Powered By Blogger

بدھ, مئی 03, 2023

خوشی وخوش حالی رپورٹ مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ

خوشی وخوش حالی رپورٹ 
اردودنیانیوز۷۲ 
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ
 عالمی خوشی خوش حالی رپورٹ ۲۰۲۳ء ء ابھی حال میں شائع ہوئی ہے ، اس رپورٹ کے مطابق خوش حال ملکوں میں ہندوستان 126نمبر پر ہے ۔ گذشتہ سال کی بہ نسبت تین پائیدان یہ اوپر ضرور ہوا ہے ، لیکن یہ اپنے پڑوسی ملکوں کی بہ نسبت خوش حالی کے اعتبار سے بہت پیچھے ہے، اس رپورٹ میں پاکستان کو 108، بنگلہ دیش کو 118، شری لنکا کو 112، نیپال کو 78میانمار کو 72اور چین کو 66ویں نمبر پر جگہ دی گئی ہے، خوش حالی سے متعلق یہ رپورٹ اقوام متحدہ کا ایک ذیلی ادارہ تیار کرتا ہے او رتیار کرتے وقت جی ڈی پی، سماجی تعاون، بد عنوانی کے واقعات اور ان کی سطح ، سماجی آزادی، سماجی تحفظ اور معیار زندگی کو سامنے رکھا جاتاہے ، اس کا مطلب ہے کہ اپنے پڑوسی ملکوں کے مقابلے ہندوستان میں خوشی اور خوش حالی کم ہے، اس کی بہت ساری وجوہات ہو سکتی ہیں، بظاہر تو ہمارے پڑوسی ممالک ہم سے زیادہ خستہ حال ہیں، لیکن اس رپورٹ میں انہیں کو بہتر بتایا گیا ہے، شاید اس کی وجہ یہ ہو کہ خوش حالی کا احساس اسباب ووسائل سے زیادہ ذہنی مسرت وخوشی کے تابع ہوتا ہے، کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ آرام وآسائش کی ساری سہولتوں کے ہوتے ہوئے آدمی ذہنی تناؤ ،عدم تحفظ کے احساس اور سماج کے تفرقے اور انتشار کی وجہ سے پریشان رہتا ہے، جسمانی ضرورتوں کی تکمیل تو جیسے تیسے ہوجاتی ہے ، لیکن ملک کے جو حالات ہیں اس میں مسرت وخوشی کی لہریں دماغ میں نہیں دوڑ پاتی ہیں، غالباً اسی وجہ سے اس رپورٹ میں ہم دوسروں سے پچھڑ گیے ، ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ رپورٹ تیار کرنے والوں کا مقصد ہی ہندوستا ن کو نیچا دکھانا ہو ایسے میں ہمیں اس رپورٹ کا حقائق کی بنیاد پر جائزہ لے کر اپنی مخالفت درج کرانی چاہیے۔
 یہ شبہہ اس لیے بھی پید اہوتا ہے کہ اس رپورٹ سے قبل اس حوالہ سے دو رپورٹ شائع ہو چکی ہے ، ایک رپورٹ کنسلٹنگ فورم ہیپی پلس کی’’ دی اسٹیٹ آف ہیپی نیس 2023‘‘ کے نام سے آئی، جس کے مطابق 65فی صد لوگ ہندوستان میں خوش ہیں، ایک دوسری رپورٹ ’’ایپ سوس گلوبل ہیپی نیس‘‘کی ہے جس نے کہا ہے کہ ہندوستان سمیت پوری دنیا میں73فی صد لوگ اپنی زندگی سے مطمئن ہیں ۔ ان دونوں رپورٹوں کو سامنے رکھنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ کے ذریعہ جاری رپورٹ میں کہیں نہ کہیں کچھ خامی ہے ، کیوں کہ کورونا کے بعد حکومتی سطح پر وقتا فوقتا جو اعداد وشمار جاری کیے جاتے رہے ہیں، اس کے مطابق گذشتہ نو سالوں میں ملک میں غریبی کا تناسب 22فی صد سے گھٹ کر آٹھ فی صد تک آگیا ہے ، غیر ملکی زر مبادلہ بھی پہلے سے دو گنی مقدار میں موجود ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے ، غذائی اجناس کی پیدا وار بھی بڑھی ہے ، ان سب کے باوجود اگر ہم خوش نہیں ہیں، اور ہمارے اندر خوش حالی نہیں ہے تو اس کا صرف ایک مطلب ہے کہ ملکی حالت کی وجہ سے ہم ذہنی طور پر مطمئن نہیں ہیں، اطمینان بھی خوش حالی کے لیے ضروری ہے ، اس لیے ہم سب کچھ ہوتے ہوئے بھی خوش نہیں ہیں، اس ایک وجہ کے علاوہ خوش حالی میں ہمارے پیچھے جانے کی کوئی وجہ نہیں ہے ۔ حکومت اگر اس ایک وجہ کو دور کر دے تو ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ ہم اپنے پڑوسی ملکوں سے پیچھے کر رہ جائیں۔

ایم اے ظفر مردم سازی کے فن سے بخوبی واقف تھے : مفتی ثناء الہدیٰ

ایم اے ظفر مردم سازی کے فن سے بخوبی واقف تھے : مفتی ثناء الہدیٰ
اردودنیانیوز۷۲ 
موجودہ حالات میں اخبارات نکالانا بہت مشکل امر ہے : اشرف فرید
 ارد و میڈیا فورم کے زیر اہتمام اردو گوریمنٹ لائبریری میں تعزیتی نشست کا انعقاد ‘ دانشوران ادب و صحافت کی شمولیت

پٹنہ : (اسٹاف رپورٹر)ایم اے ظفر مردم سازی کا فن جانتے تھے مسائل کے وقت حالات سےنبرد آزما ہونا جانتے تھے وہ ایک انتظامی صحافی تھے یہ باتیں اردو میڈیا فورم کے زیر اہتمام منعقد تعزیتی نشست سےمفتی ثناء الہدیٰ قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم اے ظفر نے صحافیوں کے قلم کو کبھی پکڑا نہیں بلکہ انہیں آزادی کے ساتھ لکھنے اور پڑھنے کا موقع دیا‘ وہ کارکن صحافیوں کی عزت نفس کا بہت خیال کرتے تھے ان کے اندر انکساری تواضع کوٹ کوٹ کر بھری تھی جس کی وجہ سے اللہ تعالیٰ انہیں یہ اونچا مقام عطا کیا۔ ایم اے ظفر جھکنے کا فن جانتے تھے جس کی وجہ سے لوگوں میں مقبول ہوئے ۔ وہیں نشست خطاب کرتے ہوئے فورم کے سرپرست و قومی تنظیم کے مدیر اعلیٰ ایس ایم اشرف فرید نے کہا کہ ظفر کا جلدی چلاجانا صحافت کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ انہوں نے اخبارات کے ذریعے اردو کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ اس وقت اخبارات نکالنا بہت مشکل کام ہے ۔اردو اخبارات کا مستقبل تابناک نہیں ہے ہم سب کو احساس کمتری سے نکل کر اردو کے فروغ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ۔
مشہور و معروف کالم نگار و ناقد صفد ر امام قادری نے کہا کہ ایم اے ظفر کی شخصیت میں توازن تھا جس کی بنیاد پر انہوں سخت مزاج صحافیوں کو اپنے اخبار میں جگہ دی اور ان کے کالم کو بھی شائع کیا۔ اجمل فرید کے ساتھ وہ نظر آتے تھے انہوں نے بڑی مشقت کے ساتھ اخبار کو کھڑا کیا ہے اب وقت آگیا ہے کہ اخبارات کو تکنیک کے ذریعے آگے بڑھایا جائے جہاں سے ایم اے ظفر نے چھوڑا ہے اسے آگے بڑھانے کی ذمہ داری ان کے فرزند پر ہے اسے بہتر طریقے سے آگے بڑھائیں اور ایم اے ظفر کی خدمات کو کتابی شکل میں منظر عام پر لائیں۔
مشہور فکشن نگار مشتاق احمدنوری نے کہا کہ ظفر فاروقی کے چہرے پر مالکانہ سرور نہیں تھا وہ عام آدمی کی طرح سب کے ساتھ مل کر چلنا پسند کرتے تھے ۔ آج صحافیوں کے قلم کو روکا جاتا ہے لیکن ایم اے ظفر نے ہمیشہ صحافیوں کو لکھنے کی پوری آزادی دی تھی۔ انہوں نے خورشید پرویز جیسے دھار دار صحافی کو موقع دیا جو ہمیشہ اپنے قلم کا جوہر دکھاتے رہتے ہیں۔
صحافی سید شہباز نے کہا کہ ایک بڑے صحافی نے دنیا ئے فانی سے رحلت کی ہے جو صحافت کیلئے خسارہ ہے وہ بہت ہی ملنسار اور اخلاق کے بلند پایے پر تھے ۔اسحاق اثر نے کہا کہ ایم اے ظفر جیسے صحافی بہت کم ہی پیدا ہوتے ہیں جو اپنے کارکن کے ساتھ حسن سلوک کے ساتھ پیش آئے۔ امتیاز احمد کریم نے کہا کہ ایم اے ظفر نے اردو صحافت کو بام عروج عطا کیا ہے انہوں نے جھارکھنڈ میں ایسے وقت میں اخبار نکلا جب اردو کا جنازہ نکل رہا تھا اور آج تک وہ اخبار جھارکھنڈ سے نکل رہا ہے۔ ہمارا نعرہ کے مدیر اعلیٰ انوار الہدیٰ نے کہاکہ ظفر مرحوم نے تین اخبار نکالے پہلا اخبار ہمالہ نکالا جبکہ دوسرا اخبار فاروقی تنظیم اور تیسرا اخبار نوید نکالا ۔ آغاز انجام کے ذریعے صحافت میں قدم رکھا۔ وہ کم عمری میں ہی اخبار کے مدیر ہوگئے کیونکہ والد کا سایہ جلد اٹھ گیا۔انہوں نے دھیرے دھیرے مضبوط قدم کے ساتھ آگے بڑھتے رہے بالاخر انہیں بڑی کامیابی ملی اور آج ہم سب کے سامنے فاروقی تنظیم ایک تناور درخت کی طرح کھڑا ہے۔ وہیں اسلم جاویداں نے کہا کہ ایم اے ظفر خوبصورتی کے ساتھ خوب سیرت بھی تھے منکسرالمزاج تھے۔ کم عمری میں اخبار سنبھالا اور کارکن صحافیوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آتے تھے انہوں نے لوگوں کے دلوں میں تاج محل بنایا ہے ظفر فاروقی پر ایک دستاویز نکالاجانا چاہیے۔ایم اے ظفر مرحوم کے صاحبزادے اقبال ظفر نے کہا کہ والد محترم کے نقش قدم پر چل کر اردو صحافت کی خدمت کرتا رہوں گا آپ سب کے مشورے کی ضرورت آج بھی فاروقی تنظیم کو ہے ۔ فاروقی تنظیم نے ہمیشہ صحافیوں کا خاص خیال رکھا ہے ۔ مرحوم صحافی کی خدمات کو دستاویز ی شکل دینے کی کوشش کی جائے گی۔فاروقی تنظیم کے نمائندہ ہارون رشید نے کہا کہ ایم اے ظفر کی رحلت ہم سب کیلئے بڑا صدمہ ہے اردو صحافت کو تکنیک کے ذریعے آگے بڑھانے میں ایم اے ظفر کا کوئی ثانی نہیں ان کے طریقہ کار سے دوست تو دوست دشمن بھی گرویدہ ہو جاتا تھا ۔
بزرگ شاعر ناشاد اورنگ آبادی نے کہا کہ میری ملاقات تو نہیں رہی ہے لیکن ہماری غزلیں فاروقی تنظیم میں ہمیشہ شائع ہوتی رہی ہیں یہ ان کی محبت کا ثمرہ تھا۔ مشہور شاعر اثر فریدی نے کہا کہ وہ مخلص انسان تھے خورشید پرویز جیسے صحافی کے ساتھ اخبار کو بہتر کرنے کی کوشش کی انہوں نے منظوم خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
اس موقع پر عبد الواحد انصاری ‘ سیف اللہ شمسی ‘ سید اقبال امام ‘ آصف عطا ‘ عظیم الدین انصاری ‘ امتیاز انصاری ‘ فیروز منصوری ‘ وثیق الزماں ‘ مبین الہدیٰ‘ اظہر الحق ‘عبید اللہ ‘ منوج کمار نے بھی خطاب کیا ۔ نشست کا آغاز عبد الدیان شمسی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ نظامت کے فرائض عزیز تنظیم کے مدیر انوار اللہ نے بحسن و خوبی انجام دیے۔اس موقع پر ‘ توقیر عالم ‘ نثر عالم ‘ عارف انصاری ‘ رضیہ سلطانہ ‘ فضل احمد خان ‘ محمد حسنین ‘ آفتاب خان ‘ معین گریڈیوی ‘ عزیز الحسن‘ شبیر احمد و دیگر معززین علم واو ادب بھی موجودتھے۔

اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...