Powered By Blogger

منگل, جون 25, 2024

ماں کاوجودبڑی نعمت ہے

ماں کاوجودبڑی نعمت ہے
اردودنیانیوز۷۲ 
 یہ بات مجھے بہت کھلتی ہےکہ میری ماں اب بھی مجھے بچہ سمجھتی ہے۔بات بات پر روکنا ٹوکنا یہ عادت ان کی تاہنوز بنی ہوئی ہے ، یہ نہ کرو وہ کرو! ویسا نہ کہو ایسا کہو،یہ دیکھو وہ دیکھو! یہ سب کچھ گھر میں روزانہ چلتارہتا ہے۔ الحمدللہ اس وقت میرے کئی بچے ہیں باوجود اس کے میرے ساتھ بچوں جیسا سلوک کرتی ہے، مجھے یہ محسوس ہوتاہے کہ میری کوئی حیثیت  ہےاورنہ کوئی اہمیت ہے۔
ابھی کچھ دنوں پہلے کی بات ہے، میں نے دیکھا کہ ماں میرے کام میں نقصان پہونچارہی ہے،گھر پر تعمیری کام چل رہا تھا،شام اور کام کے اختتام کا وقت تھا ۔بالو سیمینٹ کے مسالے سے دیوار کی چنائی ہورہی تھی،ادھر میری ماں میرے رہائشی کمرے کے سامنےموجود ایک پرانے بل میں سیمینٹ کے مسالےکو ڈال کر اسے بند کررہی ہے۔مسالے کی یہ بربادی دیکھ کرمجھ سے رہا نہیں گیا اور یہ کہنے لگا کہ اس کی کیاضرورت ہے؟۔ ماں بول نہیں رہی ہےاورخاموشی سے اپنا کام کئے جارہی ہے۔جب میرا اصرار بڑھا تو انہوں نے جوابایہ کہا کہ یہ سوراخ پرانا معلوم ہوتا ہے، اس میں سانپ ہوسکتا ہے، اس لئے میں اسے بند کر رہی ہوں کہ میرے کسی بچہ کواس بل سے کوئی نقصان نہ پہونچ جائے۔
کچھ ہی دیر میں مغرب کی اذان ہوگئی، نماز مکمل ہوتے ہی ہم نے یہ آواز سنی،سانپ! سانپ! سانپ ،یہ میرا منجھلا بیٹا منت اللہ ہمایوں چلا رہا ہے۔ہم نےدیکھا توٹھیک اسی بل کے سیدھ کیچین کی دیوار پرایک کالا زہریلا گیہون سانپ لٹک رہا ہے، قبل اس کے کہ وہ سانپ کسی کو نقصان پہونچاتا وہ ماردیاجاتا ہے۔ہم سب نے اس پرخدا کا شکر ادا کیا کہ اللہ نےہمیں اس خبیث سانپ سے بچالیاہے، اور اپنی نادانی پربھی مجھے ندامت ہوئی کہ جوچیزاپنی سمجھ میں غیر ضروری نظر آئی وہ ماں کی نظر میں کتنی اہم اورضروری ہے۔بظاہر اس چیز میں اپنا مالی نقصان سمجھ میں آرہا ہے مگر اس سے ایک ماں اپنے بچے کی ہی حفاظت کرتی ہے۔
آج اس بات کا بھی استحضار نصیب ہوا کہ واقعی ماں کا وجودہمارے لئےبہت بڑی نعمت ہے۔ماں بوڑھی اور کمزور ہوگئی ہے مگر آج بھی اپنی ہمت وصلاحیت کے بقدر ہماری حفاظت کا سامان کررہی ہے۔غور کرنے پر ماں کی ہر ایک بات قیمتی نصیحت معلوم ہوئی ہے۔یہ حقیقت ہے کہ ماں کے سامنے اپنی حیثیت ایک بچہ کی سی ہے لہذا اس سے زیادہ اپنے کو منوانے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے، ایک انسان سے یہیں چوک ہوجاتی ہے جب وہ اپنے والدین کو بوڑھا کہ کر ان کی رائے کو ترک کردیتا ہے اور ان کے مشورہ کو اہمیت نہیں دیتا ہے۔پھرل۔وہ ٹھوکریں کھاتا ہے اور سخت نقصان اٹھاتا ہے۔اس بات کا بھی ہمیں احساس ہوا ہے۔
 ہر ایک ماں کی سچی تصویریہی ہے،ماں کی خدمت ایک انسان کوولایت کے مقام تک پہونچادیتی ہےاور مستجاب الدعوات بنادیتی ہے، حضرت اویس قرنی رحمۃ اللہ علیہ کے قصہ سے ہمیں یہی سبق ملتا ہے۔اللہ انہیں سلامت رکھے، آمین 

ہمایوں اقبال ندوی ارریہ 
۲۳/جون ۲۰۲۴ء

پیر, جون 24, 2024

اردو میں زندہ رہنے کی بھر پور صلاحیت موجود ہے۔ اشرف فرید

اردو میں زندہ رہنے کی بھر پور صلاحیت موجود ہے۔ اشرف فرید
جواں سال ادیب اور صحافی قمر اعظم صدیقی کی کتاب" غنچہ ادب" کے اجرا کی تقریب سے مفتی ثناء الہدیٰ قاسمی ، پروفیسر توقیر عالم ، امتیاز احمد کریمی اور کئی دوسروں کا بھی خطاب
اردودنیانیوز۷۲ 
پٹنہ(ت ن س) جواں سال ادیب اور صحافی ، اردو ویب پورٹل" ایس آر میڈیا"کے بانی قمر اعظم صدیقی کے مضامین کے پہلے مجموعے "غنچہ ادب" کا اجرا  اتوار کو ویشالی کے بھیرو پور میں ایک  شاندار اور با وقار تقریب میں عمل میں آیا ۔ تقریب کی صدارت مشہور عالم دین اور صحافی مفتی ثناء الہدیٰ قاسمی نے کی جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر کثیر الاشاعت اخبار روزنامہ قومی تنظیم کے مدیر اعلیٰ اور اردو ایکشن کمیٹی بہار کےصدر جناب ایس ایم اشرف فرید نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مولانا مظہر الحق عربی فارسی یونی ورسیٹی کے سابق پرو وائس چانسلر پروفیسر توقیر عالم، بہار پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئرمین امتیاز احمد کریمی ، اردو ایکشن کمیٹی کے نائب صدر ڈاکٹر ریحان غنی ،جنرل سکریٹری ڈاکٹر اشرف النبی قیصر ،سکریٹری ڈاکٹر انوار الہدی ، اردو یکشن کمیٹی کی مجلس عاملہ کے رکن انوارِ الحسن وسطوی اور شاہ فیض الرحمن ،اردو کونسل ہند کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر اسلم جاوداں ، آلہ آباد یونیورسٹی کے صدر شعبہ اردو ڈاکٹر ظفر انصاری ظفر ، ڈاکٹر  امتیاز عالم اور نتیشور کالج ،مظفر پور کے صدر شعبہ اردو کامران غنی صبا مہمانان اعزازی کے طور پر موجود تھے۔پروگرام کی نظامت کا فریضہ جواں سال ادیب ڈاکٹر عارف حسن وسطوی نے انجام دیا ۔اس موقع پر اپنی صدارتی تقریر میں مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نے قمر اعظم صدیقی کو ان کی اس پہلی کتاب کی اشاعت کے لئے مبارک باد دی اور کہا کہ یہ اس نوجوان کا یہ نقطہ آعاز ہے ۔ اس کی کامیابی اس کے پھول بننے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی کامیابی کی یہ دلیل ہے اس میں پٹنہ سے کافی تعداد میں دانشوران علم وادب شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے  اہل قلم حضرات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ایک موضوع پر لکھنے کا رواج تھا جو تقریبآ ختم ہو گیا ہے ۔اسے رواج دینے کی ضرورت ہے۔ کثیر موضوعاتی تصنیف کے بجائے یک موضوعاتی تصنیف کو آگے بڑھانا چاہئیے۔اس موقع پر کثیر الاشاعت اخبار قومی تنظیم کے مدیر اعلیٰ اور اردو ایکشن کمیٹی بہار کے صدر  جناب ایس ایم اشرف فرید نے مادری زبان کی اہمیت کا تفصیل سے ذکر کیا اور کہا کہ جو قومیں اپنی مادری زبان کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرتی ہیں وہ ذہین بھی ہوتی ہیں اور ترقی بھی کرتی ہیں۔ اس کی مثال جاپان اور دوسرے ممالک ہیں۔انہوں نے کہا کہ اردو میں زندہ رہنے کی بھر پور صلاحیت موجود یے۔  اردو والوں کو احساس کمتری کے حصار سے باہر نکلنا چاہئیے ۔  اردو ژندہ زبان ہے جو پوری دنیا میں بولی اور سمجھی جاتی ہے۔انہوں نے  اس دوران بچے اور بچیوں کی طرف سے اردو میں پیش کئے گئے پروگرام کی بھی تعریف کی ۔ مولانا مظہر الحق عربی فارسی یونی ورسیٹی کے سابق پرو وائس چانسلر پروفیسر توقیر عالم نے بھیرو پور سے اپنے خاندانی لگاؤ کا ذکر کرتے کہا کہ انہیں اس سرزمین سے قلبی وابستگی ہے ۔ اس رشتے سے بھی وہ اس پروگرام میں شرکت کر رہے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی قمر اعظم صدیقی کا غنچہ کھل کر پھول بنے گا اور اس کی خوشبو ویشالی کی سرحد سے باہر بھی محسوس کی جائے گی بہار پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئرمین امتیاز احمد کریمی نے اس موقع پر کہا جب تک مذہب اسلام باقی ہے اردو زبان بھی باقی ہے۔ ہمارا پورا مذہبی سرمایہ اردو میں ہی ہے ۔امتیاز احمد کریمی نے اساتذہ سے گزارش کی کہ وہ اپنے پیشے سے انصاف کریں تاکہ آج کے بچے زندگی ہر شعبے میں کامیاب ہوں اور ڈاکٹر ،انجینئیر،افسر بننے کےساتھ ہی کل قمر اعظم صدیقی جیسے نوجوان بنیں۔انہوں نے تعلیم کو تحریک اور نصب العین بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔امتیاز احمد کریمی نے کہا ہمیں اپنی قوم کو صد فی صد تعلیم یافتہ بنانے کا عزم کرنا چاہئیے ۔  اس موقع سے تقریب میں  اردو ایکشن کمیٹی بہار کی مجلس عاملہ کے رکن انوار الحسن وسطوی ، ڈاکٹر اسلم جاوداں، ڈاکٹر ریحان غنی، ڈاکٹر اشرف النبی قیصر ،ڈاکٹر انوار الہدی ،ڈاکٹر ظفر انصاری ظفر، ڈاکٹر امتیاز عالم ، کامران غنی صبا، اکبر اعظم صدیقی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کتاب کی اشاعت کے لئے قمر اعظم صدیقی کو مبارک باد دی ۔اس موقع پر عارف حسن وسطوی اور مظہر وسطوی نے کتاب پر تبصرہ پیش کیا۔اور ڈآکٹر منصور خوشتر کی غیر موجودگی میں ان کے مقالے کو حافظ انتخاب نے پڑھ کر سنایا ۔
اس موقع پر تعلیم میں بہتر کارکردگی اور اردو سے دلچسپی  رکھنے کے لئے  اسکول کے کئی  بچے اور بچیوں کو ایس آر میڈیا کی طرف سے توصیفی سند ،  مومنٹو اور ایک سو روپیہ  نقد سے بھی نوازا گیا۔ تقریب میں اردو ایکشن کمیٹی کی مجلس عاملہ کے رکن شاہ فیض الرحمن ، عظیم الدین انصاری، ڈاکٹر کلیم اشرف،نسیم الدین صدیقی، انظار الحسن ، قمر عالم ندوی،صدر عالم ندوی، حافظ توقیر ، لطیف احمد خان،نفیس احمد خان، ڈاکٹر مفیض الرحمن ، علی الرحمٰن ، عبدالقادر ، رضوان الرحمٰن ، جنید احمد ،  محمد سبط عین ، شہنواز الرحمٰن ، عابد شوکت ، مبشر احمد ، فیضان عادل ، محمد عبداللہ ، اختر اعظم،اکبر اعظم،آصف جمیل ،فردوس مدنی،آغا عرفان، ندیم خان،محمد روشن سمیت حاجی پور اور قرب و جوار  و باشندگان بھیرو پور کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔

بدھ, جون 12, 2024

عید الاضحٰی کا پیغام

عید الاضحٰی کا پیغام 
مضمون نگار :محمد ضیاء العظیم قاسمی 
استاذ چک غلام الدین ہائی اسکول ،ویشالی بہار 
موبائل نمبر 7909098319 
Urduduniyanews72
عید الاضحٰی یا عید قرباں وہ ایام ہیں جن میں دنیا بھر کے مسلمان ماہ ذوالحجہ میں پورے جوش وخروش کے ساتھ مناتے ہیں، احکامات الہیٰ کی بنا پر اپنی جانب سے اللہ  کی راہ میں  قربانی کرکے بندگی کے تقاضے پوری کرتے ہیں ۔یہ وہ عمل ذبیحی ہے جس سے اللہ  تعالیٰ کاقرب حاصل کیا  جاتاہے ۔تخلیق ِانسانیت کے آغازہی  سے  قربانی کا جذبہ کار فرما ہے ۔ قرآن   مجید میں سیدنا ابو البشر حضرت آدم  علیہ السلام کے  دو بیٹوں کی قربانی  کا  واقعہ موجود ہے۔اور قربانی جد الانبیاء سیدنا حضرت ابراہیم   کی عظیم ترین سنت ہے  ۔یہ عمل اللہ تعالیٰ  کواتنا پسند آیا  کہ اس   عمل کوقیامت تک کےلیے  مسلمانوں کے لیے  ضروری ولازمی قرار دیا گیا ۔ سیدنا حضرت ابراہیم علیہ السلام اللہ تعالی کے جلیل القدر پیغمبر گزرے ہیں ۔قرآن مجید میں صراحتاً سیدنا ابراہیم علیہ السلام کا اور ان کے واقعات کا تذکرہ موجود ہے ۔قرآن مجید کی ایک سورہ ہے جو سیدنا ابراہیم علیہ السلام کے نام سے موسوم ہے ۔سیدنا ابراہیم علیہ السلام نے ایک ایسے ماحول میں اپنی آنکھیں کھولی جو شرک، بت پرستی اور خرافات میں غرق، اور جس گھر میں جنم لیا وہ بھی کفر و شرک، بت پرستی اور خرافات کا مسکن وملجا تھا ۔
لیکن سیدنا ابراہیم علیہ السلام کے احساسات وجذبات میں رب العزت کی محبت پیوست تھی، وہ رب کی تلاش و جستجو میں کوشاں رہتے تھے، یہی وجہ ہے کہ ان کے ایک واقعہ کو قرآن مجید نے بڑے خوبصورتی کے ساتھ بیان کیا ہے جس کا لب لباب یہ ہے کہ ابراہیم علیہ السلام چاند ستارے سورج میں رب کو تلاش کر رہے تھے، لیکن ان تمام چیزوں کو نکلتے اور ڈوبتے دیکھا تو سمجھ گئے کہ رب کی ذات اقدس وہ ہے جو کبھی ڈوب نہیں سکتی، کوئی طاقت اسے عاجز نہیں کرسکتی، وہ رب تنہا، یکتا، اور طاقتور ہے ۔
سیدنا ابراہیم علیہ السلام پر جب بت پرستی کا باطل ہونا اور اللہ کی وحدانیت کا آشکار ہوا تو انہوں نے سب سے پہلے اپنے والد آزر کو دعوت اسلام دی، اس کے بعد عوام کے سامنے اس دعوت کو عام کیا اور پھر بادشاہ وقت نمرود سےمناظرہ کر کے اسے لاجواب کردیا ۔ اس کے باجود قوم قبولِ حق سے منحرف رہی حتیٰ کہ بادشاہ نے انہیں آگ میں جلانے کا حکم صادر کیا مگر اللہ نے آگ کو ابراہیم علیہ السلام کے لئے ٹھنڈی اور سلامتی کا سامان بنا دیا اور دشمن اپنے ناپاک اردادوں کے ساتھ ذلیل ورسوار ہوئے، اللہ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو کامیاب کیا۔
سیدنا ابراہیم علیہ السلام کا دل اللہ رب العزت کی محبت سے لبریز تھا، یقیناً اللہ رب العزت کی ذات بھی آپ سے بے پناہ محبت کرتی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ آپ کے کردار عمل کو اللہ رب العزت نے قرآن عظیم میں نقل کرکے انسانوں کے لئے ایک نمونہ بنا دیا، عید الاضحٰی رب العزت کی محبت و اطاعت کی ایک اہم تاریخ ہے ۔

عید الاضحٰی در اصل سنت ابراہیمی ہے، یہ ہمیں محبت، اخوت، بھائی چارگی، ایثار وقربانی، وجذبہء ایمانی کا درس دیتا ہے، اس کی تاریخ در اصل ایک عظیم تاریخ ہے، اور وہ یہ کہ ایک عظیم اور بوڑھا باپ حکم خداوندی پر اپنے پیارے، لاڈلے، چہیتے،جگر کا پارہ، ہر دل عزیز، فرزند کے حلق پر چھری چلا رہا ہے، قربانی اس قوت ایمانی کا نام ہے جس میں بندہ اپنے رب کے سامنے اپنی اطاعت وبندگی کا اظہار اس طرح کرتا ہے کہ،، 
 اِنَّ صَلَاتِىۡ وَنُسُكِىۡ وَ مَحۡيَاىَ وَمَمَاتِىۡ لِلّٰهِ رَبِّ الۡعٰلَمِيۡنَۙ ۞
 میری نماز اور میری قربانی اور میری زندگی اور میری موت سب اللہ ہی کے لیے ہے جو تمام جہانوں کا رب ہے۔
(سورہ انعام آیت 162) 
یقیناً ہماری عبادت وریاضت، ہماری بندگی، ہماری زندگی وموت، یہ سب محض آپ کی رضاو خوشنودی کے لئے ہے، ہم خالص آپ کے بندے ہیں، اور آپ کی ہی بندگی کرتے ہیں، ہمارا غم، ہماری خوشی، ہماری زندگی یہ سب محض آپ کی رضا کے لئے ہے، قربانی ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ ہم خالص اللہ کے بندے بن کر رہیں، اور وقت پڑنے پر اپنی جان ومال کی قربانی پیش کرنے میں ذرہ برابر بھی کوئی ہچکچاہٹ ہمیں محسوس نہ ہونے پائے ،یاد کریں اس وقت کو جبکہ ایک عظیم باپ نے اپنے عظیم بیٹے سے دریافت کی کہ  
يٰبُنَىَّ اِنِّىۡۤ اَرٰى فِى الۡمَنَامِ اَنِّىۡۤ اَذۡبَحُكَ فَانْظُرۡ مَاذَا تَرٰى‌ؕ قَالَ يٰۤاَبَتِ افۡعَلۡ مَا تُؤۡمَرُ‌ سَتَجِدُنِىۡۤ اِنۡ شَآءَ اللّٰهُ مِنَ الصّٰبِرِيۡنَ ۞
اے میرے بیٹے ! میں نے خواب میں دیکھا ہے کہ میں تم کو ذبح کررہا ہوں ‘ اب تم سوچ کر بتائو تمہاری کیا رائے ہے ؟ اس (بیٹے) نے کہا اے ابان جان ! آپ وہی کیجئے جس کا آپ کو حکم دیا گیا ہے ‘ آپ انشاء اللہ ! مجھے عنقریب صبر کرنے والوں میں سے پائیں گے
(سورہ الصافات آیت 102)
  یقیناً رب العالمین تم سے تمہاری قربانی کا تقاضہ کر رہے ہیں ، تمہاری اس سلسلے میں کیا رائے ہے، باپ کے عظیم بیٹے نے بہترین جواب دیا کہ آپ اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں ذرہ برابر بھی کوتاہی نہ کریں، ان شاء اللہ آپ ہمیں صابر وشاکر میں پائیں گے، اس جواب نے پوری کائنات کو حیران و ششدر کرکے سکتے میں ڈال دیا۔
سیدنا ابراہیم علیہ السلام ضعیفی میں تھے، اپنی اس اولاد سے بے پناہ محبت تھی، لیکن اس محبت کو اللہ کی اطاعت وبندگی پر ترجیح نہیں دی، 
سیدنا ابراہیم واسمٰعیل علیھما السلام نے اللہ کے اس حکم کے بعد فوراً اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا، کسی طرح کی تاویلات نہیں پیش کی کہ اللہ کا کوئی دوسرا منشا ہے، آپ کے اس کردار عمل نے پوری انسانیت کو شعور بندگی سکھایا، اور یہ درس دیا کہ جب حکم خداوندی آجائے تو پھر کیوں، کس لئے، کب، کس طرح، ان باتوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اور عشق کا بھی یہی تقاضا ہے کہ حکم ملے سر تسلیم خم ہوجاؤ، مسلمان بھی اسی کا نام ہے کہ رب کائنات کے سامنے سر تسلیم خم ہوجانا،قربانی صرف جانور کی گردن پر چھری چلانے کا نام نہیں ہے، بلکہ قربانی کے ذریعہ انسان کے اندر زہدوتقوی اور خشئت الہی پیدا ہوتا ہے، کیوں کہ صرف جانور کے گردن پر چھری نہیں چلتی بلکہ قربانی میں اپنی انا، گھمنڈ، تکبر ،فخر، ریا کاری، سب کو قربان کرکے خالص اللہ کا بندہ بن کر زندگی گزارنے کا بندہ عزم کرتا ہے،سیدنا ابراہیم و اسماعیل علیہما السلام کا یہ پورا واقعہ جو درحقیقت قربانی کے عمل کی بنیاد ہے روز اول سے امت کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ تمہارے دلوں میں یہ احساس یہ علم یہ معرفت اور یہ فکر پیدا ہوجائے کہ اللہ تعالی کا حکم ہر چیز پر مقدم ہے۔تمہاری تمام تر کامیابیوں کے راز اسی میں پنہاں ہیں کہ تم اللہ کے حکم کے سامنے سرتسلیم خم کردو چاہے تمہاری عقل قبول کرے نہ کرے، تمہارے سماج کے خلاف معلوم ہو رہا ہو، تمہاری طبیعت اس کو پورا کرنے میں بوجھ محسوس کر رہی ہو۔
قربانی کا سارا فلسفہ یہی ہے اس لئے کہ قربانی کے معنی ہیں"اللہ کا تقرب حاصل کرنا ہے" لفظ" قربانی" قربان سے نکلا ہے اور لفظ "قربان" قرب سے بنا ہے یہ قربانی جہاں فی نفسہ ایک عظیم عبادت وبندگی اور شعاراسلام ہے وہیں یہ قربانی امت مسلمہ کو عظیم الشان سبق بھی دیتا ہے کہ یہ امت اپنے آپ کو کامل مسلمان بنائے سراسر اتباع اور اطاعت کا جذبہ اپنے اندر پیدا کرے اور زندگی کے ہر شعبے میں اسلام کی صحیح اور حقیقی روح "جذبہ اتباع" کے ساتھ جینے کا سلیقہ سیکھ لے۔قربانی کی حقیقت اور اس کے پیچھے اصل مقصد یہی ہوتا ہے کہ دل میں جس چیز کی محبت اور طلب ہو وہی اللہ کی خاطر قربان کر دی جائے لیکن انسان تو صرف اپنی نفسانی خواہشات کی طلب اور اپنے خوابوں کی تکمیل میں دن رات کمربستہ رہتا ہے۔ وہ یہ سوچنے کی زحمت ہی نہیں کرتا کہ اللہ تعالیٰ کی رضا کیا ہے، وہ ہم سے کیا چاہتا ہے۔ انسان سوچتا ہے تو محض یہ کہ وہ اپنے خواب کیسے پورے کرے، اپنی خواہشات کیسے حاصل کرے، مال و دولت کیسے کمائے، معاشرے میں مقام و مرتبہ کیسے بنائے۔ نہیں سوچتا تو بس یہ کہ اللہ کا قرب کیسے حاصل کیا جائے، گناہوں سے کیسے بچا جائے، اپنے نفس کی اصلاح کیسے کی جائے۔ وہ اپنی آرزوؤں کو پورا کرنے کے لیے ہر شے قربان کر دیتا ہے اگر قربانی نہیں دیتا تو محض اپنے نفس کی کیونکہ وہ اپنے نفس کی تسکین کی خاطر تو یہ سب کچھ کر رہا ہوتا ہے۔لیکن انسان تب تک خیر نہیں پا سکتا جب تک اپنے نفس کی قربانی نہیں دیتا، قربانی کا اصل تقاضا اور اس کا اصل مقصد یہی ہوتا ہے کہ جس چیز سے تمہیں سب سے زیادہ محبت وانسیت اور لگاؤ ہے تمہارے دل میں اس چیز کو اللہ کی راہ میں قربان کرنے کا حوصلہ اور جذبہ ہمہ وقت رہے، کیوں کہ اس وقت تک بندے کی بندگی مقبول نہیں جب تک وہ اپنی تمام چیزوں سے زیادہ محبوب اللہ اور اس کی نازل کردہ احکامات کو سمجھے، اور اس پر چلتا رہے، قربانی بھی اسی بندگی کی ایک کڑی ہے، عید قرباں جہاں ہمیں آداب بندگی، سلیقۂ بندگی سکھاتا ہے وہیں ہمیں ایک اہم پیغام یہ دیتا ہے کہ تمہاری زندگی، تمہارا سب کچھ در اصل یہ اللہ کا دی ہوئی ایک عظیم نعمت ہے، اور ان نعمتوں کا شکر یہ ہے کہ ان کے حقوق کی بھر پور ادائیگی ہونی چاہیے، جب اللہ کا حکم آجائے تو اس عمل کے ارتکاب میں کسی بھی طرح سے غور وفکر یا سستی نہیں ہونی چاہیے، بلکہ فوری طور پر اسے کرہی دینا چاہیے ۔
اللہ ہم سب عید قرباں کے صحیح معانی ومفاہم سمجھنے اور اس پر عمل کی توفیق عطا فرمائے آمین ثم

منگل, جون 11, 2024

جے این یو داخلہ امتحان میں نتیشور کالج مظفرپور کے طلبا کی نمایاں کامیابی

جے این یو داخلہ امتحان میں نتیشور کالج مظفرپور کے طلبا کی نمایاں کامیابی
طلبا کی کامیابی شعبۂ اردو اور کالج کی بھی کامیابی ہے: کامران غنی صبا
Urduduniyanews72
مظفرپور11 جون (پریس ریلیز)
ملک کی مایہ ناز یونیورسٹی جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے داخلہ امتحان میں شعبۂ اردو نتیشور کالج، مظفرپور کے چار طلبا نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان طلبا میں سنجیدہ خاتون، رابعہ خاتون، اسلم رحمانی اور رقیہ خاتون کے نام شامل ہیں۔ انہیں بالترتیب تیسری، پندرھویں، سترھویں اور انیسویں رینک حاصل ہوئی ہے۔ صدر شعبۂ اردو کامران غنی صباؔ نے بتایا کہ ان چاروں طلبا نے محنت اور ایمانداری کے ساتھ نہ صرف پابندی کے ساتھ کلاسز کیں بلکہ نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ یہ سارے طلبا مظفرپور کے دور دراز گائوں سے آتے ہیں۔ کالج آمد و رفت میں انہیں اچھا خاصا وقت لگتا ہے۔ اس کے باوجود انھوں نے پابندی کے ساتھ کلاسز کیں، نصابی و غیر نصابی کتابیں خریدیں اور سنجیدگی کے ساتھ نصابی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ وقتاً فوقتاً ان کے مضامین اور تخلیقات ملک کے مقتدر اخبارات و رسائل میں شائع ہوتے رہے۔ کامران غنی صبا نے کہا کہ مظفرپور کے نسبتاً چھوٹے کالج سے ایک ساتھ چار طلبا کا جے این یو داخلہ امتحان کوالیفائی کرنا انتہائی خوش آئند اور امید افزا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شعبۂ اردو کے طلبا کی کامیابی یہ ثابت کرتی ہے کہ نیک نیتی اور بلند ہمتی کے ساتھ کی گئی محنت رائگاں نہیں جاتی ہے۔شعبۂ اردو کے طلبا کی نمایاں کامیابی پر کالج کے پرنسپل پروفیسر منوج کمار، اساتذہ،پروفیسر بدو شیکھر سنگھ، پروفیسر نکھل رنجن پرکاش،ڈاکٹر نوا شرما، ڈاکٹر ابھے نندا شریواستو، ڈاکٹر آریہ پریا، ڈاکٹر سومیہ سرکار،ڈاکٹر روی رنجن ، ڈاکٹر ششی ونسل، ڈاکٹر راکھی کماری، ڈاکٹر اندرانی رائے، ڈاکٹر بے بی کماری، ڈاکٹر رنبیر کمار ،ڈاکٹرحسین دلشی،ڈاکٹر رادھا رانی،کے علاوہ 
مشتاق احمد نوری، صفدر امام قادری، ڈاکٹر اقبال حسن آزاد،ڈاکٹر ریحان غنی،ڈاکٹر ابوذر کمال الدین، ڈاکٹر جلال اصغر فریدی، آفتاب عالم، انجنیئر ظفر اعظم، فہد زماں، اکبر اعظم صدیقی، اعجاز احمد، ریاض خان، سورج کمار سنگھ، احتشام رحمانی، کامران رحمانی، ریاض نصرول، امن نصرول، مولانا سعید الرحمن سلفی، مولانا شمشاد سنابلی، عباس گڈو، محمد غفران، نور جمشیدپوری، منصور قاسمی،انور آفاقی، ایمل ہاشمی،شہاب الدین احمد(قطر)،ڈاکٹرعاطف ربانی،ڈاکٹر حفظ الرحمن،نظر الہدی قاسمی،ڈاکٹر امتیاز،محمد رفیع، اکبر اعظم صدیق،ڈاکٹر ایس ایم باقر، انور حسین، منیب مظفرپوری،جاوید قیصر،تابش قمر، انور حسین، محمد امیر اللہ،عبدالرحیم،ضیاء العظیم، مظہر وسطوی، امام الدین امام، محمد آفتاب صابری، آفتاب رشک مصباحی،شارق خاں،ڈاکٹر فاروق احمد قاسمی،انظار احمد صادق،نایاب حسن،خرم ملک وغیرہ نے مبارکباد پیش کی ہے۔

منگل, مئی 28, 2024

بہار میں ووٹنگ کا گرتا تناسب

بہار میں ووٹنگ کا گرتا تناسب 
Urduduniyanews72 
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ

ہندوستان کا شمار دنیا کے بڑے جمہوری ملک میں ہوتا ہے ، یہاں کے انتخاب کودنیا بھر میں دکھانے کے لیے مختلف ملکوں سے پرنٹ میڈیا الکٹرونک میڈیا کے لوگ ہوتے ہیں، ان کی حیثیت صرف صحافی کی نہیں ہوتی بلکہ وہ بڑی حد تک انتخاب کے مشاہد ہوتے ہیں، وہ دیکھتے ہیں کہ ووٹ دینے کا تناسب اور فی صد کیا رہا ،اس کام کے لیے بتیس ملکوں کے ستر صحافی ان دنوں ہندوستان میں ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں، ابھی تک چار دور کا انتخاب ہو چکا ہے ، اس میں ووٹوں کا تناسب کافی کم پایا گیا ، حالاں کہ انتخابی کمیشن ، ملی تنظیمیں ، ذرائع ابلاغ، مساجد کے ائمہ ودانشور اپنی اپنی سطح سے ووٹروں میں بیداری لانے کی مہم چلا رہے ہیں،بعض تنظیموں کے ارکان گھر گھر دستک دے کر ووٹ دینے کی اپیل کر رہے ہیں، بعضوں کے ذریعہ زوم پر آن لائن میٹنگیں چل رہی ہیں، اشتہارات کے ذریعہ انہیں متوجہ کیا جا رہاہے، لیکن لوگ ووٹ دینے کے لیے گھر سے باہر نکل نہیں رہے ہیں۔ 19؍ اپریل کو بہار میں چار سیٹوں کے لیے اور 26؍ اپریل کو پانچ سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے گیے گذشتہ انتخاب کے مقابلے 19؍ اپریل والے دن 4.21فی صد لوگوں نے کم اپنا ووٹ ڈالا جبکہ 26؍ اپریل میں گذشتہ کے مقابلہ 3.47فی صد کم ووٹ ڈالے جا سکے۔آخر کے دو دور میں ووٹوں کا تناسب قدرے بڑھا، لیکن وہ ساٹھ فیصد کو عبور نہیں کر سکا، 13؍ مئی کو ہونے والے انتخاب میں زیادہ سے زیادہ سنتاون (57)فیصد ووٹنگ ہوئی، ایک ہفتہ کے بعد ممکن ہے الیکشن کمیشن اسے بڑھا کر پینسٹھ (65)فیصد کر دے، جیسا کہ پہلے دو دور میں اس نے کیا۔
 بہار میں ووٹوں کے کم ہوتے تناسب پر ہر کوئی حیران ہے، مختلف حلقوں میں اس کا فائدہ مختلف امید واروں کو مل سکتا ہے اور ہو سکتا ہے کہ کئی امیدواروں کو اس کا خمیازہ بھی بھگتنا پڑے، یہ معاملہ اس قدر حساس ہے کہ انتخابی کمیشن نے اس کے اسباب تلاشنے کا حکم دیا ہے، بہار میں انتخابی کمیشن نے تمام اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ کو خط لکھ کر تمام بوتھوں کی حلقہ وار رپورٹ مانگی ہے ، تاکہ ووٹوں کے کم ہوتے تناسب کے اسباب کا جائزہ لے کر ووٹروں کی دلچسپی کو بڑھایا جا سکے۔
 ووٹوں کے کم ہوتے تناسب کے اسباب وعلل پر بہت زیادہ غور وفکر کی ضرورت نہیں، سامنے کی بات ہے کہ انتخاب کی تاریخیں سب موسم گرما میں رکھی گئی ہیں، جب کہ باد سموم کے جھونکے اور لو کے تھپیڑے اس قدر سخت ہیں کہ لوگوں کا گھر سے نکلنا دشوار ہو رہاہے ،یہ اس بات کا اشاریہ ہے کہ انتخابی کمیشن کو عوام کی سہولت کا ذرا بھی خیال نہیں ہے، اسے اس بات سے کچھ لینا دینا نہیں ہے کہ ملک کی بڑی آبادی اپنی حق رائے دہی کا استعمال نہیں کر رہی ہے، رائے دہندگان خوب اچھی طرح جانتے ہیں کہ جیت ہار کسی کی بھی ہو ، اس کی زندگی میں بدلاؤ کی کوئی شکل نہیں ہے ، جب کہ اس کی زندگی اس کے خاندان اور با ل بچوں کے لیے انتہائی ضروری ہے، ایسے میں عافیت بوتھ پر جا کر ووٹ دینے کے بجائے گھرمیں بیٹے رہنا مناسب ہے، وہ جانتا ہے کہ باہر کی بہ نسبت گھر میں رہنا زیادہ بہتر ہے۔ اس لیے انتخاب کے لیے ماضی بعید کی طرح ٹھنڈک کے موسم کا انتخاب کرنا چاہیے تاکہ لوگ آسانی سے ووٹ دینے کے لیے گھر سے نکل سکیں ، ورنہ عوام کی یہ لا تعلقی اور بے رخی ہندوستانی جمہوریت کو خطرات سے دور کردے گی۔تیسرے اور چوتھے دور میں ووٹوں کا تناسب تھوڑا بڑھائے اس کی بڑی وجہ موسم کا سازگار ہونا ہے۔ گرمی کی تمازت کم ہوئی تو رائے دہندگان نے پہلے دو دور کی بہ نسبت زیادہ پولنگ بوتھ کا رخ کیا۔
ایک دوسری وجہ عوام کی سرد مہری ہے، اب پرچار کے لیے اسٹار چنے جاتے ہیں، اور وہی آکر بھانج کر چلے جاتے ہیں ، عام کارکن کو صرف چا در بچھانے ، مجمع جمع کرنے اور مائیک لگانے کی خدمت ملتی ہے، ایسے میں وہ ذہنی طور پر مایوسی کے شکار ہوتے ہیں اور ان کی حصہ داری انتخاب کے موقع سے طے نہیں ہو پاتی، اس کا اثر اس حلقہ کے عوام پر بھی پڑتا ہے اور ان کی دلچسپی ووٹ دینے سے کم ہوجاتی ہے۔ دل بدلنے اور دل بدلو کو ٹکٹ دینے سے بھی کارکنوں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے، کل تک جو کارکن بھاجپا کی مخالفت میں تھے، اس نے پالا بدل کر کانگریس جوائن کر لیا، اور اسے ٹکٹ مل گیا، ایسے میں قہراً جبراً کانگریس کے قدیم کارکنوں کو اس کے پاس جانا پڑتا ہے، جبکہ بھاجپا کے قدیم کارکن اسکے ساتھ ہوجاتے ہیں، اس لیے کارکنوں کو سُبکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور ان کی دلچسپی انتخاب سے کم ہوجاتی ہے اس کا بُرا اثر ووٹروں پر بھی پڑتا ہے اور وہ ووٹ دینے کے لیے بوتھ پر جاتے ہی نہیں، ایسے کارکنوں میں روح پھونکنے کے لیے اس طریقہ کار کو بدلنا انتہائی ضروری ہے ، اس کے بغیر ووٹوں کے تناسب کو بڑھایا نہیں جا سکتا۔
 تیسری وجہ رائے دہندگان کا روزی روٹی کے لیے باہر کا قیام ہے ، ریاست میں ملازمت اور کام نہیں ملنے کی وجہ سے بہار کے لوگ، بڑی تعداد میں دوسری ریاستوں بلکہ ملک سے باہر بھی قیام پذیر ہیں، اس میں نو جوانوں کی بڑی تعداد ہے، وہ انتخاب کے موقع سے واپس اپنے گھر نہیں آپاتے، کیوں کہ سفر کے اخراجات کا ان کا جیب متحمل نہیں ہوتا ، اس لیے ان کا ووٹ یا تو پڑتا نہیں ہے یا پڑتا ہے تو دوسرے لوگ گرادیتے ہیں، ایک طریقہ ڈاک کے ذریعہ ان کی رائے دہندگی کا ہے، لیکن ان پڑھ مزدور اس کے طریقہ کار سے واقف نہیں ہوتے اور ووٹ دینے سے محروم ہوجاتے ہیں، ایسے میں انتخابی کمیشن کو کوئی ایسا طریقۂ کار وضع کرنا چاہتے کہ وہ ووٹ دے سکیں،ا ن کی انتخاب کے وقت اپنے حلقہ واپسی کی راہ بھی سوچنی چاہیے تاکہ وہ بھی جمہوریت کے اس عظیم تہوار میں شریک ہو سکیں ۔
 ایک اور وجہ بوتھ پر قبضہ کا ہونا بھی ہے، اعلیٰ ذات کے لوگ ہریجنوں ، دلتوں اور مسلمانوں کو ڈرا دھمکا کر انہیں بوتھ پر پہونچنے ہی نہیں دیتے اور ان کا جعلی ووٹ ڈال کر اپنے امیدوار کی جیت کی راہ ہموار کرتے ہیں، ملک میں بڑی تعداد ہریجنوں ، مسلمانوں اور دلتوں کی ہے، ان کے ووٹ نہ دینے سے بھی بہار میں ووٹ کا تناسب گرتا جا تا ہے ۔
 یہاں غور وفکر کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ ووٹوں کے فی صد میں کمی اور ووٹروں میں جوش کی کمی موجودہ سیاسی جماعتوں اور حکومت کے خلاف یہ بے رخی، عوام اور سماج کی جانب سے ملکی سیاست اور اس کے طریقۂ کار بیزاری کا اعلانیہ بھی ہو سکتا ہے ۔ایسے میں سیاست دانوں کو اپنے نظریات اور طریقۂ کار پر بھی نظر ثانی کرنی چاہیے، انتخاب کے وقت پورے پانچ سال اپنے حلقۂ انتخاب سے غائب رہنا، انتخابی منشور میں کیے گیے دعوے کو پورا نہ کرنا اس سرد مہری کا بڑا سبب ہے۔
 بھاجپادور میں انتخابی عمل کو دن بدن لمبا کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے عوام انتخابی عمل سے اکتا جاتی ہے اسے لیڈروں کی آمد ورفت کے موقع سے عوامی آمد ورفت میں دشواریاں ہوتی ہیں، دکانیں بند ہوجاتی ہیں، کاروبار ٹھپ ہوجاتا ہے اور کمزورلوگوں کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے، اگر انتخابی عمل کو مختصر کیا جائے تو لوگوں کی دلچسپی ووٹنگ سے بڑھے گی۔
ان امور پر اگر حکومت اور انتخابی کمیشن توجہ دے اور ان اسباب کو دور کرنے کی شکلیں نکالے تو ووٹ کا تناسب بڑی حد تک بڑھ جائے گا، اور معلوم ہوگا کہ جمہوریت کے اس تہوار میں پورا ہندوستان کثرت کے ساتھ شریک ہے ۔

جمعہ, مئی 03, 2024

وفاق کے مدارس بہتر تعلیم وتربیت کے عظیم مراکز-مفتی محمدثناء الہدی قاسمی

وفاق کے مدارس بہتر تعلیم وتربیت کے عظیم مراکز-مفتی محمدثناء الہدی قاسمی
اردودنیانیوز۷۲
      اچھی تعلیم وتربیت اور بہتر نتائج کے لیے وفاق المدارس سے ملحق مدارس کا انتخاب کریں
پھلواری شریف 3/ مئی(پریس ریلیز):
      وفاق المدارس الاسلامیہ امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھار کھنڈ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان وفاق المدارس الاسلامیہ کے ناظم مفتی محمدثناء الہدی قا سمی کے ہاتھوں رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں عمل میں آیاتھا، اس موقع سے مفتی صاحب نے ان تمام مدارس کاشکریہ ادا کیاجنہوں نے سالانہ امتحان میں وفاق کاتعاون کیااور صاف ستھرے ماحول میں امتحانات کی پوری کاروائی کو یقینی بنایا۔
      امسال 1445ھ میں مدارس ملحقہ وفاق کے 34298/ طلبہ نے امتحان دیا، عربی ہفتم تک کے طلبہ نے امتحانات میں شرکت کی،جن میں درجہ حفظ کے11080،دینیا ت اول تا پنجم کے 22386اور عربی اول تا عربی ہفتم کے832/طلبہ شامل ہیں، جن مدارس ملحقہ نے امتحانات میں شرکت کیاان میں مدرسہ اسلامیہ شکر پور بھروارہ دربھنگہ، جامعہ ربانی منورواشریف سمستی پور،مدرسہ چشمہ فیض ململ مدھوبنی،جامعہ عربیہ مقیمیہ سرپنیا مشرقی چمپارن اور الجامعۃ العربیۃ سرا ج العلوم تلاپت گنج کے طلبہ کی کارکردگی اچھی رہی۔مفتی صاحب نے امتیازی نمبرات سے کامیاب ہونے والے طلبہ کو نیک دعاؤں کے ساتھ مزیدمحنت سے علم دین حاصل کرنے کی ترغیب دی، مخلص اساتذہ کرام اور ان کے سرپرستوں کو بھی مبارک باددی۔
مفتی صاحب نے فرمایا کہ وفاق المدارس الاسلامیہ امارت شرعیہ سے ملحق مدارس معیاری تعلیم وتربیت کے عظیم مراکز ہیں؛اس لیے اچھی تعلیم وتربیت اور بہتر نتائج کے لیے اپنے بچوں کو وفاق سے ملحق مدارس میں داخل کریں،آپ ہمیں بچے دیں،ہم انشاء اللہ انہیں بہتر مستقبل دیں گے۔مفتی صاحب نے اس بات پر زور دیا کہ چھوٹے بچوں کو باہر تعلیم کے لیے نہ بھیجیں،انہیں مشکلات کاسامناکرنا پڑتاہے اور کبھی پولیس والے بھی انہیں پکڑکر جیل میں بند کردیتے ہیں،یقینا یہ قانونی طور پر غلط ہے،لیکن جب تک آپ قانون کی دہائی دے کر عدالت کارخ کریں گے،بچوں کی حالت غیر ہوچکی ہوگی،امارت شرعیہ نے کئی جگہ ایسے گرفتار شدہ بچوں کو آزادکرانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ہمارے یہاں اچھے اور معیاری مدارس ہیں،ان میں اچھی تعلیم ہوتی ہے؛اس لیے بچوں کے باہر بھیجنے کے رجحان کو ختم ہونا چاہیے۔
حفظ اور ابتدائی درجات کے وہ مدارس ملحقہ جن کے نتائج امتحان ابتک دفتر وفاق کو موصول نہیں ہوئے ہیں، ان سے گذارش ہے کہ وہ جلداز جلد رزلٹ دفترکو ارسال کردیں۔ یہ اطلاع مفتی محمدسعید کریمی رفیق وفاق المدارس الاسلامیہ نے دی۔

پیر, اپریل 22, 2024

کشن گنج پارلیمانی حلقے کے ووٹرس کے نام ایک اپیل

کشن گنج پارلیمانی حلقے کے ووٹرس کے نام ایک اپیل
Urduduniyanews72
____________________________________________
 کشن گنج پارلیمانی حلقے کے ووٹرس اس بات سے واقف ہیں کہ آئندہ 26 اپریل (جمعہ) کو متھلانچل کے دیگر حلقوں کی طرح وہاں بھی ووٹنگ ہونے جا رہی ہے جہاں سے دیگر امیدواروں کے ساتھ مسلمانوں کے بے باک، بے خوف اور نڈر لیڈر جناب اختر الایمان صدر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین( بہار) بھی امیدوار ہیں-  جناب اختر الایمان اپنی دانشوری، حق گوئی اور بے باکی کے لیے نہ صرف بہار بلکہ پورے ملک میں جانے اور پہچانے جاتے ہیں- لہذا کشن گنج سے ان کی امیدواری کے سبب اس حلقے کے انتخاب پر پورے بہار کی نظر ہے- یہاں کی فرقہ پرست اور فسطائی طاقتیں انہیں اس الیکشن میں کامیاب نہ ہونے دینے کے لیے ہر ممکن کوششوں میں مصروف ہیں-  ایسی صورت میں کشن  گنج حلقے کے ووٹروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ان طاقتوں کے منصوبے کو کسی قیمت پر کامیاب نہ ہونے دیں اور اپنے فہم و فراست کو بروئے کار  لاتے ہوئے اپنا ایک ایک قیمتی ووٹ اختر الایمان کو دے کر انہیں کامیاب بنائیں-  بہار کے ڈیڑھ کروڑ مسلمان پوری شدت سے یہ محسوس کرتے ہیں کہ فی الوقت ملکی سطح پر بہار کے مسلمانوں کا پارلیمنٹ میں کوئی نمائندہ نہیں ہے - اب نہ ہمارے درمیان سید شہاب الدین ہیں، نہ مولانا اسرار الحق قاسمی ہیں اور نہ الحاج تسلیم الدین ہیں - ایسی صورت میں اختر الایمان کی ذات ہمارے لیے غنیمت ہے - اختر الایمان نہ صرف حق گو، بے باک اور بے خوف انسان ہیں بلکہ وہ ایک باضمیر انسان بھی ہیں- انہیں نہ کوئی خرید سکتا ہے اور نہ توڑ ہی سکتا ہے-  لہذا ایسے بااصول قائد پر ہمیں مکمل اعتماد کرنا چاہیے اور ہمیں انہیں اپنا قیمتی ووٹ دے کر ضرور لوک سبھا بھیجنا چاہیے - کشن گنج کے ووٹرس کا یہ فیصلہ نہ صرف کشن گنج کے حق میں بہتر ہوگا بلکہ ریاست کی مسلم قیادت میں پیدا ہوا خلا بھی پر ہو سکے گا-  لہذا کشن گنج کے عوام سے یہ توقع ہے کہ وہ اپنا ایک ایک ووٹ جناب اختر الایمان کو دے کر نہ صرف کشن گنج کا نام روشن کریں گے بلکہ بہار کو ایک مضبوط ملی قائد دینے کا بھی فریضہ انجام دیں گے-  بہار کے مسلمانوں پر کشن گنج کے ووٹرس کا یہ احسان بھی ہوگا ساتھ ہی تاریخ میں ان کے تدبر اور دور اندیشی کا چرچہ بھی تادیر ہوتا رہے گا-
 الملتمس
 انوار الحسن وسطوی
 رکن 
مجلس عاملہ مجلس مشاورت( بہار)

اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...