Powered By Blogger

ہفتہ, ستمبر 04, 2021

ناندیڑمیں آج اور کل پانی کی سپلائی نہیں ہوگی

ناندیڑ:3 ستمبر۔ (اردو دنیا نیوز۷۲)ناندیڑواگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر نے اپنی دستخط سے ایک مکتوب جاری کرتے ہوئے شہریان کومطلع کیاہے کہ ناندیڑشہر میں 4اور 5ستمبر کو نلوں کوپانی کی سپلائی نہیں ہوگی ۔ کالیشور اور وشنوپوری میں پمپ کی مرمت کاکام جاری ہے او رتخطیر آب پروجیکٹ کی سمت جانیوالی پائپ سے پانی کااخراج بھی ہورہاہے۔

اسکی درستی لازمی ہے ۔ اسلئے 4اور5 ستمبر کوتخطیر آب پروجیکٹ اسدون کو ہونے و الا پانی سپلائی بند رہے گا۔ اس طرح شہر میں دو دنوں تک پانی کی سپلائی نہیں ہوگی۔شہریان دو دنوں تک پانی کا کفایت شعاری کیساتھ استعمال کریں اس طرح کی اپیل بھی کی گئی ہے

ٹرین میں انڈرویئر اور بنیان پہن کر گھومتے نظر آئے جنتا دل یو رکن اسمبلی، تصویر وائرل

بہار میں برسراقتدار جنتا دل یو کے رکن اسمبلی گوپال منڈل کی تیجس راجدھانی ایکسپریس ٹرین میں سفر کے دوران انڈرویئر اور بنیان پہلے تصویر وائرل ہو گئی ہے، جس کے بعد اب گوپال منڈل نے صفائی دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کا سفر کے دوران پیٹ خراب ہو گیا تھا اس لیے انڈرویئر اور بنیان پہنے ہوئے تھے۔ انھوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ واقعی میں وہ انڈرویئر اور بنیان میں تھے۔

دراصل یہ پورا معاملہ راجندر نگر سے نئی دہلی جا رہی تیجس ریک سے مزین راجدھانی ایکسپریس کا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ جنتا دل یو کے رکن اسمبلی گوپال منڈل جب دہلی جا رہے تھے تبھی ٹرین کی بوگی میں وہ بنیان اور انڈرویئر پہنے گھوم رہے تھے۔ ریلوے پولیس کے مطابق اس دوران کسی مسافر نے جب اس پر اعتراض ظاہر کیا تب الزام ہے کہ رکن اسمبلی نے مسافر کے ساتھ بدکلامی بھی کی۔ اس کی اطلاع مسافر نے ٹی ٹی ای اور پولیس کو دی۔ اس کے بعد معاملے کو سمجھا بجھا کر نمٹا دیا گیا۔

جب رکن اسمبلی کی یہ تصویر جمعہ کے روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تب انھوں نے وضاحت دی ہے۔ رکن اسمبلی گوپال منڈل نے کہا ہے کہ ’’ہاں، میں انڈرویئر اور بنیان میں تھا۔ ٹرین میں چڑھا تو میرا پیٹ خراب ہو گیا۔ میں جو بھی بولتا ہوں سچ بولتا ہوں، جھوٹ نہیں بولتا ہوں۔ ایسا نہیں ہے کہ اس واقعہ پر مجھے پھانسی چڑھا دیا جائے گا۔‘‘

دوسری طرف ریلوے کے ایک افسر نے بھی اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔ مشرق وسطیٰ ریلوے کے چیف پبلک رلیشن افسر راجیش کمار نے بتایا کہ رکن اسملی تیجس راجدھانی ایکسپریس میں پٹنہ سے نئی دہلی جانے کے دوران بنیان اور انڈرویئر میں گھومتے نظر آئے۔ اس کے بعد کچھ مسافروں نے اعتراض ظاہر کیا۔ آر پی ایف اور ٹی ٹی ای نے دونوں فریقین کو سمجھا کر معاملہ ختم کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ اب رکن اسمبلی جی نے بھی اس واقعہ پر اپنا رد عمل ظاہر کر دیا ہے۔

بنگلا دیش پھر نیوزی لینڈ پر بھاری پڑا۔ شکست دی

بنگلا دیش نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی مہمان نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کردیا اور 5 میچوں کی سیریز میں 2-0 سے برتری حاصل کرلی۔ڈھاکا میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ پر 141 رنز بنائے۔

 

بنگلادیش کی طرف سے محمد نعیم نے 39، محمود اللّٰہ نے 37 اور لٹن داس نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 5 وکٹ پر 137 رنز بناسکی، یوں بنگلادیش نے میچ 4 رنز سے اپنے نام کرلیا۔نیوزی لینڈ کی طرف سے کپتان ٹام لیتھم نے 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، تاہم ٹیم کی شکست کے باعث ان کی دلکش اننگز رائیگاں چلی گئی۔بنگلادیش کی طرف سے مہدی حسن اور شکیب الحسن نے 2، 2 وکٹ اپنے نام کیں

دہلی فساد: ’ایسا لگتا ہے جیسے چارج شیٹ کسی ٹی وی پروگرام کی اسکرپٹ ہے‘، عمر خالد کے وکیل کی عدالت میں دو ٹوک

دہلی فسادات کو لے کر گزشتہ کچھ دنوں سے ہو رہی سماعتوں میں دہلی پولیس کو خوب پھٹکار لگی ہے۔ آج پھر جب دہلی کی ایک عدالت میں فسادات کو لے کر سماعت ہو رہی تھی تو جے این یو کے سابق طالب علم عمر خالد کے وکیل تریدیپ پائس نے دہلی پولیس کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ اس چارج شیٹ میں جس طرح سے فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش ہوئی ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ رپورٹ بنانے والے افسران کے دماغ میں ’فرقہ واریت‘ بھری ہوئی تھی۔ وکیل نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ چارج شیٹ ’فیملی مین‘ یا پھر کسی ٹی وی پروگرام کی اسکرپٹ جیسی ہے۔

 

دہلی کی ایک ٹرائل کورٹ میں عمر خالد کی ضمانت عرضی پر چل رہی سماعت کے دوران وکیل تریدیپ پائس نے اپنی یہ باتیں جج کے سامنے رکھیں۔ عدالت اب پیر کے روز ایک بار پھر عمر خالد کی ضمانت عرضی پر سماعت کرے گا۔ آج کی سماعت کے دوران عمر خالد کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل پر بغیر کسی ثبوت کے اتنے سارے الزامات عائد کر دیے گئے ہیں۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ چارج شیٹ کو پڑھ کر ایسا لگتا ہے جیسے یہ رات 9 بجے والے ٹی وی شو کی اسکرپٹ ہے۔ یہ پوری طرح سے تصورات پر مبنی ہے۔

سماعت کے دوران تریدیپ پائس نے گواہوں پر بھی انگلی اٹھائی اور کہا کہ ان سے جھوٹے بیان دلائے جا رہے ہیں، جو کہ خالد کے خلاف سازش کا حصہ ہے۔ چارج شیٹ کا ایک حصہ پڑھ کر سناتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’بھارت تیرے ٹکڑے ہوں گے، یہ جملہ کہاں سے ملا۔ ایسا لگ رہا ہے کہ ٹی وی پروگرام کی اسکرپٹ لکھی گئی ہے۔ 2016 میں خالد پر جو کیس درج کیا گیا تھا، اس کی چارج شیٹ میں کہیں بھی بھارت تیرے ٹکڑے ہوں گے کا نعرہ لگانے کی بات نہیں تھی۔‘‘ وکیل نے ساتھ ہی کہا کہ اینٹی سی اے اے مظاہرہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ دہلی پولیس نے یہ کام انجام دیا ہے۔

خبر غم:ناندیڑ کے مشہور تاجر محمد عبدالصمد(لال داڑھی زردہ)کا انتقال

ناندیڑ:4.ستمبر۔(اردو دنیا نیوز۷۲)انتہائی افسوس کے ساتھ یہ اطلاع دی جاتی ہے کےناندیڑ کے مشہور تاجر و مخلص شخصیت جناب محمد عبدالصمد صاحب (لال داڑھی زردہ) نائب صدر مجلس انتظامیہ مدینۃ العلوم سوسائٹی ناندیڑ کا آج 4 ستمبر کی رات اِنتقال ہوگیا ہے

ان کی نمازِ جنازہ و تدفین بروز آج بروزِہفتہ بتاریخ 4 ستمبر 2021 بعد نمازِ ظہر مکّہ مسجد چوك ناندیڑ عمل میں آئیگی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کو اپنے قرب و جوار میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے

جمعہ, ستمبر 03, 2021

چین میں ٹی وی پر عورتوں سے مشابہہ مرد دکھانے پر پابندی عائد ستمبر 3, 2021

بیجنگ، 3 ستمبر (اردو دنیا نیوز۷۲) چینی حکومت نے ٹیلی ویژن (ٹی وی) پر عورتوں سے مشابہہ مرد یا مخنث افراد سے ملتے جلتے انداز اپنانے والے مرد حضرات سمیت سیاسی و ثقافتی طنز کرنے والے مردوں کو دکھانے پر پابندی عائد کردی۔خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے ’قومی بحالی شباب‘ پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے مذکورہ پابندیوں کا اعلان کیا۔چینی صدر نے تعلیم، کاروبار، ثقافت اور مذہب جیسے معاملات پر حکومتی کنٹرول بڑھانے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ اسکرین پر غیر مہذب مردوں کو دکھانے سے منفی اثرات پڑتے ہیں۔

ڈان کی رپورٹ کے مطابق ریڈیو اور ٹیلی وژن کے معاملات دیکھنے والے حکومتی ادارے ’نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی وژن ایڈمنسٹریشن‘ (این آر ٹی اے) کی جانب سے تمام نشریاتی اداروں کو جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیا کہ عورتوں سے مشابہت رکھنے والے مرد حضرات کو اسکرین پر نہ دکھایا جائے۔ہدایت نامے میں واضح طور پر مخنث افراد کا لفظ استعمال نہیں کیا گیا لیکن بتایا گیا کہ ایسے مرد حضرات کو ٹی وی پر دکھانا بند کیا جائے، جن کی شکل و صورت صنف نازک سے ملتی جلتی ہو۔ادارے کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں واضح طور پر ٹی وی چینلز کو کہا گیا کہ عریانیت کی تشہیر کرنے والی انٹرنیٹ و شوبز شخصیات کو دکھانے سے گریز کیا جائے۔

سرکاری ادارے نے ٹی وی چینلز کو تجویز پیش کی ہے کہ وہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے چینی ثقافت کو دکھائیں، تاکہ قومی بحالی شباب تحریک کو آگے بڑھایا جا سکے۔اسی حوالے سے ’رائٹرز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ چینی حکومت نے ان تمام مرد آرٹسٹ کو ٹی وی پر نہ دکھانے کی ہدایات جاری کی ہیں جو ثقافت و سیاست کو غلط انداز میں پیش کرنے سمیت خواتین یا مخنث افراد سے مشابہت رکھتے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹی وی اینڈ ریڈیو کے ریگولیٹ ادارے نے نشریاتی اداروں کے جاری ہدایت نامے میں سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والے ٹی وی چینلز کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔

ادارے کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں زنانہ مشابہت رکھنے والے آرٹسٹ کو غیر صحت مند معاشرے کا باعث قرار دیا گیا۔چینی حکومت کی جانب سے مذکورہ قدم ایک ایسے وقت میں اٹھایا گیا، جب کہ حال ہی میں حکومت نے بچوں کی آن لائن گیمنگ تک رسائی بھی محدود کی تھی۔حکومت نے حال ہی میں 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے ہفتے میں صرف تین گھنٹے تک آن لائن گیم کھیلنے کے احکامات جاری کیے تھے جب کہ اسکول کے اوقات میں آن لائن گیم پر مکمل پابندی ہوگی۔علاوہ ازیں حکومت نے عریانیت پھیلانے کے الزاام میں حال ہی میں مختلف چینی سوشل ویب سائٹس سے انٹرٹینمنٹ اداروں کے اکاو?نٹس بھی بند کردیے تھے۔چینی حکام کا خیال ہے کہ مقامی مرد آرٹسٹ جنوبی کورین اور جاپانی آرٹسٹوں کی نقل کرتے ہوئے عورتوں سے مشابہہ انداز اور فطرت اپناتے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے معاشرے میں بگاڑ پھیلنے کے امکانات ہیں۔

دہلی فسادمعاملہ :پولس کی ناقص و ناکام تفتیش کی وجہ سے تاریخ میں یاد رکھا جائے گا:سیشن جج

عدالت کے فیصلہ سے ہمارے موقف کو تقویت ملی کہ دہلی پولس نے ناقص تفتیش کرکے مسلمانوں کو پھنسایا ، مولانا ارشد مدنی

دہلی فساد معاملے کی سماعت کرنے والے کرکاڈومہ سیشن عدالت کے  جج ونود یادو نے نا کافی ثبوت و شواہد اور ناقص تفتیش کی بناء پر تین مسلم نوجوانوں کو مقدمہ سے ڈسچارج کردیا یعنی اب ان ملزمین کو مقدمہ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ ملزمین میں عام آدمی پارٹی کے کونسلر طاہر حسین کے بھائی شاہ عالم کے ساتھ راشد سیفی اورشاداب  شامل ہیں ،عدالت نے انہیں مقدمہ سے بری کرتے ہوئے اپنے فیصلہ میں لکھا ہے کہ ’’دہلی پولس کی ناقص و ناکام تفتیش کی بناء پر دہلی فساد تاریخ میں یاد رکھا جائے گاــ‘‘

 

ملزمین پر تعزیرات ہند کی دفعات 147,148,149,436, 427 (فسادات برپا کرنا،گھروں کو نقصان پہنچانا،غیر قانونی طور پر اکھٹا ہونا )اور پی ڈی پی پی ایکٹ کی دفعہ 3,4 کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا تھا ۔ملزمین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے مقرر کردہ وکیل ظہیر الدین بابر چوہان اور ان کے معاون وکلاء دنیش تیواری وغیرہ نے الزامات پر بحث کرتے ہو ئے عدالت کو بتایا   کہ دہلی پولس نے نہایت ناقص تفتیش کی ہے ، ملزمین کے خلاف جھوٹے ثبوت و شواہد اکھٹا کیئے  اور انہیں پھنسایا گیا ۔ وکلاء نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزمین کے خلاف صرف پانچ لوگوں نے گواہی دی ہے جس میں چار پولس والے شامل ہیں جبکہ ایک عام شہری ہے ، انہوںنے عدالت کو مزید بتایا کہ دو سو لوگوں کے ہجوم میں سے صرف انہیں تین لوگوں کی نشاندہی کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ ملزمین کو منظم طریقے سے مقدمہ میں پھنسایا گیا ہے۔ حالانکہ سرکاری وکیل نے ملزمین کو مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کی سخت مخالفت کی لیکن عدالت نے دفاعی وکلاء کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے تینوں ملزمین کو دیال پور پولس اسٹیشن مقدمہ (چاند باغ ) سے  ڈسچارج کردیا اور پولس کی ناقص تفتیش پر سخت برہمی کااظہاربھی کیا ۔

 

عدالت نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ یہ مقدمہ ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کے پیسوں کی بربادی ہے کیونکہ تفتیش صحیح رخ پر نہیں کی گئی۔عدالت نے مزید کہا کہ یہ تفتیشی ایجنسی کی ناکامی ہے کہ انہوں نے سائنسی طریقہ کار اختیار نہیں کیا ، بس عدالت کی آنکھ پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی گئی۔عدالت نے اپنے فیصلہ میں مزیدکہا کہ ایسا لگتا ہے کہ دہلی پولس بس اضافی چارج شیٹ داخل کرنے میں مصروف ہے ، مقدمہ کی سماعت شروع کرنے میں ان کی کوئی دلچسپی نہیں ہے، ملزمین جیلوں میں بند ہیں اور تاریخ پر تاریخ دینے سے عدالت کا قیمتی وقت برباد ہورہا ہے ۔عدالت نے مزید کہا کہ مقدمہ درج کرنے میں ہونے والی تاخیر اس بات کا اشارہ کرتی ہے کہ پولس کانسٹبل نے گڑ بڑ ی کی ہے اور ملزمین کو پھنسانے کی کوشش کی ہے۔عدالت نے اپنے فیصلہ میں دہلی پولس کی جانب سے کی جانے والی غیر پیشہ وارانہ تفتیش پر سخت برہمی کا اظہار کیا  ۔اسی دوران دہلی ہائی کورٹ نے بھی دوملزمین فرقان اور صالحین کی ضمانت منظورکرلی ہے ۔

اس پر اپنے ردعمل کااظہارکرتے ہوئے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ ہم تو پہلے دن سے یہ کہتے آرہے ہیں کہ دہلی پولس نے جانبدارانہ تفتیش کی اور مسلمانوں کو گرفتار کیا، عدالت نے خود اس بات کو نوٹ کیا کہ دہلی پولس نے نہایت ناقص تفتیش کی ہے ۔ خصوصی جج کے تبصرے سے ہمارے موقف کو تقویت ملی ہے کہ دہلی فسادات میں مسلمانوں کی جان و مال کو لوٹا گیا اور پھر انہیں ہی گرفتارکرلیا ، مولانا مدنی نے کہا کہ یہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ دہلی فسادمیں جو مظلوم ہیں جس پر ظلم ہوا پولس نے اسے ہی ظالم اورمجرم بناکر جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈھکیل دیا جبکہ اس فسادکی سازش رچنے والے آج بھی آزادگھوم رہے ہیں۔

اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...