Powered By Blogger

بدھ, دسمبر 18, 2024

حسن امام درؔد: شخصیت اور ادبی کارنامے ۔✍️انور آفاقی دربھنگہ

حسن امام درؔد: شخصیت اور ادبی کارنامے ۔
Urduduniyanews72 
✍️انور آفاقی دربھنگہ 

دربھنگہ جسے متھلا بھی کہا جاتا ہے اس کی اپنی ایک تاریخی ،علمی اور ادبی حیثیت زمانہ قدیم سے رہی ہے۔ اسی ( متھلا/ دربھنگہ) سر زمین کو یہ شرف بھی حاصل ہے کہ یہاں میتھلی زبان کے عظیم شاعر مہا کوی ودّیا پتی نے جنم لیا جن کا علمی و ادبی مرکز بھی یہی متھلانچل رہا۔ ودیا پتی کی شاعری کی مقبولیت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان کی شاعری کا میتھلی زبان سے انگریزی کے ساتھ کئی دوسری زبانوں میں بھی ترجمہ کیا گیا ۔ اسی شہر کو یہ مقام و مرتبہ بھی حاصل ہے کہ ملا ابو الحسن جیسے قابل و فاضل شخصیت کا مسکن بھی یہی متھلا تھا۔ ملا ابوالحسن مغل بادشاہ عالمگیر کے دربار میں کسی خاص عہدہ پر فائز تھے اور " فتاوی عالمگیری " کے مرتبین میں شامل تھے ۔ وہ بادشاہ عالمگیر کی صاحبزادی ، شہزادی زیب النساء کے اتالیق بھی تھے ۔ یہیں مولوی محمد صلاح الدین خامؔوش ابن شاہ کلام مجتبی پیدا ہوئے جو نہ صرف ایک عالم دین تھے بلکہ ایک صاحب دیوان شاعر بھی تھے ۔ مولوی شرف الدین طاؔہر بھی ایک خوش فکر اور عمدہ شاعر تھے ۔ منشی بہاری لال فؔطرت کا وطن بھی یہی متھلا/دربھنگہ تھا۔ ان کو اردو اور فارسی زبان پر قدرت حاصل تھی۔ شاعری کے ساتھ ایک قصیدہ بھی مہاراجہ دربھنگہ کے لئے لکھا تھا۔ وہ اپنی مشہور تاریخی تصنیف " آئینہءِ ترہت" کی وجہ سے ہمیشہ کے لئے امر ہوگئے۔ اسی متھلا / دربھنگہ کے رہنے والوں میں منشی آسارام ذؔوق ،امبیکا پرساد شؔمس ، منشی ایودھیا پرساد بؔہار ، منشی مہادیو پرساد منؔظر، شاداں ، محسن دربھنگوی ، مولانا عبدالعلیم آسی، شاداں فاروقی، اجتبی حسین رضوی ، اویس احمد دوراں ، حافظ عبد المنان طرزی وغیرہ جیسی علمی و ادبی ہستیوں کے نام شامل ہیں ۔ ان کے علاوہ ایسے سینکڑوں نام ہیں جنہوں نے اردو زبان و ادب اور شعر و شاعری کو اپنا وسیلہ اظہار بنایا۔ 
میں جس زمانے ( 1970 سے 1974) میں دربھنگہ
شہر میں زیر تعلیم تھا ۔ یہاں کی کئی علمی و ادبی شخصیتوں کے نام اور ادبی کارناموں سے واقف ہو گیا تھا۔ یہ وہ شعراء و ادبا تھے جن کی تخلیقات رسالوں میں شائع ہو ری تھیں۔ اس زمانے میں قلعہ گھاٹ میلان چوک پر ایک قدیم طرز کا خوبصورت مکان ہوا کرتا تھا جو شعرا و ادباء کے لئے ایک مرکزی حثیت رکھتا تھا۔ یہ مکان"امیر منزل " کے نام سے مشہور تھا ۔ یہی امیر منزل حسن امام دؔرد، مظہر امام اور منظر امام کا آبائی گھر تھا ۔ اسی امیر منزل میں اردو زبان و ادب کی بڑی بڑی با کمال ہستیاں جمع ہوا کرتی تھیں ۔ زمانہءِ طالب علمی میں مجھے ان میں سے چند معتبر ہستیوں سے ملاقات کا شرف بھی حاصل ہوا ، انہیں 
قریب سے دیکھنے کے مواقع بھی ملتے رہے ۔ 
 پھر جب میں دسمبر 1974 میں بی ۔ ایس سی کے امتحان سے فارغ ہوا تو بوکارو اسٹیل سیٹی چلا گیا جہاں میرے والدِ محترم ایک بڑی تعمیراتی کمپنی میں اہم عہدہ پر فائز تھے ۔ وہیں مجھے پہلی مرتبہ محترم حسن امام دؔرد صاحب سے ملاقات ہوئی اور پھر جلد ہی انکی قربت بھی میسر ہوئی ۔ حسن امام درد ایک شریف النفس اور نہایت مخلص انسان تھے ۔ ان کی طبیعت میں درویشی اور انکساری کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی ، گفتگو میں نرمی اور مٹھاس تھی۔ حسن امام درؔد کی ولادت "امیر منزل" قلعہ گھاٹ دربھنگہ میں پہلی نومبر 1925 کو ہوئی تھی ۔ ان کے والد سید امیر علی پوسٹل ڈپارٹمنٹ میں ملازم تھے اور لہیریا سرائے پوسٹ آفس دربھنگہ میں" پوسٹ ماسٹر"
کے عہدہ پر خدمات انجام دے رہے تھے ۔ وہ بھی اسی متھلا/ دربھنگہ کے باسی تھے ۔ 
درؔد صاحب ایک کامیاب اور استاد شاعر تو تھے ہی، اس کے ساتھ ساتھ وہ ایک عمدہ افسانہ نگار بھی تھے ۔ صحافت اور تحقیق کے میدان میں بھی وہ بہت فعال تھے۔ انہوں نے مجاہد آزادی مولانا عبدالعلیم آسی کے ساتھ ان کی ہی قیادت میں 1942 کی جنگ آزادی میں بڑھ چڑھ کر حصہ بھی لیا تھا۔ وہ سب مل کر ہر کام خفیہ طور پر کیا کرتے تھے تاکہ حکومت کے کارندوں کو انکی اس انگریز مخالف تحریک کا علم نہ ہو۔ مگر جب ان کے خفیہ کاموں کی خبر انگریز عہدہ داروں کو ہوئی تو ان کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کر دیا گیا ۔ باہمی صلاح و مشورے کے بعد طئے پایا کہ دربھنگہ کو چھوڑ کر کہیں باہر چلے جانا چاہئے۔ لہذا یہ کلکتہ چلے گئے اور پھر وہیں صحافت سے جڑ گئے ۔ حسن امام درد کلکتہ میں 1942 سے 1945 تک مقیم رہے ۔ جب دربھنگہ میں حالات سازگار ہوئے تو پھر جون 1945 میں دربھنگہ چلے آئے۔ دربھنگہ میں ادبی فضا کو مستحکم کرنے کی غرض سے 1944 میں ایک انجمن " اردو ادارہ" کے نام سے وجود میں آئی تھی جس کے بانی و روح رواں مولانا عبدالعلیم آسی اور ان کے رفقاء تھے ،حسن امام درد جب کلکتہ سے 1945 میں دربھنگہ لوٹے تو ان کو اردو ادارہ کا سکریٹری بنا دیا گیا۔
         اس ادبی انجمن" اردو ادارہ " میں ہر ہفتہ پابندی سے ادبی نشست منعقد ہوا کرتی تھی ۔ اس کا مرکز بھی یہی امیر منزل ہوا کرتا تھا ۔ یہاں شعر و شاعری کے ساتھ اردو ادب کے دوسرے اصناف پر بھی طبع آزمائی ہوتی تھی ۔ افسانے اور مضامین پڑھے جاتے اور پھر ان پر تعمیری تنقیدیں اور تبصرے بھی ہوا کرتے تھے۔ حسن امام درد کی ادبی دنیا میں داخلے کا سبب یوں تو ان کی شاعری بنی مگر پھر انہوں نے تواتر سے افسانے لکھنے شروع کر دیے ۔ انہوں نے 50 سے زیادہ افسانے اور اتنے ہی "تحقیقی اور تنقیدی مقالے بھی لکھے ۔انہوں نے کئی ریڈیائی ڈرامے بھی تحریر کئے جو ریڈیو سے نشر بھی ہوئے ۔ ان کے افسانے" تجلی" کلکتہ ، " نغمہ و نور" کلکتہ ، " نقاش" کلکتہ ، " نئی کرن" دربھنگہ ، "معاون " کلکتہ ، " صدائے عام" پٹنہ ، وغیرہ میں 1944 اور 1953 کے درمیان شائع ہوتے رہے۔
               انہوں نے ایک افسانوی مجموعہ بھی ترتیب دیا تھا مگر افسوس کہ وہ شائع نہیں ہو سکا ۔ زندگی کی بھاگ دوڑ میں کب ضائع ہو گیا کہ پتہ بھی نہیں چل سکا ۔ لاکھ کوشش کے باوجود وہ مسوّدہ نہیں مل سکا ۔ حسن امام درد کا ایک افسانہ" چیخ" ، افسانوں کے انتخاب کے مجموعہ "گلابی بادے " کلکتہ میں شائع ہوا تھا جسے محترمہ ریحانہ سلطان پوری نے ترتیب دیا تھا ۔ اپنے اس منتخب افسانوں کے مجموعہ میں حسن امام درد صاحب کا ریحانہ سلطان پوری نے تعارف کراتے ہوئے جو لکھا تھا اسے پڑھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ وہ کس پائے کے افسانہ نگار تھے ۔ اس اقتباس کو قارئین کے لئے درج کرنا مناسب سمجھتا ہوں :
                  "انہیں قدرت نے افسانہ لکھنے کا خاص سلیقہ عطا کیا ہے اور ان کی تحریر میں وہ بات پائی جاتی ہے جو اکثر مشاہیر کے یہاں کمیاب ہے ۔ مگر بہاری ہیں ، اس لیے کبھی اپنی شہرت کی طرف متوجہ نہیں ہوتے ۔ اگر یہ اپنی تحریروں سے مسلسل ملک کو روشناس کراتے رہتے تو آج ان کا شمار بھی صف اول کے فنکاروں میں ہوتا"۔
افسانوں کے انتخاب کا یہ مجموعہ بھی اب ناپید ہے۔  
         حسن امام دؔرد کئی اخبار و رسائل سے منسلک رہے جن میں " آبشار "کلکتہ، " آزاد ہند " کلکتہ، ہفتہ وار " آدرش" پٹنہ ، " دور حاضر " ، " عصر جدید" کلکتہ، روزنامہ" غریب کی دنیا" پٹنہ ، "کارواں" کلکتہ، "شفق" بوکارو اسپات نگر ،" نئی کرن" ،" الپنا " اور" تمثیل نو" دربھنگہ وغیرہ کے نام قابلِ ذکر ہیں ۔ ان کی شاعری کا ایک ہی مجموعہ "حصار درد" کے عنوان سے 1999ء میں شائع ہوا جسے بہت پسند کیا گیا ۔ ڈاکٹر جگن ناتھ
آزاد ، حسن امام درؔد کی شاعری پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
                 " حسن امام دؔرد نے اپنی شاعری کو کسی مخصوص دائرے میں قید نہیں کیا۔ انہوں نے حیات و کائنات کے دوسرے مسائل کی طرف بھی توجہ کی اور انہیں اپنی شاعری کا جز بنایا ۔ انہوں نے فکر و شعور کو جذبے میں تبدیل کر کے ایسی شاعری پیش کی ہے جو دل کو چھوتی ہے"۔
حسن امام درؔد کی شاعری کے بارے میں بعض تنگ
 نظر اور کم علم لوگوں کا خیال ہے کہ انکی شاعری متھلانچل کے دائرے میں محدود ہے اور ان کی شاعری میں آفاقیت کا فقدان ہے ۔اگر ایسا ہے تو انکی نظم "جرمنی کی شکست" ، " بوجھ " ، " 1 مئی " اور ، " جمہوریہ ہند" کو کس خانے میں رکھیں گے ۔
        یہاں میں دؔرد کی شاعری کے حوالے سے پروفیسر منصور عمر مرحوم کی اس رائے کو پیش کرنا مناسب سمجھتا ہوں جو انہوں نے اپنے مضمون " وسیع تناظر
 کا ترقی پسند شاعر: حسن امام درد " میں تحریر کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں: 
        "ہم کہہ سکتے ہیں کہ حسن امام درد نے دنیا
         اور مسائل دنیا کو وسیع تر تناظر میں رکھ
       کردیکھنے اور انہیں اپنے مخصوص لب و لہجہ
       میں پیش کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے اور
       یہی ان کی شاعری کا وصف خاص ہے"۔

اب آئیے اسی تناظر میں پروفیسر مناظر عاشق ہرگانوی 
مرحوم کی رائے بھی جان لیجئے جو وہ حسن امام دؔرد کی غزلوں کے لئے رکھتے تھے ۔ وہ رقم طراز ہیں:
       " حسن امام درد کی غزلوں میں صرف دروں 
         بینی اور مشاہدہءِ ذات نہیں ہے بلکہ تمام عالم  
         انسانیت پر ان کی نظر ہے" ۔
حسن امام درد نے مولانا عبدالعلیم آسی کی تخلیقات جو ڈائری اور صفحات پر بہت خستہ حالت میں منتشر تھیں ، کو بڑی محنت سے جمع کیا ۔ ان کی شاعری کو" منظومات آسی" اور ان کی نثری تخلیقات کو" منثورات آسی "کے نام سے ترتیب دے کر 2008 میں شائع کرا کر ایک بڑا کارنامہ انجام دیا ۔ 
حسن امام دؔرد کی حیات و خدمات پر مقالہ لکھ کر عبدالمعبود آمر نے 1998 میں للت نارائن متھلا یونیورسٹی دربھنگہ سے ڈاکٹریٹ کی سند پائی۔ 
معروف و مشہور شاعر و ادیب مظہر امام اور افسانہ نگار و صحافی پروفیسر منظر امام دونوں حسن امام درد کے چھوٹے بھائی تھے ۔ یہ سب اب مرحوم ہو چکے ہیں ۔ 
        روزگار کے سلسلے میں حسن امام دؔرد جمشید پور ، رانچی ، بوکارو اسٹیل سیٹی ، راور کیلا ، درگا پور ، بھلائی اور دامن جوڑی وغیرہ جیسے شہروں میں قیام پذیر رہے اور ایڈمنسٹریشن سپرنٹنڈنٹ کے اعلی عہدہ سے ریٹائر ہو کر اپنے شہر دربھنگہ آگئے۔ ۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ دربھنگہ میں پلائی وڈ بنانے والی مشہور کمپنی "متھلا پلائی وڈ انڈسٹریز " میں بحثیت مینیجر کام کیا۔
حسن امام درد جہاں بھی رہے اردو زبان و ادب کی ترویج و اشاعت کے لیے ہمیشہ کوشاں و متحرک رہے ۔ انہوں نے بہت سارے لوگوں کو اس کی ترغیب بھی دی ۔ بوکارو اسٹیل سیٹی میں اپنے قیام کے دوران کئی لوگوں کو شعر و شاعری کی طرف نہ صرف متوجہ کیا بلکہ ان کی اصلاح بھی فرماتے رہے ۔ بوکارو اسٹیل سیٹی میں ان کی وجہ سے جن لوگوں نے شاعری کی دنیا میں پہلی مرتبہ قدم رکھا ان میں اظہر نیر سر فہرست ہیں۔ ان کی ہی تحریک پر میں بھی شعر کہنے لگا ۔ کوئی ایک درجن سے زیادہ دوسرے احباب بھی ان کے زیر سایہ شاعری کرنے لگے تھے ۔ بوکارو اسٹیل سیٹی میں ان کا گھر ایک ادبی مرکز بن گیا تھا ۔ انہوں نے وہاں انجمن ترقی اردو کی ایک شاخ بھی قائم کی تھی ۔
 اردو زبان و ادب سے بے حد محبت کرنے والا زبان و ادب کا یہ سچا سپاہی 25 ستمبر 2012 کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملا اور شاہی مسجد قلعہ گھاٹ دربھنگہ کے قبرستان میں آسودہ خواب ہے۔ اللہ ان کی مغفرت فرمائے آمین ۔ آئیے آخر میں حسن امام درد کے چند اشعار آپ کی بصارتوں کی نذر کرتا چلوں ۔

اپنی خودداری احساس کا سرمایہ ہوں 
اپنی تکمیل کو جنت سے نکل آیا ہوں

 تیرا بندہ ہی سہی، تیری ضرورت ہوں میں
 تیری دنیا کے لیے رحمت و برکت ہوں میں

زمانہ پھر کسی منصور کی تلاش میں ہے
 یہ وقت وہ ہے کہ دار و رسن کی بات کریں

حوصلہ مر گیا ہے جینے کا 
صبح تاریک رات بھاری ہے

آرزو کا حاصل کیا ایک لفظ حسرت ہے
 آپ کو اٹھانے ہیں رنج اور مہن تنہا

اس شدید آندھی میں گھر سے کون نکلے گا
 بس ہوا میں اڑتا ہے اپنا پیرہن تنہا

بھیانک شور سناٹا بھیانک
 گلی خود راستہ روکے کھڑی ہے

حصارِ عاقبت میں مجھ کو رکھا میرے مرشد نے
 مگر دل میں تڑپ تھی میں حصارِ درد تک پہنچا

 اے درؔد سب ہی لکھ دیا احوالِ زندگی
 لیکن تھا سچ وہی کہ جو بین السطور تھا

اوڑھ کر کینچلی تمدن کی
 سانپ کیسا مرا مرا سا تھا

شاید کہیں بھٹک پڑے خوشبوئے انبساط
 رکھا ہے میں نے دل کا دریچہ کھلا ہوا

***

بدھ, دسمبر 11, 2024

اسلامی اسکول: وقت کی بڑھتی ہوئی ضرورت

اسلامی اسکول: وقت کی بڑھتی ہوئی ضرورت
Urduduniyanews72 
جدید دنیا کے پیچیدہ مسائل اور چیلنجز کے درمیان اسلامی اسکول وقت کی اہم ترین ضروریات میں سے ایک بن چکے ہیں۔ یہ ادارے ایسے مراکز ہیں جہاں بچوں کو نہ صرف معیاری دنیاوی تعلیم دی جاتی ہے بلکہ انہیں اسلامی اصولوں کے مطابق زندگی گزارنے کا شعور بھی فراہم کیا جاتا ہے۔
آج کے معاشرتی ماحول میں، جہاں نوجوان نسل پر مغربی ثقافت اور غیر اسلامی رویوں کا گہرا اثر ہے، اسلامی اسکول ایک محفوظ پناہ گاہ فراہم کرتے ہیں۔ یہ اسکول بچوں اور بچیوں کو اسلامی ماحول میں پروان چڑھنے کا موقع دیتے ہیں، جہاں وہ نماز، روزہ، اخلاقیات اور قرآن و سنت کی روشنی میں اپنی زندگی کی بنیاد رکھ سکیں۔ ایسے ادارے بچوںاور   بچیوںکی کردار سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور ان میں حلال و حرام کی تمیز اور دین سے محبت پیدا کرتے ہیں۔
اسلامی اسکولوں میں نصاب اس طرح ترتیب دیا جاتا ہے کہ وہ دنیاوی اور دینی علوم کے درمیان توازن قائم رکھیں۔ ریاضی، سائنس، اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ فقہ، حدیث، سیرت النبی ﷺ اور اسلامی تاریخ بھی پڑھائی جاتی ہے۔ یہ امتزاج بچوں اوربچیوںکو ہر دو میدان میں ممتاز بناتا ہے، اور وہ ایک کامیاب مسلمان کی حیثیت سے معاشرے میں اپنی شناخت قائم کر سکتے ہیں۔
مزید یہ کہ، اسلامی اسکولوں کا مقصد صرف تعلیمی کامیابی نہیں بلکہ طلبہ کی ذہنی، روحانی، اور اخلاقی تربیت بھی ہے۔ وہ بچوں میں تقویٰ، ایمانداری، اخلاص، اور دوسروں کے لیے محبت جیسے اوصاف کو پروان چڑھاتے ہیں۔ یہ ادارے بچوں اور بچیوں میں قیادت کی صلاحیتیں پیدا کرتے ہیں اور انہیں دین اور دنیا دونوں کی ذمہ داریوں کے لیے تیار کرتے ہیں۔
مزید برآں، اسلامی اسکول طلبہ  اور طالبات کے درمیان کمیونٹی اور تعلق کے احساس کو فروغ دیتے ہیں، اور انہیں اپنے دین اور ثقافت سے مضبوط رشتہ قائم کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ یہ اسکول بچوں  اور بچیوں کو دیانتداری، ہمدردی، اور احترام جیسی اقدار کی اہمیت سکھاتے ہیں جو انفرادی اور اجتماعی ترقی کے لیے ضروری ہیں۔
مختصراً، اسلامی اسکول آج کے دور میں صرف ایک آپشن نہیں بلکہ ایک ضرورت ہیں۔ یہ ادارے ایسی نسل کی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جو نہ صرف علم میں ماہر ہو بلکہ اخلاقی طور پر بھی مضبوط ہو اور معاشرے کی بہتری میں مثبت کردار ادا کرےایسے اداروں میں سرمایہ کاری ایک روشن اور ہم آہنگ مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔
آج کے دور میں، والدین کو اپنے بچوں  اور بچیوں کی تعلیم کے لیے اسلامی اسکولوں کا انتخاب کرنا چاہیے تاکہ وہ اپنے بچوں اور بچیوں کے لیے نہ صرف بہتر تعلیمی مستقبل بلکہ دینی تربیت بھی یقینی بنا سکیں۔ یہ اسکول ایک ایسی نسل تیار کر رہے ہیں جو علمی میدان میں کامیاب ہونے کے ساتھ ساتھ اسلامی اقدار کی حامل ہو، اور دنیا میں دین کا پیغام عام کرنے میں کردار ادا کرے۔
محمد افضل اللہ ظفر :خنساء اسلامك انگلش اسكول  بہیڑہ ،دربھنگہ ،بہار

پیر, دسمبر 09, 2024

جنازہ کی ایک تصویر

جنازہ کی ایک تصویر 

 Urduduniyanews72 
سوشل میڈیا میں نمازجنازہ کی ایک تصویر پوسٹ کی گئی ہےجسمیں فقط چند لوگ ہی نظر آرہے ہیں،بقیہ پورا مجمع اس منظر سے غائب ہے۔اس فوٹو سے کیا پیغام دیا جارہا ہے اور اس کے نشر کرنےکا مقصد کیا ہے؟یہ بات میری سمجھ میں نہیں آئی تو ایک جہاں دیدہ شخص نے اس کی  وجہ یہ بتلائی ہے کہ بھیجنے والاجنازہ کی نماز میں  اپنی موجودگی درج کرارہاہے،نیز مرحوم کے وارثین کی خوشنودی چاہتا ہے۔اگر یہ سچ ہےتوایک صاحب ایمان کی شان کے یہ خلاف ہےاور  بہت ہی افسوسناک عمل ہے،اس پر جسقدر ماتم کیا جائے وہ کم ہے۔جنازہ کی نماز کا مقصد کیا ہے؟ اس کی شرعی حیثیت کیا ہے؟یہ کیوں پڑھی جاتی ہے؟یہ ان باتوں سے ناواقفیت اور جہالت کی بڑی دلیل بھی ہے۔
 جنازہ کی نماز کا ایک اہم بنیادی مقصد مرحوم کے لئے دعائے مغفرت ہے۔علامہ ابن الہمام رحمۃ اللہ علیہ نے دعا کو نماز جنازہ کا رکن قرار دیا ہے،اگر چہ ان کی یہ رائے جمہور کے خلاف ہے تاہم اس سے میت کے لئے کی جانے والی دعائے مغفرت کی اہمیت کا اندازہ ہوتاہے۔ تیسری تکبیر کے بعد جو دعا پڑھی جاتی ہے،یہ پوری دعا دعائے مغفرت ہے،اس میں بندہ اپنے رب سے یہ کہتا ہے کہ؛"اے اللہ! ہمارے زندوں اور مردوں اور حاضروں اور غائبوں اور چھوٹوں اور بڑوں اور مردوں اور عورتوں کو بخش دے، اے خدا! ہم میں سے جسے تو زندہ رکھے اسلام پر زندہ رکھ اور جسے وفات دے اسے ایمان پر وفات دے"۔
اگر کسی کو یہ دعا بروقت یاد نہ ہوتو تو فقہ کی مشہور کتاب البحرالرائق میں  یہ مختصر دعا تعلیم کی گئی ہے؛ "أللهم إغفر للمؤمنين والمؤمنات"اے اللہ! تمام مومنین ومومنات کی مغفرت فرمادیجئے" یہاں متبادل کے طور پر جو دعا سکھائی گئی ہے یہ بھی دعائے مغفرت ہی ہے۔اس سے جنازہ کی حاضری کا مقصد واضح ہوتاہے کہ یہ حاضری اسی خاص مقصد کے تحت ہوتی ہے،حدیث شریف میں اسی دعاکو مسلمان بھائی کا آخری حق قرار دیا ہے،کہ جب ایک مسلمان کا انتقال ہوجائے تو اس کے جنازہ میں شرکت کرے،یہ شرکت برائے دعائے مغفرت ہی ہے۔ یہی وہ مرحوم کا حق ہےجسے ادا کرنے کے لئے بندہ جنازے میں شریک ہوتا ہے۔ 
آج جنازہ میں لوگ خوب شامل ہوتے ہیں مگر  یہ حاضری فقط حاضری ہے اور مقصد اصلی سے خالی ہے۔بلکہ اب اس کی سمت بھی تبدیل ہورہی ہے، مرحوم کے زندہ وارثین کی خوشنودی کے لئےشرکت ہوتی ہے،اس سے آگے بڑھ مذکورہ بالا واقعہ کی روشنی میں مجھے یہ کہنے کی اجازت دیجئے کہ  ٗمادی فوائد کا حصول اورذاتی  پہچان بنانے کی سعی بھی ہوتی ہے۔اعاذنا الله من ذالك۰
اور دوسری بات یہ کہ جنازہ کی نماز بھی نماز ہے، اس کے لئے نیت ضروری ہے، صف میں کھڑا ہونے والا اپنی نیت میں اس کا استحضار کرتا ہے کہ میں خدا کے واسطے اس جنازہ کی نماز اس میت کی دعائے مغفرت کے لئے اس امام کے پیچھے پڑھتا ہوں، جب نماز کی نیت اللہ کے واسطے کی ہے اور اس سے مقصد لوگوں کی رضامندی ہے تو یہ عمل غارت ہوگیا ہے، ایسی نمازیں منھ پر ماردی جاتی ہیں جو دوسروں کے لئے پڑھی جاتی ہیں، اس کا اجر آخرت میں نہیں ملنے والا ہے۔بندہ دوقیراط کی تلاش میں تھا اسے خیرات بھی ملنے نہیں جارہا ہے۔
آج کہیں جنازہ میں شرکت کرنی ہو تو خوب تیاری کی جاتی ہے، نئے کپڑے زیب تن کئے جاتے ہیں،جشن کا سماں نظر آتا ہے،خوش گپیاں ہوتی ہیں، دعوت اڑائی جاتی ہے،  تصویر لے لے کر اس کی خوب تشہیر کی جاتی ہے، مقصد اصلی پرکوئی نظر نہیں ہے۔جنازہ کے پیچھے چلنے کا طریقہ بھی مذہب اسلام میں تعلیم کیا گیا ہے، اس تعلق سے بھی بڑی بے اعتدالی دیکھنے میں آتی ہے، لوگ چلتے ہوئے زور زور سے باتیں کرتے ہیں، جبکہ جنازے کو اٹھا کرلے چلتے وقت کلمہ شریف وغیرہ پڑھنے کوبھی دل دل میں ہی پڑھنے کا شرعی حکم ہے، آواز سے پڑھنا مکروہ ہے،مفتی اعظم علامہ محمد کفایت اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے تعلیم الاسلام کے چوتھے حصہ میں اس مسئلہ کو تحریر فرمادیا ہے،اور یہ کتاب مکتب میں ہی ہر بچےکو پڑھادی جاتی ہے۔اس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ مکتب کے معیار کی بنیادی تعلیم سے بھی ہم لوگ ناواقف ہیں، اس جانب توجہ کی سخت ضرورت ہے۔

                    حقیقت خرافات میں کھوگئی 
                     یہ امت روایات میں کھوگئی 

مفتی ہمایوں اقبال ندوی 
جنرل سکریٹری، تنظیم أبناء ندوہ پورنیہ کمشنری 
۹/نومبر ۲۰۲۴ء بروز دوشنبہ

پیر, دسمبر 02, 2024

قومی اردو تحریک فاؤنڈیشن،، کا مشاعرہ

قومی اردو تحریک فاؤنڈیشن،، کا مشاعرہ
 Urduduniyanews72 
   وہ آفتاب ا گا ئیں گےہم اندھیروں میں 
   جہانِ علم وادب روشنی سے بھر جائے
                  ( انس مسرورانصاری) 
  ٹانڈہ (امبیڈکر نگر)قومی اردو تحریک فاؤنڈیشن،، کے زیراہتمام علمی وادبی خطبات اورشاندار مشاعرے کاانعقاد ہواجس کی صدارت محمد شفیع نیشنل انٹرکالج (ہنسور) کےاستادمحترم محمد اسلم خاں صاحب نے فرمائی اور نظامت کے فرائض جناب قاری جمال اشرف نظامی نے انجام دیے۔انھوں نےحمدپاک سے مشاعرہ کا آغاز کیا اور جناب سعید ٹانڈوی نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا۔قمر جیلانی کےابتدائی کلمات اورقاری جمال اشرف نظامی کی ادارہ کے متعلق تعارفی تعارفی تقریرکے بعد محمد اسلم خان نےاپنے صدارتی خطبہ میں قومی اردو تحریک فاؤنڈیشن،، کے تعلیمی شعبہ جات کی بہترین کارکردگی اوران کے تدریجی ارتقاء کا جائزہ پیش کرتے ہوئے تحریک کےبانی وصدر انس مسرورانصاری کی تعریف و توصیف کی اورانھیں قومی اردو تحریک فاؤنڈیشن،،کے ترقیاتی کاموں پر مبارکباد دی اور ادارہ کے ساتھ ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ڈاکٹر امین احسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ قومی تعلیمی پسماندگی کےتناظرمیں ضرورت اس بات کی ہےاس ادارہ اوردیگر اقلیتی تعلیمی اداروں کو ہر طرح کے تعاون کےذریعے مزید ترقی دی جائے۔ انھوں نے مزید کیاکہ قومی اردو تحریک فاؤنڈیشن،، کے وسائل اسباب محدودہیں اس لیے قوم کے ہر فرد کی ذمہ داری ہےکہ اپنے تعاون سے اس کو طاقت ور بنائیں۔ 
 مہمانِ خصوصی محترم جناب وصیل خان(روزنامہ۔ اردو ٹائمز۔ ممبئی)نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پرخلوص علمی وادبی خدمات انجام دے رہاہے۔ اردو زبان کی ترویج و ترقی کے لیے کوشاں ہے۔ اس لیے لوگوں کو چاہیے کہ اس ادارہ سے اپنے آپ کوجوڑیں۔ اجتماعی جدوجہد سےہی کامیابیاں حاصل کی جاتی ہیں۔میں انس مسرورانصاری کا بہت شکر گزار ہوں کہ وہ نئی نسل کو دینی وعصری علوم کے ساتھ اس کی ذہنی وفکری تربیت میں ہمہ تن مصروف ہیں۔  
    مشاعرہ میں شریک شعراء کرام کے اسماء گرامی درج ذیل ہیں۔ اویس فنا۔مقسوم احمد مقصوم۔ڈاکٹر امین احسن۔ ڈاکٹر اشہر سوداگر۔ دلشاد دل سکندر پوری۔ وصیل احمد خان۔ قمر جیلانی خان۔انس مسرورانصاری۔ ثاقب جمال مبارکپوری۔ انصاف ٹانڈوی۔ ضیاکاملی۔ سعید ٹانڈوی۔ تاجدار رضا۔ فضل احمد فضل۔ وغیرہ نے شرکت کی۔ مشاعرہ دیر رات تک کامیابی کے ساتھ جاری رہا۔ آخیرمیں قاری جمال اشرف نظامی کے دعائیہ کلمات پر مشاعرہ کو اگلے ماہ کےلیے ملتوی کیاگیا۔

ہفتہ, نومبر 30, 2024

سنبھل میں کرفیو کی ایک رات ) * انس مسرورانصاری

سنبھل میں کرفیو کی ایک رات ) 
                  * انس مسرورانصاری
         Urduduniyanews72 
            رات آئی تو خوف کا عفریت 
            خون پینےکوجاگ جاگ اٹھا
          کتنی ویراں پڑی ہے راہ گزر
          کتنی چپ چاپ ہےفضائےبسیط
          کوئی آہٹ نہ کوئی آوازہ
          ملگجی چاندنی سسکتی ہوئی
          جھاڑیوں میں ہواسنکتی ہوئی
           شش جہت خوفناک ویرانی
          خلقت اپنے مکاں کی زندانی
           خوف سے چمٹے ماں کےسینے سے
           ننھے ، معصوم، بےنّوا بچے 
           ایسےلگتاہےجیسےخاموشی 
           دفعتاََپھٹ پڑے گی بم کی طرح 
           راستے چونک چونک جائیں گے
           آہنی بوٹوں کی کھٹاکھٹ کھٹ 
           ریزہ ریزہ پڑی خموشی کو
            بے طرح پائمال کردے گی
            ہانپتی کانپتی ہوئی شب کو
           اور بھی کچھ نڈھال کردے گی 
    
        * انس مسرورانصاری 
     قومی اردو تحریک فاؤنڈیشن(رجسٹرڈ) 
        اردوبازار،ٹانڈہ۔ امبیڈکرنگر (یو،پی) 
                رابطہ/9453347784
              ****************

جمعرات, نومبر 28, 2024

اعلیٰ اخلاقی اقدار اپنا ئیے

اعلیٰ اخلاقی اقدار اپنا ئیے
Urduduniyanews72 
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ 

بے راہ روی، جھوٹ، غیبت، چغل خوری، طعن وتشنیع، بد کلامی، تہمت وبہتان تراشی نے سماج کو ایک ایسے راستے پر ڈال دیا ہے، جس کا نتیجہ دنیا میں بربادی، تباہی اور شرمندگی نیز آخرت میں ان گناہوں کی پاداش میں بغیر توبہ کے مرگیا تو جہنم ہے، المیہ یہ ہے کہ ان بُری عادتوں اور خصلتوں کو گناہ سمجھا بھی نہیں جا رہا ہے، جس کی وجہ سے ان گناہوں سے واپسی کا خیال نہیں آتا، گناہوں پر مداومت اور اصرار بڑھتا جا رہا ہے۔ کہنا چاہیے کہ ذہن ودماغ سے احساس زیاں بھی رخصت ہو گیا ہے۔
اپنے اعمال کا تجزیہ کیجئے تو معلوم ہوگا کہ جھوٹ ہماری گفتگو کا جز و لاینفک بن گیا ہے، ہماری کوئی مجلس غیبت، چغل خوری سے پاک نہیں ہوتی،گالی، بدکلامی، لعنت وملامت اور بغیر تحقیق کے تہمت وبہتان تراشی میں ہم آگے ہیں،دوسروں کو رسوا کرنے کے لیے اپنی عاقبت خراب کر رہے ہیں، سوشل میڈیا کے اس دور میں ہر ایرے غیرے کا ہاتھ موبائل کے کی بورڈ(Key Bord)پر ہے اور جو چاہے لکھتا چلا جاتا ہے، اس آزادی نے لوگوں کی پگڑیاں اچھا لنے کے کام کو آسان کر دیا ہے، پگڑیاں اچھل پاتی ہیں یا نہیں، لیکن اپنے نامہ اعمال میں ان رذیل حرکتوں کا گناہ تو درج ہوہی جاتا ہے۔
اللہ کی پناہ! ذرا سوچئے آقا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا سچ راہ نجات ہے، اور جھوٹ ہلاکت کی طرف لے جاتا ہے، ہم نے ہلاکت والے راستے کو اپنا لیا ہے جس کی وجہ سے اللہ کی لعنت کے مستحق ہو رہے ہیں، اللہ رب العزت کا ارشاد ہے، لعنۃ اللہ علی الکاذبین. اگر ہم سچ نہیں بول سکتے، اس کی ہمت نہیں جٹاپاتے ہیں تو کم سے کم خاموش رہنا ہی سیکھ لیں، کیوں کہ خاموشی بڑا ہتھیار اور نجات کا ذریعہ ہے، مَنْ سَکَتَ نَجَا و منْ صَمَت نَجَا میں یہی بات کہی گئی ہے۔ واقعہ یہی ہے کہ مسلمانوں کی زندگی میں جھوٹ کے لیے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے اور سچ کو ہی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا چاہیے، یہ بہت طاقت ور ذریعہ ہے، سچ کبھی شکست نہیں کھاتا، جھوٹ کے مقدر میں ہار ہے، ہو سکتا ہے اس ہار تک پہونچنے میں جھوٹے کو تھوڑی دیر لگ جائے۔
 خود غرضی بھی ہماری زندگی کو بری طرح متاثر کرتی ہے، خود غرض آدمی اپنے علاوہ کچھ اور دیکھ ہی نہیں پاتا ہے، اس مرض کا شکار نہ اپنے خاندان کے سلسلے میں مخلص ہوتا ہے اور نہ ہی ملک، ادارے تنظیموں، جماعتوں، جمعیتوں کے کام کا رہتا ہے، اس کی سوچ کا مرکز ومحور صرف یہ ہوتا ہے کہ ہمارا کس میں فائدہ ہے، حالاں کہ ہونا یہ چاہیے کہ ہم جس ملک میں رہتے ہیں، جن اداروں اور تنظیموں سے ہمارا تعلق ہے، اس کی محبت اور قدر ہماری زندگی میں سمائی ہوئی ہو کہ ہماری ذات اور منفعت کی اس طرح نفی ہوجائے کہ محبت کا پلڑہ ملکی اور ملی مفادمیں جھک جائے، ہمارے اکابر نے ہمیں اسی بات کی تعلیم دی ہے۔
 دنیاوی زندگی میں مکافات عمل کا اصول کار فرما ہے، جو بوئیں گے وہی کاٹیں گے، نظیر اکبر آبادی نے کہا ہے ؎
 کلجگ نہیں کرجگ ہے یہ یاں دن کو دے اور رات لے کیا خوب سودا نقد ہے، اس ہاتھ دے اس ہاتھ لے
 یہی مکافات عمل ہے، سورج پر تھوکنے کا عمل اپنی پیشانی پر اس تھوک کو واپس لے لینا ہے، اس طرح کا کوئی عمل صرف اپنے احمق ہونے کا اعلان ہے، یہ بات صحیح ہے کہ انسان نفسیاتی طور پر اپنے خلاف کیے گئے کاموں اور تحریروں کا جواب دینا چاہتا ہے، لیکن ہمیں یہ بات خوب اچھی طرح یاد رکھنی چاہیے کہ کتا اگر کاٹ لے تو ہم بدلے میں کتے کے کاٹنے کو شریفانہ عمل نہیں سمجھتے۔
 ایسے موقعوں سے غصہ کو پی جانا اور معاف کر دینا شریفانہ عمل ہے، وَالْکَاظِمِیْنَ الْغَیْظَ وَالْعَافِیْنَ عَنِ النَّاسِ میں ہمیں اسی کی تلقین کی گئی ہے، معافی سے ہمارے تحمل اور بر داشت کا پتہ چلتا ہے، حسد اور نفرت جیسے قبیح عمل سے ہم محفوظ رہتے ہیں، کیوں کہ یہ چیزیں جب ہمارے اندر داخل ہوجاتی ہیں تو یہ دیر سویر ہمارے زوال کا ذریعہ بنتی ہیں، لیکن جب ہم عفو ودرگذر سے کام لیتے ہیں تو محبت والفت کا ایک سمندر ہمارے دل ودماغ میں جوش مارتا ہے، اور اس کا فائدہ ہماری سوچ کو ہی نہیں ہمارے جسم ودماغ کو بھی پہونچتا ہے، ہم خود بھی خوش رہتے ہیں اور دوسروں تک خوشیاں پہونچانے کا کام کرتے ہیں۔
ہماری عادت دوسروں میں برائیاں تلاشنے کی ہو گئی ہے، جس طرح مکھیاں پورے جسم کو چھوڑ کر صرف گندی جگہ، پھوڑے پھنسی اور زخموں پر بیٹھا کرتی ہیں، اسی طرح ہماری نگاہ انسانوں کے کمزور پہلوؤں کی طرف لگی رہتی ہے، اس آدمی کے اندر لاکھ خوبیاں ہوں، لیکن مرکز نگاہ خامیاں ہواکرتی ہیں، خامیوں کی نشان دہی کرتے وقت ہم یہ بھی بھول جاتے ہیں کہ جب ایک انگلی کسی کی طرف ہم اٹھاتے ہیں تو تین انگلیاں خود ہماری طرف ہوتی ہیں او رپوچھ رہی ہوتی ہیں کہ کبھی اپنا بھی جائزہ لیا ہے کہ تمہارے اندر کتنے عیوب ہیں، آپ کی سوچ کا اثر سامنے والے کے کردار پر پڑتا ہے، آپ کسی کو ہر وقت کہیں گے کہ آپ بیمار سے لگتے ہیں، کچھ دن کے بعد وہ واقعی بیمار ہوجائے گا، لیکن جب آپ اسے بار بار صحت کا پیغام سنائیں گے تو کم از کم وہ ذہنی مریض بننے سے بچ جائے گا، آپ نے اپنے بچے کو بار بار کند ذہن کہا تو وہ کند ذہن ہوجائے گا، اس کے سمجھنے کی طاقت دن بدن کم ہوتی چلی جائے گی، اس لیے دوسروں میں اچھائیاں تلاش کیجئے، اس کا ذکر کیجئے، اگر آپ کسی کو بار بار ناکارہ کہتے ہیں تو اس کی کارکردگی میں یقینا کمی آئے گی، لیکن آپ نے اس کی تھوڑی محنت کی تعریف کر دی تو اس کی فعالیت میں بے پناہ ترقی ہوگی، آپ کا رکردگی بڑھانے کا کام کیجئے، ناکارہ بنانے کا نہیں۔
سماج کے جو کمزور لوگ اور طبقات ہیں، گھر میں بوڑھے والدین ہیں، ان کی جانب سے بے اعتنائی آج کل عام ہے، ان کی ضرورتوں کی تکمیل نہیں ہو رہی ہے، ہمارے پاس ان کو دینے کے لیے وقت نہیں ہے، بلکہ بعض گھروں میں انہیں ایذا رسانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اعلیٰ اخلاقی اقدار میں یہ بات بھی شامل ہے کہ چھوٹوں پر رحم کیا جائے، اور بڑوں کاادب واحترام کا خیال رکھا جائے۔
اسی طرح حسد بھی ہماری زندگی کو متاثر کرتا ہے، اس کا عادی شخص جلن کا شکار ہوتا ہے، اس سے اس کی قوت کار پر بھی اثر پڑتا ہے اور دل ودماغ کو خاص کرب سے گذرنا پڑتا ہے، واقعہ یہ ہے کہ ہم اپنے دکھ سے اس قدر دکھی نہیں ہیں، جتنا دوسرے کے سکھ سے ہمیں پریشانی لاحق ہے۔
 خود کو بدلنے کا مزاج بنائیے، اصلاح کا کام خودسے شروع کیجئے، سماج میں آپ جو تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں، اعلیٰ اخلاقی اقدار کو فروغ دینا چاہتے ہیں تو کام کا آغاز خود سے کیجئے، اسلام کی تعلیم یہی ہے کہ اپنی اصلاح کیجئے، پھر عزیز واقربا کی کیجئے اور پھر خاندان، اور سماج کی طرف تدریجا بڑھیے اَنْذِرْ عَشِیْرَتَکَ الاَقْرَبِیْن اور یاٰیھَا الذِیْنَ آمَنُوا قُوا اَنْفُسَکُمْ وَاَھْلِیْکُمْ نَارًا میں یہی بات کہی گئی ہے،کاش ہم اس راز اور کام کے اس طریقہ کو سمجھ کر اپنی زندگی میں اتارپائیں۔

منگل, نومبر 19, 2024

انس مسرور انصاری کی کتاب ’’عکس اورامکان ‘‘ کی رسم رونمائی

انس مسرور انصاری کی کتاب ’’عکس اورامکان ‘‘ کی رسم رونمائی
Urduduniyanews72 
ٹانڈہ جیسے علاقے میں رہ کر انس مسرورانصاری نے جو ادبی کام انجام دیئے ہیں وہ لائق تحسین ہیں۔احمد ابراہیم علوی

 قومی اردو تحریک فاؤنڈیشن ٹانڈہ کے بانی و صدرانس مسرور انصاری کےتحقیقی و تنقیدی مضامین کا مجموعہ ’’عکس اورامکان ‘‘ کی رسم رونمائی۔۔ادبی نشیمن،،کے دفتر واقع الماس باغ ۔ہردوئی روڈ(لکھنؤ) میں منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت سینئر صحافی و افسانہ نگار احمد ابراہیم علوی نے فرمائی۔ مہمانانِ خصوصی انس مسرور انصاری۔ ڈاکٹر عصمت ملیح آبادی اور ڈاکٹر اکبر علی بلگرامی موجود تھے ۔ نظامت کے فرائض ہر دو ناظم رضوان فاروقی اور ڈاکٹر اسرارالحق نے انجام دیئے۔
 رضوان فاروقی کی تلاوت قرآن پاک اورخلیل اختر شبو کےنعت پاک کا نذرانہ پیش کرنے کے بعدٹانڈہ۔ امبیڈکر نگر سے تشریف لائےفخرِامبیڈکرنگر انس مسرور انصاری کی کتاب ’’عکس اور امکان‘‘ کا اجراء احمد ابراہیم علوی اور ڈاکٹر عصمت ملیح آبادی کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔
 پروگرام کی صدارت کر رہے احمد ابراہیم علوی نے انس مسرور انصاری کی ہمہ جہت خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ ایک شخص اکیلے کئی صنفوں پرقلم پیرا ہے،بہت سی قیمتی کتابیں اردو دنیا کو عطا کی ہیں ۔انس مسرور انصاری نے جو نظم پیش کی ہے وہ ایسی نظم ہے جس پر کہنے او ر لکھنے کے لیے بہت کچھ کہا اور لکھا جا سکتا ہے ۔میں نے جب ان کی چالیسویں کتاب۔۔عکس اور امکان،،کا مطالعہ کیا تو مجھے احساس ہواکہ انس مسرور صاحب کی تحریر میں روانی، طاقت ور اسلوب او ران کامطالعہ کافی وسیع ہے۔انھوں نے انس مسرور انصاری کی ادبی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بڑے شہروں میں تو اس طرح کے کام کرنے کی آسانیاں ہیں لیکن ٹانڈہ جیسےقصباتی علاقے میں رہ کر انس مسرور نے جوعلمی و ادبی کارنامےانجام دیئے ہیں وہ لائق تحسین ہیں انھوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ انس صاحب کا قلم یوں ہی رواں دواں رہے گا۔ 
 ڈاکٹر عصمت ملیح آبادی نے اپنے تاثرات میں نہ صرف معلومات افزاءاردو دنیا کی نامور ہستیوں کی یاد دلائی بلکہ یہ کہنے میں کوئی تامل نہیں کیا کہ ناقدین نئے لکھنے والوں پر بھی اپنے قلم کو چلانا چاہئے ۔یہ خوش آئند بات ہے کہ نثر لکھنے والے عنقا ضرور ہیں مگر جو لکھ رہے ہیں وہ بہت عمدہ، معیاری اوراعتبار یت سے مملو ہیں۔انھوں نے انس مسرور انصاری کو مبارک با د پیش کرتے ہوئےکہا کہ ان کی علمی و ادبی سرگرمیوں اور مسلسل مطالعہ کا نتیجہ ہے ’عکس اور امکان۔‘ 
   ڈاکٹر اکبر علی بلگرامی نے کہا کہ میں ٹانڈہ کی تین عظیم ادبی شخصیات سے بہت متاثر ہوں پہلی شخصیت استادِ محترم پروفیسر محمود الہٰی صاحب کی،دوسری شخصیت مفتی ولی اللہ صاحب اور تیسری شخصیت انس مسرور انصاری کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ انس مسرور صاحب جہاں ایک اچھے شاعرو نعت گو ہیں وہیں انھوں نے تحقیقی و تنقید ی مضامین کے ساتھ ساتھ بچوں کا بھی خیال رکھا اور بچوں کےادب پر بھی انھوں نےگراں قدر کام کیےہیں۔عکس اور امکان،، میں شامل نعت کے موضوع پر۔۔تعلیقاتِ نعت،، مضمون کو انھوں نے حاصل کتاب قرار دیا اور کہاکہ اچھا ہوتا کہ عربی اشعارکے تراجم کے ساتھ اگر عربی نعت گو شعراء کے کلام کے نمونے بھی اس میں شامل ہوتے۔
 اس کے علاوہ ڈاکٹر امین احسن نے انس مسرور انصاری کا تعار ف کراتے ہوئے کہا کہ انس صاحب ہمہ جہت و ہمہ رنگ موضوعات پر لکھنے والے کثیر التصانیف شاعر ،ادیب ،نقاد ،محقق و مورخ ہیں۔بچو کے لیے بھی انھوں نے کئی اہم کتابیں اور نظمیں تصنیف کیں۔ادب اظفال پر ان کی ایک درجن سے زائد کتابیں ہیں۔جبکہ ڈاکٹرمحمد اشہر سوداگر،صحافی وصیل احمد خان (روزنامہ۔۔اردوٹائمز،،ممبئی)ڈاکٹر اسرار الحق قریشی اوررضوان فاروقی نے مقالے پیش کیے۔روزنامہ راشٹریہ سہارا کے نمائندہ غفران نسیم نےانس مسرور اور ٹانڈہ کی ادبی سرگرمیوںپر روشنی ڈالتے ہوئے تحسین و آفرین کے کلمات پیش کئے۔
   اس موقع پر۔۔ ادبی نشیمن گروپ،،کی جانب سے انس مسرورانصاری کی علمی وادبی اوراردوزبان کی عملی خدمات پرانھیں۔۔ادبی نشیمن ایوارڈ،، اورسندِتوصیف سےسرفرازکیاگیا۔ 
 پروگرام میں ڈاکٹر اسرالحق قریشی نے افسانچہ ’’بریک‘‘ اور ڈاکٹر سلیم احمد نے ’’نوکری ‘‘ پیش کیا ۔پروگرام میں خلیل اختر ،معید رہبر،محسن عظیم انصاری ،عاشق رائے بریلوی ،جلال لکھنوی،ضیاء کاملی ،قمر جیلانی خان نے اپنے اپنےکلام پیش کئے۔پروگرم کےآخیرمیں کنوینراور۔۔ادبی نشیمن،،کے مدیر ڈاکٹر سلیم احمد نےحاضرین کاشکریہ ادا کیا۔

اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...