پاکستان کے ٹھٹھہ کے گاؤں امام بخش بروہی میں غیرت کے نام پر لڑکے اور لڑکی کو قتل کردیا گیا۔ایس ایس پی عمران احمد نے کہا کہ قتل کا واقعہ 10 اور 11 اگست کی رات پیش آیا۔انھوں نے بتایا کہ مقتولین کی خاموشی سے تدفین کردی گئی تھی۔
ایس ایس پی کے مطابق قتل کے الزام میں لڑکی کے والد اور 2 بھائیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او پر مشتمل تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ایس ایس پی نے کہا کہ قبرکشائی اور میڈیکل بورڈ بنانے کے لیے درخواست کی ہے۔
بھارت میں ایک خاتون نے کار ایکسیڈنٹ میں ہلاک ہونے والے اپنے شوہر کی مورتی بناکر پوجا شروع کردی۔خاتون کا شوہر چند سال قبل کار ایکسیڈنٹ میں ہلاک ہوگیا تھا، اس کی یاد میں خاتون نے ایک چھوٹا سا مندر تعمیر کروا کر وہاں اپنے شوہر کی سفید سنگ مر مر سے تیار کردہ مورتی کی پوجا شروع کردی ہے۔
جنوبی بھارت کی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع پرکاسم کی رہائشی پدماوتی کے اس اقدام کی وجہ سے بھارت بھر کے لوگوں کی توجہ اس کی جانب مبذول ہوئی ہے۔اس عورت نے دعویٰ کیا کہ اس کا شوہر گورو کولا آنکی ریڈی 2007 میں اپنی حادثاتی موت کے فوری بعد اسے خواب میں نظر آیا اور اسے مندر بنانے کو کہا، جس پر میں نے اپنے شوہر کی خواہش کو پورا کرتے ہوئے مندر بنوایا ہے۔
حکومت مہنگائی سے راحت کے لئے پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی ہٹائے : کانگریس
نئی دہلی(اردو اخبار دنیا): آسمان چھوتی مہنگائی کو لے کر آج ایک بار پھر کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ جلد از جلد پٹرول اور ڈیزل کو گڈس اینڈ سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) کے دائرے میں لاکر عوام کو مہنگائی سے راحت دی جائے، اور اس کے لیے پٹرول-ڈیزل پر لگائی جانے والی ایکسائز ڈیوٹی فوری طور پر واپس لی جانی چاہئے۔
کانگریس ترجمان اجے ماکن نے مودی حکومت میں لگاتار بڑھ رہی مہنگائی کے تعلق سے بہت تفصیلی جانکاری ایک پریس کانفرنس کے دوران دی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کو جی ایس ٹی کے دائرے میں لانے کے لئے کام کرنا چاہئے اور گزشتہ سات برسوں کے دوران اس نے پٹرول و ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی لگا کر جو فائدہ کمایا ہے اسے بند کر کے ملک کے عوام کو اب مہنگائی سے نجات دینی چاہئے۔
اجے ماکن نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت جس طرح سے کم ہوئی، اس کا فائدہ لوگوں کو ملنا چاہئے۔ پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں ہوئی کمی کے مطابق کم کی جانی چاہئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت الزام لگا رہی ہے کہ کانگریس تیل بونڈ لے کر آئی تھی جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پہلی بار بی جے پی حکومت اپریل 2002 میں 9000 کروڑ روپے کے تیل بونڈ لے کر آئی تھی۔
کانگریس ترجمان ماکن نے مرکز کی مودی حکومت میں سبسڈی اور ایکسائز ڈیوٹی کے تعلق سے تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نے پٹرول و ڈیزل پر سبسڈی 12 گنا کم کی جبکہ ایکسائز ڈیوٹی میں 3 گنا اضافہ کر کے پٹرول مصنوعات سے خوب فائدہ کمایا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صرف 21-2020 میں مودی حکومت نے پٹرول و ڈیزل پر ٹیکس لگا کر 453812 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔ اس مدت میں کی گئی یہ کمائی 14-2013 کے مقابلے تین گنا سے زیادہ ہے۔ اس طرح سات برسوں کے دوران اس حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر سنٹرل ٹیکس 23.87 اور 28.37 روپے فی لیٹر کی شرح سے لگا کر موٹی کمائی کی ہے۔
کانگریس لیڈر نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے یہ بھی کہا کہ مودی حکومت بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت کم ہونے کے باوجود ہر سال پٹرولیم مصنوعات سے 189711 کروڑ روپے حاصل کرتی رہی ہے۔ اس حکومت کی مدت کار میں لوگ بے تحاشہ مہنگائی سے پریشان ہیں لیکن حکومت کی طرف سے عوام کو راحت دینے کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جا رہا ہے۔
ویلنگٹن :نیوزی لینڈ میں 6 ماہ بعد کورونا وائرس کی مقامی منتقلی کا پہلا کیس آکلینڈ میں رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈن نے کل سے ملک بھر میں 3 روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق آکلینڈ میں 7 روز تک لاک ڈاؤن نافذ رہے گا، سڈنی میں ڈیلٹا ویرنٹ کے باعث کورونا وائرس کیسز میں اضافے کا خطرہ ہے۔
ادھر آسٹریلیوی حکام نے انتباہ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے پر زور دیا ہے۔ نیو ساؤتھ ویلز میں کورونا وائرس کے 452 نئے کیسز اور ایک شہری کی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جاپان میں ٹوکیو اور 5 ریجنز میں کورونا ایمرجنسی میں 12 ستمبر تک توسیع متوقع ہے۔
اس ملک میں لیول 4 لاک ڈاؤن آخری بار کورونا کی وبا کے آغاز میں لگایا گیا تھا اور موجودہ پابندیوں کی وجہ یہ خیال کرنا ہے کہ نیا کیس مقامی سطح پر کورونا کی قسم ڈیلٹا کا پہلا کیس ہے۔ وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ' ڈیلٹا کو گیم چینجر قرار دیا جارہا ہے اور یہ درست بھی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہمیں شروع میں ہی اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت ہونا ہوگا۔
ہم نے دیکھا ہے کہ دیگر ممالک میں ناکامی پر کیا حال ہوا، ہمارے پاس صرف ایک ہی موقع ہے '۔ اس نئے لاک ڈاؤن میں نیوزی لینڈ کے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گھر میں صرف ان کے گھرانے کے افراد رہیں گے اور وہ اپنے گھر سے صرف خوراک یا ادویات خریدنے کے لیے ہی نکل سکیں گے۔
اس دوران بھی انہیں سماجی دوری کا خیال رکھنا ہوگا۔ جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ ابھی ہم نہیں جانتے کہ یہ نیا کیس ڈیلٹا کا نتیجہ ہے یا نہیں اور اس کے لیے جینوم سیکونسنگ کا انتظار کرنا ہوگا، مگر حکومت ڈیلٹا کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ڈیلٹا بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اور ہم دنیا کے ان چند ممالک میں سے ہیں جہاں ابھی برادری کی سطح پر کورونا کی یہ قسم پھیلنا شروع نہیں ہوئی تو ہمارے پاس دیگر سے سیکھنے کے لیے بہت کچھ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دیگر ممالک میں تاخیر سے کیے گئے اقدامات کے تباہ کن نتائج بھی دیکھیں ہمارے پڑوس میں بھی ایسا ہوا۔ یہ انہوں نے آسٹریلیا کا حوالہ دیا جہاں اس وقت کورونا کی لہر کو قابو میں کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ نیوزی لینڈ کے حکام اب تک نئے کیس کی وجہ بننے والے ذریعے کا تعین نہیں کرسکے ہیں۔
سری نگر، 17 اگست (یو این آئی) ایسا لگتا ہے کہ جموں کشمیر میں جنگجو بی جے پی لیڈران و کارکنان کے دشمن بن گئے ہیں۔چاہے پھرا س کارکن یا لیڈر کا تعلق کسی بھی سماج یا طبقہ سے ہو ۔ جنوبی ضلع کولگام کے برازلو کولگام میں منگل کو مشتبہ جنگجوئوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک کارکن کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ جنگجوئوں نے برازلو جاگیر میں جاوید احمد ڈار ولد غلام عبداللہ ڈار نامی بی جے پی کارکن پر ان کے گھر کے باہر نزدیک سے گولیاں چلائیں۔
انہوں نے بتایا کہ زخمی جاوید احمد کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔جموں و کشمیر میں تعینات بی جے پی کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے کہا کہ جاوید احمد ڈار بی جے پی حلقہ صدر ہوم شالی بگ تھے۔
انہوں نے اپنے پارٹی کارکن کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگجو بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔اس واقعے سے محض چند دن قبل مشتبہ جنگجوئوں نے جنوبی ضلع اننت ناگ میں بی جے پی سرپنچ اور ان کی بیوی، جو پنچ تھیں، کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔دریں اثنا سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے بی جے پی کارکن کی ہلاکت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
این آئی اے کو منہ کی کھانی پڑی، جمعیۃ نے سپریم کورٹ میں کیویٹ داخل کردیا، گلزار اعظمی ممبئی 17/ اگست:قومی تفتیشی ایجنسی NIAکو آج اس وقت ممبئی ہائی کورٹ میں منہ کی کھانی پڑی جب جسٹس ایس ایس شندے اور جسٹس جمعدار نے ملزم اقبال احمد کی ضمانت پر رہائی کے حکم پر اسٹے دینے سے انکار کردیا، این آئی اے کی وکیل ارونا پائی نے عدالت سے گذارش کی کہ13 اگست کو پاس کیئے گئے آرڈر پر اسٹے دیا جائے تاکہ این آئی اے سپریم کورٹ میں ممبئی ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرسکے۔ عدالت نے کھلے لفظوں میں کہا کہ وہ ملزم کی ضمانت پر رہائی کے فیصلہ پر اسٹے نہیں دیں گے، این آئی اے اگر فیصلہ کو چیلنج کرنا چاہتی ہے تو وہ کرے انہیں قانونی حق ہے لیکن اسٹے مانگنا مناسب نہیں ہے۔ ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلہ سے ملزم اقبال احمد کے اہل خانہ نے راحت کی سانس لی جو ملزم کی رہائی کے لیئے کوشاں ہیں۔
اس ضمن میں ملزم اقبال احمد کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے کہا کہ جمعیۃعلماء نے ایڈوکیٹ آن ریکارڈ گورو اگروال کے ذریعہ سپریم کورٹ میں کیویٹ داخل کردیا ہے تاکہ اگر این آئی اے سپریم کورٹ میں ضمانت کی منسوخی کی عرضداشت داخل کرتی ہے تو ہمیں اس کی خبر مل جائے اور ہم بروقت اس کی مخالفت کرسکیں۔ گلزار اعظمی نے کہا کہ ملزم اقبال احمد کبیر احمد کی جیل سے رہائی کی کوشش شروع کی جاچکی ہے، آج سیشن عدالت میں ضمانت پر رہائی کا پروسیجر ایڈوکیٹ ارشد شیخ اور ایڈوکیٹ قربان حسین نے شروع کیا، سیشن عدالت کے رجسٹرار نے وقت کی تنگی اور کرونا گائڈلائنس کی وجہ سے اگلے دو دنوں میں پروسیس مکمل ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ جمعہ کو پانچ سالوں سے جیل سلاخوں کے پیچھے مہاراشٹر کے پربھنی شہر سے تعلق رکھنے والے اقبال احمد کبیر احمد کو ممبئی ہائی کورٹ نے مشروط ضمانت پر رہا کیئے جانے کا حکم جاری کیا تھا، عدالت نے اپنے فیصلہ میں کہا تھاکہ پانچ سال کا طویل عرصہ گذر چکا ہے اور ابھی تک مقدمہ کی سماعت شروع نہیں ہوسکی اور مقدمہ کی سماعت کب شروع ہوگی اور کب اس کا اختتام ہوگا کسی کو نہیں معلوم لہذاملزم کو ضمانت پر رہا کیا جانا چاہئے کیونکہ ملزم ایک طویل عرصہ جیل میں گذارچکا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلہ میں مزید کہا کہ مقدمہ جلدا ز جلد سماعت ملزم کا حق لیکن مقدمہ کی سماعت تیزی سے نہ ہونے سے اس کی حق تلفی ہورہی ہے لہذا ملزم کو ضمانت پر رہا کیا جانا چاہئے۔
عیاں رہے کہ مہاراشٹر اے ٹی ایس نے ملزمین اقبال احمد، ناصر یافعی، رئیس الدین اور شاہد خان سمیت پر تعزیرات ہند کی دفعات 120(b),471,، یو اے پی اے کی دفعات 13,16,18,18(b), 20, 38, 39 اور دھماکہ خیز مادہ کی قانون کی دفعات 4,5,6 کے تحت مقدمہ قائم کیا ہے اور ان پر یہ الزام عائد کیا ہیکہ وہ آئی ایس آئی ایس کے رکن ہیں اور ہندوستان میں غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں نیز انہوں داعش کے لیڈر ابوبکر البغدادی کو اپنا خلیفہ تسلیم کیا ہے اور اس تعلق سے عربی میں تحریر ا یک حلف نامہ (بیعت) بھی ضبط کرنے کا پولس نے دعوی کیا ہے حالانکہ ملزمین کے اہل خانہ کا یہ کہنا ہیکہ مہاراشٹر اے ٹی ایس نے جھوٹے مقدمہ میں ان کے لڑکوں کو گرفتار کیا ہے کیو نکہ پولس نے ملزمین کے قبضہ سے ایسا کوئی بھی مواد ضبط نہیں کیا ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہو کہ وہ ممنوع تنظیم داعش کے رابطہ میں تھے اور وہ ہندوستان میں کچھ گڑ بڑ کرنا چاہتے تھے بلکہ شوشل میڈیا اور یوٹیوب کی مبینہ سرگرمیوں کو گرفتاری کی وجہ بتایا گیا ہے۔
توپران: ریاست تلنگانہ کے ضلع میدک میں سمیت غذا کے استعمال سے دو بچوں کی موت ہوگئی۔ یہ واقعہ منوہرآباد منڈل میں پیش آیا۔ 13 سالہ منیشا اور10 سالہ کمارکے ماں باپ ایک پولٹری فارم میں کام کیا کرتے ہیں۔ آج انھوں نے چکن کا سالن بنایا اورکھانے کے بعد بچوں کی طبعیت بگڑگئی انھیں علاج کیلئے توپران کے ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں بچوں کی موت ہوگئی۔ سمجھا جاتا ہے کہ سمیت غذا کے استعمال سے ان کی موت ہوئی ہے جبکہ ان کی ماں زیرعلاج ہے۔