اردودنیانیوز۷۲
پچھلے تین مہینے سے صہیونی افواج کی غزہ پر بمباری،عام شہریوں کی گرفتاری، دکان ومکان کی مسماری اور ہسپتال کی تباہی کی خبریں موصول ہورہی ہیں،مگر یہ خبر پہلی بار مل رہی ہے کہ فلسطین کے قبرستان پر بھی اسرائیلی کارروائی شروع ہوگئی ہے، اس وقت جبکہ غزہ شہرسنسان پڑا ہے، انسانی آبادی ملبہ کے نیچے دبی ہوئی ہے، شہربھی قبرستان کا منظر پیش کررہا ہے، اس سے بھی درندوں کو سکون نہیں ملا تو اب وہاں کےقبرستان کو بھی زیر وزبر کرنے کی تیاری ہے۔
بقول شاعر؛
آباد کرکے شہر خموشاں ہرچار سو
کس کھوج میں ہے تیغ ستمگر لگی ہوئی
یہ بات تین دن پہلے کی ہے۔غزہ شہر کے مشرق میں واقع "التفاح "نامی محلے کےقبرستان کواسرائیلی فوج نے بلڈوز سے تہس نہس کر دیا ہے، شہدا کی لاشیں نکال کران کے باقیات کو زمین پرپھیلادیا ہے،انہیں رونداگیا ہے، کل گیارہ سو قبریں اکھیڑ دی گئی ہیں۔ پچاس شہداء کی لاشیں غائب بتائی جارہی ہیں۔
گورستان کے اس منظر نے پوری دنیا کے لوگوں میں بے چینی پیدا کردی ہے، اس تکلیف دہ منظر نےمردہ دلوں کو بھی جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، پوری انسانی برادری شرمسار ہوئی ہے، سننے والوں کو یہ واقعہ افسانہ محسوس ہوتا ہے،نیز انسانیت کے لئےایک سوالیہ نشان قائم ہوگیا ہے کہ کیا ایک انسان اس حد کو پار کرسکتا ہے؟کیا کسی مذہب میں اس حد تک گزرنے کی گنجائش ملتی ؟جواب ہر حال میں نفی میں آئے گا۔
مذہب اسلام میں انسان کی تکریم کا حکم ہے،قرآن میں ارشاد باری تعالٰی ہے کہ؛ہم نے انسان کو بہترین ساخت پر پیدا کیا ہے (قرآن )اس لئے انسان کو اشرف المخلوقات کہا جاتا ہے، خواہ وہ کسی برادری اور کسی مذہب سے وابستہ ہوں، بحیثیت انسان اس کے حقوق ایک مسلمان پر لازم آتے ہیں، ان کاخیال کرنا ہی مسلمانی ہے۔خانہ کعبہ جو خدا کا اس دھرتی پر پہلا گھر ہے،اپنی نمازوں میں مسلمان جس کی جانب رخ کرتے ہیں، ایک انسان کی عظمت اس گھر سے بڑی چیز ہے۔انسان زندگی میں بھی انسان ہے ،اور مرنے کے بعد بھی وہ عزت وتکریم کا حقدار ہے۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حدیث شریف میں انسانی لاش کی بے حرمتی سے منع فرمایا ہے۔جنگ کے میدان میں بھی اس کی اسلام میں قطعا اجازت نہیں ہے کہ دشمنوں کی لاش کی بے حرمتی کی جائے،بخاری شریف کی حدیث میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے لوٹ مار اورلاش کا مثلہ کرنے سے منع فرمایا ہے۔مذہب اسلام کیا کوئی بھی مذہب اس بے حرمتی کی اجازت نہیں دیتا ہےاور نہ عالمی جنگی قانون میں اس کی گنجائش ہے۔باوجود اس کے اسرائیل اس حد تک صرف اور صرف اسی لئے اتر گیا ہے کہ فلسطینیوں کی جدوجہد کو کمزور کرد ہے، اور ان کے عزم واستقلال کو متزلزل کردے۔درحقیقت اس کوشش میں اسرائیل ناکام ونامراد ہوچکا ہے۔اس کی بڑی دلیل فلسطین سے متعلق موجودہ مقامی وعالمی حالات ہیں، جو اس بات کی شہادت دیتے ہیں کہ فلسطینیوں کے عزائم مزید پہاڑ جیسے مضبوط ہوتے چلے جاریے ہیں، اب قبرستان پر شہداء کی لاشوں کے ساتھ صہیونی توہین سے یہ گھبرانے والے نہیں ہیں۔اب تو ان کی جدوجہد اور صبر بھی اسلام کی دعوت بن گئی ہےاوراس کے ذریعہ اسلام کی اشاعت ہورہی ہے۔ہفتہ عشرہ کے اندرایک وقیع تعداد نے یہ سب دیکھ کر اسلام قبول کیا ہے ۔ڈیوڈ گولڈ نامی پادری جنہوں نے پینتالیس سال مسلسل چرچ کی خدمت کی ہے اب وہ اسلام کے لیے وقف ہو چکے ہیں، اپنا نیا اسلامی نام عبدالرحمن بھی تجویز کر چکے ہیں، اسٹریلیا کی تیس خواتین نے ایک ساتھ اسلام قبول کیا ہے، جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ اسلام میں کس وجہ سے داخل ہوئی ہیں توانہوں نےیہ بتلایا ہے کہ "فلسطینیوں کی جدوجہد نے ان دلوں کو چھو گئی جس کے باعث انہوں نے اسلام قبول کیا ہے، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کے مسائل انہیں روزانہ کی بنیاد پر رلاتے ہیں "۔
ان واقعات کی روشنی میں یہ برملا کہا جا سکتا ہے کہ یہ قبرستان کی کاروائی بھی دعوت اسلام کا بڑا ذریعہ سبب بنے گی،ان شاء اللہ العزیز۔
قران کریم میں ارشاد ربانی ہے دنیاوی ساز و سامان پر فخر نے تم کو اخرت سے غافل کیے رکھا ہے یہاں تک کہ تم قبرستان پہنچ جاتے ہو، ہرگز نہیں تم کو بہت جلد قبر میں جاتے ہی معلوم ہو جائے گا، پھر دوبارہ تم کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ تمہیں بہت جلد معلوم ہو جائے گا، اب تو تم ضرور دوزخ کو دیکھو گے ،پھر تم اس کو اس طرح دیکھو گے جو تم کو پختہ یقین ہوجائے گا، پھر اس روز تم سے نعمت کی پوچھ ہوگی( قرآن )
آج غزہ کو قبرستان بنانے والے اور وہاں کے قبرستان پر بلڈوزر چلانے والے ان صہیونیوں کا انجام بھی دوزخ ہے۔
انہیں اپنے جنگی ساز و سامان اور بلڈوزر پر بڑا نشہ ہے،اس سے تعمیر کا کام نہ لیکر تخریب کاری مچارہے ہیں۔
اب اس ناپاک عزائم کو لیکر قبرستان میں بھی پہونچ گئے ہیں۔بار بار اسرائیل کو متنبہ کیا جارہا ہے کہ وہ حقوق انسانی کی خلاف ورزی نہ کرے باوجود اس کے وہ اس کا بار بارمرتکب ہورہا ہے،اقوام متحدہ کی ہدایت بھی اس کی سمجھ میں نہیں آتی ہے، جس طرح قرآن ایسے لوگوں کو بار بار خبردار کرتا ہے کہ اس حد تک زیادتی کا مطلب اخرت کی تباہی ہے،عنقریب وہ اپنے انجام کو پہونچ جائیں گے۔پھر اپنی آنکھوں سے سب کچھ دیکھ لیں گے کہ ظلم کا نتیجہ کیا ہوتا ہے؟
مفتی ہمایوں اقبال ندوی
نائب صدر، جمعیت علماء ارریہ
وجنرل سکریٹری، تنظیم أبناء ندوہ پورنیہ کمشنری