بجنور: نیشنل کھو کھو کھلاڑی قتل کیس کاسنسنی خیز انکشاف،ملزم نے زیادتی میں ناکام ہونے پر مقتولہ کا گلا گھونٹ دیا
بجنور؍میرٹھ، 14ستمبر (اردو دنیا نیوز۷۲) قومی کھو کھو کھلاڑی کے قتل کا انکشاف کرتے ہوئے پولیس نے موبائل ٹریسنگ کے ذریعہ قاتل کو گرفتار کر لیا۔ قتل کا انکشاف کرتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ ملزم نے خاتون کھلاڑی کو جنسی زیادتی کے ارادے سے پکڑا تھا ، لیکن احتجاج کرنے اور شور مچانے کے بعد ملزم نے دوپٹے سے اس کا گلا دبا کر قتل کردیا۔ خیال رہے کہ 10 ستمبر کو ایک خاتون کھلاڑی کے دن دہاڑے قتل کے بعد پولیس کو کافی فضیحت ہوئی اور یہ معاملہ ضلع بھر کیلئے ہائی پروفائل کیس بن گیا۔ جس کے بعد ڈی آئی جی شلبھ ماتھر نے خود اس کیس کا چارج لیا،اور تحقیقاتی ٹیمیں مقرر کیں۔اس معاملہ میں انکشاف کرتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ عصمت دری میں ناکام ہونے کے بعد ریلوے مزدور شہزاد نے نیشنل خاتون کھوکھو پلیئر کا قتل کیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم منشیات کا عادی ہے اور بجنور کے آدم پور کا رہائشی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ خاتون جمعہ کی صبح تقریباً. 11.30 بجے گھر سے نکلی تھی کیونکہ اسے ایک سکول میں فزیکل ٹریننگ ٹیچر کے طور پر نئی نوکری کے لیے انٹرویو دینا تھا۔ جب وہ واپس نہیں آئی تو گھر والوں نے اسے ڈھونڈنا شروع کر دیا۔ ایک پڑوسی نے اس کی لاش اس کے گھر سے 100 میٹر کے فاصلے پر ریلوے ٹریک کے سیمنٹ بلاک کے درمیان پایا،وہ مردہ پڑی تھی اور اس کا ایک دانت بھی ٹوٹا ہوا تھا، نیزگردن پر گلا گھونٹنے کے نشانات تھے۔ مقامی پولیس نے جی آر پی کا معاملہ بتا کر معاملہ کو ٹال دیا۔ جس کے بعد بجنور ریلوے اسٹیشن کے جی آر پی پولیس اسٹیشن میں نامعلوم کیخلاف 376،201،302 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ جب معاملہ ہائی پروفائل بن گیا تو اسے مقامی تھانے کے حوالے کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی نے کہا کہ معاملہ کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے اور تحقیقات کی گئی۔ ملزم کو موبائل کال ریکارڈ کی مدد سے نگرانی کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قاتل کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ واضح ہو کہ جب ملزم نے لڑکی کا قتل کیا تو لڑکی اس سے کچھ دیر قبل فون پر ایک سہیلی سے بات کر رہی تھی۔ جب ملزم نے لڑکی پر حملہ کیا ، لڑکی کی چیخ سن کر دوسری طرف سہیلی نے ریکارڈنگ شروع کردی۔ قیاس کیا جا رہا ہے کہ اس کے بعد فون گر گیاتھا، لیکن ریکارڈنگ جاری رہی ، جس میںمقتولہ اور ملزم کے درمیان ہاتھی پائی کے دوران کہی گئی باتیں ریکارڈ ہوگئی تھیں