Powered By Blogger

جمعرات, جنوری 06, 2022

مشتعل ہونے سے بچئے___مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ

مشتعل ہونے سے بچئے___
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ
 ملک کی فرقہ پرست طاقتیں چاہتی ہیں کہ اقلیتوں کے مذہبی جذبات کو بھڑکاکر ملک میں فسادات کی آگ پھیلا دی جائے اوراس ذریعہ سے مسلمانوں کے قتل عام کا ماحول بنادیا جائے، ہری دوار میں اس قسم کے اشتعال انگیز بیانات کے نتیجے میں کئی جوانوں نے اسلحوں کے ساتھ حلف لیا کہ مسلمانوں کا قتل عام کیا جائے گا، اقلیتوں کی طرف سے احتجاج کے نتیجے میں اف آئی آر درج ہوا اور کئی لوگوں کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔
 ایک دوسرا واقعہ پنجاب کے گولڈن ٹیمپل میں پیش آیا، ایک دن کسی نے سکھوں کی مذہبی کتاب گروگرنتھ صاحب کی بے حرمتی کی کوشش کی اور ٹھیک اس کے دوسرے دن پنجاب کے کپورتھلہ میں سکھوں کے ’’نشان صاحب‘‘ کی توہین کا واقعہ پیش آیا، دونوں کو لوگوں نے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا، واقعہ کا افسوسناک پہلو یہ ہے کہ دوسرے دن والے واقعہ میںملزم کو پولیس تحویل سے نکال کر مار ڈالا گیا، قابل ذکر یہ ہے کہ یہ دونوں دہلی سے آئے تھے، سوال یہ ہے کہ ان کو کس نے بھیجا اور کس لیے بھیجا، ظاہر سی بات ہے دونوں صوبوں میں انتخاب ہونا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ اقلیتوں کے جذبات کو بھڑکا کر نفرت کی فضا بنائی جائے اور ووٹوں کی تقسیم کرکے اسے اپنے حق میں کرنے کی کوشش کی جائے۔۲۰۱۵ء میں بھی مذہبی جذبات بھڑکا کر دو آدمی کو مار ڈالا گیا تھا، یہ سلسلہ جن پانچ ریاستوں میں انتخاب ہونے ہیں اس میں دراز ہو سکتا ہے، اس لیے اقلیتوں کو خصوصا مسلمانوں کو مشتعل ہونے سے بچنا چاہیے، اشتعال انسانوں کی انفعالی کیفیت کو بتاتا ہے اور یہ کمزوری کی نشانی ہے، ان حالات کے دفاع کے لیے بہت سوچ سمجھ کر قائدین کے مشورے سے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، جن حالات کا ہمیں سامنا ہے، اس کے بارے میں قرآن نے پہلے ہی یہ پیش گوئی کر رکھی ہے کہ تمہیں ضرور بالضرور اہل کتاب اور مشرکین سے ایسی باتیں سننی ہوں گی جن سے تمہیں سخت تکلیف پہونچے گی، ایسے موقعوں سے ہمیں ہدایت دی گئی ہے کہ صبر سے کام لو اور اللہ سے ڈرو ، صبر وتقویٰ بزدلوں کا کام نہیں اولو العزم لوگوں کا کام ہے، یہ خدائی فرمان ہے، جوایسے موقعوں کے لیے ہمیں دیا گیا ہے۔

بدھ, جنوری 05, 2022

رشوت کا بول بالا ____مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ

رشوت کا بول بالا ____
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ
 بہار کی تین نگرانی ایجنسی بی، آئی بی(BIB)اس وی یو (SVU)اور ای او یو (EOU)نے گذشتہ تین مہینوں میں انیس (۱۹)افسران کے خلاف کاروائی کی ، جس کے نتیجے میں ان افسران کے یہاں سے چھ(۶) سو کروڑ روپے کا کالادھن چھ (۶) کروڑ روپے کے زیورات ، سونے کے بسکٹ اور چاندی کے گہنے ملے ہیں، ہر افسر نے نوے لاکھ سے زیادہ کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے، ڈی سی ایل آر، راجیش کمار گپتا نے رانچی میں تینتالیس کٹھے میں عالی شان گھر بنارکھا ہے، ایم وی آئی مرتنجو کمار سنگھ کا پٹنہ میں شاندار پنٹ ہاؤس ہے، اور نتیش پرکاش کا پھلواری شریف میں اکیس (۲۱) کٹھے میں فارم ہاؤس معروف ومشہور ہے، سی ڈی پی او جیوتی کمار کا عالیشان اپارٹمنٹ بھی پٹنہ میں ہے، ان کے علاوہ کچھ افسروں نے فرضی کمپنی بھی بنا رکھی ہے، یہ کمپنیاں بیوی، سالا اور دوسرے رشتہ داروں کے نام سے چل رہی ہے۔
اس مہم کے دوران نگرانی ایجنسیوں نے تینتیس(۳۳) رشوت خوروں جن میں دھن چن منی تیواری انجینئر دفتر ضلع پریشد سیوان، روندر کمار بہار راجیہ پل نرمان نگم لمیٹڈرجنیش لال ضلع ٹرانسپورٹ افسر، کانتیہ کمار، محکمہ سڑک تعمیرات کے یہاں سے علی الترتیب ۵۵-۱، ۲۴-۷۶۱-۱،۲۶-۲ ؍ کروڑ روپے بر آمد کیے گیے، ا ن کے علاوہ ڈھاکہ محکمہ گرامین کے رام چندر پاسوان اور ان کے اعداد وشمار کے آپریٹر ششی کمار کو اسی ہزار روپے ، محکمہ ضلع تعلیم کے کلرک سُرجیت سنگھ کو پندرہ ہزار روپے اور ایک انجینئر کو آٹھ لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے محکمہ نگرانی نے دھر دبوچا ہے اور ان سے انیس لاکھ چھیاسی ہزار روپے بر آمد کیے، حالاں کہ یہ تعداد حقیقی طور پر رشوت وصولنے اور مالی اُگاہی کرنے کا ایک فی صد بھی نہیں ہے، صورت حال یہ ہے کہ چھوٹے بڑے ہر کام کے کے لیے فائل کے نیچے روپے کی رشوت کا پہیہ لگا نا پڑتاہے، تبھی فائل آگے سرکتی ہے، ورنہ جہاں ہے وہیں پڑی رہتی ہے، ہر ٹیبل کی ایک رقم مقرر ہے، وہ رقم اس ٹیبل تک پہونچی تو فائل خود بخود آگے بڑھ جاتی ہے، یعنی ہر نگر ہر ڈگر ایک سا حال ہے، غلط کاموں کی انجام دہی میں کام کرانے والوں کی قوت خرید ہی اصلا معتبر سمجھی جاتی ہے اور اس کا کوئی معیار نہیں ہے، صحیح کام بھی کرانے جائیے تو رشوت کی گرم بازاری اس قدر ہے کہ پسینے چھوٹ جاتے ہیں، بھاگ دوڑ اس کے علاوہ ہے، سارا قصور ان افسروں کا ہی نہیں ہے، جب ایم ایل اے، ایم پی کے ٹکٹ کی خرید بکری کروڑوں میں ہوتی ہے، منافع بخش عہدوں اور جگہوں پر تعینات کے لیے بھی اچھی خاصی رقم صرف کرنی پڑتی ہے، دروغ بر گردن راوی، ابھی ایک بورڈ کے چیرمین کے عہدے کی قیمت ایک کروڑ اور ایک اسکارپیو لگ چکی ہے، ایسے میں افسران اس کی وصولی رشوت کے ذریعہ ہی کر سکتے ہیں، دوسرا کیا راستہ رہ جاتا ہے، اسلام نے رشوت دینا اور لینا دونوں حرام قرار دیا ہے، اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے رشوت دینے اور لینے والوں کو جہنمی قرار دیا ہے، اسلام کے باہر جو لوگ ہیں ان کے نزدیک بھی یہ قانوناً جرم ہے، اس لیے ہر حال میں اس سے بچنا ضروری ہے، دنیا وی قانون کے اعتبار سے بھی اور اخروی سزا کے اعتبار سے بھی، فلاح اسی میں ہے کہ رشوت نہ لیا جائے۔

منگل, جنوری 04, 2022

ہندوستان میں اس ہفتے لانچ ہوسکتی ہے کووڈ کی سب سے سستی دوا ، 35 روپئے گولی ہے قیمت

ہندوستان میں اس ہفتے لانچ ہوسکتی ہے کووڈ کی سب سے سستی دوا ، 35 روپئے گولی ہے قیمتنئی دہلی: مینکائنڈ فارما (Mankind Pharma) اس ہفتے سب سے سستی 35 روپئے فی کیپسول کی کووڈ-19 اینٹی وائرل دو مولنپرویر (Covid-19 Antiviral Drug Molnupiravir) لانچ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ یہ جانکاری کمپنی کے چیئرمین نے دی ہے۔ انگریزی ویب سائٹ دی اکنامک ٹائمس کی ایک رپورٹ کے مطابق، مینکائنڈ فارما کے چیئرمین آر سی جونیجا (RC Juneja, chairman of Mankind Pharma) نے بتایا کہ مولولائف کے پورے علاج پر 1,400 روپئے خرچ ہونے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہفتے بازار میں برانڈ کے آنے کی امید ہے۔ ایک مریض کے لئے مولنوپرویر پانچ دن تک ہر دن میں دو بار 800 ملی گرام ریکمینڈ کی گئی ہے۔ ایسے میں ایک مریض کو 200 ملی گرام خوراک کے طور پر 40 کیپسول لینے کی ضرورت ہے۔ اورل پل کی مینوفیکچرنگ 13 ہندوستانی دوا کمپنیوں کے ذریعہ کیا جائے گا، جن میں ٹورنٹ، سپلا، سن فارما، ڈاکٹر ریڈیز، نیٹکو، مائیلان اور ہیٹیرو شامل ہو۔ واضح رہے کہ مینکائنڈ فارما ملک مین کووڈ -19 کی دوا مولو لائف (مالنوپریور) کی پیشکش کے لئے بی ڈی آر فارمااسیوٹکلس کے ساتھ شراکت کی ہے۔ گزشتہ دنوں کمپنی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس شراکت کے تحت بی ڈی آر فارما کے ذریعہ پیداوار کیا جائے گا، جبکہ وپنن، فروخت، تشہیر، تقسیم مینکائنڈ فارما کرے گی۔ ڈی سی جی آئی نے ملک میں ایمرجنسی استعمال کی منظوری مینکائنڈ فارما کے سینئر صدر (فروخت اور مارکیٹنگ) سنجے کول نے کہا تھا کہ کمپنی کووڈ-19 کے خلاف لڑائی کو مضبوط کرنے کے لئے ہرممکن قدم اٹھائے گی اور اس ضمن میں مولو لائف کو ہرجگہ دستیاب کرایا جائے گا۔ انڈین ڈرگ کنٹرولر جنرل (ڈی سی جی آئی) نے کووڈ-19 کے علاج میں ملک میں مفید اینٹی وائرل دوا مولنوپرویر کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی گئی۔ واضح رہے کہ مولنوپرویر کی سیکورٹی کا اندازہ کرنے کے لئے 1,000 مریضوں پر اس کا ٹرائل کیا جائے گا۔ ہندوستان کے ڈرگ ریگولیٹر کی طرف سے جاری دوا کی تعمیر اور مارکیٹنگ کی اجازت والے خط میں کہا گیا کہ تین ماہ کے اندر کلینیکل ٹرائل کی اپڈیٹ ڈیٹیل دینی ہوگی۔

تعلیمی نصاب کا بھگوا کرن مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ

تعلیمی نصاب کا بھگوا کرن 
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ
مرکزی حکومت کی جانب سے  تعلیمی نصاب کو بھگوا رنگ میں رنگنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، یہ ایک خطرناک منصوبہ ہے، جس کو بروئے کار لانے کے لیے پارلیامنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا سہارا لیا گیا ہے، اس کمیٹی نے جو تجاویز پیش کی ہیں، اس کا حاصل یہ ہے کہ رگ وید ،یجر وید، اتھر وید، شام وید اور گیتا کی تعلیم نصاب کا حصہ بنے گی ، تاریخ کی کتابوں میں تبدیلی لا کر ہندتوا سے متعلق واقعات اور شخصیات کو مرکزی حیثیت دی جائے گی، مسلمانوں کو چھوڑ کرسکھ، مرہٹہ ، گوجر، جاٹ اور قبائلیوں سمیت، مہابھارت اور امامن کی نصاب میںشمولیت بھی اس منصوبہ بندی کا حصہ ہے، مسلمانوں کی مذہبی کتابوں اور تاریخ کو نظر انداز کرنا اس منصوبہ کا اصل ہدف اور نشانہ ہے، پارلیمانی کمیٹی کی ان سفارشات کی انڈین ہسٹری کانگریس نے شدید مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ تاریخ کی کتابوں کا جائزہ لینا اگر ضروری ہی ہے تو ملک بھر سے ایسے اسکالرز کو جمع کرنا چاہیے جو مختلف ادوار کا غیر جانبدارانہ معروضی مطالعہ کرکے  حاصل مطالعہ پیش کر سکیں۔
 اسٹینڈنگ کمیٹی کی ان سفارشات کی مخالفت ہرسطح پر ہو رہی ہے، ماہرین کی رائے ہے کہ یہ ملک مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا ہے، اور یہی گلہائے رنگا رنگ زینت چمن کا سبب ہیں، اسی لیے نصاب میں تمام مذاہب کی اخلاقی، اصلاحی اور ملک وسماج میں اتحاد وہم آہنگی پیدا کرنے والے مواد کو نصاب کا حصہ ہونا چاہیے اور ان میں کوئی تفریق نہیں کی جانی چاہیے، صرف ہندوؤں کی مذہبی کتابوں کی شمولیت سے نفرت کے اس ماحول میں مزید اضافہ ہوگا، جو اس ملک کی شناخت بنتی جا رہی ہے، ہندوستانی کو نسل برائے تاریخی ریسرچ(ICHR)۲۰۱۴ء سے آر اس اس اور فرقہ پرستوں کے ہاتھ کی کٹھ پتلی بن گئی ہے، اور تاریخ کو نئے سرے سے مرتب کرنے کے بعد جعلی اور جھوٹی تاریخ کو رواج دینا چاہتی ہے، اس کی خواہش ہے کہ مسلم مجاہدین آزادی کو نظر انداز کیا جا ئے، جنگ آزادی میں ٹیپو سلطان کے کردار کو حذف کر دیا جائے اور گاندھی جی کی جگہ ویر ساورکر اور گوڈسے کو اہمیت دی جائے انہیں ہیرو بنا کر پیش کیا جاسکے، ظاہر ہے یہ ملک کی گنگا جمنی تہذیب، دیرینہ روایات واقدار اور مل جل کر رہنے کے جذبہ کے خلاف ہے، ایسی سوچ ملک کے لیے انتہائی مضر ہے اس لیے ضرورت ایک ایسے نصاب کی تیاری کی ہے، جو ملک کی مشترکہ تہذیب وثقافت کی آئینہ دار ہو، یہی اس ملک میں محبت کے ماحول کو واپس لائے گا اور نئی نسل کی ذہنی آبیاری اس طرح کرے گا، کہ وہ ملک کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ساتھ مستقبل میں آگے بڑھا سکیں گے۔

بھارت میں مسلم خواتین کی توہین کرنا ایک کلچر بنتا جا رہا ہے : آر جے صائمہ

بھارت میں مسلم خواتین کی توہین کرنا ایک کلچر بنتا جا رہا ہے : آر جے صائمہ

بھارت میں نئے سال کا آغازمسلم خواتین کے لیے ایک مشکل کے ساتھ ہوا۔ سوشل میڈیا پر 'بُلّی بائی' نامی ایک ایپ پر 100سے زائد مسلم خواتین کی تصویریں ڈال دی گئیں اور اس پر لکھا گیا کہ یہ برائے فروخت ہیں۔ گزشتہ عید کے موقع پر بھی 'سُلّی ڈیلز' نامی ایپ کے ذریعہ مسلم خواتین کی بولی لگائی گئی تھی۔

جن خواتین کی تصویریں 'بُلّی بائی' پر ڈالی گئی ہیں ان میں معروف اداکارہ شبانہ اعظمی سمیت دہلی ہائی کورٹ کے ایک جج کی اہلیہ، متعدد صحافی، سماجی کارکن اور سیاست دان شامل ہیں۔ صحافی عصمت آرا ان خواتین میں شامل ہیں جن کی تصویریں 'بُلّی بائی' پر ڈالی گئی ہیں۔ انہوں نے اس کے خلاف دہلی پولیس کے سائبر سیل میں شکایت درج کرایا ہے۔

حق کی آواز دبانے کی کوشش

عصمت آرا کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات پہلے بھی پیش آچکے ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا جس کی وجہ سے شرپسندوں کے حوصلے بلند ہوگئے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو اردو سے با ت چیت کرتے ہوئے کہا،"ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہورہا۔ پہلے بھی سمجھدار لوگوں نے اس کی نکتہ چینی کی تھی۔ ایف آئی آر بھی درج ہوئی تھی۔ خواتین کمیشن نے بیان دیا تھا۔ پارلیمنٹ میں بھی آواز اٹھائی گئی تھی لیکن کوئی نتیجہ نکلنا تو دور کی بات ابتدائی پیش رفت بھی نہیں ہوسکی۔''

عصمت آرا نے بتایا کہ دہلی اور ممبئی میں دو مقامات پر کیس درج کرائے گئے ہیں اور امید کی جانی چاہیے کہ قصورواروں کے خلاف اس مرتبہ کارروائی ضرور ہوگی کیونکہ''ایسی حرکتیں کرنے والے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ کوئی بھی ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا ہے۔''

انہوں نے کہا کہ ایسا اس لیے کیا جاتا ہے تاکہ حق کی آواز بلند کرنے والوں کو ڈرا دھمکا کر خاموش کرایا جاسکے۔ عصمت آرا کا کہنا تھا،''ہمارے والدین بھی گھبرائے ہوئے ہیں، بہنیں بھی پریشان ہیں کہ سوشل میڈیا پر یہ تضحیک آمیز رویہ کہیں حقیقی خطرہ بن کر سامنے نہ آجائے اور ہم پر براہ راست حملے کردیے جائیں۔" عصمت آراکا کہنا تھا،" حکومت کو اسے سنجیدگی سے لینا چاہیے لیکن ابھی تک ہمیں ایسی کوئی بھی پیش رفت نظر نہیں آ رہی۔''

یہ بہت تکلیف دہ ہے

گزشتہ برس جون میں بھی اسی طرح کا واقعہ پیش آیا تھا۔ عید کے موقع پرسوشل میڈیا پر "سلّی ڈیلز" نامی ایپ پر 80سے زائد مسلم خواتین کی تصاویر کے ساتھ انہیں"برائے فروخت " کہا گیا تھا۔ اس کے خلاف دہلی اور نوئیڈا میں الگ الگ کیس درج کرائے گئے تھے تاہم اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

معرو ف ریڈیو جاکی (آر جے) صائمہ کا نام بھی 'بُلّی بائی' کی فہرست میں شامل ہے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو اردو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔"میرے لیے سب سے بڑی حیران کن بات یہ ہے کہ بھارت میں کچھ حیران کن رہ ہی نہیں گیا۔" انہوں نے کہا،" بھارت میں گالی دینا اور بالخصوص مسلم خواتین کے خلاف توہین آمیز باتیں کرنا ایک کلچر بنتا جارہا ہے۔ اب کھلے عام حیوانیت کا مظاہرہ ہورہا ہے۔ یہ بہت تکلیف دہ ہے۔ اور اس لیے بھی تکلیف دہ ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ ملک کا قانون مرچکا ہے۔ قصور وار آخر گرفتار کیوں نہیں کیے جاتے۔ یہ بہت خطرناک ہے۔''

صائمہ کا کہنا تھا،"ایسے مجرموں کے خلاف ہر ایک کو آواز بلند کرنی چاہیے کیونکہ کوئی بھی ان کی زد میں آسکتا ہے۔ نفرت کرنے والے کسی کو نہیں چھوڑتے۔''

اصل ذمہ داری حکومت کی

متاثرین اور سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ عورتوں اور بالخصوص مسلم خواتین کے خلاف جرائم کے واقعات اس لیے بڑھ رہے ہیں کیونکہ انہیں روکنے کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھائے جاتے۔ صائمہ کا کہنا تھا،"سب سے بڑی ذمہ داری حکومت اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں پر ہوتی ہے۔ اگر وہ اس امرکو یقینی بنائیں کہ غلط کا ساتھ نہیں دینا تو یہ سنگین مسئلہ بڑی حد تک ختم ہوسکتا ہے۔''

انہوں نے کہا اصل سوال قانون کی حکمرانی کا ہے۔ ہم کس طرح کا سماج بنانا چاہتے ہیں۔ اگر ایسا ہی چلتا رہا تو پھر ہم تو جنگل کے دور میں چلے جائیں گے۔

سماج پر بھی ذمہ داریاں ہیں

مختلف سماجی امور پر اپنے ریڈیو پروگرام سے لوگوں کو بیدار کرنے کی کوشش کرنے والی صائمہ کہتی ہے کہ سماج پر بھی بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔"ہمارے سماج میں اکثر متاثرہ لڑکیوں یا خواتین کو ہی مورد الزام ٹھہرانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ نہ صرف والدین بلکہ پڑوسیوں اور دوست احباب کو بھی متاثرہ خواتین کی مدد کرنی چاہیے، ان کا حوصلہ بڑھانا چاہیے اور یہ یقین دلانا چاہیے کہ وہ ان کے ساتھ ہیں۔''

اس سوال کے جواب میں کہ آخر مسلم خواتین کو اس طرح ٹارگٹ کیوں کیا جاتا ہے؟ صائمہ کا کہنا تھا کہ 'بُلّی بائی' اور 'سلّی ڈیلز' جیسی حرکت کرنے والے سوچتے ہیں کہ ایک مسلم لڑکی آخر حق کے لیے آواز بلند کرنے کی جرأت کیسے کرسکتی ہے۔ وہ کامیاب کیسے ہوسکتی ہے؟وہ آزاد خیال کیسے ہوسکتی ہے؟''

کارروائی کا مطالبہ

متعدد سماجی اور سیاسی رہنماوں نے بھی 'بُلّی بائی' معاملے کی مذمت کی ہے اور حکومت سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا،" خواتین کی توہین اور فرقہ وارانہ منافرت صرف اسی وقت رک سکتی ہے جب آپ اس کے خلاف متحد ہوکر کھڑے ہوجائیں۔ سال بدل گیا ہے اس لیے آپ اپنی قسمت بھی بدلیں اور یہ آواز بلند کرنے کا وقت ہے۔''

مہاراشٹر میں حکمراں شیو سینا پارٹی کی رکن پارلیمان پرینکا چترویدی نے لکھا،" میں نے بارہا آئی ٹی وزیر ایشونی ویشنو سے کہا ہے کہ سلی ڈیلز جیسے پلیٹ فارم کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جہاں عورتوں سے نفرت اور انہیں فرقہ وارانہ طور پر شکار بنانے کے واقعات بھرے پڑے ہیں۔ شرم کی بات ہے کہ اسے اب تک نظر انداز کیا جا رہا ہے۔'' قومی خواتین کمیشن کی چیئرمین ریکھا شرما نے ٹویٹ کرکے بتایا،"معاملے کو نوٹ کرلیا گیا ''ہے۔

حکومت کیا کررہی ہے؟

اس معاملے کی زبردست مذمت اور نکتہ چینی کے بعد انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر اشوینی ویشنو نے ایک ٹویٹ کرکے اطلاع دی کہ " گٹ ہب، جس پر ایپ اپ لوڈ کیا گیا تھا، نے " بلّی بائی" ایپ کو بلاک کردیا ہے اور مزید کارروائی کے لیے ہم رابطے میں ہیں۔'' ادھر ممبئی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ معاملے کا نوٹس لیا گیا ہے اور متعلقہ حکام سے مزید کارروائی کے لیے کہا گیا ہے۔

پہلے'سلی ڈیلز' اور اب 'بُلّی بائی' کو بھارت میں اسلاموفوبیا کے طور پر بھی دیکھا جارہا ہے۔ پیشے سے کمپیوٹر انجینئر آفتاب احمد نے ڈی ڈبلیو اردوسے بات کرتے ہوئے کہا،''بلی بائی نے مسلم خواتین کی توہین نہیں کی ہے بلکہ اس ذلیل، جاہل اور عصمت دری کے کلچر کی حقیقت دنیا کو بتادی ہے جس میں خواتین کو صرف استعمال کی چیز سمجھا جاتا ہے۔''

بہت سے ہندو افراد نے تاہم سوشل میڈیا کے ذریعہ مسلم خواتین سے معافی مانگی ہے اور کہا ہے کہ ایک ہندو کے طور پر وہ شرمندہ ہیں۔

پیر, جنوری 03, 2022

تعلیم اور کرئیر " ایک جائزہ ✍️قمر اعظم صدیقی

" تعلیم اور کرئیر " ایک جائزہ 
✍️قمر اعظم صدیقی
              9167679924

ڈاکٹر مظفر نازنین صاحبہ ادبی دنیا میں کسی تعارف کی محتاج نہیں ۔ آپ نے گریجوئیشن تک کی تعلیم سائنس سےحاصل کی ہے ۔ اسکے بعد آپ نے میڈیکل سائنس میں اپنی دلچسپی دکھاتے ہو D .H .M .S کی سند حاصل کی اور باضابطہ طور پر اس وقت کلکتہ میں پریکٹس کر رہی ہیں ، اور الحمداللہ آپ کے علاج سے سینکڑوں مریض شفا یاب ہو رہے ہیں ۔ آپ کا میدان سائنس رہا ہے باوجود اسکے آپ کی محبت اردو مثالی ہے ۔ آپ جس موضوع پر قلم اٹھاتی ہیں اس کا پورا پورا حق ادا کرتی ہیں ۔ آپ کے مضامین ہندوستان کے تمام مشہور و مقبول اردو روزنامہ ، ویبسائٹ ، پروٹل اور رسائل میں مستقل شائع ہو رہے ہیں ۔ آپ کی خدمت اردو کا دائرہ صرف ہندوستان تک ہی محدود نہیں ہے ۔ آپ کے مضامین بیرونی ممالک پاکستان ، جاپان اور انگلینڈ کے ویبسائٹ میں بھی شائع ہوتے رہتے ہیں ۔ آپ کا مطالعہ بہت ہی وسیع ہے ۔ آپ نے جہاں ایک جانب مشہور و معروف شخصیات جیسے علامہ اقبال ، مرزا غالب ، مولانا ابوالکلام آزاد ، کلیم عاجز کو اپنے تحریر کا موضوع بنایا ہے وہیں آپ نے نئ نسل کے قلمکاروں کی بھی حوصلہ افزائی کی ہے ۔
     زیر مطالعہ کتاب " تعلیم اور کرئیر " ڈاکٹر مظفر نازنین صاحبہ کے مضامین کا مجموعہ ہے جو کہ ٢٠ مضامین پر مشتمل ہے ۔ پیش لفظ میں محترمہ لکھتی ہیں : 
       " مسلم طلبا اور طالبات کو اعلی تعلیم کی طرف راغب کرنا ، تعلیم نسواں کو فروغ دینا ہی عصر حاضر کا تقاضا ہے۔ اور یہی زبان حال کی پکار ہے ۔ اس میں کوئ دو راۓ نہیں کہ اعلی تعلیم سے ہی کامیابی اور ترقی کی بلندیوں پر پہنچا جا سکتا ہے ۔ 
پرواز دونوں کی ہے اسی ایک فضا میں

شاہین کا جہاں اور ہے کرکس کا جہاں اور

اسی تقاضے کو مدنظر رکھتے ہوۓ ذہن میں ہر لمحہ یہ خمار اٹھ رہا تھا کہ ایک ایسی کتاب کی تشکیل کی جاۓ جس سے نوجوانان وطن اور ان کے والدین فیضیاب ہو سکیں " (صفحہ ۔ 6)

    " عقابی روح جب بیدار ہوتی ہے جوانوں میں " اس مضمون میں محترمہ نے بہت ہی قیمتی آراء پیش کیا ہے جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ اللہ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنا کر اس دنیا میں بھیجا ہے ۔ خدا نے انسان کو سوجھ بوجھ ، عقل و فہم ، ذہن و فراست عطا کیے ہیں جو دوسرے مخلوق کو حاصل نہیں۔ جانور اور انسان کو جو خوبی ایک دوسرے سے جدا کرتی ہے وہ ہے تعلیم " (صفحہ 9)
 
     "آخر اس درد کی دوا کیا ہے؟ " اس مضمون میں بھی محترمہ کا درد مسلمانوں کے حالات کو بخوبی عیاں کرتا ہے ۔ ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوۓ لکھتی ہیں کہ :
 " سول سروس کے امتحانات میں ١٩٣٠ امیدوار منتخب ہوۓ جس میں محض ٣٠ امیدوار مسلم ہیں ۔ یہ تناسب آٹے میں نمک کے برابر بھی نہیں ۔ مزید آگے لکھتی ہیں کہ : 
آج مولانا ابوالکلام آزاد ہمارے درمیان نہیں جنہوں نے اپنے اخبار " الہلال " اور البلاغ " کے ذریعہ قوم کی رہنمائی کی اور جو ملت اسلامیہ کے لیے مشعل راہ ثابت ہوئ ۔ شاعر مشرق علامہ اقبال نے اپنے قیمتی زندگی کا ایک حصہ مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کے لیے اور ان میں شعور پیدا کرنے کے لیے صرف کیا ۔ اقبال نے ہی کہا تھا :
 
" نہ سمجھوگے تو مِٹ جاؤگے اے ہندوستاں والو 

تمہاری داستاں تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں " 
 
( صفحہ 16)

   " تعلیم نسواں کے ذریعہ ہی صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن ہے " اس مضمون میں بھی محترمہ لڑکیوں کی تعلیم کے متعلق سنجیدہ سوچ رکھتی ہیں انہوں نے لکھا ہے :
 تعلیم ہی وہ ہتھیار ہے جو انسان کو انسان بناتی ہے ۔ زبان تہزیب ، سلیقہ اور شعور تعلیم سے بیدار ہوتی ہے ۔ لڑکیوں کو اعلی تعلیم کی ضرورت ہے ۔ ان کی نمائندگی ہر شعبہ ہاۓ زیست میں بے حد ضروری ہے ۔ خواہ ادب ہو یا سائنس ، میڈیکل سائنس ہو یا انجینئرنگ ، سیاست ہو یا صحافت ، معاشیات ہو یا سماجیات ہر شعبے میں خواتین کی نمائندگی بے حد ضروری ہے ۔ ( صفحہ 55 )

    " اعلی تعلیم کے میدان میں چند علمی شخصیات کی نمایاں کارکردگی " اس مضمون میں بھی چند نمایاں شخصیت کا ذکر کر کے تعلیمی میدان میں ان کی کارکردگی کو بتانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ جس سے طلبہ استفادہ کر سکتے ہیں ۔ جس میں اہم نام ڈاکٹر گورنگ گو سوامی ، محترم نورالاسلام ، شری ابھیا نند سر ، حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی کے نام قابل ذکر ہیں ۔ 
بخوف طوالت یہاں تمام مضمون کے تعلق سے لکھنا ممکن نہیں ہے اس لیے باقی مضمون کے عنوانات آپ حضرات ملاحظہ فرمائیں : 
مسلمانوں میں تعلیمی بیداری آزادی سے پہلے اور آزادی کے بعد ، اردو تعلیم کے بنیادی مسائل اور اسکا حل ، تہزیب گنگ و جمن کی شان ہے اردو زبان ، شیریں زبان اردو :ماضی حال اور مستقبل کے آئینے میں ، مقابلہ جاتی امتحانات میں تبدیلیاں ، ایس ایم ایس لینگوئج کا بے جا استعمال اور مستقبل میں اسکے نتائج ، ورنہ گلشن میں علاج تنگی داماں بھی ہے ، میڈیکل اور انجینئرنگ کالج برائے خواتین کا قیام ، عالمی یوم دختراں اور تعلیم نسواں ، ذرا نم ہو تو یہ مٹی بہت زرخیز ہے ساقی ، اعلی تعلیم کے میدان میں رحمانی ٣٠ کا اہم کردار ، اساتذہ کرام کی عظیم شخصیت اور ان کا المیہ ، یوم اساتذہ اور رحمانی ٣٠ ، " زمانہ کیا کہے گا " کے حوالے سے اہل قلم سید انظار البشر بارکپوری اور نوجوان شاعر - مصطفےٰ غزالی کی عظیم شخصیت - ملت اسلامیہ " یہ تمام مضامین اس کتاب میں شامل ہیں جسے پڑھ کر استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ یقیناً اس کتاب کے مطالعہ کے بعد اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ مظفر نازنین صاحبہ ملت اسلامیہ کے موجودہ حالات ، مسلمانوں کی پستی اور علمی میدان میں بد سے بدتر حالت کا درد اپنے سینے میں رکھتی ہیں اور اس کے لیے فکرمند بھی ہیں ۔ اور ان کی اسی سونچ نے انہیں اس کتاب کی اشاعت کے لیے مجبور کیا ۔ ان کے تمام مضامین میں تعلیم کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی گئی ہے ۔ آخر کے دو مضامین شخصیتپر مبنی ہیں ۔ نئی نسل کی رہنمائی کے لیے یہ کتاب بہت ہی مفید ہے تمام لوگ اس کتاب کو اپنے بچوں کو پڑھوا کر ان کے اندر حوصلہ پیدا کر سکتے ہیں ۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس کتاب کو اہل علم حضرات قدر کی نگاہوں سے دیکھیں گے ۔ ١٠٣ صفحات پر مشتمل یہ کتاب قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کی معاونت سے ادیبہ پرنٹرس کولکاتا میں شائع ہوئی ہے ۔ اسکی قیمت صرف ٧٦ ( چھیہتر) روپیہ ہے ۔ اس کتاب کا انتساب محترمہ نے اپنی بہن اور بھائیوں کے نام کیا ہے ۔ اس کتاب میں عمدہ اور معیاری قسم کے کاغذ کا استعمال کیا گیا ہے ۔ کتاب کا ٹائیٹل پیج بھی دلکش اور خوبصورت ہے ۔ اس کتاب کو حاصل کرنے کے لیے محترمہ کے موبائل نمبر 9088470916 سے رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔

عامر سبحانی کو چیف سیکریٹری بنانا وزیر اعلی نتیش کمار کا مستحسن قدم: " کاروان ادب"

عامر سبحانی کو چیف سیکریٹری بنانا وزیر اعلی نتیش کمار کا مستحسن قدم: " کاروان ادب"
_______________________________________
 حاجی پور ( ت ن س) وزیراعلیٰ بہار کے ذریعے 1987 بیچ کے آئی اے ایس افسر جناب عامر سبحانی کو ریاست کا نیا چیف سیکرٹری بنایا جانا ایک مستحسن قدم ہے جس کے لئے وزیر اعلی بہار مسٹر نتیش کمار  مبارک باد کے مستحق ہیں-" "کاروان ادب "کے صدر مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی اور جنرل سیکریٹری انوارالحسن وسطوی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جناب عامر سبحانی نے بہار کے ہوم سیکرٹری اور محکمہ اقلیتی فلاح کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی حیثیت سے جو کارہائے نمایاں انجام دیے ہیں وہ اظہر من الشمس ہیں - ان کی حسن کارکردگی کا ثمرہ ہے کہ آج وہ بہار کے چیف سیکریٹری کے عہدے پر فائز کیے گئے ہیں- یہ عہدہ پانا ان کا حق تھا اور یہ عہدہ پانا بلاشبہ 'حق بحقدار رسید' کے مترادف ہے - جناب عامر سبحانی کے چاہنے والوں نے اس عہدے  پر ان کے فائز ہونے کا عرصہ قبل جو خواب دیکھا تھا ان کا یہ خواب خدا کے فضل و کرم سے اب شرمندہ تعبیر ہو گیا ہے- یہ مالک حقیقی کا ہزار ہزار احسان و کرم ہے - "کاروان ادب" کے صدر اور جنرل سیکریٹری نے جناب عامر سبحانی کو بہار کے چیف سکریٹری کے عہدے پر سرفراز ہونے کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے اور  اپنے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ جناب عامر سبحانی وزیراعلی بہار اور بہار کے عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے اور ریاست کی تاریخ میں اپنا نام سنہرے حرفوں میں درج کرائیں گے -

اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...