Powered By Blogger

جمعہ, مارچ 17, 2023

موبائل کی دنیا __مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمینائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ

موبائل کی دنیا __
اردودنیانیوز۷۲ 
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ 
موبائل کی وجہ سے معلومات کی بر وقت فراہمی بہت آسان ہو گئی ہے اور ہم سب کے لیے ممکن ہو گیا ہے کہ دنیا بھر کی معلومات آن واحد میں جمع کر لیں، نیٹ کی سہولت دستیاب ہو تو سکنڈوں میں گوگل آپ کو بتادے گا کہ وقت کے کس حصہ میں دنیا پر کیا آفت آئی اور کس طرح اس پر قابو پایا گیا، اب انسائکلو پیڈیا کی موٹی موٹی کتابیں کھنگالنے کے بجائے واکی پیڈیا ہی مطلوبہ معلومات مالہ وما علیہ کے ساتھ بتا دیتا ہے ، تلاش بسیار کی جھک ماری سے اب کسی کو نہیں گذرنا پڑتا ، ایک دور وہ تھا جب مجھے قرآن کریم میں اللہ کے محبوب بندے کی تلاش کرنی تھی ، تو پورے قرآن کریم کی تلاوت حرفا حرفا کرنی پڑی تھی ، تب ایک فہرست محبوب بندے کی بن پائی تھی، آج ”ان اللہ یحب“ ڈال دیجئے اور پوری فہرست سکنڈوں میں آپ کے پاس موجود ، اس اعتبار سے دیکھیں تو موبائل اور نیٹ کی سہولیات اللہ رب العزت کی نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے، اور اس پر بندے کو شکر گذار ہونا چاہیے ۔
دوسری طرف یہ بات بھی ذہن میں رکھنی چاہیے کہ یہ ایک آلہ ہے اور آلہ کا صحیح استعمال صحیح ہے اور غلط استعمال غلط ہے ،چاقو سے پھل کاٹیے، اچھا ہے، لیکن کسی کے پیٹ میں گھونپ دیجیے تو غلط ہے ، بندوق سے اپنی حفاظت کیجیے ، خوب ہے، لیکن کسی بے گناہ پر گولی چلا دیا تو غلط ہے، یہی حال موبائل کا ہے، اس غلط استعمال کی وجہ سے ہی اس کا نام بعض حضرات نے” آلہ شیطانی“ رکھا ہے ، شیطان کیا غلط کرائے گا ، جتنا اس آلہ شیطانی سے انسان خود ہی کر رہا ہے ، شیطان خوش ہے کہ انسان نے اپنی مرضی سے ہی ہمارے کام کو سنبھال لیا ہے ، اورلوگ خود ہی بے راہ رو اور گناہوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، موبائل کے غلط استعمال کی وجہ سے ہی پہلے کیرالہ نے تعلیمی اداروں میں دوران تعلیم اس کے استعمال پر روک لگا دی تھی اور اب کرناٹک ہائی کورٹ نے بھی تدریسی اوقات میں اس کو ساتھ رکھنے سے منع کر دیا ہے ، مدارس اسلامیہ خصوصا دار العلوم دیو بند میں اسمارٹ فون رکھنے پر پابندی ہے اور پکڑے جانے پر اخراج کی بھی نوبت آ سکتی ہے ، بیرون ملک میں ملیشیا کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے ، جس میں طلبہ کے پاس پائے گئے موبائل کو ہتھوروں سے توڑا جا رہا ہے ، یہ نوبت صرف اس کے غلط استعمال کی وجہ سے آئی ہے ، نوجوان نسلوں میں موبائل پر گندی فلمیں اور فحش سائٹوں کے کھنگالنے کی بیماری آگئی ہے، موبائل پر گیم کھیلنا عام سی بات ہے ، یہ گیم کہنے کو تو کھیل ہیں، لیکن زیادہ تر کھیل یا تو جنسیات پر مبنی ہیں یا مار دھاڑ پر ، جنسیات پر مبنی کھیل سے انسانی جسم کھوکھلا ہو رہا ہے ، اور اس کی وجہ سے مختلف قسم کے امراض پیدا ہو رہے ہیں، بینائی متاثر ہو رہی ہے ، ہاضمہ خراب ہو رہا ہے ، مار دھاڑ پر مبنی کھیلوں سے دہشت گردی اور غنڈہ گردی کا مزاج بنتا ہے اور بچے جو کھیل میں دیکھتے ہیں، اسے زمین پر حقیقت میں دیکھنے کے تجربے کرتے ہیں، ایسے بچے جو موبائل پر کھیلتے ہیں، انہیں جب شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو ان پرجھنجھلاہٹ طاری ہوتی ہے اور چونکہ سامنے حریف موجود نہیں ہوتا، اس لیے سارا غصہ اپنے اعصاب پر ہی اترتا ہے ،جو اعصابی بیماریوں کا بڑا سبب ہے، ان میں بعض کھیل ایسے بھی ہیں جو جیت کا ہدف پانے کے لیے خود کشی پر ابھارتے ہیں اور اونچی بلڈنگ سے کود پڑنے کا مشورہ دیتے ہیں، جس کے نتیجے میں بچے کی موت ہوجاتی ہے ،ایسا اس سے پہلے بھی کئی بار ہو چکا ہے ، اور اب بھی ہوتا رہتا ہے ، اس لیے بچے بچیاں ، طلبہ وطالبات کا موبائل سے دور رہنا ،اور انہیں دور رکھنا انتہائی ضروری ہے ، اس سے پڑھنے کے لیے انہیں وقت ملے گا اور موبائل کے مضر اثرات جو جسم و جاں پر پڑتے ہیں اس سے بھی بچے بچیاں محفوظ رہ سکیں گی ؛لیکن ہمارا حال یہ ہے کہ ہمیں بچوں کی ذرا بھی فکر نہیں ہوتی وہ موبائل پر رات رات بھر کیا دیکھ رہے ہیں، کس سائٹ سے ان کی دلچسپی ہے، ہمیں دیکھنے اور نگرانی کی فرصت ہی نہیں ملتی، رات بھر بچیاں چھت پر کس سے بات کر رہی ہیں، ہم کبھی بھی یہ معلوم کرنے کی کوشش نہیں کرتے ، ایک شخص نے بڑی پکی بات کہی کہ ہمیں اپنے بچے بچیوں کی اتنی بھی فکر نہیں ہے ، جتنا دیہات میں مرغیوں کی فکر کی جاتی ہے ۔ سرشام اگر وہ گھر نہ آئیں تو تلاش شروع ہوجاتی ہے ، جب کہ لڑکے بارہ بجے رات اور اس سے زیادہ گھر سے باہر رہتے ہیں اور ہمیں پوچھنے تک کی توفیق نہیں ہوتی، ببیں تفاوت رہ از کجا است تا بکجا۔
آج کے دور میں موبائلز بچے بچیوں کے ہاتھ سے لے لینا ذرا مشکل کام ہے؛لیکن صحیح استعمال کی طرف راغب کرنا چنداں دشوار نہیں۔

پھلواری شریف پٹنہ مورخہ 17/مارچ 2023 (پریس ریلیز :محمد ضیاء العظیم)

پھل درخت سے پہچانا جاتا ہے مفتی ثناء الہدی قاسمی
جامعہ عربیہ دارالعلوم محمدیہ البا کالونی پھلواری شریف پٹنہ کا سالانہ اجلاس دستار بندی بحسن خوبی اختتام پذیر ہوا
Urduduniyanews72
پھلواری شریف پٹنہ مورخہ 17/مارچ 2023 (پریس ریلیز :محمد ضیاء العظیم)
قرآن اللہ کی وہ کتاب ہے جسے اللہ رب العزت نے اپنے آخری نبی وپیغمبر سیدنا محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل فرمایا، یقیناً یہ ایک آفاقی والہامی کتاب ہے یہ کتاب دنیا کے تمام علوم و فنون کا مجموعہ ہے، اس کتاب کو دیکھنا، چھونا، پڑھنا، سننا، سیکھنا، اس پر عمل کرنا کرانا اور اس کی تعلیمات عام کرنا یہ سب باعث اجراوثواب ورحمت اور خوشنودئ الہی کا بڑا  اہم ذریعہ ہے ۔
جامعہ عربیہ دارالعلوم محمدیہ البا کالونی پھلواری شریف پٹنہ میں مورخہ 16 /مارچ بروز جمعرات بعد نماز مغرب جلسۂ دستار بندی حفاظ کرام بحسن خوبی اختتام پذیر ہوا ،اس اجلاس کی صدارت مولانا ومفتی ثناء الہدی قاسمی نظامت مولانا حذیفہ شکیل قاسمی اور حافظ عمران سمستی پوری نے کی، سرپرستی مولانا محمد عظیم الدین رحمانی نے فرمائی ،
پروگرام کا آغاز قاری واجد علی عرفانی اور مولانا محمد ضیاء العظیم قاسمی کی تلاوت سے ہوا، حافظ عمران قاری شعیب حافظ ظفر اقبال رحمانی اور مشرف عالم نے نعت کے ذریعہ جلسہ کے ماحول کو بیحد خوشگوار بنایا،
مقرر کی حیثیت سے مفتی شکیل احمد قاسمی استاذ حدیث دارالعلوم اسلامیہ پھلواری شریف پٹنہ ،مفتی سہیل قاسمی صدر مفتی امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ ،مفتی عبد الرحمن قاسمی صدر مدرس مدرسہ تحفیظ القرآن سمن پورہ پٹنہ،مولانا نظر الھدی قاسمی، مولانا عبدالواحد ندوی ڈائریکٹر جامعۃ الصالحات فیڈرل کالونی پھلواری شریف پٹنہ تھے ۔
جلسہ چونکہ حفاظ کرام کی دستار بندی پر تھا اسی نسبت سے تمام مقررین نے قرآن عظمت قرآن تعلیمات قرآن اور حقوق قرآن پر گفتگو کی، 
مفتی شکیل احمد قاسمی نے حقوق قرآن پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم میں سے اکثر وبیشتر لوگ قرآن مجید کی صحیح تلاوت نہیں کرتے نہ اس کے حرف کی ادائیگی پر کوئی توجہ دیتے ہیں حالانکہ حرف کی ادائیگی اگر نہ ہو تو معانی مفاہیم بدل جاتے ہیں، جبکہ اس کے سیکھنے کے وسائل وذرائع ہمارے پاس موجود ہیں  ہمیں اس کی فکر کرنی چاہیے۔ مفتی سہیلی احمد قاسمی نے اپنے بیان میں قرآن مجید میں بیان کردہ حق و باطل کی تعریف و حقیقت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قران مجید کی یہ تعلیم ہے کہ ہمیشہ حق کو حق اور باطل کو باطل ہی کہا جائے ۔ 
مفتی عبد الرحمن قاسمی نے عظمت قرآن پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قران سراپا معجزہ ہے اور تکمیل حفظ قرآن اس کی ایک عظیم دلیل ہے لہٰذا ہر ایک مسلمان کا دینی فریضہ ہے کہ قران کی صحیح تلاوت کرے اور اس کے احکامات اپنے اندر بسانے عمل کرنے کی فکر کرے ۔
مولانا نظر الھدی قاسمی نے اصلاح معاشرہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرآنی تعلیمات قرآنی پیغامات یہی ایک ذریعہ ہے جس سے ہم صحیح معاشرے کی تشکیل دے سکتے ہیں لامحالہ ہمیں اس کی تعلیمات وپیغامات عام کرنا ہوگا۔
مولانا عبد الواحد ندوی نے اپنی تقریر میں قرآن عظمت قرآن، اور حفاظ قرآن پر بڑی دلچسپ اور جامع گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں قرآن اور حافظ قرآن کی عظمت کرنی چاہئے ان کا احترام واکرام یہ بھی ایک دینی فریضہ ہے،
مولانا محمد عظیم الدین رحمانی سرپرست مدرسہ ہذا نے بھی مدرسہ کی تاریخ اور خدمات کا جائزہ دائرہ پیش کیا ۔
اس کے بعد سولہ حفاظ کرام کے سروں پر علماء کرام اور مدرسہ کے اہم ذمہ دار محمد فاروق منیر کالونی پھلواری شریف پٹنہ نے دستار فضیلت باندھی جبکہ ایک حافظہ حنا حسن کے والد کے سر پر دستار اور حنا حسن کو حجاب دیا گیا ، تمام حفاظ کو سند بیگ اور قرآن مجید مع رحل بطور اعزاز نوازا گیا، جن حفاظ کے سر پر دستارِ فضیلت باندھی گئ ان کی فہرست اس طرح ہے
۱ محمد سجاد ابن محمد افروز بیگوسراۓ
۲ محمد اشرف ابن محمد شکیل بیگوسراۓ
۳ محمد علی شیر ابن مرحوم محمد شمشیر جہان آباد
۴ محمد غلام سرور ابن محمد شمیم سمستی پور
۵ محمد یوسف ابن محمد ابراہیم بیگوسراۓ
۶ محمد عیان ابن محمد علی اشرف پٹنہ
۷ محمد وسیم ابن محمد ناصر سمستی پور
۸ محمد آفتاب عالم ابن محمد سہیل احمد سمستی پور
۹ محمد اظہر الدین ابن محمد شکیل بیگوسراۓ
١٠ محمد طارق ابن نبی اختر سمستی پور
١١ محمد ظفر عالم ابن محمد تمریز مدھے پورہ 
١٢ محمد افتخار ابن محمد جمیل بیگوسراۓ
١٣ محمد معصوم ابن محمد محسن سمستی پور 
۱۴ محمد طالب ابن محمد زاہد حسین پٹنہ 
۱۵ محمد آزاد ابن محمد تاج الدین مدھے پورہ
۱۶ حنا حسن بنت عبدالحسن پٹنہ
اس کے بعد  صدر محترم مفتی ثناء الہدی قاسمی نے صدارتی خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ پھل اپنے درخت سے پہچانا جاتا ہے، دارالعلوم محمدیہ البا کالونی پھلواری شریف پٹنہ کا یہ کارہائے نمایاں اور بہترین کارکردگی رہی ہے کہ کم مدتوں میں حفاظ قرآن کی ایک جماعت وجود میں آئی، اسے دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ زمینی سطح پر اس ادارہ نے بھر پور محنت کی ہے ہم مولانا محمد ضیاءالعظیم قاسمی ،مولانا نورالعظیم مظاہری اور مدرسہ کے تمام اراکین کو مبارکبادی پیش کرتے ہیں ساتھ ساتھ تمام حضرات سے اس بات کی اپیل امید کرتے ہیں کہ دینی اداروں پر آپ کی خاص توجہ رہے تاکہ ادارہ پھولے پھلے اور قرآن وأحاديث کی تعلیمات عام کرسکے۔
اس کے بعد مہتمم جامعہ ھذا مفتی محمد نورالعظیم نے جامعہ کی جانب سے تمام مہمانوں میزبانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کی محبتیں ہمارے لئے سرمایہ حیات ہے، اگر آپ کی محبتیں ہمارے ساتھ نہ ہوتیں تو یہ تحریک میرے لئے ناممکن تھی، ہم اس پاک پروردگار کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہم سب کو اپنی کتاب کی تلاوت سماعت کے لئے، اسے سیکھنے سکھانے کے لئے منتخب فرمایا ہے، 
مولانا محمد ضیاء العظیم قاسمی نے بھی تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا،
آخر میں صدر محترم حضرت مولانا ومفتی ثناء الہدی قاسمی کی دعا کے ساتھ جلسہ کا اختتام ہوا،
جامعہ عربیہ دارالعلوم محمدیہ البا کالونی پھلواری شریف پٹنہ ایک خالص دینی ادارہ ہے ،جس کی بنیاد محض خلوص وللہت پر ہے، یہاں مقامی وبیرونی طلباء اپنی علمی پیاس بجھا رہے ہیں ،اس وقت جامعہ ہذا میں تیس طلباء ہاسٹل میں مقیم ہیں، مقامی تیس طلبہ وطالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں پانچ اساتذۂ کرام ان کی تعلیم وتربیت پر معمور ہیں جن کی مکمل کفالت مدرسہ ھذا کے ذمہ ہے اور مدرسہ اہل خیر خواتین وحضرات کے تعاون سے چل رہا ہے ۔

اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...