Powered By Blogger

ہفتہ, جنوری 20, 2024

پہونچی وہیں پہ خاک جہاں کا خمیر تھا

پہونچی وہیں پہ خاک جہاں کا خمیر تھا 
اردودنیانیوز۷۲ 
میری انکھوں نے یہ منظر پہلی بار دیکھا ہےکہ ضلع ارریہ کی بزرگ ترین شخصیت جناب قاری سلیمان صاحب کا جنازہ ان کے ابائی گاؤں "بانسباڑی" میں ذاتی دروازے پر رکھا ہوا ہے، اب جنازہ گاہ پر جانے کی تیاری ہےمگر کواڑی بازار کے لوگ ہچکیاں لے لے کر رورہے ہیں،تدفین کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کر رہے ہیں اورجنازے کی بھیک مانگ رہے ہیں کہ ہمیں قاری صاحب کا جنازہ عنایت کر دیجئے،ہم ان کی قبر اپنے یہاں بنانا چاہتے ہیں۔ افہام وتفہیم کے بعد کسی طرح  یہ لوگ رضا مند ہوئے،پھرجنازہ گاہ پر صف بندی کے بعد اس بات کی وضاحت کی گئی کہ آپ لوگوں کی محبت بجا ہےمگر مشورے میں خیر ہے، گزشتہ کل یہ مشورہ ہو چکا ہے کہ قاری سلیمان صاحب کے استاد جناب حضرت مولانا صوفی کمالی رحمۃ اللہ علیہ ہیں جو اسی قبرستان میں مدفون ہیں،لہذا شاگرد کی بھی تدفین اسی قبرستان میں ہونی ہے، اس بات پر اتفاق بھی ہوچکا ہے، اب اس کے خلاف اور اسمیں اختلاف کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ چنانچہ جنازے کی نماز پڑھادی گئی، اوراس طرح ایک شاگرد مرنے کے بعد بھی اپنے استادکی خدمت میں حاضر ہوگیا۔
              آخر گل اپنی صرف در میکدہ ہوئی 
            پہنچی وہیں پہ خاک جہاں کا خمیر تھا
قاری سلیمان صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو اللہ تعالی نے لمبی عمرہ عطا فرمائی تھی۔ محض 20/سال کی عمر میں سند فراغت حاصل ہوئی، اس کے بعد اپنی زندگی کے مکمل 63/سال درس و تدریس اور لوگوں کی اصلاح وتربیت کےلیے آپ نے وقف کر دی، اپنے استاد گرامی قدر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے نیپال سے متصل علاقہ کرسا کانٹا اور سکٹی بلاک کی جہالت کے خاتمہ کے لیے تاحیات کمر بستہ رہے ۔ کواڑی بازار میں دینی تعلیم کے فروغ کے لئے مدرسہ مفتاح العلوم کی بنیاد ڈالی اور وہاں کی جہالت کی خاتمہ کے لیے تقریبا 45 /سال تک آپ نے محنت کی ہے۔باری تعالٰی شرف قبولیت سے نوازے اور ان خدمات جلیلہ کو آپ کے حق میں صدقہ جاریہ بنادے، آمین۔
بدعات وخرافات کے قلع قمع میں قاری صاحب کی کاوشیں آب زر سے لکھنے لائق ہیں ۔پیر و فقیر کا مذکورہ علاقے میں بڑا زور تھا،لوگ تعویذ گنڈہے کے نام پر شرک وبدعات میں گرفتار اور ان جعلی پیر و فقیر کا شکار ہو جایا کرتےتھے ۔حضرت قاری صاحب نے ایسے لوگوں کی دکانیں بند کرائی ہیں،نیز اس کا صحیح متبادل بھی فراہم کیاہے، قران کریم کی آیات سے دعا ودرود کاوہاں مزاج بنایا ہے، لوگوں کی نفع رسانی اور بھلائی کی خاطرخود کو بھی پیش کیا ہے۔جمعہ کا دن ہفتے کی عید ہے اور مدارس اسلامیہ میں یہ چھٹی کا دن ہے باوجود اس کے قاری سلیمان صاحب نے کبھی جمعہ کی بھی چھٹی نہیں لی ہے،بلکہ یہ دن لوگوں کی ملاقات کے لئے آپ نے خاص کررکھا تھا، قرب و جوار اوردورودراز سے  لوگوں کی ایک بڑی تعداد  مدرسے میں حاضر ہوتی، باری باری قاری صاحب سب کے مسائل سنتے اور قران سے ان کا حل بتلاتے ،یہی وجہ ہے کہ اج جب کہ یہ مشورہ ہو چکا ہے کہ قاری سلیمان صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی تدفین ان کے آبائی گاؤں میں ہونی ہے باوجود اس کے کواڑی بازار کے لوگ حضرت کے معمول کے مطابق جمعہ کے دن انہیں مدرسہ لے جانا چاہتے ہیں اور موصوف کی چھٹی منظور نہیں کررہے ہیں۔بقول شاعر 
                  مکتب عشق کا دستور نرالا دیکھا 
        اس کو چھٹی نہ ملی جس نے سبق یاد کیا 

یہ درحقیقت قاری سلیمان صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی محبت ہے جسے خدا نے لوگوں کے دلوں میں پیوست فرمادی ہے،قرآن کریم میں ارشاد باری تعالٰی ہے؛
"بے شک جو لوگ ایمان لائے اور جنہوں نے بھلے کام کیے خدا ان کے لیے ایک محبت پیدا کر دے گا"( سورہ مریم )
حدیث قدسی میں ہے کہ جب اللہ اپنے کسی بندے سے محبت کرتا ہے تو فرشتہ جبریل سے کہتا ہے کہ "مجھےفلاں بندے سےمحبت ہے،تم بھی اس سے محبت کرو، وہ دوسرے فرشتوں سے کہتے ہیں، پھر اوپر کے آسمان والے دوسرے آسمان والوں کو یہانتک کہ اس کی محبت دریا کی مچھلیوں اور سوراخ کی چوٹیوں تک سرایت کر جاتی ہے "(صحیحین)
اج کھلی انکھوں سے ہم اس چیز کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔یہ بات یقین کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ اللہ تعالٰی نے قاری صاحب مرحوم کے اعمال صالحہ کو قبولیت بخشی ہےاوران کی محبت زمین پر پھیلا دی  ہے ،اتنا بڑا مجمع اس بات کی شہادت دے رہاہے،میرے علم کے مطابق بانسباڑی گاؤں کا یہ پہلا جنازہ ہے جسمیں انسانوں کااتنابڑاسیلاب آیاہوا ہے،جدھر دیکھئے لوگ ہی لوگ نظر ارہے ہیں، یہاں کی تمام مساجد آج بھر چکی ہیں،صحن پر،سڑک پر ہر جگہ نماز ہورہی ہے،مساجد میں جگہ نہیں ہونے پر آج  جمعہ کی نماز لوگوں نے جاکر عیدگاہ کے میدان  میں پڑھی ہے۔سخت ٹھنڈک ہے،باوجود مرحوم کی محبت وعقیدت  میں سبھی کشاں کشاں چلے آرہے ہیں،محسوس یہ ہوتا ہے کہ موسم بھی اس ولی کامل کے انتقال پر ملال پر سوگوار ہےاور یہ بھی صدمہ میں اپنا مزاج بدل لیا ہے۔ضلع ارریہ ہی نہیں بلکہ خطہ سیمانچل اور نیپال سے بھی لوگ جنازہ میں شریک ہیں، واقعی جناب قاری سلیمان صاحب کے انتقال سے ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے،  دور دور تک سناٹا ہے، ایک بزرگ ترین شخصیت سے ہماری یہ بڑی ابادی خالی ہو گئی ہے، باری تعالی قاری صاحب کے درجات بلند فرمائے اور ہمیں ان کا نعم البدل نصیب کرے،آمین یارب العالمین ۔

ہمایوں اقبال ندوی 
نائب صدر، جمعیت علماء ارریہ
وجنرل سکریٹری، تنظیم أبناء ندوہ پورنیہ کمشنری 
۱۹/جنوری ۲۰۲۴ء مطابق ۷/رجب المرجب ۱۴۴۵ھ بروز جمعہ

جمعہ, جنوری 19, 2024

تفتیشی ایجنسی ای ڈی پر حملہ- افسوسناک وشرمناک

تفتیشی ایجنسی ای ڈی پر حملہ- افسوسناک وشرمناک
اردودنیانیوز۷۲ 
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
 نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف، پٹنہ 
==============================
انفورسمیٹ ڈائرکٹوریٹ (ED)پر مشتعل ہجوم کے ذریعہ حملہ کی خبریں ان دنوںموضوع بحث بنی ہوئی ہیں، یہ حملے 4؍ اور 6؍ جنوری 2024ء کو مغربی بنگال میں ای ڈی کی ٹیم پر ہوئے، یہ حملے چوبیس پرگنہ ضلع کے سندیش کھالی اور بن گاؤں کے نیمول ٹولہ میں کیے گیے، موقع راشن گھوٹالے معاملہ میں شاہ جہاں شیخ اور آدھا شنکر کی گرفتاری کا تھا، ای ڈی ٹیم جب ان جگہوں پر گرفتاری کے لیے پہونچی تو سندیش کھالی میں مشتعل ہجوم نے حملہ کرکے جانچ ایجنسی کی گاڑی میں توڑ پھوڑ کیا اور تین افسران کو خطرناک چوٹیں آئیں، شاہ جہاں شیخ اور آدھا شنکر کا تعلق ترنمول کانگریس سے ہے، اس لیے بھاجپا کی طرف سے اس پر سیاست گرما گئی ہے، اور اسے لا اینڈ آرڈر کی بدحالی قرار دیا جا رہا ہے، خبر یہ بھی ہے کہ ای ڈی کے ارکان کوگاؤں والوں نے دوڑا دوڑا کر مارا اور انہیں کھدیڑ دیا، با خبر ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے ایک لیپ ٹوپ ، چار موبائل فون اور دستاویزوں سے بھرے بیگ چھین لیے گیے۔دوسری طرف مشتعل ہجوم کا کہنا ہے کہ ای ڈی والے شاہ جہاں شیخ کے بند مکان کا تالا توڑ رہے تھے اور ان کے پاس تلاشی وارنٹ نہیں تھا، اس لیے ان پر حملہ کیا گیا، ایف آئی آر ای ڈی کے ذمہ داران اور حملہ آوروں کی جانب سے بھی درج کرائے گیے ہیں، قانونی کاروائی کا مرحلہ طویل ہوتا ہے اور وہ جاری رہے گا۔
یہ حملے یقینا قابل ا فسوس اور لائق مذمت ہیں ، قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کا حق کسی کو نہیں دیا جا سکتا، خواہ وہ کس قدر بھی با اثر ہو، ظلم اور زیادتی بھی اگر ہو رہی ہے تو اس کے دور کرنے کا یہ طریقہ انتہائی غلط ہے کہ خود سے حملہ آور ہوجایا جائے، قانون کو اپنا کام کرنے دینا چاہیے اور قانون کی لڑائی قانون سے ہی لڑی جانی چاہیے، اس کے باوجود اس حقیقت سے انکارنہیں کیا جا سکتا کہ ای ڈی کے بارے میں عام تاثر یہ ہے کہ وہ حکمراں طبقے کے اشارے پر بھاجپا مخالف لیڈران  اور کارکنان کو ہراساں کرنے انہیں ذلیل کرنے اور جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈالنے کا کام کر رہی ہے، اگر اس کی جانچ میں شفافیت ہے تو وہ حکمراں طبقے کے کسی لیڈر پر کیوں ہاتھ نہیں ڈالتی، کیا وہاں سارے لوگ دودھ کے دھلے ہوئے ہیں، ظاہر ہے ایسا بالکل نہیں ہے، اس کو تقویت بعض ایسے معاملات سے ملتی ہے، جس میں واضح طور پر ای ڈی کی غلطی سامنے آگئی ہے، پہلی خبر تامل ناڈو کی ہے، جہاں ای ڈی نے دو غریب کسانوں کے خلاف مالی بد عنوانی کا معاملہ درج کیا اور ان کے خلاف نوٹس بھی جاری کر دیا ایک ایسے معاملہ میں جس میں عدالت کا فیصلہ بھی ان دونوں بھائیوں کے حق میں آچکا تھا، گو یہ معاملہ چھ ماہ قبل کا ہے، لیکن سوشل میڈیا پر یہ وائرل ہوا تو ہنگامہ کھڑا ہو گیا، بعد میں ای ڈی نے اپنی غلطی مان کر معاملہ واپس لے لیا، اس سے یہ بات صاف ہو گئی کہ ای ڈی نے سیاسی طور پر ہی ان دونوں بھائیوں کو پھنسانے کا کام کیا تھا، تامل ناڈو میں ریاستی پولیس نے ایک ای ڈی افسر کو رشوت لینے کے الزام میں گرفتار بھی کیا تھا،جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ای ڈی بھی بدعنوانوں سے  پاک نہیں ہے، اس افسر کی گرفتاری کے بعد تامل ناڈو پولیس ای ڈی کے دفتر پر چھاپہ ماری کے لیے بھی پہونچ گئی تھی ، مرکزی حکومت کو جھارکھنڈ میں بھی ایک ای ڈی افسر کو تحفظ فراہم کرانا پڑا تھا۔
پولیس والوں کے بارے میں اس قسم کے قصے عام ہیں اور ان کا رعب ودبدبہ کچھ تو اس وجہ سے اور کچھ معمولی رقم لے کر ملزمین کو چھوڑ نے اور رشوت کی گرم بازاری کی وجہ سے ختم ہو گیا ہے، اب پولیس سے بچے بھی نہیں ڈرتے ، ہمارے بچپن میں کسی کے گھر پولیس پہونچ جاتی تو پورا گاؤں خوف زدہ ہوجاتا تھا اور بچے گھر کے کسی گوشے میں دبک جاتے تھے، اب بے خوفی کا یہ عالم ہے کہ پولیس آتی ہے تو پورے گاؤں اور محلہ کے لوگ اس کے گرد جمع ہوجاتے یں اور بحث ومباحثہ بلکہ گالی گلوج تک کی نوبت آجاتی ہے، اس سے زیادہ بات بڑھی تو پولیس کو کھدیڑ نے سے بھی لوگ باز نہیں آتے اور پولیس اپنے دفاع میں آنسوگیس کے گولے، لاٹھی چارج اور کبھی کبھی گولیاں چلانے سے بھی باز نہیں آتی۔
لیکن ای ڈی کے ساتھ ایسا نہیں ہوا تھا، وہ جس کو چاہتی تھی کئی کئی دن اور گھنٹوں پوچھ تاچھ کرتی اور پھر دفعات لگا کر گرفتار کر لیا کرتی تھی، کسی طرف سے کوئی مخالفت عملاً نہیں ہوتی تھی، پھر ہوا یہ کہ ای ڈی کی نوٹس اور سمن کی سیاسی قائدین نے ان دیکھی شروع کردی، بار بار سمن کے باوجود وہ اس کی طلبی پر حاضرنہیں ہو رہے ہیں، چوبیس پرگنہ کے ان دو واقعات نے ثابت کر دیا ہے کہ اب سیاسی بنیادوں پر اس کے غیر ضروری مداخلت اور ہراسانی کی وجہ سے لوگوں کے دلوں سے اس کا خوف نکل سا گیا ہے، چنانچہ ای ڈی کے ارکان کے ساتھ ایسا شرم ناک واقعہ پیش آیا ، اس لیے ای ڈی کو اپنے طریقہ کار پر غور کرنا چاہیے اور اسے سیاسی ہتھکنڈوں کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے ، تبھی اس کا وقار ، اعتبار اور اعتماد قائم ہوگا، جو تیزی سے ختم ہوتا جا رہا ہے ۔
یہ بات ہم نہیں کہہ رہے ہیں، اس کے قبل عدالت عظمیٰ (سپریم کورٹ) نے بھی ای ڈی کے کام کرنے کے طریقے پر سخت تبصرہ کیا تھا، واقعہ یہ ہے کہ ای ڈی کو اس طریقۂ کار کے با وجود بڑی کامیابی نہیں مل رہی ہے، گذشتہ جولائی میں سرکار نے پارلیامنٹ کو مطلع کیا تھا کہ ابھی تک ای ڈی نے پانچ ہزار چار سو بائیس (5422)معاملے درج کیے ہیں، جس میں صرف تئیس (23)معاملات میں ہی مجرموں کو سزا مل سکی ہے، یعنی حکومت ہند اس محکمہ پر لاکھوں روپے ماہانہ خرچ کرکے آدھے فی صد سے بھی کم کامیابی حاصل کر پا ئی ہے، اس کی وجہ اس کا طریقہ کار اور سرکار کے چشم وابرو کو دیکھ کر عجلت میں معاملات کا اندراج ہے، جس کے پیچھے ٹھوس ثبوت اور مضبوط شواہد نہیں ہوتے، البتہ جس پر معاملہ درج ہوا وہ غیر ضروری طور پر ہراساں اور لوگوں کی نظر میں مشکوک ہوجاتا ہے، حکومت یہی چاہتی ہے؛ لیکن یہ انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے۔
 ای ڈی نے اگر اپنے طریقہ کار کو نہیں بدلا اور سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کیے جاتے رہے تو بہت ممکن ہے کہ دوسری جگہوں پر بھی عوام اس حربے کا استعمال کرنے لگے ، ظاہر ہے شاہ جہاں شیخ کے لیے آؤٹ لک نوٹس اور سرحدکی گھیرا بندی اور آدھا شنکر کی گرفتاری سے اس قسم کے واقعات کے سلسلے کو روکا نہیں جا سکے گا، ضروری سطح پر کام کرنے کی ہے، حکمراں طبقہ کے سیاسی دباؤ میں ای ڈی کاروائی نہ کرے، اور عوام اس قسم کی شرمناک حرکت سے پر ہیز کرے، قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لے کہ یہ کسی طور پر درست نہیں ہے۔
 اگر ہماری جانچ ایجنسیوں خصوصا ای ڈی اور سی بی آئی سے لوگوں کا اعتماد اٹھ گیا تو ملک کے لیے یہ بڑا نقصان ہوگا، ہمیں ایسے اقدام کرنے چاہیے جس کی وجہ سے ای ڈی کے بارے میں اعتماد اور اس کے احترام میں اضافہ ہو سکے۔ اس کے لیے ای ڈی کو چھاپہ ماری کے لیے طے شدہ اصولوں (SOP)کا خیال رکھنا ضروری ہوگا، جو اس کے طریقہ کار کی بھی تعیین کرتی ہے۔

جمعرات, جنوری 18, 2024

بد نگاہی ایک نفسیاتی بیماری

بد نگاہی ایک نفسیاتی بیماری
اردودنیانیوز۷۲ 
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
نائب ناظم امارت شرعیہ بہار اڈیشہ و جھاڑکھنڈ

انسان فطری طور پر حسن وجمال کی طرف متوجہ ہوتا ہے،اگر یہ حسن وجمال عورتوں میں ہوں تو دوسرے اسباب وعوامل کی وجہ سے یہ معاملہ کچھ زیادہ ہی آگے بڑھ جاتا ہے، اقبال کے لفظوں میں ”اعصاب پر عورت“ سوار ہوجاتی ہے، اس شہوانی خواہشات اور نفسیاتی بیماری کو قابومیں کرنے کے لیے اللہ رب العزت نے بد نگاہی پر روک لگائی اور نگاہوں کو نیچی رکھنے کا حکم دیا پھر چوں کہ یہ بیماری مردوں میں زیادہ ہوتی ہے، اس لیے عورتوں کو حکم دینے سے پہلے مردوں کو حکم دیا کہ وہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں، اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں، چونکہ بد نگاہی ایک نفسیاتی بیماری ہے، اس کا مریض لوگوں کی نگاہ میں کم آتا ہے، اس لیے اللہ نے اپنی با خبری کا تذکرہ کیا اور فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کو سب خبر ہے جو کچھ وہ کرتے ہیں، اس کے بعد عورتوں کو بھی نیچی نگاہ رکھنے کا حکم دیا، شرم گاہ کی حفاظت کی تلقین کی اور پھر انہیں حجاب کا حکم دیا، اس کے دائرے کو بتایا اورکن لوگوں کے سامنے وہ بے حجاب رہ سکتی ہیں، ان کی تفصیلات بیان کیں، ان تمام اسباب پر بھی قد غن لگائی گئی، جن کی وجہ سے بد نگاہی کی طرف طبیعت مائل ہوا کرتی ہے، اللہ رب العزت نے بد نگاہی پر جو پابندی لگائی اس کا خلاصہ یہ ہے کہ جن چیزوں یا اعضا کی طرف مطلقاً دیکھنا جائز نہیں ہے، اس طرف بالکل نہ دیکھیں اورجن کی طرف دیکھنا تو جائز ہے، لیکن شہوت سے دیکھنا ممنوع ہے، اس میں شہوانی نظر سے پر ہیز کریں۔اس سلسلہ میں سورہ نور کی آیت تیس اور اکتیس میں واضح اصول بیان کیے گیے ہیں جو عصمت وعفت کی حفاظت اور فواحش ومنکرات سے بچنے کے لیے انتہائی ضروری ہیں، حضرت مفتی محمد شفیع صاحب ؒ نے معارف القرآن میں اس کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ”نگاہ پست اور نیچی رکھنے سے مراد نگاہ کو ان چیزوں سے پھیرلینا ہے جن کی طرف دیکھنا شرعا ممنوع ونا جائز ہے۔ اس میں غیر محرم عورت کی طرف بُری نیت سے دیکھناتحریما اور بغیر کسی نیت کے دیکھناکراہیۃًداخل ہے، اور کسی عورت یا مرد کے ستر شرعی پر نظر ڈالنا بھی اس میں داخل ہے۔(مواضع ضرورت جیسے علاج معالجہ وغیرہ اس سے مستثنیٰ ہیں)کسی کا راز معلوم کرنے کے لیے اس کے گھر میں جھانکنا اور تمام وہ کام جن میں نگاہ کے استعمال کرنے کوشریعت نے ممنوع قرار دیا ہے، اس میں داخل ہیں۔ (ج 6ص387)
صحیح مسلم میں ایک روایت ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اگر بلا ارادہ اچانک کسی غیر محرم پر نظر پڑ جائے تو اس کی طرف سے نگاہ پھیر لی جائے، دوسری روایت ے بھی اس کی تائید ہوتی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پہلی نظر قابل معافی ہے اور دوسری نگاہ ڈالنا باعث گناہ ہے، پہلی نظر چوں کہ بے اختیار پڑ گئی، اس لیے اس پر کوئی داروگیر نہیں،لیکن دوسری نظر ظاہر ہے بالقصد ہوگی؛ اس لیے وہ قابل مؤاخذہ جرم ہوگا۔
 یہ حکم صرف مردوں کے لیے نہیں عورتوں کے لیے بھی ہے، بلکہ زیادہ شدت کے ساتھ ہے کہ عورتیں اپنے محرم کے سوا کسی غیر محرم کی طرف نہ دیکھیں، خواہ نیت بُری ہو یااچھی، شہوت کے ساتھ ہو یا بلا شہوت کے، سب ممنوعات میں سے ہیں، یہی وجہ ہے کہ جب عبد اللہ بن ام مکتوم اچانک بار گاہ نبوی میں حاضر ہوئے تو آقا صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ام سلمہ ؓ اور میمونہ ؓ دونوں کو پردہ کرنے کا حکم دیا اور جب انہوں نے عرض کیا کہ وہ تو نا بینا ہیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم تو نا بینا نہیں ہو تم تو اسے دیکھ رہی ہو، یہ واقعہ آیت حجاب کے نازل ہونے کے بعد کا ہے۔ ابو داؤد اور ترمذی میں یہ روایت موجود ہے اور ترمذی نے اسے حسن صحیح قرار دیا ہے۔
بہت سارے فقہاء وعلماء نے عورت کی آواز، پائل کی جھنکار، زیب وزینت کے ایسے سامان جو مرد کی نگاہوں کو اپنی طرف کھینچنے کا سبب بنیں اس کے استعمال سے بھی احتراز کا حکم دیا ہے، اور اگر بات کرنا ضروری ہو تو عورتیں ایسے خشک لہجے میں بات کریں کہ جن کے قلوب میں مرض ہے، وہ ان کی خشونت کی وجہ سے عورتوں سے قریب نہ ہو سکیں، اس بد نگاہی میں خوشبو کے استعمال کا بڑا دخل ہوتا ہے، اس لیے عورتوں کو خوشبو لگا کر باہر نکلنے سے بھی منع کیا گیا، کیون کہ غیر محرم تک عورتوں کی خوشبو کا پہونچنا نا جائز ہے، امام جصاص نے تو مزین اور مرصع ایسے برقعوں کے استعمال کو بھی ممنوع لکھا ہے، جس کی ظاہر آرائش مردوں کے لیے باعث کشش ہو، اس کا مطلب یہ ہے کہ بد نظری کے جو محرکات ہو سکتے ہیں، شریعت نے ان تمام پر بندلگانے کی تاکید کی ہے اور ماضی میں جو کچھ ہوتا رہا یا کیا جاتا رہا، اس کے لیے آیت کے اختتام پر مؤمنین کو مخاطب کرکے توبہ کرنے کا حکم دیا، تاکہ فلاح وکامرانی ایمان والوں کا مقدر بن جائے۔
 ان احکام کی روشنی میں ہم آج کے معاشرہ کا جائزہ لیتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ دوسرے احکام کی طرح ہی پردہ نظر نیچی رکھنے اور شرم گاہ کی حفاظت کے حکم کو پس پشت ڈال دیاگیا ہے، ہماری بچیاں ایسے کپڑے پہن رہی ہیں جو ”کاسیات عاریات“ کپڑے پہننے کے باوجود ننگا پن کے مظہر ہوتے ہیں اور تو اور جوٹی شٹ کا استعمال ہوتا ہے اس پر لکھا رہتا ہے ”کس می“ مجھے چومو،”ٹچ می“ مجھے چھوؤ، کسی ٹی شرٹ کی دوکان پر چلے جائیے، اس قسم کے جملے لکھے ٹی شرٹ آپ کو مل جائیں گے، ظاہر ہے یہ جملہ دعوت گناہ ہے اور نظریں خواہ مخواہ اٹھتی ہیں، شادی بیاہ کی تقریبات میں بے محابا مرد وعورت کا اختلاط اور کسی کے مرنے پر عورتوں، مردوں کا بے پناہ ہجوم میں اور آرائش وزیبائش کی وجہ سے بھی ہر دو طرف سے بد نگاہی کا ارتکاب ہوتا ے، مختلف عنوانات سے لگنے والے میلوں میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ کسی عقل مند آدمی سے پوشیدہ نہیں ہے، نقاب بھی ایسے استعمال ہو رہے ہیں جو نگاہوں کے لیے باعث کشش ہیں اور جسم کے سارے خد وخال کو نمایاں کرتے ہیں، پھر یہ حجاب وبرقعہ کا استعمال بھی فی صد کے اعتبار سے انتہائی کم ہے، اسی لیے فرقہ پرست طاقتوں کی طرف سے حجاب پر پابندی کی بات آتی ہے، بلکہ کرناٹک میں یہ پابندی لگادی بھی گئی، اسے شریعت کا حصہ نہیں مانا گیا اور دلیل یہ تھی کہ اگر شریعت کا مطالبہ ہوتا تو ساری مسلم عورتیں اس کا استعمال کرتیں، حالاں کہ ایسا نہیں ہے۔
 بد نگاہی ام المعصیت ہے، یہ اس قدر نقصان دہ ہے کہ اس کا اختتام فحاشی، عیاشی اور منکرات پر ہوتا ہے۔ حکیم اختر صاحب ؓ نے ایک جگہ لکھا ہے کہ اگر کوئی اوپر کی منزل میں پہونچ جائے تو نیچے آنے کا راستہ ڈھونڈھ ہی لیتا ہے، آنکھ اوپر کی منزل ہے، جب آنکھ سے آنکھ لڑ گئی تو پھر نچلی منزلوں پر پہونچنا آسان ہوجاتا ہے،اس لیے آنکھ کی حفاظت کرنی چاہیے تاکہ زنا کے ارتکاب کے سارے دروازے بند ہوجائیں۔
 بعض لوگ یہ بھی کہا کرتے ہیں کہ اصل پردہ دل کا ہوتا ہے، اگر اسے مان بھی لیا جائے تو اس کا مظہر آنکھیں نیچی کرکے چلنا اور عورتوں کا پورے لباس میں رہنا ہے، دل میں حیا اور شرم ہوگی تو اس کے مظاہر بھی سامنے آئیں گے، اسی طرح بعض یہ بھی کہتے ہیں کہ نقاب میں رہیے تولوگ گھور گھور کر دیکھتے ہیں۔ حضرت مولانا اشرف علی تھانوی ؒ کے ایک چہیتے مرید تھے صوفی عبد الرب، وہ کہا کرتے تھے کہ اگر اس وجہ سے نقاب اتار دیا کہ لوگ گھور گھور کر دیکھیں تو پھر ان کے گھورنے کے ڈر سے کون کون سے کپڑے اتاروگی۔علامہ اقبال نے کہا ہے۔
ہوس چھپ چھپ کے سینوں میں بنا لیی ہیں تصویریں
 ہمارے دور میں بد نگاہی کی اور بھی کئی صورتیں رائج ہو گئی ہیں، سوشل میڈیا نے اس کو بڑھاوا دیا ہے ان میں سے فحش فلموں اور تصویروں کا دیکھنا بھی شامل ہے، نہ معلوم کتنے صفحات فیس بک یو ٹیوب، انسٹا گرام وغیرہ پر لوڈ ہیں، جن کو لوگ شوق سے دیکھا کرتے ہیں، ہیں تو یہ تصویریں؛ لیکن ان چلتی پھر تی تصویروں کا شرعا دیکھنا منکرات میں سے ہے اور ایسے لوگ جو فحاشی کو رواج دیتے ہیں اللہ تعالیٰ نے ان کے لیے دنیا وآخرت میں درد ناک عذا ب مقرر کر رکھا ہے۔ (سورۃ نور: آیت 19)
آخرت میں دردناک عذاب تو دخول جہنم ہے۔ امام غزالی ؒ نے مکاشفۃ القلوب صفحہ ۰۱/ پر لکھا ہے کہ جو اپنی آنکھوں کو بد نگاہی سے بھرے گا، اللہ قیامت کے روز اس کی آنکھوں کو آگ سے بھر دے گا، دنیاوی عذاب یہ ہے کہ اس پر نسیان کا غلبہ ہوجاتا ہے، ضروری باتیں بھی یاد نہیں رہتیں، نیند آنکھوں سے غائب ہوجاتی ہے، بد نظری کی وجہ سے قویٰ مضمحل ہوجاتے ہیں اور قوت ارادی کمزور ہوجاتی ہے، اس کے اثرات اعضاء رئیسہ بشمول قوت مردمی پر پڑتے ہیں، اور آدمی کسی کام کا نہیں رہ جاتا، اسی لیے آقا صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: نظر شیطان کے تیروں میں سے ایک تیر ہے۔
بد نظری سے بچنے کا طریقہ وہی ہے جو قرآن کریم میں مذکور ہے کہ آنکھیں نیچی رکھی جائیں، ان جگہوں سے پر ہیز کریں جہاں پر اس کا خدشہ ہو، تو یہ استغفار کے ساتھ اللہ کی توفیق بھی طلب کرتے رہیں، کیوں کہ اللہ کی توفیق کے بغیر کچھ ہوہی نہیں سکتا، آخرت کے عذاب کو بھی سامنے رکھیے تو یہ مرحلہ آسان ہوجائے گا، بعض بزرگوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ اگر بد نظری ہوجائے تو اپنے اوپر خود ہی کچھ جرمانہ مقرر کر لے، نفل نمازوں کی تعداد صدقہ کی مقدار بڑھا دے اور بد نظری سے پر ہیز کے لیے اپنی قوت ارادی کو مضبوط رکھے، چاہے نفس پر جتنا بھی جبر کر نا پڑے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی اس نفسیاتی بیماری سے حفاظت فرمائے۔ اس دعا کا ورد کرتے رہنا بھی مفید ہے۔ اللہم اغفرلی وطھر قلبی واحصن

منگل, جنوری 16, 2024

مولانا وصی احمد شمسی ؒ ( یادوں کے چراغ)

مولانا وصی احمد شمسی ؒ ( یادوں کے چراغ)
 ✍️مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
 نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف، پٹنہ 
اردودنیانیوز۷۲ 
==============================
مولانا محمدوصی احمد بن محمد شہاب الدین بن شیخ طولن بن شیخ سعد علی (شیخ سعدو) بن شیخ روشن علی بن شیخ بہادر علی بن شیخ محمد بھولا ساکن روپس پور دھمسائن تھانہ علی نگر ضلع دربھنگہ نے آئی جی ایم ایس پٹنہ میں مختصر علالت کے بعد19؍ جمادی الاخری 1445 ھ مطابق 2؍ جنوری 2024بروز منگل اس دنیا کو الوداع کہا، وہ شوگر اور قلب کے مریض تھے، لیکن مرض وفات بائیک سے گرنا قرار پایا ، جس سے ان کے کولھے کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی اور وہ صاحب فراش ہو گیے تھے، ہر وقت رواں رہنے والی شخصیت جب بستر سے لگ جائے تو بہت سارے امراض ایسے ہی سامنے آجاتے ہیں، اس لیے وہ مجموعہ ٔ امراض بن گیے، جنازہ ان کے آبائی گاؤں لے جایا گیا اور ماسٹر محمد قاسم صاحب دامت برکاتہم کی امامت میں ہزاروں سوگواروں نے ان کی نماز جنازہ پڑھی اور گاؤں کے قبرستان میں انہیں سپرد خاک کر دیا گیا ، پس ماندگان میں اہلیہ صالحہ بشریٰ بنت مولانا عبد الرحمن صاحب امیر شریعت خامس اورپانچ لڑکے محمد زکریا (خرم بابو) محمد یحیٰ (فرخ بابو) محمد یعلیٰ (معظم عارف) ، محمد مرتضیٰ (کاشف رضا) ، محمد مجتبی (مناظر صدیقی) اور ایک لڑکی نشاہ فاطمہ (عشرت بتول) کو چھوڑا، سبھی نیک صالح اور والد کے لیے صدقہ جاریہ ہیں، مولانا اپنے پانچ بھائیوں اور تین بہنوں میں سب سے چھوٹے تھے، سب سے بڑے بھائی علی احمد مرحوم تھے، جو مشہور سیاسی قائد عبد الباری صدیقی سابق وزیر حکومت بہار کے والد محترم ہیں۔
 مولانا محمد وصی احمد شمسی کی ولادت مارچ1946ء میں روپس پور دھمسائن میں ہوئی، سرکاری کاغذات میں 29مئی 1949درج ہے، والد کا نام محمد شہاب الدین (عرف شہبود میاں جی فورمین) والدہ کا نام زینت النساء ، بنت منشی بشارت علی ہے ، ابتدائی تعلیم اپنے گاؤں بلکہ اپنے دالان میں مولوی محی الدین اور ان کے والد حافظ محمد یوسف (کلٹو حافظ جی) سے پائی۔ 1956میں اپنے بڑے ماموں حضرت مولانا عبد الرحمن صاحب ؒ کے ساتھ مدرسہ حمیدیہ گودنا ، ضلع سارن چلے گیے اور یہاں ناظرہ قرآن سے لے کر فوقانیہ تک کی تعلیم پائی۔ 1967میں مدرسہ اسلامیہ شمس الہدیٰ پٹنہ میں درجہ مولوی میں داخلہ لیا اور یہیں سے فضیلت تک کی تعلیم حاصل کی، اسی دوران آپ نے پرائیوٹ سے گورمنٹ کالجیٹ اسکول بانکی پور، پٹنہ سے میٹرک سکنڈ ڈوزن سے پاس کر لیا، 1976-77میں عربی فارسی ریسرچ انسٹی چیوٹ پٹنہ سے ڈپلوما ان ایجوکیشن (DIP.IN.ED)کیا، تعلیمی ادوار کے ختم ہونے کے بعد آپ کی بحالی بحیثیت مدرس ان کی مادر علمی مدرسہ حمیدیہ گودنا میں ہو گئی، مدرسہ کی مالیات کی فراہمی کے لیے ان کا سفر قرب وجوار کے مواضعات میں ہوا کرتا تھا، جس سے ان کے ذہن میں کشادگی پیدا ہوئی، چندہ کے تعلق سے ہی مولانا کا گذر سون پورہوا، وہاں ایس پی ایس سمینری ہائی اسکول میں مولانا سید عبد الحلیم صاحب چالیس سالوں سے ہیڈ مولوی تھے، انہوں نے اس جو ہر قابل کو پہچانا اور ایک سو روپے ماہانہ پر مولانا وصی احمد صاحب کی بحالی اس اسکول میں ہو گئی ،آپ نے 25جنوری 1974سے مئی1981تک اس اسکول میں تدریسی خدمات انجام دیں، مزاج داعیانہ اور جذبہ سماجی خدمات کا تھا اس لیے دو تین جگہ اردو اور اردو پرائمری اسکول بھی قائم کرایا،مئی 1981میں آپ نے اپنا تبادلہ پوہدی بیلا ہائی اسکول میں کرالیا، اس طرح وہ گھر کے قریب تو آگیے لیکن وہ اس تبادلہ کو اپنی زندگی کی بڑی بھول کہا کرتے تھے، اسی درمیان سرکار کی اجتماعی تبادلہ کی پالیسی آئی اور مولانا کا تبادلہ پوہدی بیلا اسکول سے واٹسن پلس ۲ ہائی اسکول مدھوبنی میں ہو گیا، چنانچہ نومبر 1995میں آپ نے اسکول جوائن کر لیا، اور جب آپ کے سینئر ریٹائر ہو گیے تو آپ اس اسکول کے پرنسپل بنے اور یہیں سے مدت ملازمت پوری کرکے 3؍ مئی2009 سبکدوش ہوئے، آپ کے ہزاروں شاگرد ملک اوربیرون ملک میں دینی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
مولانا مرحوم کی شناخت علمی، تعلیمی ، سماجی اور مذہبی انسان کی حیثیت سے تھی ،ا س حوالہ سے ان کے تعلقات ملک کی بڑی شخصیات سے تھیں، وہ ایک خوش اخلاق ، خوش اطوار ، خوش لباس آدمی تھے، اپنے خیالات کے اظہار میں بے باک تھے، بعض سے بالمشافہہ وہ ملاقات کرتے اوربعضوں سے خط وکتابت تھی ،و ہ زمانہ دراز تک امارت شرعیہ کی مجلس شوریٰ کے رکن رہے اور ان کے مفید مشورے ہمارے کام آتے رہے، ملی کونسل کے رکن اور بہار ملی کونسل کے کنوینر کی حیثیت سے بھی ان کی خدمات قابل قدر ہیں، ان کا مطالعہ بڑا وسیع تھا، وہ حاصل مطالعہ لکھنے کے عادی تھے، ڈائری لکھا کرتے تھے، جو مضامین پسند آئے،ا سکے اقتباسات محفوظ کرلیا کرتے تھے، انہیں لکھنے کا اچھا سلیقہ تھا، حیات عبد الرحمن اور یادوں کی بہار ان کی تصنیفی یادگار ہے، حیات عبد الرحمن منظوم بھی انہوں نے شائع کرائی تھی ، ان کی کتاب یادوں کی بہار معلومات کا خزینہ اور یادوں کی انسائیکلو پیڈیا ہے، آٹھ سواٹھائیس صفحات پر مشتمل یہ کتاب ادب وتاریخ کی لائبریری میں قابل قدر اضافہ ہے، وہ اس کتاب کی اشاعت کو حاصل زندگی قرار دیتے تھے،ا س کی طباعت پر بے انتہا خوش تھے اور دوسرا ایڈیشن لانے کے لیے انتہائی فکر مند تھے، عبد الباری صدیقی صاحب نے اس کے صرفہ کی ذمہ داری قبول کر لی تھی ، اسی دن وہ عبد الباری صدیقی صاحب کی رہائش گاہ سے اپنے مستقرایک بائیک پر سوار ہو کر لوٹ رہے تھے کہ وہ پھینکا گیے، جس سے کولھے کی ہڈی ٹوٹ گئی اوروہ بستر سے لگے تو پھر اٹھ نہیں سکے۔
مولانا مرحوم سے میرے تعلقات کم وبیش تیس سال سے زائد سے تھے، پہلی ملاقات تو یاد نہیں ہے، مولانا نے خود ہی یادوں کی بہارمیں لکھا ہے کہ آل انڈیا ملی کونسل کے پہلے اجلاس نومبر 1992میں ہم دونوں ہم سفر تھے، اس سفر میں ساتھ ساتھ ہم دونوں نے ٹیپو سلطان کے مزار پر حاضری دی تھی،اور سبیل الرشاد بنگلور کا سفر بھی ہم نے ساتھ ساتھ کیا ھا، واپسی پر بہار میں ملی کونسل کی تشکیل ہوئی اور مفتی نسیم احمد قاسمی کے ساتھ جو ٹیم بنی اس کے وہ اہم رکن تھے، بہار ملی کونسل کا جب میں سکریٹری بنا تو وہ میرے دست وبازو بنے، کئی سالانہ اجلاس میں میرا ان کا ساتھ رہا، حیات عبد الرحمن منظوم پر مجھ سے مقدمہ بھی انہوں نے لکھوایا ، امارت شرعیہ جب آتے تو گھنٹوں میرے پاس بیٹھتے، اپنے گھر بلا کر دعوت کھلاتے، تبادلۂ خیال کرتے ان کی کتاب ’’یادوں کی بہار‘‘ چھپ کر آئی تو جن چند لوگوں کو انہوں نے بلا قیمت کتاب فراہم کرائی،ا ن میں ایک نام میرا بھی تھا، مولانا اسرار الحق صاحب پر انہوں نے یادوں کی بہار میں اپنا مضمون شامل کیا تو قارئین کو مشورہ دیا کہ وہ مولانا کے اوپر میرے( محمد ثناء الہدیٰ قاسمی) مضمون کو ضرور پڑھیں،ا نہوں نے میرے اس مضمون کو خوبصورت پر کشش اور معلوماتی قرار دیا تھا، انہوں نے اس کتاب میں ایک مضمون میرے اوپر بھی شامل کیا، جس کے حرف حرف سے ان کی محبت کا اظہار ہوتا ہے، ان کے اسی اقتباس پر میں اپنی بات ختم کرتا ہوں، لکھتے ہیں:
’’مفتی صاحب جب سے نقیب کے مدیر با اختیار بنائے گیے ، اس کے معنوی وظاہری رنگ وروپ میں نکھار آگیا ہے، یہ اخبار مجھے مولانا وحید الدین خاں کی ادارت میں جمعیۃ علماء ہند کے ترجمان الجمعیۃ کے جمعہ ایڈیشن کی یاد دلاتا ہے، گو ہمارے نقیب کا معیار الجمعیۃ کے جمعہ ایڈیشن سے بھی بڑھا ہوا ہے، اسی وجہ سے مجھے نقیب کا ہر ہفتہ انتظار رہتا ہے، مفتی صاحب کے لکھے ہوئے سوانحی خاکے جو پکے آم کے مانند ٹپکتے ہوئے دنیا سے سدھارتے ہیں،یہ خاکے اسلوب کے اعتبار سے خوبصورتی کے ساتھ پر کشش اسلوب تحریر کیساتھ سفینۂ عبرت بھی ہوتا ہے، میں سطر سطر پڑھتا ہوں، ان کا حاصل مطالعہ اور بلا تبصرہ اتنا مختصراور پُر اثر ہوتا ہے کہ مجھے داد دینی پڑتی ہے، مفتی صاحب کی قدیم روایت کی پابندی یعنی مرحومین کی مرثیہ خوانی ، کبھی زندہ ملی شخصیات پراپنے قلم کی جولانی دکھاتے ہیں، ان پر غصہ بھی آتا ہے کہ ا تنی خوبصورت اورپر اثر تحریر کیوں لکھتے ہیں،  اللہ کرے مفتی صاحب کا زور خطابت ، طلاقت لسانی، اسلوب نگارش ،شعور وادراک ، فصاحت وبلاغت، سلاست اور مثبت فکر وخیال ،شیریں انداز تحریر، اوران کا فکر باقی رہے۔‘‘

پیر, جنوری 15, 2024

مقامی ملی و رفاہی تنظیم تحفظ شریعت و ویلفیئر سوسائٹی جوکی ہاٹ و پلاسی ارریہ

مقامی ملی و رفاہی تنظیم تحفظ شریعت و ویلفیئر سوسائٹی جوکی ہاٹ و پلاسی ارریہ ہرموقع اور ناگزیر حالات کے موقع پر ملی رفاہی اور فلاحی امور کو انجام دینے کی کوششیں کرتی رہتی ہے 
Urduduniyanews72 
موسم سرما کے موقع پر ہرسال ضرورت مندوں تک گرم ملبوسات پہنائے جانے کا مکمل نظام بناتی ہے اور ان کے گھروں تک سامان ضرورت تنظیم کے کیڈر کے ذریعہ پہنچایا جاتا رہا ہے 
اس بار موسم سرما میں گرم کپڑوں کے انتظامات میں جوکی ہاٹ کے جن دوکانداروں اور مخیر حضرات نے غرباء کی حاجت روائی کے لئے گرم ملبوسات عطاء کیا ان میں حافظ محمد قیصر حافظ محمد سلمان، مولانا محمد رضوان، امیرجماعت حاجی مرغوب صاحب، محمد توحید، مولانا محمد مرشد، محمد شعیب، مفتی محمد ارشد مظاہری، محمد منظر، حاجی حافظ ابوطالب، حاجی جسیم الدین، مولانا محمد صابر، محمد منا، محمد ارشاد، محمد خالد، حافظ عبدالرحیم، محمد اقبال، حافظ عبدالواحد، حاجی محمد مظفر، حاجی عبدالصمد، مولانا عبداللہ سالم قمر قاسمی، محمد داؤد عالم، محمد خالد، ابوطالب بن محمد سرور، محمد افتخار، حاجی محمد شمیم، مولانا محمد شعیب، محمد عاشق، محمد تہذیب،  حافظ محمد افروز، 
وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں اور بھی افراد ہیں جن کا نام ذکر نہیں کیا گیا ہے 
اپنی تنظیم کی جانب سے مذکورہ دوکانداروں کا دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے شکریہ ادا کرتا ہوں ، 
اس موقع پر مفتی محمد اطہر حسین قاسمی، قاری ایم رحمانی، مفتی محمد نعیم، عبدالقدوس راہی پریس، مولانا عبدالسلام عادل ندوی، مولانا محمد نوشاد مظاہری، مولانا شعیب مظاہری، عبدالحق عظیمی، حافظ سعود عالم، مولانا محمد رضوان، قاری محمد منظور، مولانا فیاض احمد راہی، قاری امتیاز، محمد توحید، حافظ محمد معصوم، حافظ محمد قیصر، حافظ عبدالحلیم، حافظ عبدالرحیم، حافظ مبشر، حافظ محمد اسلم، حافظ محمد جعفر، عظمت اللہ فیضی، وغیرہ شامل رہے

*****گلزار کی کہانی‘‘حساب کتاب’’******

******گلزار کی کہانی‘‘حساب کتاب’’******
Urduduniyanews72                            * انس مسرورانصاری

       عرصہ قبل اسّی کےدہےمیں گلزارکی نظموں کومیں
نےہندی میں پڑھاتھا۔ان نظموں کی سحرانگیزی کے اثرات اب تک میرےذہن میں تازہ ہیں،لیکن دودھ سے دھلی ہوئی ان نظموں کامطالعہ وتجزیہ مقصودنہیں ہے۔تذکرہ ‘‘راوی پار’’کاہےجوگلزارکی کہانیوں کامجموعہ ہے،بلکہ اس مجموعہ میں شامل گلزارکی ایک کہانی ‘‘حساب کتاب’’کاہے۔فلم نگری ہو یاشعروادب،گلزارکے آرٹ اورفن کےمظاہرپوری توانائی کےساتھ نظرآتےہیں ۔
‘‘حساب کتاب’’بظاہرایک معمولی اورغیر اہم سی کہانی لگتی ہے،جیساکہ گوپی چند نارنگ نے ‘‘راوی پار’’ کی اکثرکہانیوں کاجائزہ لیتےاورتبصرہ کرتےہوئے اس کہانی کونظرانداز کردیا۔ 
      گلزارکی جل پریاں(کہانیاں)فکشن نگاری میں انہیں ایک امتیازی مقام دلاتی ہیں۔روایت کےاحترام کے ساتھ سادہ اسلوب اوردل کش بیانیہ ان کی شناخت ہے۔انہیں  کہانی کہنےکاہنرآتاہے۔اپنےتخلیقی اظہارکےمحرکات و عوامل کےتعلق سےلکھتےہیں: 
            ‘‘افسانہ لکھنےکےلیےصبرکی ضرورت پڑتی ہے،جواس عمرمیں چاہےمل بھی جائےمگراس(بڑی)عمر میں بہت مشکل سےملتاہے۔کچھ اس طرح افسانہ نگاری شروع کی۔ہنرمندتوبہرحال کہیں نہ ثابت ہوئے،لیکن روزگارکی ضرورت کےتحت نثراس قدرلکھنی اور پڑھنی پڑی کہ شاعری گوشہ نشینی کی وجہ بن گئی۔جب بھی فلم اسکرپٹ اورمکالموں سےبھاگےتوشعرکی کٹیامیں پناہ لی۔گانےاتنےکبھی نہیں تھےلکھنےکے لیے۔اس لیے شاعری دھیمی دھیمی آنچ پرپکتی رہی۔ 
         افسانوں کایوں ہواکہ دورےکی طرح پڑتےتھے۔کبھی لمبےسفرپرنکلےتوکوئی افسانہ اپنی پوری تشکیل کےساتھ سامنےآگیا۔کبھی گاہے بہ گاہے لکھی ڈائری دہراتےہوئےصفحوں میں رکھامل گیا۔فلم اسکرپٹ لکھتے ہوئےکوئی نیاکردارسوجھایامشاہدے میں آیاتوجی چاہا اس پرافسانہ لکھیں،یااسکرپٹ کرتےہوئےبڑی انوکھی سچویشن پیداہوگئی۔انسانی زندگی کی جھلک روبرو آگئی،انسا نی رشتوں کی کوئی نئی پرت کھل گئی تو اس پرافسانہ لکھ لیا۔جوفلم میں نہیں سمایااسے الگ سےجمع کرلیا۔کچھ افسانےیوں ہوئےکہ پھوڑوں کی طرح نکلے۔وہ حالات،ماحول اورسوسائٹی کےدیئے ہوئے تھے۔کبھی نظم کہہ کےخون تھوک لیااورکبھی افسانہ لکھ کرزخم پرپٹّی باندھ لی۔مگر ایک بات ہے،نظم ہویا  افسانہ،ان سےعلاج نہیں ہوتا۔وہ آہ بھی ہیں،چیخ بھی،دُہائی بھی مگرانسانی زندگی کےدردکاعلاج نہیں ہیں۔’’ (راوی پار،،ص،18) 
       اُردوفکشن نگاری میں گلزارکانام زیادہ روشن نہیں ہے۔اس کی ایک وجہ یہ بھی ہےکہ وہ بہت بعدمیں آئے ہیں۔فلمی شہرت اورمقبولیت نےان کی تخلیقات کی طرف لوگوں کومتوجہ کیا۔ایسانہیں ہےکہ گلزارکی شاعری یافکشن نگاری کمزورہےبلکہ ادب کی دنیا میں ان کی تشہیرکم ہوئی۔اپنے اسلوب اورتکنیک کےاعتبار سےان کی کہانی ‘‘بمل دا’’انفرادیت کااحساس دلاتی ہے۔‘‘راوی پار’’ میں مختلف النو ع موضوعات پران کی بہت اچھی کہانیاں موجودہیں اوردعوتِ فکرونظردیتی ہیں۔گلزاراوران کی کہانیوں کاذکرکرتےہوئےصلاح الدین پرویز لکھتے ہیں:
        ‘‘..ــــ.....میرےاوراس کےدرمیان ایک عظیم رشتہ ہےاوروہ رشتہ ہےخوشبواورپانچ ہزارسال کا.....اوراس پانچ ہزارسال پرانےآدمی کااردوسےوہی تعلق ہے جو سمندرکاموجوں سےہوتاہے،جومیرؔکاغم سےاورغالبؔ کامئےسےتھا.....یہ آدمی یوں تو عمرکے حساب سےمجھ سےبہت بڑاہے،لیکن میرادوست ہے......نہیں ،نہیں،وہ میرا دوست نہیں بلکہ اس کی شاعری میری دوست ہے،اس نےاردومیں جتنی اچھی،سچی شاعری کی ہےاورکہانی لکھی ہے،اس کی اسے دادنہیں ملی.....اس کی ایک وجہ نام نہادنقادوں کی گروہ بندی،غیرضروری فہرست سازی اورمدیروں کاتجاہل اورستم شعاری بھی ہوسکتی ہے...یااس کی وجہ کہیں وہ دنیاتونہیں جس میں وہ آج بھی مقیم ہے۔کاش،وہ میری طرح،میری دنیامیں،میرے گھر،میرےساتھ،رہنےلگے،کاش،یہ میرا بےربط مضمون پڑھ کراردوکےقارئین،اس سے وہ محبت کرنے لگیں جس  کاوہ مستحق ہے۔سچ کہتاہوں اگر آج کے تین،چارسچے شاعروں اورکہانی کاروں کانام لیاجائےتواس کانام ان میں سےایک ہوگا۔بس انہیں اس عینک کی ضرورت ہوگی جواس کےلگی ہوئی ہےاوروہ اس لیےکہ اس کے پاس ایک ان دیکھی خوشبواورپانچ ہزارسال ہیں۔۔۔۔لیکن اس وقت مسئلہ تواس کی عینک کاہےجومیرے خیال میں جل پریاں اٹھاکرلےگئی ہیں ....ائے جل پریو!کیاتم گلزارکی عینک واپس نہیں کروگی.....؟ 
      ارے میں یہ کیالکھ گیا،اصل میں یہ جل پریاں ہی توگلزارکی نظمیں اور کہانیاں ہیں۔گلزاربھائی!آپ نے سچ کہاتھا.....ایک ایک جل پری کی عمر پانچ پانچ ہزارسال ہوتی ہے........!’’ 
                  (‘‘راوی پار’’ص،15) 
گلزارکےچاہنےاورپسندکرنےوالوں کوشکایت ہےکہ فکشن اوربیانیہ ادب میں اُنہیں وہ مقام نہیں دیاگیا جس کےوہ مستحق ہیں۔اس کی ذمّہ دار ی وہ ناقدین ادب کی گروہ بندیوں پر ڈالتے ہیں۔لیکن یہ بھی سچ ہے کہ گلزارفکشن کی دنیا میں بہت بعدمیں آئے۔بےشک ان کی کہانیاں جل پریوں کی طرح خوبصورت ہیں،تاہم وہ اردوادب کوکوئی بڑی اورشاہکارکہانی نہیں دےسکے۔کوئی ایسی کہانی جولوگوں کے دلوں کومیوکرسکے۔کوئی ایسی کہانی جس کاذکرباربا رکیاجائےجودلوں کو اپنی گرفت میں رکھ سکے۔گلزارکی فلمی شہرت ہی نے بعض ناقدوں کوان کی طرف متوجہ کیا، ان کی کہانیوں نے نہیں۔!اس لیے یہ شکایت درست نہیں کہ انہیں نظراندازکیاگیاہے۔گلزارکی کہانیوں کاتجزیاتی مطالعہ پیش کرتےہوئےگوپی چندنارنگ لکھتے ہیں ـ:
           ‘‘گلزارکےفن کارہونےمیں شبہ نہیں،لیکن فن اورفن میں فرق ہوتا ہےاورہرفن کےتقاضےالگ ہیں۔ضروری نہیں کہ ایک زمرےکافن کاردوسرےزمرےمیں بھی اتناہی کامیاب ہو۔فلم کی شہرت اپنی جگہ،گلزار کہانی کےفن میں ایسےکھرےنکلیں گے،اس کاسان گمان بھی نہیں تھا۔’’ 
        وہ مزیدلکھتےہیں‘‘گلزارپُرفریب فنکارہے،ہرقدم پرجل دےجاتاہے۔ہرکہانی کےساتھ زندگی کااورزندگی کےتجربےکااُفق بدلتاہےاوروسیع سےوسیع ترہوتاجاتا ہے۔ 
 اکثرفلم والوں کودیکھاہےکہ جب لکھتےہیں تورومانس اورفارمولاسے باہرکم ہی قدم رکھ پاتےہیں،یعنی گھوم پھرکروہی فضاجس میں ان کی زندگی گزری ہے۔ان کے ذہن کورومانی موضوعات سےایک جکڑسی پیداہوجاتی ہےجواوّلین گناہ کی طرح ان سے چپک جاتی ہےاوروہ ہرگزاس سےاوپر نہیں اُٹھ سکتے۔لیکن گلزارکے یہاں تعجب ہوتاہے کہ مصنف اِس wavelengthیااُسwavelengthکاخالق نہیں ہے۔ان کےیہاں ہرکہانی کےساتھ زندگی کاایک نیاروپ،ایک نیارخ،ایک نئی سطح نظرآتی ہے۔ایک نیازاویہ،ایک تجربہ،ایک ایسےذہن وشعورکاپتادیتاہےکہ اس کالگاؤ اِس رخ یااُس رخ سےنہیں،بلکہ زندگی کی پوری سچائی سےہےیازندگی کےاس کھلےتجربےسےجوحدیں نہیں بناتا،حصارنہیں کھینچتا،رشتوں،طبقوں، نفرتوں اور محبتوں میں کسی ایک پرت پراکتفانہیں کرتابلکہ سچائیوں کےآرپاردیکھتاہےاورزندگی کواس کے پورے تنوع،بوقلمونی اورتجربےکواس کی تمام جہات کے ساتھ انگیزکرتاہے۔کسی بھی فنکارکے لیے یہ کمال معمولی نہیں۔غالب نےباجےکوراگوں سےبھراہواکہاتھا۔گلزارکی کہانیوں کوذراساچھیڑنےکی ضرورت ہے،زندگی کےسُر،ان میں سےنکلنےلگیں گے۔ایک ایسےفن کارکے لیے جس نے ساری زندگی فلم سازی میں کھپادی،یہ کارنامہ معمولی نہیں کہ اس نےایسی کہانیاں لکھیں جن میں زندگی کاسنگیت بھراہواہےاورہرکہانی میں زندگی کا ایک الگ روپ،الگ تجربہ سامنے آتاہے۔’’ 
                                  (‘‘راوی پار’’ص،۸۔۷) 
گلزارکی کہانیوں کامطالعہ،موضوعاتی گوناگونی،رنگا رنگی اوربوقلمونی ڈاکٹرگوپی چندنارنگ کےبیان کی تائیدوتوثیق کرتےہیں۔بلاشبہ ان کی تصوراتی گرفت اورمختلف ومتضادرنگ آمیزیوں کےسبب ان کی کہانیوں کاکینوس بہت وسیع ہوگیاہے۔شہروں کی شور مچاتی ہوئی سڑکوں،گلیوں ،کوچوں ،بندتاریک کمروں،فلمی رنگینیوں ،قصبوں اورگاوؤں کی دھول اُڑاتی ہوئی زندگیوں کوانہوں نےخوبصورتی کےساتھ عکس ریزکیاہے۔ ہرجگہ اورہر مقام پرکہانیاں اُنہیں تلاش کرلیتی ہیں۔  
             گلزارکی کہانیاں مختصرہوتی ہیں۔وہ قاری کوالجھاتےنہیں بلکہ اس کی انگلی تھام کر منظروں کی سَیرکرادیتےہیں۔پلاٹ میں بھی پیچیدگی نہیں ہوتی۔ سادہ بیانی ان کی بڑی خصوصیت ہے۔جہاں اتنی ساری خوبیاں پائی جاتی ہیں وہیں گلزارکہیں کہیں اپنے پڑھنےوالوں کوتھکابھی دیتےہیں۔بعض کہانیوں میں مکالمےاتنےکثیراورغیرضروری محسوس ہوتےہیں کہ قاری بوریت کاشکارہوجاتاہے۔بعض کہانیاں کسی کلائمکس کےبغیرختم ہوجاتی ہیں،جہاں قاری کوایک قسم کی تشنگی،ادھورےپن اوراپنےٹھگ اُٹھنےکا احساس ہوتاہے۔    
        ‘‘راوی پار’’کی ستّائس(27)کہانیوں میں‘‘حساب کتاب’’بظاہرایک فرسودہ موضوع پرلکھی گئی معمولی اورغیراہم سی کہانی ہے۔غالباََپیش افتادہ موضوع کے سبب ڈاکٹرگوپی چندنارنگ نےاپنی گفتگو میں دیگر کہانیوں کےساتھ‘‘حساب کتاب’’کاذکرنہیں کیاہے۔لیکن اس کہانی کاموضوع جس قدر پُرانااورفرسودہ ہےاسی قدرنیا اورسلگتاہواسابھی ہے۔ پُرانااس لیے کہ اس موضوع پرہزاروں کہانیاں لکھی جاچکی ہیں اورلکھی جارہی ہیں اورمضامین تحریر کیے جارہے ہیں۔ یہ آج بھی پہلے ہی کی طرح سلگتاہواتازہ دم ہے۔گلزارنےاسے بڑےسلیقےسےلکھاہے۔کہانی۔۔حساب کتاب۔۔پرتبصرہ کرتےہوئےمعروف نقادحقانی القاسمی لکھتےہیں۔ 
       ‘‘ایک سماجی مسئلےسےجڑی ہوئی کہانی ہے۔ایک پڑھی لکھی بی۔اے پاس لڑکی کوبھی شادی میں کیسی کیسی دقتیں پیش آتی ہیں اورجہیزکےناسورنےسماج کوکس طرح جکڑلیاہے،یہ اہم ترین مسئلہ ہی اس کہانی کی موضوعاتی اساس ہے۔جہیزنہ بھی لیاجائےتب بھی جہیزکی شکلیں برقراررہتی ہیں یعنی معاشرہ جہیز کی لعنت سے کسی بھی طورپاک صاف نہیں ہے۔حساب کتاب عنوان ظاہر کرتا ہے کہ جہیز بدل جائے مگرماہیت نہیں بدلتی۔نوعیت بدل جائے مگر حقیقت نہیں بدلتی۔جہیزصرف سونےاورزیورات کانام نہیں ہےبلکہ کچھ اور چیزیں بھی ہیں جوجہیز کے زمرے میں آتی ہیں۔،،          
                  (راوی پار،ص ۱۷۰) 
      جہیزہندوستانی سماج میں ایک بڑی لعنت ہی نہیں بلکہ ایساناسورہےجوہمیشہ رستارہتاہےاوراپنے فاسد مادّہ سےاسےپرا گندہ کرتارہتاہے۔اس کہانی کی ابتداء اس کےدوبڑےاوربنیادی کرداروں کےتعارف سےہوتی ہے۔
‘‘بابودیناناتھ نےاپنےبیٹےسرون کمارکی شادی ماسٹررام کمارکی بیٹی اوشاسےطےکردی! 
ماسٹررام کماربڑےخوش تھے۔پڑھالکھاکربیٹی کو بی۔اےکرادیاتھا۔اونچی تعلیم دلائی تھی اورسب سے بڑی بات کہ جب اوشانےنوکری کرنی چاہی توانہیں رتّی بھربھی اعتراض نہیں ہوا۔فوراََ اجازت دےدی۔فکرتھی توصرف اتنی کہ کل کوئی بر(رشتہ)اپنےآپ چن کرنہ لے آئے۔آخرتھی تو بچی ہی۔قدبت نکلنےسےہی بچےسمجھ دارتونہیں ہوجاتے۔لیکن اوشانےاس طرح کی کسی شکایت کاکوئی موقع نہیں دیابلکہ دوایک بارجب اس کےرشتےکی بات چلی تھی تواس نے گردن جھکاکے بڑے ادب سےکہہ دیا...‘‘آپ میرےلیےجوسوچیں گے میرےسر آنکھوں پر۔’’ 
        اوشاکونوکری کرتےہوئےتین چارسال ہوگئے۔اس نے اپنی تنخواہ کےذریعےگھرکابوجھ تواٹھالیاتھا لیکن اس کابوجھ ماسٹررام کمارپرآہستہ آہستہ بھاری ہونے لگا۔کئی جگہ رشتے کی بات چلی مگر ٹوٹ گئی۔ہرجگہ اس کےدام لگ جاتے۔کوئی پچاس ہزارکانقدجہیزمانگتااور کوئی لاکھ روپےکا۔ کوئی اسکوٹرکی فرمائش کردیتا۔ سونا،زیو رتوالگ ہی رہے۔ماسٹررام کماراپنی ساری پونجی اوشاکی تعلیم پرخرچ کرچکےتھے۔لے دیکے ان کایہی ایک رہائشی مکان تھا۔چھوڑدیں توپگڑی مل جائے گی لیکن پگڑی لےلیں توسرکہاں چھپائیں۔؟وہ بہت ساری فکروں میں گھیرےہوئےتھے۔اوشا ان کی اکلوتی بیٹی تھی۔ان کےلیےوہی سب کچھ تھی ۔اس کےلیے وہ ایک ایسےرشتہ کی تلاش میں تھےجوپڑھالکھابھی ہو اوردان دہیج کالالچی بھی نہ ہو۔اس زمانےمیں ایسی سوجھ بوجھ والےلڑکےکہاں ملتےہیں۔اچانک ماسٹررام کمارکی ملاقات دیناناتھ سےہوگئی۔دیناناتھ کی ایک دکان تھی جہاں سائن بورڈ بنانے،رنگنےاورلکھنےکاکام ہوتاتھا۔بیوپاراچھاخاصاچل رہاتھا۔آمدنی بھی بہت اچھی خاصی تھی۔چارپانچ کاریگرکام کرتےتھے۔ان کااکلوتالڑکاسرون کماربیوپارسنبھالتابھی خوب تھا۔مجال نہیں کبھی کسی انگریزی لفظ کی ہجّے غلط ہوجائے۔اب تواس نے کئی زبانوں کی لغتیں بھی دکان پررکھ چھوڑی تھیں۔سرون کمارکی تعلیم کااندازہ بخوبی لگایاجاسکتاتھا۔اس میں خوبی یہ تھی کہ وہ محنتی بہت تھا۔دکان کاسارابوجھ سنبھال رکھاتھا۔ ماسٹررام کماراپنےاسکول کاایک بورڈبنوانےگئےجہاں دیناناتھ سےان کی تفصیلی گفتگوہوئی۔وہ دونوں ایک دوسرےکےخیالات سےکافی متاثرہوئےاوریہیں سے دونوں کی خوب جمنےلگی۔دکان اورمکان میں ایک دوسرےکاآناجانابھی ہونےلگا۔دعوتیں بھی ہونےلگیں۔اس طرح یہ دونوں خاندان ایک دوسرےکےبہت قریب آگئے۔اورپھرایک دن بابودیناناتھ نےاپنےبیٹےسرون کمارکی شادی ماسٹررام کمارکی بیٹی اوشاسےطےکردی۔دونوں بہت خوش ہوئے۔کہانی کایہ آخری حصّہ بہت اہم ہے جس میں گلزارنےکہانی کےکرداروں کی تحلیلِ نفسی کی ہے۔ماسٹررام کماراپنی بیٹی سےکہہ رہےتھے:
        ‘‘بہت ہی اونچےخیالات ہیں بابودیناناتھ کے۔بتاؤ آج کےزمانےمیں اورملےتوملےایسےسسرملتےہیں کہیں؟کہنےلگےمجھےتوایک دھیلےکادہیج نہیں چاہیے۔ساڑھے تین کپڑوں میں لڑکی بھیج دیجیےاورلڑکی آپ کی پوری آزادی کےساتھ سروس کرتی رہےگی۔’’میں تو حیران ہوگیا۔بولے...‘‘ میری توشرط ہےکہ اوشااپنی سروس کےساتھ ہی میرےگھرکی بہوبنےگی۔مجھے رسوئی گھرکی باندی نہیں چاہیے۔’’ 
       اورادھردیناناتھ اپنی بیوی کوسمجھارہےتھے۔ ‘‘ناراض کیوں ہوتی ہوبھاگیوان!تمھارالایاسوناکیابچا؟کچھ دکان بنانےمیں اٹھ گیا،کچھ ٹیکس چکانےمیں!ہم توسانس لیتاسونالائےہیں دہیج میں...پنشن بندھ گئی۔ چودہ سوروپےتنخواہ کےلائےگی اورڈرائنگ بھی اچھی ہے اس کی۔بارہ سوروپےکاایک ورکرکم ہوادکان پر!کیوں۔؟’’ (حساب کتاب) 
        موجودہ بےرحم ہندوستانی سماج میں دیناناتھ جیسےلوگوں کی کمی نہیں۔شہرہویاگاؤں!قصبہ ہویا دیہات۔!گلزارکی یہ مختصرسی کہانی ہمیں بتاتی ہےکہ ہم کس وجہ سےپچھڑے پن کاشکارہیں۔سبب جہیز۔!
جہیزہندوستانی سماج کاایک ایساکینسرہےجوہماری نئی نسل کوتیزی کےساتھ نگل رہاہے۔زندہ درگورکررہا ہے۔غریب اورمتوسط طبقہ کی بچیاں والدین پربوجھ بنتی جارہی ہیں۔شادی کی عمریں نکل جاتی ہیں،بالوں میں سفیدی آجاتی ہےاورآنکھوں کےسارےسہانےخواب مر جاتےہیں۔اس دورکاخودغرض،وحشی اوربدترین سماج بچیوں کوجرم کی طرح دیکھتاہےاورغریب والدین کو مجرم کی طرح۔اس ترقی یافتہ عہدِجاہلیت میں بچیوں کاجس طرح استحصال ہورہاہےاس کی مثال معلوم تاریخ میں نہیں ملتی۔حدیہ کہ انھیں پیداہونے سےروکا جاریاہے۔زندہ جلایاجارہاہے۔اوریہ سب کچھ جہیزکے سبب ہورہاہے۔حکومتیں جہیزمخالف قانون بناتی ہیں لیکن وہ خوداس پرعمل کرتی ہیں اورنہ ان کےعوام۔ 
کہتےہیں کہ قومی ترقی تعلیم میں پوشیدہ ہےلیکن وہ بچےکس طرح تعلیم حاصل کریں جن کےوالدین اور خودان پرکئی بیٹیوں اورکئی بہنوں کابوجھ ہے۔جہیز کےبغیرجن کی شادیاں نہیں ہوسکتیں۔
         کسی ملک کی اصل ترقی نیچےسےشروع ہوتی ہےاوراوپرتک جاتی ہے۔جس عمارت کی بنیادکمزورہووہ عمارت مخدوش ہے۔جس دن بھارتی سماج جہیزکی لعنت سےآزادہوگاوہ ملک اورقوم کی اصل ترقی کاپہلا دن ہوگا۔تب غریب بچےپڑھ سکیں گے۔ان کےکاندھوں پرجہیزکابوجھ نہیں ہوگا۔وہ آزادہوں گے۔
            ***                 
              Anas Masroor Ansari
        Qaumi Urdu Tahreek Foundation
              Sakrawal Urdu Bazar, Tanda       
          Ambedkar Nagar U.P. (224190)
                     mo/9453347784

جامعہ عربیہ دارالعلوم محمدیہ البا کالونی پھلواری شریف پٹنہ میں محفل دعائیہ بحسن خوبی اختتام پذیر ہوا

جامعہ عربیہ دارالعلوم محمدیہ البا کالونی پھلواری شریف پٹنہ میں محفل دعائیہ بحسن خوبی اختتام پذیر ہوا 
Urduduniyanews72 
پھلواری شریف پٹنہ مورخہ 15/جنوری 2024 (پریس ریلیز:محمد ضیاء العظیم ) 
قرآن کریم رب العالمين کی نازل کردہ وہ آخری آسمانی کتاب ہے  جسے رب العزت نے اپنے سب سے پیارے، چہیتے، اور آخری نبی و پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر مکمل تاریخ کے ساتھ نازل فرماکر پوری انسانیت کو یہ پیغام دیا کہ یہی وہ پیغامات ہیں جن پر کامیابیوں کی ضمانت پنہاں ہیں ۔قرآن کریم وہ دریچہ اور سرمایۂ حیات ہے جس میں ہم بیک وقت ہم ماضی حال اور مستقبل تینوں دیکھتے ہیں ۔قرآن کریم اور دوسری کتابوں کے درمیان فرق افضل مفضول اور اکمل وغیرہ کا نہیں بلکہ بنیادی فرق محفوظ اور غیر محفوظ کا ہے،کیونکہ اللہ تبارک وتعالی نے کسی بھی کتاب کی تحفظ وبقا کی ذمہ داریاں قبول نہیں کی، جبکہ قرآن کریم کی حفاظت کی ذمہ داریاں خود اللہ نے لی ہے ۔فرمان الٰہی ہے اِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّكْرَ وَ اِنَّا لَهٗ لَحٰفِظُوْنَ
ترجمہ:
بیشک ہم نے  قرآن کو نازل کیا ہے اور  ہم خود اس کی حفاظت کرنے والے ہیں ۔اس سے اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ پہلی کتابیں وقت کے ساتھ ختم ہو جائیں گی اور قیامت تک کے لیے راہنمائی اسی کتاب سے حاصل کی جائے- اللہ رب العزت اپنے بندوں کے ذریعہ اس کتاب کی حفاظت فرماتے ہیں، اللہ کے نیک بندے اس کی تلاوت وسماعت کرتے ہیں، اسے سیکھتے ہیں اور دوسروں کو سکھا کر بندگی کے تقاضے پورے کرنے کی سعی کرتے ہیں ۔ایک ذریعہ اللہ رب العزت نے اس کی حفاظت چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کے سینے میں اسے محفوظ کرکے فرمایا ۔
واضح رہے کہ اس کڑی کا آغاز جامعہ عربیہ دارالعلوم محمدیہ کے دو طالب علموں نے "حافظ محمد افضل ابن محمد جمال،بیگوسراۓ، حافظ محمد شہزاد ابن محمد سہراب پٹنہ" ان دو طالب علموں نے جہد مسلسل کے ساتھ قرآن کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرکے اس بات کا واضح ثبوت دیا کہ 
 " وَ اَنْ لَّیْسَ لِلْاِنْسَانِ اِلَّا مَا سَعٰى(39)سورہ نجم" 
ترجمہ: 
انسان جس چیز کی کوشش کرے وہ اس میں کامیابی حاصل کرتا ہے ۔
اس بابرکت موقع پر ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں قرآن، اہمیت قرآن، احکامات قرآن، پیغامات قرآن سے متعلق  بچوں کو خطاب کیا گیا۔
تمام اساتذہ وکارکنان، سرپرست ،والدین نے دونوں طالب علموں کو مبارکبادی پیش کرتے ہوئے ان کی روشن مستقبل کے لئے دعائیں دیں، 
مبارکبادی پیش کرنے والوں میں استاذ محمد ضیاء العظیم قاسمی، قاری عبدالواجد ،قاری عبد الماجد، مفتی نورالعظیم مظاہری وغیرہ کے نام شامل ہیں۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جامعہ عربیہ دارالعلوم محمدیہ البا کالونی پھلواری شریف پٹنہ ایک خالص دینی ادارہ ہے ،جس کی بنیاد محض خلوص وللہت پر ہے، یہاں مقامی وبیرونی طلباء اپنی علمی پیاس بجھا رہے ہیں ،اس وقت جامعہ ہذا میں چوبیس طلباء ہاسٹل میں مقیم ہیں، مقامی تیس طلبہ وطالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں پانچ اساتذۂ کرام ان کی تعلیم وتربیت پر معمور ہیں جن کی مکمل کفالت مدرسہ ھذا کے ذمہ ہے اور مدرسہ اہل خیر خواتین وحضرات کے تعاون سے چل رہا ہے ۔

اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...