Powered By Blogger

ہفتہ, فروری 24, 2024

تاب ِسخن (تعارف تبصرہ)

تاب ِسخن (تعارف تبصرہ)
Urduduniyanews72 
     ✍️مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ 

غالب ؔ نے کہا تھا ''کچھ شاعری ذریعہ عزت نہیں مجھے''، حالاں کہ غالب کی زندگی سے شاعری کو نکال دیا جائے تو گوشت وپوست کے ایک انسان کے سوا کچھ نہیں بچتا، البتہ یہ بات علماء پر صادق آتی ہے، طبقہ علماء میں بڑے بڑے شعراء پیدا ہوئے، لیکن انہوں نے شاعری کو کبھی بھی ذریعہ عزت نہیں بنایا، ماضی کو چھوڑ یے حال میں ہی مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم کو ہی دیکھ لیجئے، کتنی اچھی شاعری ہے، لیکن ان کی شہرت وعزت قطعاً اس کی ممنون نہیں ہے، شعر وادب سے علماء کی اس بے اعتنائی کی وجہ سے ان کے کلام ادھر اُدھر منتشر ہوتے رہے، خود انہیں کبھی جمع کرنے، بلکہ سجو کر رکھنے کا بھی خیال نہیں آیا، جس کی وجہ سے علماء طبقہ کے بڑے بڑے شعراء، شعر وادب کے حوالہ سے گوشہ گم نامی میں پڑے رہے اور ان کا شعری سرمایہ زمانہ کید ست برد سے محفوظ نہیں رہ سکا، بلکہ بڑی حد تک ضائع ہو گیا، میں ایسے کئی علماء کو جانتا ہوں، لیکن یہاں فہرست سازی کا نہ موقع ہے اور نہ ہی ضرورت۔

''تاب سخن ''کا معاملہ بھی کچھ ایسا ہی ہے، یہ مولانا سید مسرور احمد مسرور (ولادت 1950وفات 21اگست 2022) کا مجموعہ کلام ہے۔وہ دارالعلوم سبیل السلام حیدر آباد سے 1986میں جڑے اور زندگی کے کم وبیش پینتیس سال یہیں گذار دیے، وہ اچھے کاتب تھے اور کتابت انہوں نے دار العلوم دیو بند سے سیکھی تھی، اس لیے زیادہ وقت کتابت اور بچوں کو خوش خطی سکھانے میں گذرا،حیدر آباد جانے سےقبل ایک زمانہ تک امارت شرعیہ کے ہفت روزہ نقیب کی کتابت  وہی کیا کرتے تھے، امیر شریعت سادس مولانا سید نظام الدین سے وطنی قربت بھی تھی، مولانا سید مسرور کے والد چھپرہ سے نقل مکانی کرکے کوٹھی ضلع گیا منتقل ہو گیے تھے، جہاں  انکی سسرال تھی، امیر شریعت سادس کے گاؤں گھوری گھاٹ سے یہ بہت قریب ہے، یہیں پلے بڑھے، مدرسہ عبیدیہ کوٹھی اور مدرسہ قاسمیہ گیا سے تعلیم وتربیت حاصل کی، دیو بند کا رخ کیا، وہاں سے کتابتِ  کا فن سیکھا اور پوری زندگی اسی کام میں لگا دیا۔
 شعر وادب کا ذوق اکتسابی نہیں، وہبی تھا، طبیعت موزوں تھی، مختلف اصناف سخن میں طبع آزمائی کی، جن میں نعت، تہنیت، منقبت، سپاس نامے، الوداعی نظمیں، سہرے، نغمہائے شادی، خراج عقیدت اور متفر ق چیزیں شامل ہیں، لیکن ان کو مرتب کرنے، جمع کرنے اور با قاعدہ محفوظ رکھنے کا خیال ان کے دل میں کبھی نہیں آیا، اس لیے ان کی زندگی میں مولانا محمد سراج الہدیٰ ندوی ازہری کے بار بار کے تقاضے کے باوجود وہ اس پر آمادہ نہیں ہوئے اور بالآخر موت نے انہیں آلیا۔
ان کے گذرنے کے بعد مولانا سراج الہدیٰ ندوی ازہری جو میرے برادر زادہ،داماد اور خانوادہ ہدی کے گل سرسبد ہیں، نے ان کے وارثین سے کسی کسی طرح ان کے اشعار کو حاصل کیا، جو کام ان کی زندگی میں آسان تھا وہ ان کے بعد مشکل ہو گیا اور اس کے لیے مولانا  ازہری کو جو جگر کادی کرنی پڑی، اس کا اندازہ کچھ انہیں لوگوں کو ہوگا جو اس قسم کے کام سے دلچسپی رکھتے ہوں اور کبھی اس قسم کی خارزار وادی سے ان کا گذرہوا ہو۔
مولانا محمد سراج الہدیٰ ندوی ازہری اگر صرف ان کے اشعار جمع کر دیتے تو یہ بھی بہت تھا، لیکن ا نہوں نے ایک غیر ضروری شرط اپنے اوپر لگائی کہ اسے تاریخ کے اعتبار سے مرتب کرنا ہے، یعنی جس تاریخ کو ان اشعار کا مولانا پر نزول ہوا، اس کی رعایت ترتیب میں کریں گے، اس نے اس کام کو ان کے لیے مزید دشوار کر دیا، بلکہ کہنا چاہیے کہ یہ تکلیف ما لا یطاق کے قبیل سے تھا، جو ان کی محنت میں مزید اضافے کا باعث ہو گیا، بہر کیف انہوں نے اپنی بے پناہ مشغولیات جن میں درس وتدریس، وعظ وخطابت، بچوں کی پرورش وپرداخت،متعلقین اور معتقدین کے تقاضوں کی تکمیل کے ساتھ اس کام کو بھی پایہ تکمیل تک پہنچا دیا۔
مولانا محمد سراج الہدیٰ کی نظر حدیث وفقہ، تفسیر پر گہری ہے، ان کی تفسیر دو جلدوں میں شائع بھی ہو چکی ہے، اس کے ساتھ ا ن کا ادبی ذوق بھی بالیدہ ہے، انہوں نے اس سے قبل حضرت مولانا سید محمد شمس الحق صاحب ؒ سابق  شیخ الحدیث جامعہ رحمانی مونگیر کے اشعار بھی ”کلام شمس“ کے نام سے جمع کیا ہے، اس میں بھی ان کی محنت لائق ستائش ہے، لیکن اب تک یہ کتاب شائع نہیں ہو سکی ہے، مولویوں کے پاس اتنی اضافی رقم نہیں ہوتی جو کتاب کی طباعت کی متحمل ہو سکے اور غیرت وخود داری کا احساس کسی کے سامنے دست تعاون دراز کرنے سے مانع ہوتا ہے، شاید یہی وجہ ہے کہ اب تک ''کلام شمس'' طبع نہیں ہوسکی۔
مولانا مرحوم کی شاعری اچھی ہے، لیکن وہ کسی نہ کسی موقع سے لکھی گئی ہے، جس میں اپنی خواہش کم اور دوسروں کی خواہش کا احترام زیادہ ہے، اشعار میں ندرت اور فکر میں رفعت کے باوجود تہنیت، سہرے، خراج عقیدت وغیرہ کے بعض اشعار ایک دوسرے سے تو ارد کا مظہر ہیں، میں جانتا ہوں ایک جیسے خیالات اور مصرعے جب دو شاعروں کے یہاں مماثل ہو جاتے ہیں تو توارد کہلاتا ہے، مولانا کے یہاں جو کچھ ہے اس کے لیے صحیح لفظ تکرار ہے، لیکن تکرار کہنے میں سوئادب معلوم ہوتا ہے، اس لیے اسے توارد سے تعبیر کیا ہے، کوئی فکر اگر شاعر پر غالب آگئی، اور وہ بار بار اس کا اعادہ کرنے لگے تو اسے توارد کہنے میں حرج نہیں معلوم ہوتا، گوا دبی پنڈتوں کے یہاں یہ زیادہ صحیح نہیں سمجھاجاتا، توارد پر اگر اعتراض ہو تو آپ اسے احباب کے تقاضوں کی تکمیل بھی کہہ سکتے ہیں۔ یہ توارد کبھی بعض الفاظ کو الٹ پلٹ کر اور کبھی بعض مصرعوں کو بڑھا کر بھی سامنے آتا ہے، اصل میں تہنیت، سہرے، خراج عقیدت میں ”مضامین نو کے انبار“ کا موقع نہیں ہوتا، اس کی لفظیات بھی محدود ہوتی ہیں، اور خیالات میں وسعت کی بھی کمی ہوتی ہے، لن ترانی اور ایران توران کی ہانکنے کا مولانا کا مزاج نہیں تھا، اس لیے ان اصناف میں عام طور پر یکسانیت کا احساس ہوتا ہے، اور صحیح  اور سچی بات یہی ہے کہ وہ ان اصناف میں '' مضامین نو'' کا انبار نہیں لگا سکے ہیں، اور ہر آدمی یہ کام کر بھی نہیں سکتا، اب میرانیس پیدا نہیں ہوں گے جو مضامین نو کے انبار لگا تے تھے، اور خرمن کے خوشہ چینوں کو خبر کرنے کی تلقین بھی کیا کرتے تھے۔
 مولانا محمد سراج الہدیٰ ندوی ازہری ہم سب کی جانب سے شکر یہ کے مستحق ہیں، انہوں نے مولاناسید مسرور احمد مسرور کے کلام کو مرتب کرکے ان کو ضائع ہونے سے بچالیا، اللہ تعالیٰ سے اس مجموعہ کے قبول عام وتام،مولانا مرحوم کی مغفرت اورمولانا سراج الہدیٰ ندوی ازہری کے علمی کاموں میں وسعت اور صحت وعافیت کے ساتھ درازئ عمر کی دعا پر اپنی بات ختم کرتا ہوں۔

جمعہ, فروری 23, 2024

وہ ایک رات _____

وہ ایک رات _____
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف، پٹنہ 
شعبان کا مہینہ اسلامی تاریخ میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے ، اس لیے کہ اسی ماہ میں حضرت حسین ؓ کی ولادت ہوئی ، اسی ماہ میں حضرت حفصہ ؓ سے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا نکاح ہوا ، مسجد ضرار کی حیثیت اسی ماہ میں واضح ہوئی اور اسے نذر آتش کیا گیا ، اسی مہینہ میں تحویل قبلہ کا واقعہ پیش آیا اور اسی مہینہ میں مسیلمہ کذاب کے وجود سے دنیا پاک ہوئی ؛ لیکن اسلام میں اس کی اہمیت ایک اہم رات کی وجہ سے ہے ، جسے شب براء ت کہتے ہیں، یعنی جہنم سے گلو خلاصی کی رات ، اس رات کو اللہ کی خاص رحمت نازل ہوتی ہے اور سارے ضرورت مندوں کی ضرورت پوری کرنے کے لیے آواز لگائی جاتی ہے ، خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو اس آواز کے ساتھ اپنی ضرورتیں بارگاہ ایزدی میں پیش کرکے دامن مراد حصولیابیوں سے بھر لیتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اے اللہ اگر تو نے ہمارا شمار بد بختوں میں کر لیا ہے تو اسے مٹادے اور ہمیں نیک بختوں میں لکھ لے اور اگر ہمیں نیک بختوں میں لکھ رکھا ہے تو اسے بر قرار رکھ؛ کیونکہ تیرے ہی پاس لوح محفوظ ہے، اس رات رحمت کی باد بہاری چلتی ہے ، مغفرت کے پروانے تقسیم ہوتے ہیں اور جہنم سے گلو خلاصی عمل میں آتی ہے ، گویا پورے سال بندہ رحمت خدا وندی کی تلاش میں رہتا ہے ، لیکن اس رات میں رحمت خدا وندی بندوں کو تلاش کرتی ہے ، اور ضرورت مندوں کی ضروتیں پوری کی جاتی ہیں، اس فضیلت والی رات میں بھی بعض محروم القسمت اپنی بد اعمالیوں کی وجہ سے محروم رہ جاتے ہیں، مختلف احادیث میں ان کا ذکر آیا ہے  اس فہرست میں کینہ رکھنے والا ، مشرک ، نا حق خون کرنے والا ، قطع تعلق کرنے والا ، ٹخنوں سے نیچے کپڑا لٹکانے والا ، غیب کی باتیں بتانے والا ، کاہن ، نجومی ، ماں باپ کی نا فرمانی کرنے والا ، شراب کا عادی، ظلماً ٹیکس وصولنے والا اور باجہ بجانے والا، سود کھانے والا ، چغل خور، زانی ، گستاخ رسول، شامل ہے،یہ فہرست مکمل نہیں ہے ، تحقیق سے اور بھی کچھ لوگوں کا اضافہ ہو سکتا ہے، ہر آدمی کو اس پر غور کرنا چاہیے کہ وہ کسی ایسے اعمال بد کا شکار تو نہیں ہے ، جس کی وجہ سے اس رات میں بخشش سے محرومی اس کا مقدر ہے ۔ 
 اس رات کے فضائل بے شمار ہیں، احادیث میں روزے رکھنے اور نمازیں پڑھنے کا بھی ذکر ہے ، لیکن اس کی خاص رکعات اور پڑھنے کا کوئی خاص طریقہ مذکور نہیں ہے ، اس لیے یہ کہنا کہ اس رات میں سو رکعت نفل پڑھی جائے اور ہر رکعت میں دس دس بار قل ھو اللہ پڑھیں، صحیح نہیں ، اس نماز کو ۴۴۸ھ میں بیت المقدس میں عام لوگوں کی قربت کے حصول کے لیے بعض ائمہ مساجد نے شروع کرایا تھا ، دھیرے دھیرے اس نے جڑ پکڑ لیا ، اس نماز کے ساتھ قوم براقعہ نے چراغاں کا اضافہ کیا اس کے علاوہ یہ اور بہت سارے منکرات پر مبنی تھا ، اس لیے علماء نے اسے بدعت سے تعبیر کیا ہے ، عرب میں اس بدعات کو ختم کرنے کے لیے جد وجہد کی گئی اور بالآخر آٹھویں صدی ہجری میں عربوں کے یہاں اس بدعت کا خاتمہ ہو گیا ۔ لیکن ہندوستان میں چراغاں، رت جگے، اجتماعی قرآن خوانی، ایصال ثواب کی مجلسوں کا قیام ، حلوہ بنانا، بانٹنا اور کھانا آج بھی رائج ہے ، چراغوں کے ساتھ پٹاخوں کی بھی کثرت ہوتی ہے اور بالکل غیر مسلموں کی دیوالی کا سا منظر ہوتا ہے ، ظاہر ہے اس عمل کا کوئی تعلق شریعت سے نہیں ہے اور اگر کسی قوم کی مشابہت اختیار کر نے کی ممانعت کو سامنے رکھیں تو یہ ممنوعات کے ذیل میں ہی آئے گا ؛ اس لیے ہمیں اس سے بچنا چاہیے یہ شرعی تقاضوں کے زیادہ قریب ہے ۔
 اس لیے اس رات میں عبادت کا اہتمام کرنا اور پندرہویں شعبان کا روزہ رکھنا تو ثابت ہے ،قبر ستان کی حاضری سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا، اس رات کی فضیلت سے متعلق احادیث مسلم ، ترمذی، ابو داؤد ، نسائی، دار می، مؤطا ، ابن ماجہ اور مسند احمد میں مذکور ہے، اور اس کثرت سے ہیں کہ اس کے ثبوت میں کلام نہیں کیا جا سکتا ہے ، البتہ شریعت کے مدارج کو سمجھنا چاہیے اور اسے مستحب سمجھ کر ادا کرنا چاہیے، سماج میں اگر کوئی مسلمان اس رات کی فضیلت کا انکار کرتا ہے، روزہ نہیں رکھتا ہے تو اس پر لعن طعن کرنا اور اس کو جھگڑے کا سبب بنا نا قطعاً درست نہیں ہے، اسی طرح اس رات کو لہو ولعب میں گذارنا نہیں چاہیے، پٹاخہ ، آتش بازی اور چراغاں سے گریز کرنا چاہیے، کیوں کہ یہ سب شیطانی کام ہیں، جس سے عبادت کے فوائد کا خاتمہ ہو جاتا ہے ۔

پیر, فروری 19, 2024

علماء کرام اور ائمہ عظام موجودہ زمانے کے تقاضے کے مطابق دعوتی فریضہ انجام دیں: مولانا خالد سیف اللہ رحمانی

علماء کرام اور ائمہ عظام موجودہ زمانے کے تقاضے کے مطابق دعوتی فریضہ انجام دیں: مولانا خالد سیف اللہ رحمانی
Urduduniyanews72 
پٹنہ (پریس ریلیز )19 فروری 

ملی کونسل سے ملت کی امیدیں وابستہ ہیں ، آل انڈیا ملی کونسل کے ریاستی دفتر میں صدر مسلم پرسنل لا بورڈ کا بصیرت افروز خطاب

آج صبح دس بجے آل انڈیا ملی کونسل کے ریاستی دفتر پھلواری شریف ،پٹنہ میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر فقیہ العصر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی قومی نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل کی آمد پر علماء، ائمہ کرام اور دانشوران کی ایک خصوصی نشست منعقد ہوئی جس کی صدارت خود صدر بورڈ نے کی ۔ مولانا کی آمد پر آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی اور دیگر عہدے داران و اراکین نے والہانہ استقبال کیا ۔ جنرل سکریٹر ی ملی کونسل بہار مولانا ڈاکٹر محمد عالم قاسمی ومولانا محمد ابو الکلام شمسی جوائنٹ جنرل سکریٹری ملی کونسل بہار نے شکرو امتنان کی علامت کے طور پر گلدستہ محبت پیش کیا ، جب کہ مولانا انیس الرحمن قاسمی نے شال پوشی کے ذریعہ عزت افزائی کی۔ مولانا انیس الرحمن قاسمی نے اپنے استقبالیہ کلمات میں ملک کو در پیش چیلنجز کی طرف صدر بورڈ کی توجہ مبذول کرائی  اور علماء کرام و ائمہ کرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم علماء کی ذمہ داری ہے کہ ہم اس زبان میں گفتگو کریں ، جسے ہماری نئی نسل آسانی سے سمجھ سکے۔ مسجد میں ہونے والی تقریریں ایسی زبان میں ہو نی چاہئیں جو طلبہ، عصری تعلیم یافتہ لوگوں اور عوام کی سطح کے مطابق ہو ۔ اپنے صدارتی خطاب میں حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے فرمایا کہ اس دور میں میڈیا اور ذرائع ابلاغ کی بہت اہمیت ہے ، خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب اپنی دعوتی مہم کا آغاز کیا تو صفا کی چوٹی پر چڑھ کر آپ نے ہر قبیلہ کا نام لے لے دعوت دی ، جو اس وقت کا سب سے بڑا ذریعہ ابلاغ تھا۔ اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عکاظ کے میلے میں ، حج کے اجتماعات میں دعوت دین کافریضہ  انجام دیا ۔ جب کہ ان بازاروں میں بہت سارے غیر شرعی عمل ہوا کرتے تھے لیکن طبعی کراہت کے باوجود آپ ان مقامات پر تشریف لے گئے اور لوگوں کو اسلام کی دعوت دی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے شاہان عرب و عجم کو دعوتی خطوط لکھے ، جن کی تعداد ڈاکٹر حمید اللہ کے بقول چار سو سے زائد ہے ، جس میں شاہ چین کو بھیجا گیا خط بھی شامل ہے۔ انہوں نے مزید فرمایا کہ علامہ سرخسی نے لکھا ہے کہ ایک صحابی نے قرآن کریم کا فارسی زبان میں ترجمہ کیا، جب کہ ایک تابعی نے قرآن حکیم کا سندھی زبان میں ترجمہ کیا جو کہ اس وقت بر صغیر ہندو پاک کی زبان تھی ۔ خود اللہ تعالی نے نبیوں کی بعثت کے سلسلہ میں فرمایا ہے کہ وہ جس قوم کی طرف مبعوث کیے گئے انہیں کی زبان میں بات کرتے تھے ۔ اس لیے علماء ، ائمہ کرام اور داعیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ قوم جو زبان سمجھتی ہے ،ا س میں اللہ اور اس کے رسول کا پیغام پہونچانے کی کوشش کریں ۔ ہر مسجد میں علماء اور ائمہ کے لیے انگلش اور ہندی اسپیکنگ کورس چلایا جانا چاہئیے اگر علماء کرام تہیہ کر لیں تو یہ نظام آسانی سے چل سکتا ہے ۔ صدر بورڈ نے مزید کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے دائرہ کار کو اکابر نے نہایت ہی سنجیدہ بحث اور غور و فکر کے بعد محدود رکھا ہے ، لیکن آل انڈیا ملی کونسل بورڈ کے مشن کی تکمیل  کے لیے قائم کی گئی اور آپ کہہ سکتے ہیں کہ آل انڈیا ملی کونسل مسلم پرسنل لا بورڈ کا تکملہ ہے ۔ الحمد للہ مختلف ریاستوں خاص کر کے کرناٹک اور بہار میں ملی کونسل گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے اور بڑی فعال ہے ۔  مولانا رحمانی نے ہندوستان کے موجودہ حالات کے تناظر میں فرمایا کہ حالات مشکل ضرور ہیں لیکن مایوس ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ، 1857 اور 1947 کے حالات اس سے زیادہ مشکل تھے ، اس وقت ہمارے پاس وسائل کی کمی تھی ، اپنے تعلیمی و ملی ادارےانگلیوں پر گنے جا سکتے تھے ،  آج اللہ کا شکر ہے کہ بڑی تعداد دینی و عصری تعلیمی گاہیں اور ملی ادارے موجود ہیں جو ملت کی ترقی اور خدمت اور اسلام کے دفاع کے لیے ہمہ تن کوششیں کر رہے ہیں ۔ انہوں نے علماء کو مخاطب کرتے ہوئے بطور خاص فرمایا کہ وہ قوم ترقی نہیں کر سکتی جو ہر چیز میں دوسرے کی محتاج ہو ، اس لیے ہمیں ملت کو  ہر اعتبار سے خود کفیل بنانے کی کوشش کر نی چاہئے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم میں جہاں مسجد نبوی کی بنیاد رکھی اور مدرسہ قائم کیا وہیں آپ نے مدینہ مارکیٹ کی بھی بنیاد ڈالی اور صحابہ کو حکم دیا کہ وہ اپنا سامان تجارت میں مدینہ کی مارکیٹ میں لائیں اور یہیں سے اپنی تجارت کو فروغ دیں ۔ مولانا نے کہا کہ دعوت کے لیے انفرادی کوششیں اجتماعی کوششوں سے زیادہ اہم ہیں ، اور اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اہل مدینہ کے ساتھ معاہدے کو اپنا اسوہ بنائیں ، جس کی تین اہم بنیادیں تھیں ، مسلمانوں کا آپس میں مواخاۃ یعنی برادرانہ تعلق اور غیر مسلموں سے موالات یعنی ان کے ساتھ حسن سلوک  اور رواداری، ظلم کے خلاف متحدہ کوششیں اور معاشرتی امن و امان کا قیام ۔ اگر ان بنیادوں پر ہم نے اپنی کوششوں کو آگے بڑھا یا تو یقیناً اس ملک میں محبت و بھائی چارے کی فضا قائم ہو گی اور میڈیا کے ذریعہ گھولے جانے والے زہر کا تریاق ہو گا ۔ 
اس سے قبل مولانا ابو الکلام قاسمی شمسی نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل بہار نے حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ حضرت کی شخصیت اور مسلم پرسنل لا بورڈ ، آل انڈیا ملی کونسل جیسی تنظیمیں ملت کا سرمایہ ٔ افتخار ہیں ، انہوں نے موجودہ حالات کے پیش نظر بورڈ کو مسلمانوں کی مکمل رہنمائی کرنے اور خاص طور پر سیاسی استحکام پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ نشست کا آغاز مولانا  جمال الدین قاسمی کی تلاوت سے ہوا  اوراختتام  صدر مجلس کی دعا پر ہوا ۔ جبکہ نظامت کے فرائض مولانا مفتی محمد نافع عارفی کارگزار جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل بہار نے انجام دیے۔ اس نشست میں جن اہم شخصیات نے شرکت کی ان میں مولانا مفتی سہیل احمد قاسمی صدر الحمد ادارہ خدمت خلق، مولانا عبد الباسط ندوی سکریٹری المعہد العالی پھلواری شریف، مولانا نور الحق رحمانی استاذالمعہد العالی، جناب سلام الحق صاحب رکن آل انڈیا ملی کونسل، جناب نجم الحسن نجمی رکن آل انڈیا ملی کونسل ، جناب عباس قاسمی دار العلوم سبیل الفلاح جالے، مولانا عبد الماجد قاسمی ڈائرکٹر الفلاح انگلش عربک اسکول پھلواری شریف، مولانا مظفر رحمانی  دار العلوم سبیل الفلاح جالے،جناب پروفیسر شمس الحسین ، مولانا محمد جابر مظاہری امام الامین مسجد اگزبیشن روڈ،جناب نوشاد اعظم، محمد محبوب عالم خلیل پورہ، مولانا سید مبشر نجمی معہد عمر بن خطاب، مولانا لطف الرحمن قاسمی معہد قاسم ، مولانا سید عادل فریدی سکریٹری ملی کونسل بہار،مولانا رضاء اللہ قاسمی نائب سکریٹری ابو الکلام ریسرچ فاوئنڈیشن،مولانا ریاض الدین قاسمی پھلواری شریف، مولانا منظر قاسمی، مولانا محمد عثمان ، مولانا شمس الحق مظاہری ، جناب مکرم صاحب دربھنگہ، مولانا احترام الرحمن قاسمی بیگو سرائے، مولانا قاری انور قاسمی معہد ام ہانی پھلواری شریف، مولانا رضوان عالم دیگھا، شوکت علی رضوی جنرل سکریٹری ملی کونسل پٹنہ، ضیاء الحسن صاحب  خلیل پورہ، مولانا سلیم الدین قاسمی امام جامع مسجد ہارون نگر، جناب سید ظفر حسین قاضی نگر، مولانا محمد عمار ومولانا فضیل صاحب الفلاح اسکول پھلواری شریف، محمد عامر صاحب، محمد صفوان حسن ہارون نگر، سالک سعد اللہ ،مولانا فیروز احمد، سعید انصاری صاحب  پھلواری شریف،مولانا مرسل جامعی، مولانا شکیل احمد نیپال،مولانا محمد مختار ندوی دار العلوم سبیل الہدایہ رائے پور نیپال، مولانا رستم صاحب مدھوبنی، مولانا عامر سہیل سجادی، مولانا عمر فارو ق المعہد، مولانا وجاہت ، مولانا سلیم الدین ، اختر عتیق مظاہر ی امام جامع مسجد دیگھا ، مولانا ا بو نصر ہاشم ندوی، مولانا انیس الرحمن قاسمی،  مولانا نجم الہدیٰ قاسمی، مولانا فیضان قاسمی،  مولانا نسیم احمد، حافظ خالد سعید، انجینئر محفوظ الرحمن  وغیرہ کے اسماء گرامی شامل ہیں۔

اتوار, فروری 18, 2024

مولانا امام الدین قاسمی (یادوں کے چراغ)

مولانا امام الدین قاسمی (یادوں کے چراغ) 
اردودنیانیوز۷۲ 
 ✍️ مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف، پٹنہ 
========================
مولانا محمد امام الدین قاسمی ولد مولانا صغیر احمد ساکن مؤمن ٹولہ، ڈاکخانہ پنڈول ضلع مدھوبنی کا انتقال یکم فروری 2024ء کو ہو گیا ، اللّٰہ کے یہاں وقت مقرر تھا، لیکن بندوں کو اس وقت کا پتہ نہیں ہوتا ہے ، اس لیے ایسا لگتا ہے کہ اچانک ہی سب کچھ ہو گیا ، وہ معمول کے مطابق الحمد ٹرسٹ میں اپنی مفوضہ ذمہ داریوں کو ادا کرنے آئے تھے ، چار بجے کے قریب دفتر میں ہی ان کو برین ہمریج ہوا، اٹھا بیٹھا کر قریب کے ایس ایس ہوسپیٹل لے جایا گیا، ڈاکٹر نے مایوسی کا اظہار کیا، دل کی تسلی کے لیے لوگ پارس ہوسپیٹل سمن پورہ لے گیے ، وہاں ایڈمٹ نہیں ہوئے اور ڈاکٹر نے ان کے دنیا چھوڑنے کا اعلان کر دیا، جنازہ امارت شرعیہ کے ایمبولینس سے ان کے آبائی گاؤں مؤمن پور لے جایا گیا، حضرت امیر شریعت کی ہدایت پر ایک مؤقر وفد ان کے گاؤں گیا، جس میں قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی قاسمی ، مولانا احمد حسین قاسمی معاون ناظم ،مولانا عبد اللہ جاوید، مدھوبنی ضلع کے قضاۃ ومعاونین قضاۃ اور ضلع کمیٹی کے ذمہ داران شریک تھے بعد نماز جمعہ 2؍ فروری2024ء کو مومن پور پنڈول کے مقامی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی ، اس موقع سے امارت شرعیہ کے ذمہ داروں نے تعزیت اور تسلی کے کلمات کہے، حضرت امیر شریعت کی طرف سے وارثین تک تعزیتی پیغامات پہونچائے گیے ، جنازہ کی نماز ان کے حقیقی ماموں مولانا بدیع الزماں قاسمی نے پڑھائی، جنازہ میں علمائ، صلحاء اور عوام الناس کی تعداد ایک ہزار سے زائد بتائی جاتی ہے ۔
 تعلیمی اسناد کے مطابق ان کی ولادت یکم مئی 1987ء کو ان کے آبائی گاؤں مومن پور پنڈول مدھوبنی میں ہوئی ، صرف چار سال کی عمرمیں والدہ کا سایہ سر سے اٹھ گیا ، خالہ دوسری ماں کی حیثیت سے ان کے والد کے نکاح میں آئیں اور انہوں نے شفقت ومحبت سے اس بچے کی پرورش وپرداخت کی۔ مولانا چار بھائیوں میں سب سے بڑے تھے، پس ماندگان میں اہلیہ ، والد اور دو چھوٹے بھائیوں کو چھوڑا، ایک بھائی کا انتقال گذشتہ سال ہی جواں عمری میں ہو چکا تھا، یہ دوسرا حادثہ مولانا کے والد کے لیے سوہان روح ہے اور کہنا چاہیے کہ ان کو اندر تک توڑ کر رکھ دیا ہے ، لیکن اللہ نے بڑا صبر وحوصلہ دیا ہے ، اور اس وقت درد والم، غم واندوہ کی شدت کے باوجود وہ راضی برضائے الٰہی کا پیکر اور صبر واستقامت کی تصویر نظر آتے ہیں۔ والد صاحب کرناٹک کے ایک مدرسہ میں استاذ تھے، اس لیے ابتدائی تعلیم وہیں ہوئی ، حفظ قرآن کے لیے مدرسہ محمود العلوم دملہ مدھوبنی میں داخل ہوئے اور تکمیل حفظ کے بعد عربی سوم تک کی تعلیم وہیں حاصل کی، عربی چہارم میں دار العلوم وقف دیو بند میں داخلہ لیا اور  فراغت پائی، ایک سال تکمیل عربی ادب میں بھی لگایا، وہاں سے پھر المعہد العالی امارت شرعیہ آگیے اور تدریب افتاء وقضاء میں دو سال لگایا، فراغت کے بعد امارت شرعیہ کے مرکزی دار القضاء میں 20؍ شوال المکرم 1433ھ میں امیر شریعت سادس کے حکم سے بحالی عمل میں آئی اورمسلسل دس سال انہوں نے یہاں اپنے مفوضہ امور کو انجام دیا ، قاضی شریعت مولانامحمد انظار عالم قاسمی کی تجویز اور مشورہ کے مطابق 17؍ شعبان 1443ھ مطابق 21؍ مارچ 2022ء کو امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ نے ان کا تبادلہ دار القضاء جگت سنگھ پور اڈیشہ کردیا، یہ دار القضاء وہاں نیا کھلا تھا اور تجربہ کارقاضی کی ضرورت تھی، ان بڑوں کی نظر انتخاب مولانا مرحوم پر جا کر ٹک گئی مرحوم نے سمع وطاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہاں جوائن بھی کر لیا اور رمضان کی تعطیلات تک وہیں، خدمت انجام دیتے رہے، لیکن عید بعد وہاں جانے سے انہوں نے معذرت کر لی ، کیوں کہ وہاں کی آب وہوا ان کے مطابق نہیں تھی، اڑیا زبان ان کو نہیں آتی تھی، لا ولد ہونے کی وجہ سے آدم کہیں، حوا کہیں کے مصداق ان کے لیے میاں بیوی کا الگ الگ رہنا بھی ممکن نہیں تھا، ان کی خواہش مرکزی دفتر میں حسب سابق خدمت انجام دینے کی تھی، لیکن یہ خواہش بعض وجوہ سے ان کی پوری نہیں ہو سکی،اس لیے انہوں نے تین ماہ کے بعد ہی دار القضاء امارت شرعیہ سے علاحدگی اختیار کرلی،نہ یہ تبادلے کا عمل پہلی بار ہوا تھا اورنہ ہی تبادلے کے بعد علاحدگی کا فیصلہ پہلی بار تھا، اس لیے اس عمل کو معمول کا حصہ ہی سمجھا گیا، لیکن مولانا مرحوم کو امارت شرعیہ سے جو محبت تھی ، اس کی وجہ سے وہ مایوسی کے شکار ہو گیے، مسئلہ معاش کا بھی تھا، اس کے لے انہوں نے جمال الدین چک میں مکتب میں تعلیم دینی شروع کی اور جمعہ کی امامت بھی کرنے لگے، 15؍ مارچ 2023ء سے الحمد ٹرسٹ ہارون نگر میں خدمت انجام دینے لگے اور دم واپسیں تک وہیں رہے ۔
مولانا امام الدین قاسمی خوش اخلاق ، خوش اطوار، خوش مزاج اور کم گفتار لوگوں میں تھے، ان کے ہونٹوں پر تبسم کی لکیر ہر وقت ہوا کرتی تھی، جسے لوگ واضح طور پر محسوس کرتے تھے، ان کا تعلیمی رکارڈ بھی بہت اچھا تھا، ان کی خوش خطی کی وقف کے اساتذہ نہ صرف تعریف کرتے تھے، بلکہ طلبہ کو دکھا کر ترغیب بھی دیتے تھے کہ اس طرح لکھا کرو، دورہ کے سال انہوں نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ صحاح ستہ کا تکرار کرایا اور بڑی تعداد میں طلبہ ان کے تکرار میں شریک ہوا کرتے تھے۔ 
 میری ان سے ملاقات امارت شرعیہ آنے کے بعد ہوئی تھی ، وفود کے بعض دوروں میں وہ میرے شریک سفرتھے، میں نے انہیں اپنے کام سے کام رکھنے والا پایا، سفر میں قائد سفر کی رعایت اور سمع وطاعت کا مزاج تھا، خوش سلیقگی کے ساتھ وہ اپنی ذمہ داریوں کو ادا کیا کرتے تھے، بعض موقعوں پر وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ میرے گھر بھی تشریف لائے تھے،  ان کے مزاج میں شور وغوغا نہیں تھا، وہ سارے دُکھ ، مصائب اور مسائل کا سامنا خود کرنے کے عادی تھے، دوسروں سے اپنی پریشانیاں شِیَر بھی نہیں کرتے تھے، ایسے لوگ سارا بار والم اپنے دل پر اٹھا لیتے ہیں، اور جب دل اس بوجھ کو اٹھا نہیں پاتا تو دل کا دورہ پڑتا ہے اور کبھی برین ہیمریج ہوجاتا ہے۔ مولانا کا برین ہیمریج ہوا ناک اور کان سے خون نکلنے لگا اور مولانا چل بسے، وجوہات جو بھی ہوں ہم نے ایک با صلاحیت قاضی کو کھو دیا ہے۔یہ اتفاق ہے اور خود میری گوشہ نشینی کہ جو امارت سے الگ ہوجاتا ہے، اس سے میری ملاقات نہ جسمانی طور پرہوتی ہے اور نہ فون سے ، چنانچہ امارت سے علاحدگی کے بعد ان سے نہ میری کوئی ملاقات ہوئی اور نہ ہی ٹیلی فونک گفتگو ، تا آں کہ ان کے انتقال پُر ملال کی خبر آگئی، میں سفر میں تھا اس لیے آخری دیدار اور جنازہ میں شرکت سے بھی معذور رہا، اللہ رب العزت ان کے گناہوں کو معاف فرمائے، درجات بلند کرے اور پس ماندگان کو صبر جمیل دے۔ آمین یا رب العالمین

ہفتہ, فروری 17, 2024

دربھنگا میں ایک شام مشتاق ہاشمی کے نام

دربھنگا میں ایک شام مشتاق ہاشمی کے نام
   (پریس ریلیز)17 فروری 
اردودنیانیوز۷۲ 
ایک شام معروف شاعر مشتاق ہاشمی (کولکتہ) کے نام
جمیلہ بیسک ایجوکیشن سینٹر دربھنگہ کے احاطہ میں
 شہر نشاط (کولکتہ  مغربی بنگال) سے تشریف لانے والے مہمان شاعر جناب مشتاق ہاشمی کے اعزاز میں استقبالیہ مجلس و شعری نشست کا انعقاد عمل میں آیا، جس کی صدارت پروفیسر ذوالفقار انور نے فرمائی، پروگرام کا باضابطہ آغاز حافظ محمد عابد حسین (استاد جمیلہ بیسک ایجوکیشن سینٹر )کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، نظامت کے فرائض ڈاکٹر عبدالودود قاسمی صدر شعبہ اردو (سی، ایم، بی، کالج، ڈیوڑھ، گھوگھر ڈیہا، مدہو بنی) نے فرمائی تمہیدی باتوں میں ڈاکٹر قاسمی نے شہر نشاط (کولکتہ مغربی بنگال)کے مہمان شاعر مشتاق ہاشمی کی شخصیت اور شاعرانہ جہت پر ان کے شعری مجموعہ  "تیشئہ فکر" کے تناظر میں تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے ان کی شعری و فکری انفرادیت کو بڑے خوبصورت پیرائے میں بیان کرتے ہوئے دربھنگہ کی سرزمین پرموصوف کا والہانہ استقبال کیا، تمہیدی گفتگو کے بعد باضابطہ مہمان مکرم کا والہانہ استقبال متھلا کی تہذیب کے مطابق پاگ،ٹوپی،شال،گلدستہ،مومنٹو اور منظوم تہنیتی قطعات کا فریم پیش کر کے کیا گیا،استقبالیہ مجلس میں تشریف  لانے والے مہمان شاعر کی عزت و تکریم اور ان کی شاعرانہ عظمت کے اعتراف کے لئے شہرووقرب جوار کے درجنوں اہل علم‌ودانش سمیت متعدد شعراۓ کرام تشریف لاکر مجلس کو پر وقار بنا دۓ،استقبال کے بعد شعری نشست کا انعقاد عمل میں آیا، دوچند شعراء کے بعد  جناب مشتاق ہاشمی نے اپنی متعدد غزلیں  پیش کرکے صاحبان علم وادب سے خوب داد تحسین اور پذیرائی حاصل کی، اس موقع پر آٹھ شعراء کی تحریر کردہ منظوم تہنیتی قطعات کا حسین گلدستہ فریم کراکےسپاس نامہ کے طورپیش کیا گیا ،منظوم تہنیتی قطعات پیش کرنے والے شاعروں میں احسان مکرم پوری ،مشتاق دربھنگوی ،امان ذخیروی،ڈاکٹر منور راہی،صبا دربھنگوی ،طالب صدیقی،م،سرور پنڈولوی ،ڈاکٹر مقصود عالم رفعت ،ڈاکٹر عبد الودود قاسمی کے نام قابل ذکر ہیں،مذکورہ شعرا کے علاوہ دیگر موجود شعرا بھی اپنے کلام پیش کئے جسے لوگوں نے خوب داد تحسین سے نوازا،
شریک شعرا میں ایڈووکیٹ عرفان احمد پیدل،مشتاق اقبال،نداعارفی،جواں سال ہونہار شاعر وریسرچ اسکالر حسان جاذب،خون چندن پٹوی،شہباز انور غزالی،کے نام اہم ہیں،سامعین میں حافظ محمد ثاقب ضیاء ،ڈاکٹر محمد سرفراز عالم ،جناب نصرت عالم ،ایڈووکیٹ خورشید عالم،جنید عالم،مولانا نظر الاسلام قاسمی،مولانا امام الدین ندوی،وغیرہ شریک تھے

تحریک تنظیم ائمہ مساجدبہار کےذمہ داران کا جدید انتخاب عمل میں آیا۔

تحریک تنظیم ائمہ مساجدبہار کےذمہ داران کا جدید انتخاب عمل میں آیا۔
اردودنیانیوز۷۲ 
پٹنہ 17فروری(پریس ریلیز) کنوینر تنظیم تحریک ائمہ مساجد بہار جناب مولانا حسین احمد قاسمی امام شکور کالونی مسجد سمن پورہ پٹنہ کی اطلاع کے مطابق گزشتہ روز جامع مسجد فقیر باڑہ دریا پور پٹنہ میں تنظیم کی ایک اہم عمومی اجلاس بمقام جامع مسجد فقیر باڑہ پٹنہ، زیر صدارت جناب مولانا عتیق الله قاسمی سرپرست تنظیم و امام جامع مسجد فقیر باڑہ منعقد ہوئی، جس میں کثیر تعداد میں ائمہ کرام شریک ہوۓ۔  حالیہ دنوں انتقال فرمانے والے اہم شخصیات کے زریں کارناموں کو بیان کرتے ہوئے ان کےلیے دعاۓ مغفرت کی گئی۔
بعد ازاں اگلے سہ سالہ میقات کے لیے انتخاب جدید عمل میں آیا۔ 
اجلاس کا آغاز مولانا غفران قاسمی امام نیا ٹولہ پھلواری شریف کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا، بعدہ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں ہدیۂ نعت شریف مولانا عادل حسین قاسمی نے پیش کیا پھر کنوینر تنظیم مولانا محمد عالم قاسمی نے تنظیم کے اغراض مقاصد اورسہ سالہ تنطیم کارکردگی کی رپورٹ پیش کی حسبِ ضابطہ سہ سالہ میقات 2024تا2027تین سال کے لیے نیا انتخاب کیا گیا اور متفقہ رائے کے مطابق سرپرست تنظیم مولانا عتیق اللہ قاسمی امام فقیر باڑہ مسجد، صدر تنظیم مولانا غلام اکبر قاسمی امام مراد پور مسجد اور سکریٹری تنظیم مولانا محمد عالم قاسمی ،امام جامع مسجد دریا پور سبزی باغ، جبکہ خازن تنظیم مولانا عادل حسین قاسمی امام بھسولہ دانا پور، کو اتفاق رائے سے منتخب کیا گیا ہے۔ 
اسی طرح نائب صدر تنظیم مولانا معین الدین قاسمی امام جامع مسجد کربیگہیہ، پٹنہ، نائب سکریٹری مولانا اقبال سعادتی، کربلا پھلواری شریف، نائب کنوینر تنظیم مولانا ابرار کریم قاسمی امام بکسر یہ ٹولہ مسجد سلطان گنج، اور نائب خازن مولانا غفران قاسمی امام نیا ٹولہ مسجد پھلواری شریف کو منتخب کیا گیا ہے۔ 
اسی طرح حلقہ وار ذمہ دار میں پٹنہ سیٹی حلقہ کا ذمہ دار مولانا ذوالفقار ندوی امام فصاحت کا میدان مسجد، کو ، پٹنہ سنٹرل حلقہ کا ذمہ دار مولانا اسعد قاسمی امام جنکشن مسجد، کو، پھلواری شریف حلقہ کا ذمہ دار مولانا انیس الرحمن قاسمی امام عالمگیر مسجد پھلواری کو، اور دانا پور حلقہ کا ذمہ دار مولانا نقیب عالم قاسمی امام شگونہ دانا پور کو متعین کیا گیا ہے۔ 
شکیلیت، قادیانیت جیسے فرقہ باطلہ پرمکمل نگرانی رکھنے اور اس کی سرکوبی کی ذمہ داری مولانا اسعد قاسمی، مولانا حسین قاسمی، مولانا ابرار کریم قاسمی اور مولانا عادل حسین قاسمی کو سونپی گئی ہے۔ تنظیم کی اگلی مٹنگ مورخہ 5مئ، مطابق 25شوال المکرم بروز اتوار بوقت 8بجے صبح، بمقام جامع مسجد مراد پور پٹنہ میں منعقد ہوگی۔ 
اس مٹنگ میں شرکت کرنے والے ائمہ مساجد کے اسماۓ گرامی ہیں:
جناب مولانا عتیق الله قاسمی سرپرست تنظیم وامام فقیر باڑہ مسجد، مولانا غلام اکبر قاسمی صدر تنظیم و امام مراد پور مسجد پٹنہ۔
مولانا محمد عالم قاسمی سکریٹری تنظیم و امام مسجد دریا پور سبزی باغ ۔
 مولانا حسین قاسمی کنوینر تنظیم وامام شکور کالونی مسجد،۔
 مولانا عادل حسین قاسمی خازن تنظیم وامام بھسولہ دانا پور مسجد۔
 مولانا معین الدین قاسمی نائب صدر تنظیم وامام بڑی مسجد
 کربیگہیہ۔
 مولانا اقبال سعادتی نائب سکریٹری تنظیم و سابق امام کربلا مسجد پھلواری شریف۔
مولانا ابرار کریم قاسمی نائب کنوینر تنظیم وامام بکسریہ ٹولہ مسجد سلطان گنج ۔
مولانا غفران قاسمی نائب خازن تنظیم وامام نیا ٹولہ مسجد پھلواری شریف۔
فرقۂ ضالہ وباطلہ فتنۂ شکیلیت  مسلم نوجوانوں گمراہ ہوکر مرتد ہورہےہیں  اس فتنۂ شکیلیت وقادیانیت کےسدباب کےلیے چار آدمی پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل پائی جس کے مشورے پر تنطیم کام کرے گی۔
جن ائمہ کرام کی شرکت ہوئی ان میں 
 مولانا فاروق قاسمی امام پاٹلی پترا کالونی مسجد، مولانا اعجاز کریم قاسمی امام بلال مسجد سمن پورہ، مولانا آفتاب عالم قاسمی امام بلورگنج مسجد پچھم دروازہ، مولانا عتیق الله قاسمی امام گولک پور مسجد، مولانا ذوالفقار ندوی امام فصاحت کا میدان مسجد، مولانا انوار الحق قاسمی امام مکھنیاکنواں مسجد، مولانا انیس الرحمن قاسمی امام عالگیر مسجد پھلواری شریف، مولانا اسعد قاسمی۔ امام جنکشن مسجد، مولانا نقیب عالم قاسمی امام شگونہ دانا پور، مولانا مسعود عالم قاسمی امام ہارون نگر سیکٹر 2مسجد، مولانا عبدالرشید سجادی امام خواجہ پورہ مسجد، مولانا شاہد مظاہری امام حرا مسجد نیو عظیم آباد کالونی، مولانا عالمگیر مظاہری امام درگاہ گھیرا مسجد، مولانا نسیم الدین نوری امام نوری مسجد، مولانا قاصد بیگ قاسمی امام ابو بکر مسجد سلطان گنج، مولانا ذکاء الله ندوی امام ترپولیہ مسجد، اور مولانا عبدالستار قاسمی امام تبارک علی مسجد وغیرہ اسمائےگرامی قابل ذکر ہیں۔
مولانا عالمگیر مظاہری کی دعاء کےساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

غیر افسانوی ادب کا رشتہ زندگی سے گہرا ہوتا ہے:




 غیر افسانوی ادب کا رشتہ زندگی سے گہرا ہوتا ہے: پروفیسر سجاد حسین
اردودنیانیوز۷۲ 
سری شنکر اچاریہ یونیورسٹی برائے سنسکر ت میں تین روزہ اردو قومی سمینار اختتام پذیر
کالی کٹ ()
سری شنکر اچاریہ یونیورسٹی برائے سنسکر ت کے شعبہ اردو (ریجنل کیمپس کوئی لانڈی کیرل)میں تین روزہ قومی سمینار اختتام پذیر ہوا جس میں ملک بھر کے دانش وروں اور مقالہ نگاروں نے شرکت کی اور اکیسویں صدی میں غیر افسانوی ادب کے سمت ورفتار پر اظہار خیال کیا۔ کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے معروف ادیب ودانش ور پروفیسر سید سجاد حسین نے کہا کہ غیر افسانوی ادب کا رشتہ زندگی سے گہرا ہوتا ہے۔ کیوں کہ اس میں زندگی کے حقائق پیش کیے جاتے ہیں۔ حقائق کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اکیسویں صدی میں جہاں افسانوی ادب پر ادبا وشعرا طبع آزمائی کررہے ہیں، وہیں وہ غیر افسانوی ادب پر بھی توجہ مبذول کررہے ہیں۔ یہی سبب ہے کہ اکیسویں صدی کا غیر افسانوی ادب قابل ذکر ہے۔ انھوں نے اپنے کلیدی خطبے میں افسانوی اور غیر افسانوی ادب کا فرق واضح کیا۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ انھوں نے سامعین کے مدنظر کلیدی خطبے کو اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں مشترکہ طور پر پیش کیا۔ اس محفل میں اردو والوں کے علاوہ بطور سامعین مختلف زبانوں کے شرکاء موجود تھے۔ شنکر اچاریہ یونیورسٹی کے رجسٹر ڈاکٹر انی کرشنن نے افتتاحی خطبہ پیش کیا۔یونیورسٹی کی سرگرمیوں، زبان وبیان اور ادب وثقافت کے معاملات پر گہری بحث کی۔ پروفیسر سید سجاد حسین اور ڈاکٹر انی کرشنن نے شعبہ اردو کی فعالیت کا تذکرہ کیا۔صدر شعبہ اردو ڈاکٹر قمر النسا نے شعبہ اردو کی ذمے داریوں، پروگرام کی سرگرمیوں اوردیگر ادبی اور انتظامی امور پر گفتگو کی۔ پروفیسر صفیہ بی اور پروفیسر نکولن کے وی (سابق صدور شعبہ اردو ایس ایس یو) نے غیر افسانوی ادب کے دیگر پہلوؤں پر بات کی اور اردو زبان کی اہمیت پر اردو ملیالم زبان میں تقریر کی۔ تین روزہ اس سمینار میں تقریبا دودرجن مقالات پیش کیے گئے۔ شام غزل کی محفل آراستہ کی گئی۔ اہم مقالہ نگاروں میں پروفیسر ثناء اللہ، پروفیسر امین اللہ، محمد ابراہیم، ڈاکٹر رجینا، ساجد حسین،سلمان عبدالصمد، رسینہ، محمد پرویز عالم، عارف این، عبدالعزیز، نجمہ سی کے، فائر، ساجدہ، ربیعت، محمد جاسل وغیرہ کے نام سر فہرست ہیں۔ پروگرام کی شاند ار نظامت ڈاکٹر محمد قاسم استاذ شعبہ اردو، ایس ایس یو نے بہترین طریقے سے کی۔ واضح رہے کہ یہ پروگرام شعبہ اردو کی طرف سے منعقد ہوا تھا مگر سنسکرت، ہندی اور دیگر شعبوں کے اساتذہ واراکین نے سمینار کو کامیاب بنانے میں صدر شعبہ ڈاکٹر قمر النساکا بھر پور تعاون کیا۔



اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...