Powered By Blogger

پیر, دسمبر 13, 2021

مدارس اسلامیہ اور عصری تقاضےڈاکٹر محمد حفظ الرحمن کی ایک قابل قدر کاوشکامران غنی صباشعبئہ اردو نیتیشور کالج مظفرپور

مدارس اسلامیہ اور عصری تقاضے
ڈاکٹر محمد حفظ الرحمن کی ایک قابل قدر کاوش

کامران غنی صبا
شعبئہ اردو نیتیشور کالج مظفرپور
............ 
کل الیکشن ڈیوٹی میں مظفرپور کے کٹرہ بلاک کے انتہائی دور افتادہ گاؤں "کٹائی" جانے کا اتفاق ہوا. گاؤں تک جانے کا راستہ انتہائی ناہموار، تکلیف دہ اور پریشان کن تھا لیکن الیکشن ڈیوٹی کا معاملہ ایسا ہے کہ آپ چاہ کر بھی جان نہیں چھڑا سکتے. البتہ گاؤں کے ماحول نے متاثر کیا. ایسے دور افتادہ اور وسائل سے محروم گاؤں میں کئی ایسے نوجوان ملے جو ملک کے بڑے تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں. 
یہاں برادرم سیف الرحمن سے اتفاقی طور پر ملاقات ہو گئی. سیف الرحمن ملت ٹائمز سے وابستہ ہیں اور واٹس ایپ کے توسط سے رابطے میں رہتے ہیں. انہوں نے اپنے بھائی ڈاکٹر محمد حفظ الرحمن (جواہر لال نہرو یونیورسٹی) کی کتاب "مدارس اسلامیہ اور عصری تقاضے" پیش کی. موضوع میری دلچسپی کا تھا چنانچہ کتاب کا بیشتر حصہ وہیں پڑھ گیا. باقی گھر پہنچ کر مکمل کیا.
کتاب اپنے موضوع کے لحاظ سے گرچہ کوئی نئی نہیں ہے. اس موضوع پر بہت کچھ لکھا اور بولا جا رہا ہے لیکن اس کتاب کی خاص بات یہ ہے کہ مصنف نے بہت ہی معروضیت کے ساتھ حقائق کا جائزہ لیا ہے اور صرف مسائل ہی نہیں رکھے ہیں، قابل عمل تجاویز بھی پیش کی ہیں. اس موضوع پر لکھنے اور بولنے والے زیادہ تر لوگ اعتدال و توازن برقرار نہیں رکھ پاتے ہیں. چنانچہ کچھ لوگ تنقید کا سہارا لے کر مدارس اسلامیہ اور ان کے اساتذہ کو تنقیص کا نشانہ بناتے ہیں وہیں مدارس سے وابستہ اہل علم حضرات پرانی کھینچی ہوئی لکیر سے ایک قدم بھی آگے بڑھنے کو تیار نہیں ہوتے.
ڈاکٹر محمد حفظ الرحمن نے انتہائی خلوص اور درد کے ساتھ مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے بہت ہی مفید اور کارآمد مشورے پیش کیے ہیں.آج ہمارے یہاں ایسے افراد کی بہت کمی ہے جن کے اندر دینی غیر و حمیت کے ساتھ عصری آگہی بھی ہو.
مصنف نے کتاب کو دو حصوں میں تقسیم کیا ہے. پہلے باب میں "نصاب تعلیم" عنوان کے تحت درج ذیل عناوین قائم کیے گئے ہیں 
موجودہ علمی تحدیہ اور مدارس اسلامیہ
مشترکہ تعلیمی لائحہ عمل
تخص فی السیاسہ
تخصص فی القتصاد
تخصص فی الاجتماع
دوسرے باب میں "مشورے اور گزارشیں" عنوان کے تحت درج ذیل عناوین پر بہت ہی معروضیت کے ساتھ گفتگو کی گئی ہے:
انگریزی کے اساتذہ کی قلت کا مسئلہ 
فارسی کتب سے استفادہ میں مشکلات
انگریزی داں علماء اور مدارس و مساجد
نصاب میں تبدیلی کے مثبت اثرات
اتحاد ملت اور مدارس اسلامیہ
ہماری ترجیحات میں تبدیلی ضروری 
مدارس اسلامیہ اور عصری تعلیم 
اسلامی اقامت خانہ کا قیام 
دینی و اخلاقی تربیت 
مدرسہ اور مسجد کی نام گزاری 

اس کتاب کو پڑھنے کے بعد اتنی بات تو بااطمینان کہی جا سکتی ہے کہ مصنف کے دل میں قوم کا درد ہے. پوری کتاب میں کہیں کوئی جذباتی جملہ نہیں ہے. کسی پر کوئی طعن و تشنیع نہیں ہے. اپنی بات کو منوانے کی کوئی ضد نہیں ہے بلکہ یہ اعتراف ہے:
آج ہم تاریخ کے اس موڑ پر کھڑے ہیں جہاں ہمیں کثیر جہتی نظریاتی اور علمی چیلنجز کا سامنا ہے. اس لیے مدارس اسلامیہ کے لیے ایسی تعلیمی پالیسی وضع کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جو ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے والے افراد پیدا کر سکے..... اسی ضرورت کے احساس نے راقم الحروف کو خامہ فرسائی پر مجبور کیا. لہٰذا یہ کتاب اہل نظر کی خدمت میں پیش کی جا رہی ہے. راقم کو اس کا اصرار نہیں کہ اہل نظر اس کتاب کے ہر جز سے پوری طرح متفق ہوں، بلکہ اعتراف ہے کہ غور و خوض کا جب مرحلہ آئے گا تو تجربہ کار آنکھیں ان گوشوں کو دیکھ سکیں گی جو راقم کی نظر سے اوجھل رہ گئی ہیں. "
تیزی سے بدلتے ہوئے سماجی و سیاسی پس منظر میں مدارس اسلامیہ کا کردار بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے. دانشوران مدارس اگر وقت کی آواز کو وقت رہتے سمجھ کر مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرنے میں کامیاب ہو پائیں تو ان شاء اللہ تاریکی کے بطن سے خوشگوار صبح نمودار ہوگی.
اللہ تعالی ڈاکٹر محمد حفظ الرحمن کی اس کاوش کو قبول فرمائے. میں سمجھتا ہوں کہ یہ کتاب مدارس سے وابستہ ہر فرد اور قومی و ملی جذبہ رکھنے والے ہر شخص کو ضرور پڑھنی چاہیے. مصنف کا رابطہ نمبر ٩٩٩٠٤٥٧١٠٤

سعودی عرب نے تبلیغی جماعت اور دعوہ گروپ پر پابندی لگائی

سعودی عرب نے تبلیغی جماعت اور دعوہ گروپ پر پابندی لگائیریاض ،12دسمبر- سعودی عرب نے تبلیغی جماعت پر پابندیا ں عائد کی اور ان پر الزام لگا یا کہ وہ دہشت گردی کوہوا دینے میں نما یا رول ادا کیا ہے۔
ان کے پابندی کا اثر ہندستان میں بھی دیکھائی دے گا ۔ پچھلے سال ہندستانی حکومت نے تبلیغی جماعت کے صدر دفتر کو بند کردیا ۔ او ران کے سینئر رہنمائوں کو گرفتار کیا گیا ۔ کیونکہ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے کوروناوائرس پھیلانے کا کام کیا ۔ حالانکہ بعد میں عدالت سے انہیں راحت ملی ۔ سعودی عرب کی اسلامی امور کی وزارت نے تمام مساجد اور تبلیغی ررہنمائوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے جمعہ میں خطبہ کید وران بتلیغی اور دعوی گروپ پر پابندی کے سلسلے میں نمازیوں کو آگاہ کرے۔ ان سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ لوگوںکو تبلیغی جماعت کے مجلسوں میں شرکت کے بارے میں انتباہ کرے۔ اسلامی امور کے وزیر ڈاکٹر عبدالطیف الشیخ نے اپنے ہدایتی پیغام میں کہا کہ یہ جماعت لوگوںکو گمراہ کررہی ہے۔ اور انتہا پسندی کو بڑھاوا دے رہی ہے۔
حالانکہ وہ اس سے انکار بھی کررہے ہیں اس جماعت نے جو غلطیاں کی ہیں اس سے اسلامی معاشرہ خطرے میں پڑ گیا ہے اس لئے سعودی عرب نے تبلیغی جماعت او ردعوہ گروپ پرپابندی لگائی ہے ۔ چونکہ سعودی عرب وہابی مسلک سے تعلق رکھتے ہیں اس لئے وہ تبلیغی جماعت کے مخالف ہیں کیونکہ وہابی مسلک تبلیغی جماعت کے نظریہ کے خلاف ہے ۔
سعودی عرب کے سابق مفتی اعظم عبدالعزیز بن باز نے 2016میں تبلیغی جماعت کے خلاف فتوی جاری کیا کیونکہ وہ اسلامی نظریہ کے خلاف کام کررہے ہیں۔ تبلیغی جماعت کی بنیاد ہندستان میں ایک سوسال پہلے مولانا محمد الیاس خنڈلوی نے شروع کی ۔ اور وہ اسلام کو اپنے صحیح روپ میں پیش کرنے کی کوشش کررہے تھے یہ تحریک میوات خطے سے شروع ہوئی او ربعد میں پورے ملک میں پھیل گئی اور دنیا کے مختلف ملکوں میں اس کا اثر رسوخ بڑھ گیا ہے۔ ملیشیاء ،انڈونیشیاء ،پاکستان اور بنگلہ دیش میں اس جماعت سے لاکھوں لوگ وابستہ ہیں ۔

اتوار, دسمبر 12, 2021

شاہ ولی اللہ انسٹی ٹیوٹ کمپیوٹر سینٹر ساٹھی ،چمپارن میں تقریب تقسیم اسناد

شاہ ولی اللہ انسٹی ٹیوٹ کمپیوٹر سینٹر ساٹھی ،چمپارن میں تقریب تقسیم اسناد

فلسفہ قدیم اور فلاسفہ یونان کے نظریات اسلامی احکام و عقایدسے بعض وقت متصادم ہوسکتے ہیں لیکن جدید سائنسی تحقیقات و حقائق اسلام مخالف نہیں بلکہ قرآنی احکام کے عین موئید و مصدق ہیں: مفتی عطاء الرحمن قاسمی

۱۲ دسمبر ۲۰۲۱ساٹھی مغربی چمپارن
فلسفہ قدیم اور فلاسفہ یونان کے نظریات اسلامی احکام و عقایدسے بعض وقت متصادم ہوسکتے ہیں لیکن جدید سائنسی تحقیقات و حقائق اسلام مخالف نہیں بلکہ قرآنی احکام کے عین موئید و مصدق ہیں ،موجودہ دور میں کمپیوٹر انسان کی زندگی کا ایک لازمی حصہ ہو گیا ہے،جس کی ضرورت زندگی کی ہر شعبہ میں محسوس کی جاتی ہے ،جو کمپیوٹر کی تعلیم و تمرین سے محروم ہے، اس کی زندگی موجودہ زمانہ میں ایک مفلوج الاعضا ء اور اپاہچ کی زندگی ہو کر رہ گئی ہے ،ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی عطاء الرحمن قاسمی چیئر مین شاہ ولی اللہ انسٹی ٹیوٹ نئی دہلی نے شاہ ولی اللہ انسٹی ٹیوٹ کمپیوٹرسینٹر ،ساٹھی ،مغربی چمپارن بہار کے ایک سالہ ڈپلومہ ان کمپیوٹر اپلیکیشن ،بزنس اکائونٹینٹ اینڈ ملٹینگل ڈی ٹی پی اور ڈپلوما ان اردو لنگویجز کی تقسیم اسناد کے موقع پر کیا جو قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے تعاون سے چلتا ہے ،اس تقریب میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے آئے ہوئے ،شعبہ اردو کے استادڈاکٹر سلطان احمد نے طلبہ و طلبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمپیوٹر سینٹر منسٹری ایچ آرڈی ، منسٹری آف الکٹرونکس اینڈ انفرمیشن ٹیکنالوجی اور منسٹری آف سکیل ڈیولپمنٹ اینڈ انٹرپریونشپ حکومت ہند سے منظور ہے ، جو طلبہ و طلبات کے لیے کمپیوٹر سیکھنے کا ایک سنہری موقع فراہم کرتا ہے ، نبی عالم صاحب نے ساٹھی مغربی چمپارن میں اس شاہ ولی اللہ انسٹی ٹیوٹ کمپیوٹر سینٹر کے قیام پر خوشی کا اظہار کیا اور اسکول و کالج اور مدارس و جامعات کے طلبہ و طلبات کو بھاری تعداد میں کمپیوٹر سیکھنے اور محنت و لگن سے پڑھنے کا مشورہ دیا ۔

دائیں سے نبی عالم ،مولانا عطاء الرحمن قاسمی ،ڈاکٹر سلطان احمد اور طالب علم گلریز عالم اپنی سند لیتے ہوئے

اچھا ماحول بنائیے_____مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ اس دنیا کے ماحول کو خراب کرنے میں ہماری بد عملی اور بے عملی کا بھی بڑا دخل ہے

اچھا ماحول بنائیے_____
مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی نائب ناظم امارت  شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ
 اس دنیا کے ماحول کو خراب کرنے میں ہماری بد عملی اور بے عملی کا بھی بڑا دخل ہے ، یہ جو روئے زمین پر گناہ کے کام ہورہے ہیں،ایمان سوز واقعات ہمارے سامنے آ رہے ہیں، کسی دن کا اخبار اٹھا کر دیکھ ڈالیے اس میں قتل وزنا ، فحاشی وبدکاری اور جرائم کے واقعات کثرت سے آپ کو ملیں گے، اس کی بنیادی وجہ ماحول کی خرابی ہے ، انسان جس ماحول میں زندگی گذاررہا ہے،ا س سے وہ اپنے کو الگ تھلگ نہیں کر سکتا، بے نمازی کے ماحول میں رہ کر پابند صلوٰۃ لوگوں کی نماز کے چھوٹ جانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، کوئلے کی کان کے پاس سے گذرنے سے کپڑے کالے ہوتے ہیں اور پھول کی کیاریوں سے گذریے تو کپڑوں میںپھول کی خوشبو رچ بس جاتی ہے ، نیکوں کی صحبت سے جو ماحول بنتا ہے وہ دل ودماغ کونیکیوں کی طرف راغب کرتا ہے اور بدوں کی صحبت بدی کی طرف مائل کرتی ہے ؛ اس لیے سماج کے ماحول کو بنانے کی ضرورت ہے۔
 ماحول سازی کا یہ کام سماج میں رہ رہے ہر انسان کی ذمہ داری ہے ۔ البتہ ایک داعی قوم ہونے کی وجہ سے مسلمانوں کی زیادہ ذمہ داری بنتی ہے ، مسلمانوں میں بھی چوں کہ علماء وارث انبیاء ہیں، ان کے پاس دینی علوم ومعارف کا خزانہ ہے ، اس لیے ان کی پہلی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کو بتائیں کہ دنیا کے ماحول کو صرف فضائی آلودگی ہی سے خطرہ نہیں ہے، ہماری بدعملی سے بھی خطرات لاحق ہیں، اس لیے ہمیں اپنے اعمال کی اصلاح کی فکر کرنی چاہیے اور اچھے سماج کے بنانے میںمعاونت کرنی چاہیے ، پورے ماحول کو خدا بیزاری سے بچانا اور دہر یوں کو ایمان کے راستے پر لگانا ایک بڑا کام ہے ، ماحول سازی کا کام ہمیںمذہب کی بنیادی تعلیمات سے شروع کرنا چاہیے ، لوگوں کو بتانا چاہیے کہ خدا بیزاری اور دین سے دور ہونے کے دنیوی اور اخروی نقصانات کیا ہیں،ا ور کس طرح اس کی وجہ سے ہماری زندگی اجیرن بنتی جا رہی ہے۔ذات برادری کی لعنت ، طبقاتی ، نسلی ، لسانی عصبیت اور اپنے مفاد کے لیے دوسروں کے مفاد کو داؤ پر لگانے کی ہوڑ نے ہماری سماجی زندگی کو کس طرح جہنم بنا کر رکھ دیا ہے۔
 اس کے لیے ہمیں اپنے اعمال کی اصلاح بھی کرنی ضروری ہے ، اس لیے کہ اصلاح کرنے والے کو خود بھی با عمل ہونا چاہیے، مصلح کا عمل خود اس کی دعوت کوجھٹلادے تو سماج میں ایسی دعوت کی اہمیت باقی نہیں رہتی، اچھا ماحول بنانے کے کام میں جو لوگ لگیں انہیں اسوۂ نبوی کا نمونہ اور نیکیوں کے کام کا آئیڈیل ہونا چاہیے، صحف آسمانی اور کتب سماوی کے ساتھ انبیاء ورسولوں کا طویل سلسلہ ہمیں بتاتا ہے کہ کتاب ہدایت کے ساتھ ہادی برحق بھی ہونا چاہیے؛ تاکہ لوگ اس کی زندگی کو دیکھ کر سمجھیں کہ صحیح اور سچا آدمی کیسا ہوتا ہے اور اس کی زندگی کی حرکات وسکنات اور نشیب وفراز کیسے ہوتے ہیں یہ اصلا کسی کو مان کر اس کے مطابق اپنی زندگی بنانے کا عمل ہے، شروع میں لوگ اس کی قدر نہیں کرتے ، آپ کو واجبی اکرام بھی اس کام کے لیے شاید نہ ملے، کیوں کہ جس دنیا میں آپ حق کی آواز بلند کر رہے ہیں، وہ گندگیوں کا شکار ہے ، وہاں بیش تر لوگ اس گندے ماحول کے عادی ہو گیے ہیں، اس لیے انہیں وہی ماحول پسند ہے ، آپ جن خطوط پر ماحول سازی کرنا چاہتے ہیں،و ہ ان کے لیے اجنبی ہے، خراب ماحول نے ان کی سماعت ، بصارت، ذوق ووجد ان کو اس قدر متاثر کر دیا ہے کہ باد بہاری سے انہیں تکلیف پہونچتی ہے ، غلاظت میں رہ رہے کیڑے کو گلاب کی پنکھڑیوں میں ڈال دیجئے تو تھوڑی دیر میں وہ مرجائے گا ؛ کیونکہ وہ خوشبو کا عادی نہیں ہے اور غلاظت اس کے مزاج کا حصہ بن گئی ہے۔اورآپ شہد کی مکھیوں کو غلاظت میں ڈال دیجیے یا تتلیوں کو تھوڑی دیر غلاظت اور گندگی میں چھوڑ دیجئے تو وہ بھی مرجائیں گی ، اس لیے ماحول سازی کے کام کو آسان نہیں سمجھنا چاہیے، خصوصاً اچھا ماحول بنا نا آسان نہیں ہے، اس کے لیے تدریجاً اصلاح کی طرف قدم بڑھانا چاہیے، دعوت کی حکمت ومصلحت کو سامنے رکھکر کام کرنا چاہیے ۔
 خوب اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے کہ ماحول کی اصلاح کا کام کرنے والا، سپاہی اور اور داروغہ نہیں ہے، در اصل داروغہ اور سپاہی کا کام جرائم کو روکنے کے لیے حکمت ومصلحت کے ساتھ نہیں ہوتا ، وہ تو غلط ہوتے دیکھ کر لاٹھی برسانا شروع کر دیتا ہے ، گولی چلاتا ہے، اور پکڑ کر ایسی سختیاں کرتا ہے کہ انسانی روح کراہنے لگتی ہے ، اسی لیے سپاہی کے اس عمل سے اصلاح کا کام نہیں ہوتا ، بلکہ اگر چھوٹا موٹا جرم کرنے والا پولیس کی سختیاں جھیل کر جیل سے باہر آتا ہے تو وہ بڑا عادی مجرم بن جاتا ہے ،اس لیے مصلحین کے کام کا نہج پولیس کے طرز عمل سے الگ ہونا چاہیے ، پولس مجرموں سے نفرت کرتی ہے؛ لیکن مصلح بے راہ رو لوگوں سے نفرت نہیں کرتا ، وہ گناہ سے نفرت کرتا ہے ، گناہ گاروں سے نہیں ، اس کے دل میں ایک تڑپ اور کسک ہوتی ہے کہ بھٹکے ہوئے لوگ کس طرح راہ راست پر آجائیں ، اور گناہوں سے تائب ہو جائیں۔
 اس کام کے لیے ایسی شفقت مطلوب ہے، جس کے سہارے گناہ گار، مصلحین سے قریب ہو جائے، ماضی قریب میں جنید جمشید کو دیکھیے، گانے بجانے والا آدمی مولانا طارق جمیل سے قریب ہو گیا تو اس کے دل کی دنیا بدل گئی ، ایسے واقعات شاذ ونادر نہیں ہیں، بلکہ اس کا ایک طویل سلسلہ ہے اور ہر کس وناکس کے تجربہ میں اس کی بہت ساری مثالیں موجود ہیں۔ 
اس قربت کے لیے ضروری ہے کہ اصلاح کرنے والا لوگوں کو خوش خبری سنائے ، رغبت دلائے ، اللہ سے ملاقات اور جنت کے حصول کے طریقے بتائے، جو لوگ جہنم کی ہولناکیوں سے متاثر ہوں ، انہیں جہنم کے بارے میں بتایا جائے کہ اللہ تعالیٰ نے اسے کن لوگوں کے لیے تیار کیا ہے، یعنی وہ بشیر بھی ہو اور نذیر بھی ہو ، اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ صفت خاص طور سے بیان کی گئی کہ تمام لوگوں کے لیے آپ کو بشیر اور نذیر بنا کر بھیجا گیا۔
دنیا کے سارے کام میں تربیت اور سیکھنے کی ضرورت ہوتی ہے ، اچھا ماحول بنانے کا کام کارِ نبوت ہے، ظاہر ہے اس کام کو بھی سیکھنے کی ضرورت ہے، سیکھنے کے لیے اس کے پاس جانا ہوگا ، جس کے ورک شاپ میں یہ چیز ملتی ہو، یہ دوکان اولیاء اللہ بزرگان دین ، مصلحین، مبلغین اور دعاۃ حضرات نے لگا رکھی ہے، یہ سوچنا قطعا صحیح نہیں ہے کہ ’’ وہ جو بیچتے تھے دوا ئے دل وہ دوکان اپنی بڑھا گیے‘‘ دوکان بڑھی نہیں ہے، موجود ہے اور قیامت تک موجود رہے گی ، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ایمان والوں کو تقویٰ کے ساتھ صدیقین کی صحبت اختیار کرنے کا حکم دیا ہے ، اس لیے صدیقین کی جماعت قیامت تک ختم نہیں ہو سکتی ، ضرورت طلب کی ہے ، جستجو کی ہے ۔ 
تجربات ومشاہدات بتاتے ہیں کہ دعوت وتبلیغ کی محنت ، مدارس اسلامیہ کی تعلیم وتربیت ، صالح اور صحیح العقیدہ پیر ومرشد کی صحبت ، اپنی زندگی کو خیر کے لائن پر ڈالنے ، دوسروںکو راہ راست پر لانے اور اچھا ماحول بنانے میں اکسیر کا درجہ رکھتی ہے ، ضرورت اس بات کی ہے کہ سماج کو صالح رخ دینے اور اچھا ماحول بنانے کے لیے ہر طبقہ کے لوگ آگے آئیں ،اور اس کام میں اپنی حصہ داری نبھائیں۔

بہار میں بھی کھلے مقامات پر نماز پڑھنے پراعتراض پابندی عائد کرنے بی جے پی رکن اسمبلی کاحکومت - سے مطالبہ

بہار میں بھی کھلے مقامات پر نماز پڑھنے پراعتراض پابندی عائد کرنے بی جے پی رکن اسمبلی کاحکومت - سے مطالبہپٹنہ :ہریانہ میں کھلے میں جمعہ کی نماز پڑھنے کو لے کر جاری تنازعہ کے درمیان اب بہار میں بھی کھلے میں نماز پر پابندی کیلئے آواز اٹھائی جارہی ہے ۔ بی جے پی رکن اسمبلی ہری بھوشن ٹھاکر بچول نے ہفتہ کے روز ایک بیان میں کہا کہ بہار میں بھی کھلے میں نماز پڑھنے پر پابندی لگنی چاہیے۔ بچول نے نتیش کمار سے کھلے میں نماز پر پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کے لیے پیش قدمی کریں گے۔اپنے بیانات کی وجہ سے اکثر تنازعہ میں رہنے والے بی جے پی رکن اسمبلی ہری بھوشن ٹھاکر نے کہا کہ بہار میں بھی کھلے میں نماز پڑھنے پر روک لگنی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح ہریانہ کی حکومت نے کھلے میں نماز پر روک لگائی ہے، بہار میں بھی ویسا ہونا چاہیے۔ کھلے میں اور سڑکوں پر نماز پڑھنے پر پابندی ضروری ہے۔ جمعہ کو سڑکوں کو جام کر دینا، سڑک پر نماز پڑھنا، یہ عبادت کا کیسا رواج ہے۔ اگر عقیدے کی بات ہے تو گھر میں یا مسجد میں نماز پڑھیں۔ آخر مسجد کیوں ہے۔کھلے میں نماز کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے بی جے پی رکن اسمبلی نے کہا کہ اگر ایسا ہی چلتا رہا تو خیر سگالی کو نقصان پہنچے گا۔ 75 سال پہلے مذہب کے نام پر ہندوستان کی تقسیم ہوئی۔ لیکن ہندوستان آج بھی وہیں کا وہیں کھڑا ہے۔ بھوشن ٹھاکر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اب چیف منسٹرنتیش کمار اس معاملے پر کیا کریں گے، یہ وہ جانیں، لیکن دنیا یہ کام کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہریانہ کے چیف منسٹرٰ منوہر لال کھٹر نے جو کیا ہے، اس کے لیے وہ شکریہ کے مستحق ہیں۔ بی جے پی رکن اسمبلی نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ 'وندے ماترم' میں پھل، ہوا، ہریانہ کی تعریف ہے، لیکن یہ نہیں گائیں گے۔ یہ کون سی ذہنیت ہے۔ اسے وقت رہتے نہیں روکا گیا تو ملک کو بڑا نقصان ہوگا

ہفتہ, دسمبر 11, 2021

اورنگ آباد میں دوستی کی انوکھی مثال مرحوم . لائبریری دوست کی یاد میں قائم کی اسکول میں مہانگر پالیکا اسکول ، اردو ، نارے گاؤں ، میں شیرخان متر منڈل ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کے تعاون و اشتراک طلبہ کیلئے نئی بہترین لائبریری کا افتتاح عمل سے میں آیا

اورنگ آباد میں دوستی کی انوکھی مثال مرحوم . لائبریری دوست کی یاد میں قائم کی اسکول میں مہانگر پالیکا اسکول ، اردو ، نارے گاؤں ، میں شیرخان متر منڈل ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کے تعاون و اشتراک طلبہ کیلئے نئی بہترین لائبریری کا افتتاح عمل سے میں آیا

اورنگ آباد /دسمبر 11

تاریخی شہر اورنگ آباد میں ایک انوکھی مثال سامنے آئی.. مرحوم دوست کی یاد میں دوستوں نے خراج عقیدت کے طور پر تمام سہولتوں سے آراستہ لائبریری قائم کرتے ہوئے ایک مثالی و قابل تقلید کارنامہ انجام دیا..

مہانگر پالیکااسکول ،اردو، نارے گاؤں، میں شیرخان متر منڈل ،ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کے تعاون و اشتراک سے طلبہ کیلئے نئی بہترین لائبریری کا افتتاح عمل میں آیا۔

اس مناسبت سے ایک شاندار تقریب عبدالحسین سر، (چیئرمین اسٹیپنگ اسٹون ہائی اسکول) کی صدارت میں، اسکول گراؤنڈ پر منعقد کیا گیا۔

پروگرام کا آغاز ہشتم جماعت کے طالب علم اسجد شیخ شوکت کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا، بعد از تلاوت، آسیہ شیخ عبدالستار طالبہ نہم جماعت نے پرکشش آواز میں سامعین کی خدمت میں حمد پیش کی ۔

اس پر وقار جلسہ افتتاح میں بحیثیت مہمان خصوصی تاجوے میڈم کیندر پرمکھ N -7، سنجیو سونار سر کلچرل انچارج کارپوریشن، گریش مگرے سر صنعتکار، خالد سیف الدین (سیکرٹری سروش ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی ،FAME,) مرزا عبدالقیوم ندوی بانی ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن، شیرخان متر منڈل کے اراکین سوڑنکی سر ،زبیر سر ،فیروز سر،کارپوریشن اسکول کیندر پرمکھ رفیق سر، عبداللطیف سر ابرار سر اردو اسکول نارے گاؤں ہیڈ ماسٹر عبدالرحیم سر و دیگر حضرات موجود تھے۔سبھی ذی وقار مہمان خصوصی کا شال و گل دے کر استقبال کیا گیا۔

اس یادگار موقع پر ذی اثر مہمانوں نے اپنے زریں خیالات کا اظہار کیا۔جس میں سنجیو سونار سر نےاس قابل تقلید سرگرمی کی ستائش کی اپنی تقریر کی ابتداء میں انھوں نے جنرل بپن راؤت کے حادثہ کا ذکر کیا جس پر سبھی حاضرین کی طرف سے دو منٹ خاموش کھڑا ہو کر خراج عقیدت پیش کی گئی۔اسکول ہیڈ ماسٹر عبدالرحیم سر نےاس لائبریری والے خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے میں جن لوگوں اور تنظیموں نے تعاون کیا سبھی کا شکریہ ادا کیا۔

اسکول کی روداد پیش کرتے ہوئے ٹیچر زبیر سر نے اسکول کی انفرادیت سامعین کے سامنے بیان کی۔

مطالعہ کی اہمیت بتاتے ہوئے مرزا عبدالقیوم ندوی نے بچوں کو کتابوں کی طرف رغبت دلاتے ہوئے کہا کہ اورنگ آباد شہر کے کارپوریشن کے اسکولوں میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی لائبریری ہوگی جسے عنقریب تمام جدید ٹیکنالوجی و وسائل سے آراستہ کیا جائے گا..انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے فخر ہے کہ یہ میرے بچپن کے اسکول شروع کی گئی ہے..

اس موقع پر تمام مہمانوں نے مرزا عبدالقیوم ندوی کا ان کی غیر معمولی وبہترین خدمات کا اعتراف و ستائش کرتے ہوئے شال اور گلدستہ دے کر استقبال کیا گیا.


مقررین میں گریش مگرے سر نے اپنی دلی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اصلی خوشی دوسروں کو خوشی دینے میں ہیں۔ساتھ ہی انھوں نے اس مشن کو آگے بڑھانے کی بھی طرف توجہ دلائی اور دس نقاتی ایجنڈا پیش کیا جس پر ایک سال میں عمل کیا جائے گا..


پروگرام کے خاص مہمانوں میں موجود خالد سیف الدین صاحب نے اپنے مختصر خطاب میں اسکول کی طلبہ کی تعداد اور موجودہ کلاسیس کی کمی کو دیکھتے ہوئے اس کمی کو پورا کرنے کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا۔جس پرسبھی نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا ۔


صدر جلسہ عبدالحسین نے اپنے صدارتی خطاب میں ٹیچر کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طلبہ کو ایک اچھا شہری بننے کی ہدایت کی اور کہا کہ آپ کو آگے بڑھنے کے لیے بہت سارے مواقع ہیں شیر خان پٹھان متر منڈل ہونہار طلباء کا ہر ممکن تعاون کریں گے آپ صرف محنت اور دل لگا کر پڑھیں.


اس موقع ہیلی کاپٹر حادثہ میں فوت ہوئے جنرل بیپن راوت اور دیگر فوجیوں کو دو منٹ کھڑے ہو کر خراج عقیدت پیش کیا گیا.


اس پروگرام کی نظامت کے فرائض ٹیچر قرۃ باجی، فیروز مرکڑ سر نے انجام دیے۔


جنید سر کے اظہار تشکر پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔


پروگرام کو کامیاب بنانے میں سبھی ٹیچنگ ونان ٹیچنگ اسٹاف نے متحرک کردار ادا کیا

دُوبَدُومفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہمحمد امام الہدیٰ انور آفاقی (ولادت ۷؍ اگست ۱۹۵۴ء ) بن حاجی محمد نور الہدیٰ بن مولوی عبد الجلیل بن وعظ الدین بن فرزند علی ساکن ہُدی منزل، راج مولیٰ (بھیگو) دربھنگہ مشہور شاعر ،ا چھے افسانہ نگار اور بہترین نثر نگار ہیں

دُوبَدُو
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ
محمد امام الہدیٰ انور آفاقی (ولادت ۷؍ اگست ۱۹۵۴ء ) بن حاجی محمد نور الہدیٰ بن مولوی عبد الجلیل بن وعظ الدین بن فرزند علی ساکن ہُدی منزل، راج مولیٰ (بھیگو) دربھنگہ مشہور شاعر ،ا چھے افسانہ نگار اور بہترین نثر نگار ہیں، ان کی شاعری کا مجموعہ غموں کی خوشبو، سفرنامہ دیرینہ خواب کی تعبیر افسانوں کا مجموعہ ، نئی راہ نئی روشنی اور پروفیسر مناظر عاشق ہرگانوی سے گفتگو دوبدو ان کے ادبی مکالمے اور انٹر ویو کا مجموعہ ہے جو انہوںنے پروفیسر آفتاب احمد آفاقی، خلیق الزماں نصرت، ڈاکٹر سلیم خان ،شمیم قاسمی ، ڈاکٹر عبد المنان طرزی ، ڈاکٹر مجیر احمد آزاد ڈاکٹر منصور خوش تر، نور شاہ اور وعشی سعید سے لیاہے، انور آفاقی کی وسعت ظرفی کی بات ہے کہ انہوںنے اپنے سینئر اور انتہائی جونیر ادیبوں سے ادبی مکالمہ کرنے میں کوئی تفریق نہیں کی ہے، سب سے دل کھول کر گفتگو کی اور پرت در پرت زندگی کے گوشوں کو لوگوں کے سامنے رکھ دیا ہے ۔ آفاقی کا کمال یہ ہے کہ انہوں نے جن حضرات سے مکاملہ کیا ان کے تحت الشعور میں دبی اور چھپی باتوں کو نکال لینے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
 اس مکالمہ اور انٹر ویو کا خیال آفاقی صاحب کو بعض نامور شعراء وادباء کی تاریخ پیدائش اور ان کے احوال کے اختلاف کو دیکھ کر آیا، ان کی فکر یہ تھی کہ اگر زندگی میں ان حضرات سے گفتگو کرکے ان کی تاریخ پیدائش اور احوال قلم بند کر لیے جائیں ، تو بعد میں محققین کو تحقیق کی وادیاںعبور نہیں کرنی پڑیںگی، اور ان کے احوال ان کی زبانی درج ہونے کی وجہ سے صحیح اور زیادہ معلوماتی ہوں گے، اسی خیال نے دُو بدُو کو وجود بخشا اور اب یہ چھپ کر ہمارے سامنے ہے۔
 دو بدو ایک سو چھہتر صفحات پر مشتمل ہے، جس کی قیمت دو سو روپے رکھی گئی ہے ، المنصور ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر ٹرسٹ دربھنگہ کے زیر اہتمام روشان پرنٹرس دہلی سے طبع شدہ یہ کتاب مصنف کے پتہ کے علاوہ ناولٹٰ بکس قلعہ گھاٹ دربھنگہ اور بک امپوریم سبزی باغ پٹنہ سے حاصل کر سکے ہیں، کتاب کا انتساب ابن صفی کے نام ہے جن کو پڑھ کر آفاقی صاحب نے اردو لکھنا پڑھنا سیکھا، انتساب کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ فن ادباء سے انہوں نے مکالمہ کیا، ان میں سے بیش تر نے ابن صفی کے جاسوسی ناول کو پڑھ کر ہی لکھنے کا شعور پایا۔
ڈاکٹر عبد الحئی سی ایم کالج دربھنگہ نے انور آفاقی کے انٹر ویو کا تفصیلی جائزہ لیا ہے جو اس کتاب کے شروع میں بطور مقدمہ شامل ہے، انہوں نے لکھا کہ 
’’انور آفاقی کے زیادہ تر انٹر ویو شخصی ہیں، اور ذاتیات کا احاطہ کرتے ہیں، میں شخصیات کے انٹر ویو لیے گیے ہیں ان کے بارے میں مکمل معلومات دے دی گئی ہیں، اگر کوئی اسکالر اس شخصیت پر کچھ لکھنا چاہتاہے تو اس کتاب سے اسے کافی مدد ملے گی۔ کتاب کا مطالعہ معاصر افسانوی، تنقیدی تدریسی اور شعری منظرنامے کو سمجھنے میںمعاون ہوگا۔‘‘
اس کتاب کی ایک بڑی خوبی یہ ہے کہ بات بات میں آفاقی کو انٹرویو دینے والے نے وہ راز بھی اگل دیے ہیں، جو ہندوستان کا دھیرے دھیرے طرۂ امتیاز بنتا جا رہا ہے، مثلا یونیورسٹی اور کالج کی ملازمت حاصل کرنے کے لئے کیا کچھ نہیں کرنا پڑتا ہے، ایوارڈ حاصل کرنے کے لیے پورا پورا قصیدہ لکھنا پڑتا ہے، ادبی شخصیت اور نظریات کی تشکیل میں بنیادی عوامل کیا کار فرما ہوتے ہیں، اور کس طرح وہ نظریات شعراء ادباء کے ذہن ودماغ پر چھا جاتے ہیں، او رپوری زندگی اس کو برتتے رہتے ہیں، اس سلسلے میں انٹر ویو کے آخر میں جو پیغام ان ادباء نے دیا ہے وہ بھی انتہائی اہم ہیں، سب کا ذکر کرنا تو ممکن نہیں ہے، لیکن دو ایک اقتباس نقل کرکے اپنی بات ختم کرنا چاہوں گا، آفتاب احمد آفاقی کہتے ہیں: 
’’علم وادب میں جلد بازی مضر ہے،آپ پلک جھپکتے ادیب یا نقاد کبھی نہیں بن سکتے، اس کے لئے محنت شاقہ درکار ہے۔ آپ اس پر مت جائیے کہ کون کتنا لکھ رہا ہے؟ آپ یہ دیکھنے کی کوشش کیجئے کہ کیا لکھ رہا ہے؟ خلیق الزماں نصرت اپنے پیغام میں کہتے ہیں : ’’کسی زبان کو زندہ کرنا حکومت نہیں بلکہ وقت کے ہاتھ میں ہے اور وقت عمل کرنے والوں کے ساتھ ہوتا ہے، اردو والوں نے صبر وسکون وضبط وبرداشت کی آخری حد پار کر لیا ہے اب ایک فیصلہ کن جیت کی ضروری ہے۔‘‘ (ص۶۸)
سلیم خان نے نو جوانوں کو پیغام دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اردو پڑھیں، اپنے بچوں کو پڑھائیں اور اگر لکھ سکتے ہیں تو لکھیں اور لوگوں تک پہونچائیں (۷۸) یہ اور اس قسم کے بہت سارے بیانات اور پیغامات ہیں، جن سے اردو دوستوں اور ادیبوں کو اچھی رہنمائی ملتی ہے، انور آفاقی نے اس کتاب میں شامل نورتنوں کا ہر انٹر ویو سے قبل مختصر تعارف پیش کرکے ان کی ذات وصفات اور خدمات کو سمجھنے کی راہ ہموار کر دی ہے، جس کے پاس وقت ہو وہ پورا انٹر ویو پڑھ لے، معلومات میں اچھا خاصہ اضافہ ہوگا، جس کے پاس وقت کم ہو وہ مختصر تعارف پڑھ کر بھی انٹر ویو دینے والوں کے دروبست کو سمجھ سکتا ہے، اس لیے میری نظر میں کتاب وقیع ہے اور اس لائق ہے کہ ادب سے تعلق رہنے والوں کے گھروں میں محفوظ رہے تاکہ آئندہ نسلیں بھی اس کا مطالعہ کرکے ادب کی راہ پر گامزن ہو سکیں، حقیقی ادب میں ان میں آئے فنی ادب تک بھی ان کی رسائی ہو سکے۔

اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...