میل آئی ڈی پرروانہ کریں۔abidamish.in@gmail.com
داخلہ فیس: صرف 100روپئے ہے جوفون پے یا گوگل پے نمبر  8793304448پر جمع کریں۔
پتہ: افسری فارما میڈیکل اسٹور، قدوای نگرچوراستہ روڈ،ٹائر بورڈ، دیگلورناکہ ناندیڑ۔431604 مہاراشٹر
رجسٹریشن:7385503946،  9028555897کسی بھی ایک نمبر پر مکمل نام وپتہ اور فیس جمع کا اسکرین شاٹ روانہ کریں۔
انعامات:اول انعام  33,3,33۔دوم انعام 22,2,22۔سوم انعام11,1,11۔ تین ترغیبی انعام 7,7,77 اس کے علاوہ سبھی کو میڈل اور سند دی جائے گی۔ انعام یافتگان کو جلسہ تقسیم انعامات کیلئے صرف ایک فرد سفر خرچ(ریل ٹکٹ) دیاجائیگا۔ ٹاپ 30 مقالہ جات کو کتابی شکل میں شائع کیاجائے گا، جس کارسم اجراء جلسہ تقسیم انعامات میں کیاجائیگا۔
رابطہ نمبرات:9021639489, 7385503946
مرکزی جلسہ  سیرت النبیؐ وتفویض اعزازت وتقسیم انعامات مورخہ 21جنوری 2024 بروز اتوار صبح 11بجے ناندیڑ مہاراشٹر میں ہوگا۔
2 جون سے ہی داخلوں کا آغاز ہو چکا۔ تاحال 70 شرکاء شامل ہوچکے ہیں جن میں 10 خاتون قلم کار بھی شامل ہیں۔ ان شرکاء میں ملک کے چوٹی کے علماء بھی شامل ہیں۔
اس مسابقہ کے سرپرست و نگراں حضرات نے باذوق قلم کاروں کو  زیادہ سے زیادہ شرکت کی دعوت دی ہے۔
اس طرح سے ایک عظیم علمی سرگرمی کے انعقاد کا شرف خادمین امت کو حاصل ہوا ہے اس بات کا اظہار امیر خادمین امت جناب عابد خان حمید خان صاحب نے اپنے بیان میں کیا۔

قومی اردو شکشک کرمچاری سنگھ-مہاراشٹر کی ریاست مجلس عاملہ کا اعلان

 عاملہ کا اعلان
قومی نائب صدر جناب سید مہتاب ابراہیم کی صدارت میں ارکان مجلس عاملہ کو تقرر نامے تفویض۔ناندیڑ ضلع مجلس عاملہ کے چند اراکین نامزد

اردودنیانیوز۷۲ 
ناندیڑ: (راست)12جون:ہندوستان میں اساتذہ کی پہلی قومی سطح پر رجسٹرڈ ''قومی اردو شکشک کرمچاری سنگھ '' جو پچھلے سالوں سے سرگرم عمل ہے اور ملک کی بیس سے زائد ریاستوں میں صوبائی ذمہ داران کو منتخب کیا گیا تھا اور اب مسلسل اساتذہ کو جوڑتے ہوئے ہر صوبہ میں مجلس عاملہ کی تشکیل کا عمل جاری ہے۔اسی سلسلے کی کڑی کے طور پر مورخہ 11جون2023 کو ناندیڑ میں قومی صدر جناب چودھری واصل علی گرجر صاحب کی ہدایت پر اور قومی نائب صدر جناب سید مہتاب ابراہیم صاحب کی صدارت میں ریاستی مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں مختلف منتخب عہدیداران کا اعلان کیا گیا۔
ریاستی صدر: عابد خان حمید خان، ناندیڑ ،ریاستی کارگزار صدر: غازی ظہروش عبدالبشیر، امراوتی،ریاستی جنرل سیکرٹری: محمد زین العابدین اسحاق، ممبئی ،خاتون ریاستی صدر: سید کنیز فاطمہ، تھانہ،ریاستی خازن: ممتاز ہاشمی،بیڑ۔ریاستی نائب صدور:انصاری امتیاز رفیق( ناسک)،شہزاد احمد قریشی(ناگپور)،جاوید اطہر خان(آکولہ)۔ریاستی سیکریٹریز:ڈاکٹر منیب حنفی (پربھنی)،شیخ خلیل طاہر(ممبئی) ۔ریاستی جوائنٹ سیکریٹریز:شیخ فیروز قریشی( واشم)،نقیب اختر( ناگپور )۔ریاستی تنظیم کار:انس احمد( ایوت محل )،منور حسین( احمد نگر)۔میڈیا انچارج:سہیل احمد( بلڈھانہ)۔سوشل میڈیا انچارج:محمد داؤد عبدالغنی( ناندیڑ )۔ خاتون نمائندہ:آفرین منان شیخ( شولاپور )،نوید بیگم( ناندیڑ )۔قانونی مشیر:ایڈووکیٹ شہزان صدیقی
ان سبھی کے تقرر نامے جاری کئے گئے۔ نیز تعلیمی محکمہ جات میں اور حکومتی سطح پر نمائندگی کے لئے لیٹر پیاڈ کا اجراء عمل میں آیا۔
ریاستی صدر عابد خان حمید خان نے قومی اردو شکشک کرمچاری سنگھ-بھارت اور نو تشکیل شدہ ارکان مجلس عاملہ مہاراشٹر کا تعارف پیش کیا۔ صحافتی نمائندوں سے  بات چیت کرتے ہوئے قومی نائب صدر جناب سید مہتاب ابراہیم اور ریاستی نائب صدر انصاری امتیاز رفیق نے قومی اردو شکشک کرمچاری سنگھ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بات پیش کی۔اسی اجلاس میں قومی اردو شکشک کرمچاری سنگھ-مہاراشٹر کے ریاستی صدر نے ناندیڑ ضلع مجلس عاملہ کے چند منتخب ارکان کا اعلان کیا۔
ضلع کارگزار صدر:عبدالحسیب سر، ناندیڑ ۔ضلع جنرل سیکرٹری:محمد مقیت، ناندیڑ ۔ضلع خازن: شیخ معین سر۔مراٹھواڑہ ڈویژن صدر:محمد مختار سر
ریاستی صدر عابد خان حمید خان نے بتایا کہ ریاستی سطح پر بہت جلد خاتون اساتذہ کی مکمل مجلس عاملہ اور مزید ریاستی ارکان، ناندیڑ ضلعی ارکان اور دیگر اضلاع کی مجالس عاملہ کا اعلان کیا جائے گا۔ وہ تمام اساتذہ،  معلمین و معلمات جو سنگھ سے جڑ کر اردو زبان، اسکول، اساتذہ و طلباء کے مسائل کی یکسوئی،  ترقی و ترویج کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں وہ قومی اردو شکشک کرمچاری سنگھ-مہاراشٹر کے ذمہ داران سے رابطہ کریں۔9527 818118، 9226752687،9927237437،9421291815، ان نمبرات پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

عمرہ کی ادائیگی : لمحہ بلمحہ دم بدممفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی

عمرہ کی ادائیگی : لمحہ بلمحہ دم بدم
اردودنیانیوز۷۲ 
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی(9431003131)
 نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ 
(عازمین حج کے سوئے حرم روانہ ہونے کے موقع سے خصوصی تحریر)
اس روئے زمین پر سب سے پہلا گھر لوگوں کے لئے مکہ میں تعمیر کیا گیا ، جس کے ارد گرد اللہ تعالیٰ نے بے پناہ برکتیں رکھیں ، اس کو عالم کے لئے ہدایت کا ذریعہ قرار دیا اور اسے امن و شانتی کی جگہ بنا دیا ، حضرت ابراہیم علیہ السلام نے لوگوں کے قلوب کو اس کی طرف کھینچنے کی دعا مانگی اور اللہ تعالی نے قبول کرلی ، اب تمام وہ لوگ جو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو آخری نبی مانتے ہیں، دیوانہ وار اس کی طرف جانا چاہتے ہیں تاکہ اللہ اس کے پاک گھر کا طواف کرسکیں ، تڑپ سب کو دی گئی ، لیکن حج سب پر فرض نہیں کیا گیا ، سب جا بھی نہیں سکتے ، جا تو وہی سکتے ہیں جن کے پاس مال ودولت ہے ، اسی لئے اس سفر کی فرضیت کے لئے استطاعت کی شرط لگا دی گئی ، غرباء جو دو وقت کی روٹی اور سر چھپانے کے لئے محتاج ہیں ،ان کو فرضیت سے الگ رکھا ۔
اب جو عمرہ کے لئے جارہا ہے یا حج کے ساتھ عمرہ بھی کرنا چاہتا ہے اس کو حکم دیا گیا کہ بدن کے زائد بال جو کاٹے جاتے ہیں، اسے کاٹ لے ، ممکن ہوتو غسل کرلے ، ہر طرح سے پاک و صاف ہولے اور اگر وہ مرد ہے تو اپنے سارے سلے ہوئے کپڑے اتار دے اور دو چادر جسم پر لپیٹ لے ، دونوں کا رنگ سفید ہو اور دونوں بے سلے ہوئے ہوں اور اگر وہ عورت ہے تو اپنے روزمرہ کے کپڑے میں جائے ، بال نہ ٹوٹیں اس کے لئے سر پر اسکارف باندھ لے، وضوکے وقت اسے کھول کر سرکا مسح کرے ، احرام کے پہلے دو رکعت نماز پڑھ لے ،مردہے تو اپنا سر کھول دے اور نیت کرے الَلّٰھُمَّ ِانی اُریدُ العُمْرَۃ فَیَسّرہالی وَ تَقَبّلْ مِنی: کہ اے اللہ میں عمرہ کی نیت کرتا ہوں اسے آسان کردے اور قبول کرلے ،پھر یہ بھی حکم دیا گیا کہ یہ محبت وشیفتگی کی راہ ہے اس لئے آرائش وزیبائش سے اجتناب کرو ، میل نہ چھڑائو، ناخن نہ کاٹو ، خوشبو نہ لگائو ، شکار نہ کرو ، سر کو نہ چھپائو ، جھگڑے لڑائی پہلے بھی ممنوع تھے اب اور احتیاط کرو ، لباس اور وضع قطع میں یکسانیت آگئی اب حج کا ترانہ گائو ، اللہ کے یہاں حاضری درج کرائو ۔لَبَّیْکَ الّٰھُمَّ لَبَّیْکَ لَبَّیْکَ لاَشَرِیْکَ لَکَ لَبَّیْکَ اِنَّ الْحَمْدَوَالنِّعْمَۃَ لَکَ وَالْمُلْکَ لاَ شَرِیکْ لَکَ۔ میں حاضرہوں ، تیرے حضور حاضر ہوں ، میں حاضر ہوں ، تیرا کوئی شریک نہیں ، بیشک حمد اور شکر کا مستحق تو ہی ہے، انعام واحسان تیرا ہی کام ہے، بادشاہی صرف تیرے لئے ہے ،اور تیرا کوئی شریک نہیں ۔
زبان پر لبیک کا ترانہ ہو اور دل اللہ کی محبت سے معمور ومخمور اور اخلاص کی دولت سے مالا مال ہو ، پڑھتے جائو ، دیکھو کعبہ نظر آگیا ، نگاہیں ادب سے جھکالو ،آگے بڑھو ، دھیرے دھیرے نظر اٹھائو ، مانگ لو ،جو پہلی نظر میں مانگ سکتے ہو ، دنیا بھی مانگو ، عقبی بھی مانگو ، اپنا اپنا ظرف ہے، کوئی دنیا مانگتے مانگتے پلک جھپکادیتا ہے ، کوئی آخرت مانگ کر جنت کا مستحق ہوتا ہے اور کوئی دونوں جہاں کی فلاح مانگتا ہے 
دائیں جانب دیکھومطاف کے ایک کونے پر،ہری بتی جل رہی ہے ، رک جائو، حجر اسود تمہاری بائیں جانب ہے ، طواف کی نیت کرلو ، تکبیر تحریمہ کی طرح حجر اسود کی طرف رخ کرکے ہاتھ اٹھائو ، بسم اللہ سے شروع کرو ، اللہ اکبر کہو ، اور اللہ کی تعریف نہ بھولو ، بسم اللہ اللہ اکبر وللہ الحمد کہہ لو ، دونوں ہاتھوں کو حجر اسود پر رکھ لو، ورنہ دور سے ہی رکھنے کی صورت بنا کر بوسہ لے لو ، طواف عمرہ کا احرام کے ساتھ کررہے ہو یا حج کا تو اپناداہنا کاندھاکھولد و یہ جو کعبہ کے دروازے کے بعد والا کونا ہے، وہاں سے دوسرے کونے تک چہار دیواری سی بنی ہے، اسے حطیم کہتے ہیں ، طواف میں اس کے باہر سے چکر لگائو ، یہ دیکھو ، یہ حجر اسود سے پہلے والا کونہ ہے ، اسے رکن یمانی کہتے ہیں،آسانی سے چھو سکو تو چھولو اور یہاں سے رَبَّنَا آتِنَا فِیْ الدُّنْیَا حَسَنۃً وَفِیْ الآخِرَۃِ حَسَنۃً وَقِنَا عَذَابَ النَّار وَاَدْخِلْنَا الْجَنَّۃَ مَعَ الْاَبْرَارِ یَا عَزِیْزُ یَا غَفَّارُ پڑھناشروع کرو ، اس کے علاوہ پورے طواف میں جو دعا یاد ہو ، پڑھو ، نہ یادو ہو تو کلمہ ہی پڑھو ، دعا جو مانگنی ہو اور جس زبان میں مانگنی ہو ، مانگ لو ، اللہ سب زبانیں جانتا ہے اور سب کچھ سنتا ہے ، حج کی تیاری میں دعا عربی میں نہیں یاد ہوئی، فکر نہ کرو ، شروع کے تین چکر میں تھوڑا اکڑ کر چلو ، ہر بار حجر اسود پر پہنچو تو پہلے ہی کی طرح بوسہ لو ، سات چکر پورے ہوگئے ، کاندھا ڈھک لو ، جگہ مل جائے تو حجر اسود اور کعبہ کے دروازہ کے درمیانی دیوار سے چمٹ جائو ، سرور خسار کو دیوار سے لگا دو اور دنیا وآخرت کی دولت مانگو ، دیکھو !یہ جو پنجرہ جیسا نظر آتا ہے ، اس میں مقام ابراہیم ہے ، اللہ کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ، حضرت ابراہیم علیہ السلام کی یادگار ، ا ن کے پائوں کے نشان پتھر پر ثبت ہیں ، اس کے قریب کھڑے ہوجائو ، اور اللہ نے طواف کرنے کی توفیق دیدی، اس کے شکر کے طور پر واجب دو رکعت نماز پڑھ لو ، قریب نہ جگہ ملے تو دور ہٹ کر پڑھ لو ، نماز واجب ادا ہوگئی ، اب سیر ہوکر آب زمزم پیو ، تمام بیماریوں سے شفا مانگو، زمزم جس نیت سے پیو ، پوری ہوتی ہے جو دعا چاہو مانگ لو ، زمزم کا کنواں اب بند کردیا گیا ہے ، زائرین اسے دیکھ نہیں سکتے ، یہ بھی ایک چیز وہاں دیکھنے کی تھی ، اللہ کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ۔
چلو اب صفا پر چلتے ہیں، حجر اسود کے مقابل جوہری پتی ہے اس سے اوپر بڑھتے چلو اور چڑھتے جائو یہ صفا ہے اور سامنے وہ جو اونچا نظر آرہا ہے ،راستہ کے اختتام پر وہ مروہ ہے ، اللہ نے اسے اپنے شعائر میں شمار کیا ہے ، حضرت ہاجرہ رضی اللہ تعالی عنہا نے پانی کی تلاش میں اس جگہ کا چکر لگایا تھا ، اسی راستے سے دوڑی تھیں ، صفا پر چڑھ گئے ، اب کعبہ کی طرف رخ کر لو ، اللہ تعالی کی کبریائی بیان کرو ، دعائیں مانگو، مانگ چُکے تو صفا سے مروہ کی طرف بڑھو ، دیکھو جو سبز رنگ کے پائے اور بتیاں دیکھ رہے ہو ، یہاں سے تیز چلو ، اب یہ دوسرا سبز رنگ کا پایہ آگیا ، اب تیز چلنا بند کردو اور مروہ کی طرف بڑھو ، مروہ پہنچ گئے ، ایک چکر پورا ہوا ، یہاں بھی جو کچھ مانگ سکتے ہو،مانگ لو اور پھر صفا کی طرف چلو ، راستہ میں جو دعا یاد ہو پڑھو ، تیسرے کلمہ کی بڑی فضیلت آئی ہے ، اسی کو پڑھتے رہو اور اس طرح سات بار کرو ، مروہ پر پہنچ کر یہ سلسلہ ختم ہوگیا ، پھر دعا مانگو ، اب یہاں سے نکل چلو ، بہت لوگ قینچی لے کر یہاں بال کاٹ رہے ہیں ، عورتیں پردہ کی رعایت کے ساتھ تھوڑا بال خود کاٹ لیں ، یا محرم مرد یا عورت سے کٹوالیں ، مرد ایسا نہ کریں ، انہیں تو پورا بال چھوٹا کروانا ہے، یا مونڈوانا ہے مروہ سے نکل کر بہت دکانیں ہیں ، کسی کا رخ کریں، معاملہ طے کرلیں کہ کتنی اجرت لے گا ، چلو بال بھی صاف ہوگیا ، اس کے ساتھ ہی عمرہ مکمل ہوگیا ، اللہ کا شکر اداکیجئے ، غسل وغیرہ کیجئے ، روز مرہ کے لباس پہن لیجئے ، مکہ میں رہئے ، حرم شریف میں پنچ وقتہ نماز باجماعت تکبیر اولی کے اہتمام کے ساتھ پڑھیے نماز باہر سڑکوں پر بھی ہوجاتی ہے ، پوری زندگی تو کعبہ کی طرف رخ کرکے پڑھتے ہی رہے ہو ، یہاں پہونچ گئے تو کم سے کم کعبہ نماز میں سامنے رہے ، کیسی محرومی کی بات ہے کہ یہاں بھی یہ سعادت نہ ملے ، اس لئے کوشش کیجئے اور پنج وقتہ نمازیں مسجد کے اندر پڑھیے نفلی طواف جس قدر کرسکتے ہوں کرلیجئے کہ یہ عبادت دوسری جگہ میسر نہیں ، انتظار کیجئے ایام حج کے آغاز کا ، جب پھر آپ کو حج کا احرام باندھنا ہوگا ۔

اردودنیانیوز۷۲

عید الفطر کا پیغام

عید الفطر کا پیغام  مضمون نگار : محمد ضیاء العظیم، معلم چک غلام الدین ہائی اسکول، ویشالی، بہار، موبائل نمبر :7909098319 اللہ رب ...