وزیراعلیٰ یوگی کا استعفیٰ، یوپی میں نئی حکومت بنانے کی مشق شروع
ہولی سے قبل نئی حکومت کی حلف برداری کا امکان
لکھنؤ، 11 مارچ (ہ س)۔ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو زبردست اکثریت ملنے کے بعد نئی حکومت بنانے کی مشق شروع ہو گئی ہے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ جمعہ کی شام راج بھون پہنچے اور گورنر آنندی بین پٹیل کو اپنا استعفیٰ پیش کیا۔
استعفیٰ دینے سے پہلے وزیراعلیٰ یوگی نے کابینہ کی میٹنگ کی۔ اس کے بعد وہ سیدھے راج بھون چلے گئے۔ ان کے ساتھ بی جے پی کے ریاستی صدر سواتنتر دیو سنگھ بھی تھے۔ وہاں انہوں نے گورنر آنندی بین پٹیل کو اپنا استعفیٰ پیش کیا۔
استعفیٰ دینے کے بعد اب یوگی آدتیہ ناتھ نے حلف برداری کی تقریب کی تیاری شروع کر دی ہے۔ بی جے پی دفتر سے موصولہ اطلاع کے مطابق ہولی سے قبل نئی حکومت کی تشکیل ممکن ہے۔ اس کے لیے وزیراعلیٰ کے دفتر اور رہائش گاہ سے راج بھون تک مشق شروع ہو گئی ہے۔ سکریٹریٹ کے سینئر افسران نے آج اس سلسلے میں وزیراعلیٰ یوگی کے ساتھ میٹنگ بھی کی۔ اس میٹنگ میں چیف سکریٹری درگا شنکر مشرا، ایڈیشنل چیف سکریٹری ہوم اونیش اوستھی، ایڈیشنل چیف سکریٹری اطلاعات نونیت سہگل، ایڈیشنل چیف سکریٹری اروند کمار، وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ایس پی گوئل اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مکل گوئل و دیگر افسران موجود تھے۔ .موجودہ یوگی حکومت کی مدت 15 مئی کو ختم ہو رہی ہے، لیکن اسمبلی انتخابات کے نتائج آ چکے ہیں۔ ایسے میں نئی حکومت کی تشکیل کا کام ہولی سے پہلے ہی مکمل ہو سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ یوگی نے آج اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی حکومت کی تشکیل کے لیے یوگی اور بی جے پی کے ریاستی صدر سمیت کئی رہنما دہلی جا کر پارٹی قیادت سے ملاقات کریں گے اور وہاں پارٹی کے اعلیٰ رہنماؤں سے ملاقات کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کا فیصلہ کریں گے۔ اس میٹنگ میں وزیراعظم نریندر مودی کے بھی شرکت کا امکان ہے۔ دہلی سے واپسی کے بعد بی جے پی ایم ایل اے کی میٹنگ میں لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر کا انتخاب ہوگا اور اس کے بعد وزیراعلیٰ اور دیگر وزراء کی حلف برداری کے پروگرام ہوں گے۔ وزیراعظم مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، بی جے پی صدر جے پی نڈا اور بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بھی نئی حکومت کی حلف برداری کے پروگرام میں شرکت کرنے کا امکان ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ 403 سیٹوں والی یوپی اسمبلی کے انتخابات میں بی جے پی اتحاد کو زبردست اکثریت کے ساتھ 273 سیٹیں ملی ہیں۔ دوسری جانب سماج وادی پارٹی کے اتحاد نے اہم اپوزیشن پارٹی کے طور پر 125 سیٹیں حاصل کی ہے۔ کانگریس کو صرف دو، بی ایس پی کو ایک اور دیگر کو دو سیٹیں ملیں۔