
جمعیۃ علما ء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب کا تعزیتی بیان
ممبئئ: یہ خبر انتہائی رنج و غم کے ساتھ دی جاتی ہے کہ ریاست تلنگانہ کے معروف و مشہور عالم دین حضرت مولانا مفتی عبد المغنی مظاہری صاحب ناظم مدرسہ سبیل الفلاح و صدر سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد آج بتاریخ18 اگست 2021.طویل علالت کے بعد ہمیشہ ہمیش کے لئے اس دار فانی کو چھوڑ کر اپنے مالک حقیقی سے جاملے۔انا للہ و انا الیہ راجعون۔
اس سانحہ ارتحال پر جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضرت مفتی صاحب کی رحلت مسلمانا ن تلنگانہ کے لئے عظیم سانحہ ہے۔ قحط الرجال کے اس دور میں مفتی صاحب کا ہم سے جدا ہوکر اپنے مالک حقیقی سے جا ملنا،یہ کسی ایک طبقے کا نقصان نہیں بلکہ پوری ملت کانقصان ہے،اللہ تعالی ملت کو آپ کا نعم البدل عطا ء فرمائے ۔
مولانا ندیم صدیقی صاحب نے مفتی عبد المغنی صاحب کے فر زند مولانا محمد میاں صاحب اور ان کے برادر حضرت مولانا عبد القوی صاحب مہتمم ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد ٹرسٹ سے فون پر رابطہ کرکے تعزیت مسنونہ اور دعاء مغفرت پیش کی اور کہا کہ ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا ء کرتے ہیں کہ اللہ رب العزت حضرت مفتی صاحب کی بال بال مغفرت فرمائے،ان کی خدمات کو قبول فرمائے،جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے، لواحقین اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا ء فرمائے۔ انہوں نے صوبے بھر میں واقع جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی تمام یونیٹوں کے عہدیداران و اراکین، ذمہ داران مدار س اسلامیہ، ائمہ مساجد اور عامۃ المسلمین سے اپیل کی ہے کہ حضرت مفتی عبد المغنی صاحب کے لئے دعاء مغفرت اورایصال ثواب کا اہتمام کریں۔