
مونگیر20اکتوبر(یو این آئی)امارت شرعیہ کسی ایک مسلک کی نہیں، تمام مسلمانوں کی ہے۔آپ سب کومل جل کرامارت شرعیہ کوآگے بڑھاناہوگا،تب ہی امارت کی ترقی واستحکام ممکن ہوسکے گا۔یہ بات امیرشریعت ثامن مولانااحمدولی فیصل رحمانی نے یہاں منعقدہ استقبالیہ پروگرام میں کہی۔
انہوں نے کہاکہ آپ کسی بھی ملی جماعت سے جڑے ہوں،کوئی بات نہیں،جڑے رہیں،امارت آپ سب کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپ سب مجھ سے چندباتوں کاعہدکیجیے کہ تعلیم میں آنے والی مسلسل گراوٹ کوہم سب دورکریں گے اوراپنی تعلیمی شرح کوبہتربنائیں گے،اس لیے کہ تعلیم کے بغیرترقی ناممکن ہے۔ جہیز لینا دینا بند کریں گے،اس لیے کہ اس کی کثرت نے اسلام کے آسان نکاح کومشکل تربنادیاہے۔سودکے بڑھتے رواج کومعاشرہ میں کم کریں گے۔اس لیے کہ ہمارے معاشرہ میں طرح طرح کی برائیاں اوربے برکتی اسی سودکی عمومیت کاسبب ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے بزرگوں نے امارت شرعیہ کوخون جگرسے سینچاہے،اورجگہ جگہ دارالقضاء کاجال بچھایاہے تاکہ ہم اپنے فیصلے قاضی شریعت سے کرائیں۔آپ سبھوں کواپنے فیصلے قاضی شریعت سے کرانے کاپا بند بننا چاہیے۔یہ آسا ن بھی ہے،اس میں وقت کی بربادی اورپیسہ کاضیاع دونوں نہیں ہوتاہے۔
اس سے قبل نائب امیرشریعت حضرت مولاناشمشادرحمانی نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ہم سبھوں کوجواں سال امیرعطاکیاہے۔ان کی سوچ اعلیٰ اور بلند ہے۔ امت اورملت کابڑابڑاکام ان شاء اللہ انجام پائے گا۔ہمیشہ نوجوانوں کی جماعتوں نے انقلاب برپاکیاہے۔قاضی شریعت مولاناانظارعالم قاسمی نے کہاکہ امیرکااصل استقبالیہ یہ ہے کہ امیرکے ہرجائزحکموں پرلبیک کہیں،امیرشریعت کے حکموں کی تکمیل میں دیرنہ کریں،یہی ان کوبہترین استقبالیہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ نے آپ کواپنی پسندکاامیردیاہے،اب آپ اللہ کی پسندکواپنی پسندبنائیں اورامیرکی اطاعت کواپنی زندگی کالازمی حصہ بنائیں۔قائم مقام ناظم مولاناشبلی القاسمی نے کہاکہ ہمارے امیرکاتعلق خانوادۂ رسول سے ہے،آپ میں نبوت کامزاج ہے،آپ سنت کے بڑے متبع اورپابندہیں،کئی موقعوں پرمیں نے آپ کودیکھاکہ آپ سنت نبوی کے مطابق کام کرتے ہیں۔نائب ناظم مولانامفتی سہراب ندوی نے تفصیل سے امارت کے تحت ہورہے کاموں کوشمارکراتے ہوئے کہاکہ امیرشریعت رابعؒ نے جس طرح امارت کوبام عروج پرپہونچایا،امیدہے ان کے دورمیں بھی امارت اسی طرح ترقی کرے گی اوران کادوربھی امارت کادورزریں کہلائے گا۔
اس موقعہ پرقاضی شریعت مونگیرقاضی رضی احمدندوی نے بیعت امارت کرائی۔مونگیرشہر کے ممتازسماجی کارکن مولانامشیرالدین رحمانی نے حضرت کے لیے مفکرملت کالقب استعمال کرنے کی تجویزپیش کی جس کی ہاتھ اٹھاکرتمام لوگوں نے اورمفتی سہراب صاحب ندوی نے زبانی تائیدکی۔