Powered By Blogger

منگل, جون 20, 2023

قربانی اور زکوٰۃ کے درمیان کیا فرق ہے ؟ شمشیر عالم مظاہری دربھنگوی

قربانی اور زکوٰۃ کے درمیان کیا فرق ہے ؟  
اردودنیانیوز۷۲ 
شمشیر عالم مظاہری دربھنگوی
امام جامع مسجد شاہ میاں روہوا ویشالی بہار

قربانی ہر اس مسلمان عاقل، بالغ مقیم پر واجب ہوتی ہے جس کی ملک میں ساڑھے باون تولہ چاندی یا اس کی قیمت کا مال اس کی حاجت اصلیہ سے زائد موجود ہو یہ مال خواہ سونا چاندی یا اس کے زیورات ہوں، یا مال تجارت یا ضرورت سے زائد گھریلو سامان، یا مسکونہ مکان سے زائد کوئی مکان، پلاٹ وغیرہ (فتاویٰ شامی )
قربانی کے معاملے میں اس مال پر سال بھر گزرنا بھی شرط نہیں ( بدائع الصنائع ) 
بچہ اور مجنون کی ملک میں اگر اتنا مال ہو بھی تو اس پر یا اس کی طرف سے اس کے ولی پر قربانی واجب نہیں ( بدائع الصنائع ) 
اسی طرح جو شخص شرعی قائد کے موافق مسافر ہو اس پر بھی قربانی لازم نہیں ( فتاویٰ شامی) 
جس شخص پر قربانی لازم نہ تھی اگر اس نے قربانی کی نیت سے کوئی جانور خرید لیا تو اس پر قربانی واجب ہوگی (عالمگیری)
وجوب قربانی کا نصاب 
سونا چاندی اور دیگر گھریلو سامان خواہ استعمال ہونے والا ہو یا نہ ہو ان سب کی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی کی مالیت کو پہنچ جائے تو اس پر قربانی واجب ہے ( حاشیہ ردالمختار )
قربانی اور زکوٰۃ کے درمیان کیا فرق ہے ؟
زکوٰۃ بھی صاحب نصاب پر واجب ہوتی ہے اور قربانی بھی صاحب نصاب ہی پر واجب ہے مگر دونوں کے درمیان دو وجہ سے فرق ہے ایک یہ کہ زکوٰۃ کے واجب ہونے کے لئے شرط ہے کہ نصاب پر سال گزر گیا ہو جب تک سال پورا نہیں ہوگا زکوٰۃ واجب نہیں ہو گی ( در مختار)
قربانی کے واجب ہونے کے لئے سال کا گزرنا کوئی شرط نہیں بلکہ اگر کوئی شخص عین قربانی کے دن صاحب نصاب ہو گیا تو اس پر قربانی واجب ہے ( فتاویٰ عالمگیری) 
 جبکہ زکوۃ سال کے بعد واجب ہوگی ۔
دوسرا فرق یہ ہے کہ زکوٰۃ کے واجب ہونے کے لیے یہ بھی شرط ہے کہ نصاب" نامی" ( بڑھنے والا) ہو شریعت کی اصطلاح میں سونا چاندی نقد روپیہ مال تجارت اور چرنے والے جانور مال نامی کہلاتے ہیں ( تنویر الابصار)
اگر کسی کے پاس ان چیزوں میں سے کوئی چیز نصاب کے برابر ہو اور اس پر سال بھی گزر جائے تو اس پر زکوٰۃ واجب ہوگی۔ مگر قربانی کے لیے مال کا نامی ہونا بھی شرط نہیں ۔مثال کے طور پر کسی کے پاس اپنی زمین کا غلہ اس کی ضروریات سے زائد ہے اور زائد ضرورت کی قیمت 
2625 روپے کے برابر ہے چونکہ یہ غلہ مال نامی نہیں اس لئے اس پر زکوۃ واجب نہیں چاہے سال بھر پڑا رہے لیکن اس پر قربانی واجب ہے ( فتاویٰ عالمگیری) 
میاں بیوی میں سے کس پر قربانی واجب ہے ؟
اگر میاں بیوی دونوں صاحب نصاب ہوں تو دونوں پر الگ الگ قربانی واجب ہے (حاشیہ ردالمختار)
گھر کا سر براہ جس کی طرف سے قربانی کرے گا ثواب اسی کو ملے گا
گھر کا سربراہ اگر قربانی کرتا ہے تو قربانی کا ثواب صرف اسی کو ملے گا دوسرے لوگوں کو نہیں اگرچہ وہ اس کی کفالت میں ہی کیوں نہ ہو۔
گھر کا سربراہ اگر اپنی طرف سے قربانی کرنے کے بجائے اپنے گھر والوں میں سے کسی کی طرف سے قربانی کرتا ہے تو جس کی طرف سے قربانی کر رہا ہے اس کی طرف سے تو قربانی صحیح ہو جائے گی اور ثواب بھی اسی کو ملے گا چاہے جس کی طرف سے قربانی کی جا رہی ہے اس پر قربانی واجب ہو یا نہیں۔ لیکن گھر کے سربراہ کے سلسلے میں دو صورتیں ہیں
پہلی صورت یہ ہے کہ اگر سربراہ پر بھی قربانی واجب ہے تو اب سربراہ کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنی طرف سے مستقل قربانی کرے اور نہ کرنے کی صورت میں گناہ گار ہو گا کسی دوسرے کی طرف سے قربانی کرنے سے اپنا ذمہ ساقط نہیں ہوتا ( بدائع الصنائع)
دوسری صورت یہ ہے کہ سربراہ پر شرعی طور پر قربانی واجب نہیں ہے لیکن وہ کسی دوسرے کی طرف سے قربانی کرتا ہے تو اس صورت میں جس کی طرف سے قربانی کی ہے اس کی طرف سے قربانی صحیح ہو گی اور گھر کے سربراہ پر چونکہ قربانی واجب نہیں تھی اس لیے اس کو مستقل قربانی کی ضرورت نہیں ( الفقہ الاسلامی)
قربانی کے بدلے میں صدقہ و خیرات کرنا ۔
اگر قربانی کے دن گزر گئے ناواقفیت یا غفلت یا کسی عذر سے قربانی نہ کر سکا تو قربانی کی قیمت فقراء و مساکین پر صدقہ کرنا واجب ہے ( بدائع الصنائع)
لیکن قربانی کے تین دنوں میں جانور کی قیمت صدقہ کردینے سے یہ واجب ادا نہ ہوگا ہمیشہ گناہ گار رہے گا کیوں کہ قربانی ایک مستقل عبادت ہے جیسے نماز پڑھنے سے روزہ اور روزہ رکھنے سے نماز ادا نہیں ہوتی زکوٰۃ ادا کرنے سے حج ادا نہیں ہوتا ایسے ہی صدقہ خیرات کرنے سے قربانی ادا نہیں ہوتی رسول کریم ﷺ کے ارشادات اور تعامل اور پھر اجماع صحابہ اس پر شاہد ہیں ( بدائع الصنائع)
اور جس کے ذمہ قربانی واجب نہیں اس کو اختیار ہے خواہ قربانی کرے یا غریبوں کو پیسے دے دے لیکن دوسری صورت میں قربانی کا ثواب نہیں ہوگا صدقے کا ثواب ہوگا ۔
قربانی کا جانور اگر فروخت کردیا تو رقم کو کیا کرے ؟
 رقم صدقہ کر دے اور استغفار کرے اور اگر اس پر قربانی واجب تھی تو پھر دوسرا جانور خرید کر قربانی کے دنوں میں قربانی کرے (ردالمختار)
قربانی کا جانور گم ہو جائے تو کیا کرے ؟
جس شخص پر قربانی واجب تھی اگر اس نے قربانی کا جانور خرید لیا پھر وہ گم ہوگیا یا چوری ہو گیا یا مر گیا تو واحب ہے کہ اس کی جگہ دوسری قربانی کرے اگر دوسری قربانی کرنے کے بعد پہلا جانور مل جائے تو بہتر یہ ہے کہ اس کی بھی قربانی کردے لیکن اس کی قربانی اس پر واجب نہیں اگر یہ غریب ہے جس پر پہلے سے قربانی واجب نہیں تھی نفلی طور پر اس نے قربانی کے لیے جانور خرید لیا پھر وہ مر گیا یا گم ہو گیا تو اس کے ذمہ دوسری قربانی واجب نہیں۔ ہاں اگر گم شدہ جانور قربانی کے دنوں میں مل جائے تو اس کی قربانی کرنا واجب ہے اور ایام قربانی کے بعد ملے تو اس جانور کا یا اس کی قیمت کا صدقہ کرنا واجب ہے بدائع الصنائع)
گابھن جانور کی قربانی کرنا ۔
گابھن گائے وغیرہ کی قربانی جائز ہے دوبارہ قربانی کرنے کی ضرورت نہیں بچہ اگر زندہ نکلے تو اس کو بھی ذبح کر لیا جائے اور اگر مردہ نکلے تو اس کا کھانا درست نہیں اس کو پھینک دیا جائے بہرحال حاملہ جانور کی قربانی میں کوئی کراہت نہیں (در مختار)
اگر قربانی کے جانور کا سینگ ٹوٹ جائے ؟
سینگ اگر جڑ سے اکھڑ جائے تو قربانی درست نہیں (فتاویٰ عالمگیری)
اور اگر اوپر کا خول اتر جائے یا ٹوٹ جائے مگر اندر سے گودا سالم ہو تو قربانی درست ہے (رد المحتار)
کیا مقروض پر قربانی واجب ہے ؟
اگر قرض ادا کرنے کے بعد اس کی ملکیت میں ساڑھے باون تولے چاندی کی مالیت حاجات اصلیہ سے زائد موجود ہو تو قربانی واجب ہے ورنہ نہیں (فتاویٰ شامی)
نابالغ بچے کی قربانی اس کے مال سے جائز نہیں ۔
نابالغ بچے کے مال پر نہ زکوۃ فرض ہے ( ھدایۃ)
نہ قربانی واجب ہے اس لیے ولی کو ان کے مال سے زکوۃ اور قربانی کی اجازت نہیں (بدائع الصنائع)
البتہ ان کے مال سے ان کی طرف سے صدقہ فطر ادا کرے اور ان کی دیگر ضروریات پر خرچ کرے (الدر المختار مع الرد المختار)
قربانی کا گوشت ۔
قربانی کا گوشت اگر کئی آدمیوں کے درمیان مشترک ہو تو اس کو اٹکل سے تقسیم کرنا جائز نہیں بلکہ خوب ا حتیاط سے تول کر برابر حصہ کرنا درست ہے ہاں اگر کسی کے حصے میں سر اور پاؤں لگا دیئے جائیں تو اس کے وزن کے حصے میں کمی جائز ہے (حاشیہ ردالمختار)
قربانی کا گوشت خود کھا ۓ دوست احباب میں تقسیم کرے غریبوں مسکینوں کو دے اور بہتر یہ ہے کہ اس کے تین حصے کرے ایک اپنے لئے ایک دوست احباب اور عزیز و اقارب کو ہدیہ دینے کے لیے اور ایک ضرورت مند ناداروں میں تقسیم کرنے کے لئے الغرض کم از کم تہائی حصہ خیرات کر دے لیکن اگر کسی نے تہائی سے کم گوشت خیرات کیا باقی سب کھا لیا یا عزیز و اقارب کو دے دیا تب بھی گناہ نہیں (حاشیہ رد المحتار)
قربانی کے خون میں پاؤں ڈبونا ۔
یہ خون نجس ہوتا ہے اور نجاست سے بدن کو آلودہ کرنا دین و مذہب کی رو سے عبادت نہیں ہو سکتا اس لیے یہ اعتقاد گناہ اور یہ فعل نا جائز ہے (حلبی کبیر)

پیر, جون 19, 2023

ناشاد اورنگ آبادی اور ان کا مجموعہ کلام ”رخت سفر“ ✍️مفتی محمد ثناءالہدیٰ قاسمی

ناشاد اورنگ آبادی اور ان کا مجموعہ کلام ”رخت سفر“
اردودنیانیوز۷۲ 
 ✍️مفتی محمد ثناءالہدیٰ قاسمی
 نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ 
جناب عین الحق خان متخلص نا شاد اورنگ آبادی (ولادت 15 جنوری 1935ئ۔وفات 18جون 2023ئ) بن محمد ہدایت اللہ خان مرحوم کی جائے پیدائش شمشیر نگر ضلع اورنگ آباد ہے، وہ ریلوے کے سبکدوش افسرتھے، ان کی شاعری کے کئی مجموعے پرواز سخن (1990) میل کا سفر (ہندی1991) ، لمحے لمحے کا سفر (2009)ہم سفر غزلیں (ہندی 2009) اور رخت سفر کے نام سے شائع ہو کر مقبول ہو چکے ہیں، ”غزل کیسے لکھیں“ کی ترتیب کا کام بھی انہوں نے کیا تھا۔جس میں غزل کے حوالہ سے قیمتی مضامین اور ہندی کے سیکڑوں شعراءکی غزلوں کو جمع کیا گیا ہے، اردو ادب اور شعر گوئی میں امتیاز کی وجہ سے انجمن محمدیہ پٹنہ سیٹی، ساہتیہ کار سنسد سمستی پور، ابھویکتی دلسنگ سرائے، بہار اردو اکیڈمی پٹنہ، اردو سرکل حیدر آباد، پریاس فرید آباد، ہریانہ، عالمی ہندی کانفرنس دہلی، سولبھ انٹرنیشنل ساہتیہ اکیڈمی دہلی کُسم پانڈے سنستھان سمستی پور، جیمنی اکیڈمی پانی پت ہریانہ، نہرو یوا کیندر بھونیشور، شاداسٹڈی سرکل پٹنہ، اردو دوست فرید آباد ہریانہ، مدرٹریسا سوسائٹی پٹنہ، ماہنامہ خاتون مشرق، ساہتیہ کار سنسد سمستی پور، اکبر رضا جمشید اکیڈمی پٹنہ، اعتماد نیشنل فاؤنڈیشن نئی دہلی کے ذریعہ مختلف انعامات ، اعزازات اور ایوارڈ سے نوازے گئے تھے۔
 ناشاد اورنگ آبادی نے پہلا شعر تیرہ سال کی عمر میں کہا اور 1965سے باضابطہ شعر گوئی کے ساتھ مشاعروں میں شریک ہونے لگے، اوران کی عمر اٹھاسی(88) سال کی ہو گئی تھی ؛لیکن ان کے تخلیقی سوتے خشک نہیں ہوئے تھے، ادب وشاعری کے حوالہ سے پٹنہ اور اس کے نواح میں کوئی مجلس ایسی نہیں ہوتی تھی، جہاں ان کی با وقار حاضری نہیں ہوتی رہی ہو، کبھی خالی ہاتھ شریک نہیں ہوتے تھے، تازہ کلام اور قطعات سے سامعین کی ضیافت ضرورت کرتے تھے، عمر کی اس منزل میں بھی وہ چاق وچوبند نظر آتے تھے، ان کے ہونٹوں پر تبسم کی زیریں لہریں، دیکھ کر یقین ہی نہیں آتا تھاکہ اس شخص نے اپنا تخلص ”ناشاد“ کیوں رکھ لیا ، ہو سکتا ہے جوانی میں کسی زلف گرہ گیر کے اسیر ہوگئے ہوں اور فریق ثانی کی طرف سے انہیں بے وفائی کا صدمہ برداشت کرنا پڑا ہو، یہ بھی ممکن ہے کہ جد وجہد آزادی میں وہ انگریزوں کے ظلم وستم سے متاثر ہو کر ناشاد ہو گیے ہوں، ہو سکتا ہے کہ بدلتے اقدار اور احوال نے انہیں ناشاد ی کے مرحلہ تک پہونچا دیا ہو، کہنے کو تو یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ شاد عظیم آبادی کے وطن میں ایک اورنگ آبادی ”ناشاد“ ہو کر ہی اپنی شناخت بنا سکتا تھا، ان کا یہ شعر دیکھیے
اب تو نا شاد بھی اے شاد عظیم آبادی  آپ کے شہر میں اشعار سنا دیتا ہے
یہ سب قیاسیات اور امکانات کی باتیں ہیں، یقین کے ساتھ کچھ کہنا بہت مشکل ہے۔
 ”رخت سفر“ ناشاد اورنگ آبادی کا مجموعۂ کلام ہے۔ 128صفحات کی قیمت 200روپے اردو کے قارئین کے لیے قابل قبول نہیں ہے، حالاں کہ مجھے یقینی طور پر علم ہے کہ یہ قیمتیں صرف درج کی جاتی ہیں، کتابیں اہل علم وادب تک مفت ہی پہونچانی پڑتی ہیں، کچھ نسخے بک گیے تو کتب خانہ والا نصف سے زیادہ کمیشن کاٹ لیتا ہے، بے چارہ شاعر اور ادیب قیمت لکھنے میں ”نرخ بالا کن کہ ارزانی ہنوز “ پر عمل کرتے ہوئے کچھ زیادہ ہی لکھ دیتا ہے، کتاب کی کمپوزنگ فرید اختر نے کی ہے، ملنے کے پتے پانچ درج ہیں، لینا ہو تو ادھر اُدھر چکر لگانے کے بجائے بک امپوریم سبزی باغ چلے جائیے، اور اپنی ادب نوازی کا ثبوت دیجئے، دو سو روپے نکالیے اور خرید لیجئے۔
 کتاب کا انتساب طویل ہے، جس میں والدہ کے ساتھ احباب ورشتہ دار ، اہل علم وفن ، قارئین، نیک خواہشات اور دعاؤں سے نوازنے والوں کے ساتھ مخلص دوست صوفی شرف الدین اور مرحومہ اہلیہ شہناز آرا کے نام ہیں، جتنے لوگوں کے نام یہ انتساب ہے، مجموعہ کا ایک ایک صفحہ بھی ان کو دیا جائے تو کم پڑجائے گا، اور صفحہ پھاڑ کر بانٹنے کی تجویزتو کوئی نہیں دے سکتا۔
 حرفِ آغاز مشہور شاعر فرد الحسن فرد کا ہے، جو ارم پبلشنگ ہاؤس دریا پور پٹنہ کے مالک ہیں، کتاب ان کے یہاں ہی چھپی ہے، انہوں نے حرف آغاز میں طول بیانی سے کم کام لیا ہے، لیکن منتخب اشعار کی کثرت سے صفحات بڑھانے کا کام کیا ہے، اپنا تعارف خود ناشاد اورنگ آبادی نے کرایا ہے جو بڑا نازک کام ہے، کچھ لکھیے تو احباب ”در مدح خود می گویم“ کی بھپتی کسنے لگتے ہیں اور نہ لکھیے تو کتِمان کا شکوہ ہوتا ہے، ناشاد اورنگ آبادی نے اس تعارف میں دراز نفسی سے کام نہیں لیا ہے، اور جو ضروری تھا وہ لکھ دیا ہے، ایوارڈ دینے والے اداروں کی جو تفصیل میں نے اوپر درج کی ہے وہ ان کے تعارف سے ہی اصلا ماخوذ ہے، اس کتاب کی ایک اور خصوصیت یہ ہے کہ فہرست کتاب میں موجود نہیں ہے، اس سے قاری کا تجسس بنا رہتا ہے کہ آگے کیا ہے اس طرح قاری آخری صفحہ تک پڑھنے اورورق گردانی کرنے کے لیے وقت نکال لیتا ہے۔
 رخت سفر میں ایک حمدیہ دو ہے، ایک نعتیہ دو ہے، دو نعت شریف، انٹھاون غزلیں، اور متفرقات کے ذیل میں کئی نظم اور قطعات ہیں، غزلوں میں دو تاریخی ہےں، اس میں غزل کی آن بان شان تو نہیں ہے، لیکن ادباءوشعراءکے ناموں کے اندراج نے اسے خاصا دلچسپ بنا دیا ہے، ناموں کی کھتونی میں غزل کی چاشنی کی تلاش تو فضول ہے، لیکن ناشاد نے اسے تاریخی غزل کا نام دیا ہے، اور بڑی حد تک کوشش کی ہے کہ غزل کا لب ولہجہ باقی رہے، ناموں کی کھتونی کے باوجودکم ہی سہی ان میں تغزل ہے سلاست ہے ، روانی ہے اس لئے مطالعہ شاق نہیں گذرتا۔وفیات عطا کاکوی اور شریک حیات مرحومہ شہناز آرا کے نام ہیں، متفرقات میں ”نذر“ کچھ زیادہ ہی ہے، مہاتما گاندھی ، مظہر امام، اہل گورکھپور، منشی پریم چند، سجاد ظہیر، شاد عظیم آبادی، سہیل عظیم آبادی، حفیظ جالندھری، شاداں فاروقی، رام دھاری سنگھ دنکر میں سے ہر ایک کے نام چار چار مصرعے نذر کیے گیے، بعض شعراءکے سانحہِ ارتحال پر بھی چار مصرعے رخت سفر میں شامل ہیں، علامہ جمیل مظہری ، جوش ملیح آبادی، فراق گورکھپوری، ہیرا نند سوز ان افراد میں ہیں جن کی وفات پر قطعات کہے گیے ہیں،البتہ جوش ملیح آبادی اور فراق گورکھپوری کو دو دو مصرعے دے کر نمٹا دیا گیا ہے، حالاں کہ دونوں اس سے زیادہ کے مستحق تھے، خصوصا اس لیے بھی کہ دونوں کا رنگ وآہنگ الگ الگ ہے، اشعار ، قومی گیت، قومی یک جہتی ، قومی ترانہ، قومی دوہے، کرفیو، دیوالی کے دیپ اور اردو پر دوہے، گیت اور نظم کی شکل میں موجود ہےں، کہنا چاہیے کہ ”رخت سفر“ ایک ایسا مجموعہ ہے جس میں ڈھونڈھنے سے ہرقاری کو اپنے اپنے ذوق کی چیز مل جائے گی ۔
 جہاں تک ناشاد اورنگ آبادی کی شاعری کا تعلق ہے،ان کے یہاں شعری روایات کی پاسداری بدرجہ ¿ اتم موجود ہے، قافیہ، ردیف اور بحور پر ان کی گرفت مضبوط ہے۔ خود انہوںنے بیان کیا ہے۔
فعلن فعلن خوب پڑھا ہے تب جا کر لکھ پایا ہوں ورنہ کچھ آسان نہیں تھا کہہ لینا دشوار غزل
ناشاد اورنگ آبادی کی غزلوں میں ان کا ” میں“ بولتا ہے، یہ میں کبر وغرور اور تعلی کا نہیں، بلکہ جو دل پر گذرتی ہے، رقم کرنے سے عبارت ہے، علیم اللہ حالی کے لفظوں میں اسے ”حدیث ذات“ بھی کہہ سکتے ہیں، اس کا سیدھا مطلب یہ ہے کہ وہ شاعری میں آپ بیتی کو جگ بیتی بنانے کے قائل نہیں ہیں اور ان کی غزلوں میں ”حدیث دیگراں“ کا تصور نہیں پایا جاتا، اسی لیے ان کی غزلوں میں ”عصری حسیت“ سے بھرپور اشعار کی کمی محسوس ہوتی ہے، انہوں نے اپنے اشعار کو ترقی پسند وں کی طرح غم روزگار اور غم کائنات تک نہیں پھیلایا ہے، اور نہ جدیدیوں کی طرح رمز وعلامات کے سہارے بات کہی ہے، ان کی شاعری ان حدودمیں قید نہیں ہے ،غزلیہ روایات کی پاسداری ان کے فن کا امتیازہے ، ہمارے بہت سارے شعراء، نثری شاعری پر اتر آتے ہیں، اور اس میں طبع آزمائی کو اپنی شان سمجھتے ہیں، ناشاد اورنگ آبادی کے اس مجموعہ میں ہمیں نثری شاعری کا نمونہ نہیں ملتا، یہ ایک اچھی بات ہے۔
 ناشاد اورنگ آبادی نے بھر پور زندگی گذاری تھی،وہ گرمی کی تمازت اور لوُ کی چپیٹ میں آگئے اور رختِ سفر کے خالق نے جلد ہی رختِ سفر باندھ لیا،بیش تر زندگی سمستی پور اور پٹنہ میں گذارنے والے نے اپنی آخری آرام گاہ کے لئے اپنے وطن کا انتخاب کیااور وہیں مدفون ہوئے،انہوں نے کہا تھاکہ

ناشاد ڈھلنے والی ہے اب زندگی کی شام اب تو سمیٹ لیجیے خاشاکِ آرزو
خاشاکِ آرزو اس قدر وہ جلد سمیٹ لیں گے اس کی کسی کو توقع نہیں تھی۔

آٹھواں نعتیہ مشاعرہ واصلاح معاشرہ زوم ایپ پر تحفظ شریعت وویلفیئر سوسائٹی جوکی ہاٹ ارریہ کے بینر تلے

آٹھواں نعتیہ مشاعرہ واصلاح معاشرہ زوم ایپ پر تحفظ شریعت وویلفیئر سوسائٹی جوکی ہاٹ ارریہ کے بینر تلے 
اردودنیانیوز۷۲ 
تحفظ شریعت وویلفیئر سوسائٹی جوکی ہاٹ ارریہ بہار کے بینر تلے گزشتہ (18/062023 ) شب ایک نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا, جس کی صدارت ادارہ کے روح رواں
حضرت مولانا عبد الوارث صاحب مظاہری(سکریٹری تحفظ شریعت) اور قاری عظمت اللہ نور فیضی 
زیر سرپرستی حضرت مولانامشتاقاحمدصاحب قاسمی گنگولی/
قاری مطیع اللہ صاحب جبکہ 
نظامت کی اہم ترین ذمہ داری حضرت مولانا شمشیر صاحب مظاہری گڈاوی جناب شاہد سنگاپوری نے بحسن وخوبی انجام دیا, مجلس کا آغاز حافظ وقاری شہزاد صاحب رحمانی استاد دارالعلوم صدیق نگر ڈینگا چوک مینا 
قاری شہزاد صاحب رحمانی استاذ دارالعلوم صدیق نگر ڈینگا کے تلاوت کلام اللہ شریف سے ہوا, جبکہ ابتدائ
نعت پاک شاعر اسلام محمد اعظم حسن صاحب ارریہ صاحب کے مسحور کن آواز نے سامعین کے دل میں جگہ بنالی--
خطیب عصر حضرت مولانا عبد السلام عادل صاحب ندوی ارریہ
حضرت مولانا ومفتی عادل امام صاحب کھگڑیا
جناب قاری جمشید انجم صاحب کھگڑیا حضرت مولانا گلشادصاحب صاحب قاسمی گنگولی 
شعراء کرام 
شاعر سیمانچل مولانا فیاض راہی صاحب ارریہ'قاری کوثر آفاق صدیقی صاحب مقیم حال حیدرآباد'قاری انور غفاری صاحب حیدرآباد'شاعر اسلام محمد علی جوہر پورنوی'
 شہاب صاحب دربھنگہوی مولانا اظہر راہی صاحب پورنوی'شاعر جھارکھنڈ دانش خوشحال صاحب گڈاوی 
جناب افروز انجم صاحب اڑیسہ'حافظ سرور صاحب لکھنوی' مولانا اخلاق صاحب ندوی'حافظ عابد حسین صاحب دہلوی'حافظ ریحان صاحب کٹیہاروی' قاری اعجاز ضیاء صاحب سیتا مڑھی' قاری انوار الحق صاحب مقیم حال بنگلور 
 اورقاری خورشید قمر صاحب
حسن آواز صاحب ارریہ 
قاری مجاہد صاحب فیضی نرپتگنج 
حیات اللہ صاحب کے نام قابل ذکر ہے-- ہم جملہ شرکائے پروگرام کا تہہ دل سے شکر گزار ہیں کہ اپنا قیمتی وقت دے کر اراکین تحفظ شریعت وویلفیئر کی ہمت افزائ فرمائ اور آئندہ بھی کسی طرح کے پروگرام میں شرکت کرکے حوصلہ افزائ فرمائیں گے یہی امید ہے -- ساتھ ہی ہماری آواز جہاں تک پہنچے لبیک کہیں گے-- 
واضح ہو کہ 9 بجکر ۲۰منٹ شب سے شروع ہونے والا یہ پروگرام دیر رات 11 :۴۵بجے صدر مجلس کی دعاء پر اور شکریہ کے ساتھ اختتام ہوا
اس پروگرام کے انتظام قاری محبوب عالم رحمانی تھے

ہفتہ, جون 17, 2023

قانون سے باخبر ہونے کی اہمیت ___ایک فعال معاشرے کا ایک ستون ✍️عادل ظفر

قانون سے باخبر ہونے کی اہمیت ___ایک فعال
 معاشرے کا ایک ستون  
اردودنیانیوز۷۲ 
        ✍️عادل ظفر
کسی بھی معاشرے میں، قوانین کی موجودگی نظم، انصاف اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے ایک بنیاد کا کام کرتی ہے۔ قوانین محض صوابدیدی قوانین نہیں ہیں۔ وہ ایک کمیونٹی کے تانے بانے کو تشکیل دیتے ہیں اور بقائے باہمی کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرتے ہیں۔ ایک فعال معاشرے میں حصہ ڈالنے کے لیے افراد کے لیے قانون اور اس کے مضمرات سے آگاہ ہونا ضروری ہے۔ یہ مضمون ان وجوہات کی کھوج کرتا ہے کہ کیوں قانون سے آگاہ ہونا افراد اور اجتماعی بہبود دونوں کے لیے ضروری ہے۔
 1. انفرادی حقوق کو برقرار رکھنا:
قوانین انفرادی حقوق کا تحفظ اور تحفظ کرتے ہیں، معاشرے کے تمام ارکان کے لیے انصاف اور مساوات کو یقینی بناتے ہیں۔ قانون سے آگاہ ہونے سے، افراد اپنے حقوق، آزادیوں اور قانونی تحفظات کو سمجھ سکتے ہیں۔ یہ علم افراد کو خود پر زور دینے، انصاف حاصل کرنے اور اپنے حقوق کی خلاف ورزی کو روکنے کے لیے بااختیار بناتا ہے۔ یہ انہیں قانونی عمل کو نیویگیٹ کرنے کے قابل بناتا ہے اور ممکنہ بدسلوکی یا استحصال سے ان کی حفاظت کرتا ہے۔
2. سماجی ترتیب اور استحکام کو فروغ دینا:
قانون سماجی نظام اور استحکام کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ یہ تنازعات کو حل کرنے، تنازعات کو روکنے اور کمیونٹی کے اندر امن برقرار رکھنے کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ جب افراد قانون سے واقف ہوتے ہیں، تو وہ اس پر عمل کرنے کا زیادہ امکان رکھتے ہیں، جس کی وجہ سے مجرمانہ سرگرمیوں، تنازعات، اور معاشرتی بدامنی میں کمی واقع ہوتی ہے۔ قانون کا احترام کرنے اور اس پر عمل کرنے سے، افراد اپنی کمیونٹی کی مجموعی بہبود میں حصہ ڈالتے ہیں، ہر ایک کے لیے ایک محفوظ اور زیادہ مستحکم ماحول کو فروغ دیتے ہیں۔
3, اقتصادی ترقی کی سہولت:
قانون معاشی سرگرمیوں اور ترقی کی بنیاد بناتا ہے۔ قانونی تقاضوں سے آگاہ ہو کر، افراد ایک صحت مند اور مسابقتی مارکیٹ کو فروغ دیتے ہوئے، قانونی کاروباری طریقوں میں مشغول ہو سکتے ہیں۔ معاہدے کی ذمہ داریوں، دانشورانہ املاک کے حقوق، اور صارفین کے تحفظ کے قوانین کو سمجھنا افراد کو باخبر فیصلے کرنے اور معاشی لین دین میں اعتماد کے ساتھ حصہ لینے کی اجازت دیتا ہے۔ قانون کی تعمیل بھی منصفانہ مسابقت کو یقینی بناتی ہے، دھوکہ دہی کو روکتی ہے، اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتی ہے، جس سے معاشی ترقی اور خوشحالی ہوتی ہے۔
4. ذاتی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانا:
عوامی تحفظ سے متعلق قوانین، جیسے ٹریفک کے ضوابط، ماحولیاتی تحفظ، اور صحت عامہ کے اقدامات، افراد اور معاشرے کی مجموعی فلاح کے لیے اہم ہیں۔ قانون سے آگاہی افراد کو ذمہ دارانہ رویے اپنانے کی اجازت دیتی ہے، اس طرح حادثات میں کمی، ماحول کی حفاظت، اور بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔ حفاظتی ضوابط سے آگاہی افراد کو ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور باخبر انتخاب کرنے کا اختیار دیتی ہے جو ان کی اپنی اور دوسروں کی بھلائی کو ترجیح دیتے ہیں۔
5, جمہوری عمل میں حصہ لینا:
جمہوری معاشروں میں بامعنی شہری مصروفیت کے لیے قانون سے آگاہی بہت ضروری ہے۔ قانونی نظام، ووٹنگ کے طریقہ کار اور شہریوں کے حقوق کو سمجھنا افراد کو عوامی پالیسیوں کی تشکیل اور نمائندوں کو منتخب کرنے میں فعال طور پر حصہ لینے کے قابل بناتا ہے۔ قانون سے آگاہ شہری تبدیلیوں کی وکالت کر سکتے ہیں، خدشات کا اظہار کر سکتے ہیں اور حکام کو جوابدہ ٹھہرا سکتے ہیں۔ یہ فعال مصروفیت جمہوریت کو مضبوط کرتی ہے اور اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ حکومت شفاف، جوابدہ اور عوام کی مرضی کی نمائندہ رہے۔

قانون سے آگاہ ہونا صرف انفرادی ذمہ داری نہیں ہے۔ یہ ایک اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کو آسانی سے چل سکے۔ قانون کو سمجھنے اور اس کا احترام کرنے سے، افراد اپنے حقوق کی حفاظت کر سکتے ہیں، سماجی نظم کو فروغ دے سکتے ہیں، اقتصادی ترقی میں حصہ ڈال سکتے ہیں، ذاتی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنا سکتے ہیں، اور جمہوری عمل میں فعال طور پر حصہ لے سکتے ہیں۔ قانون سے آگاہی کے ذریعے ہی ہم ایک منصفانہ، جامع اور خوشحال معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں جہاں قانون کی حکمرانی ہو اور اس کے تمام ارکان کی فلاح و بہبود کو برقرار رکھا جائے۔

جمعرات, جون 15, 2023

ناول : نوحہ گر ناول نگار: نسترن احسن فتیحیمبصر : غضنفر

ناول : نوحہ گر
اردودنیانیوز۷۲ 
 ناول نگار:  نسترن احسن فتیحی
مبصر  :  غضنفر 
خامۂ خواتین اردو شاعری کے قابلے میں صفحۂ فکشن پر ہمیشہ ہی کچھ زیادہ رواں رہا ہے۔اور اس کی روانی  کی موجیں طرح طرح کی ترنگیں اٹھاتی رہی ہیں ۔آج بھی اس نسائی قلم کی روانی اور تیز گامی برقرار ہے۔ موجیں آج بھی ترنگیں اٹھا رہی ہیں اور دریاۓ فسانہ میں ہلچل مچا رہی ہیں مگر یہاں اس کے اسباب سے بحث  نہیں بلکہ اس افسانوی گرداب کی طرف اشارہ کرنا  مقصود ہے جو ایک نسائی خامے کی جنبش‌ سے اردو فکشن  کے آب میں"نوحہ گر " کے عنوان سے  اٹھ کھڑا ہوا ہے۔
   " نوحہ گر " سے پہلے نسترن نے' لفٹ ' لکھا
جو اردو کے کیمپس ناولوں میں ایک اضافے کی حیثیت رکھتا ہے جس میں تعلیمی اداروں کی گھناؤنی سیاسی چالبازیوں مکروہ بد عنوانیوں اور درس وتدریس و انتظامیہ سے وابستہ افراد کی نفسیاتی الجھنوں کو دلچسپ افسانوی رنگ و آہنگ کے ساتھ اجاگر کیا گیا ہے مگر اہل نظر نے اس ناول پر وہ توجہ نہیں فرمائی جس کا وہ متقاضی تھا ۔
      ' نوحہ گر' نسترن احسن فتیحی کی نوکِ قلم سے نکلا ہوا ان کا دوسرا ناول ہے جو ایک بڑے کینوس پر پھیلا ہوا ہے۔ یہ ایک ایسا نوحہ ہے جو اپنے سینے میں ان لوگوں کا سوز رکھتا ہے جو ایک بھرے پورے ملک کی ہری بھری وادی میں بھی ایک طبقے کو اندر باہر دونوں طرف سے جھلساتا رہتا ہے۔ ان کے دلوں کو زرد اور جسم کو  سیاہ کرتا جاتا ہے۔ان کی سانسوں میں دھواں اور رگ و ریشے میں زہر بھرتا جاتا ہے ۔ اس صدی میں بھی انھیں آدی باسی بنائے رکھتا ہے مگر ان کی حالت زار کسی کو دکھائی نہیں دیتی۔ ان کی گھٹن کسی کو دکھائی نہیں دیتی ۔ ان کی چبھن  کسی کے احساس میں نہیں چبھتی ۔ ان کی اینٹھن کسی کےادراک  میں بل نہیں ڈالتی۔بلکہ الٹے ان کی تڑپ اور چھٹپٹاہٹ پر انھیں معتوب، مغلوب اور مصلوب بھی کیا جاتا ہے۔
    نسترن فتیحی لائق, تعظیم اور قابل,داد ہیں کہ انھوں نے اس طبقے کی حالت, زار اور ان کے سینے کے سوز کو محسوس کیا۔ یہ بیڑا اٹھایا کہ ایک پیڑا جو سینے میں گھٹ کر رہ جاتی ہے اسے  سماعتوں تک پہنچائیں ۔ایک کراہ جو چیخ رہی ہے اسے چپ کرائیں۔ اس انسان کو جسے آج بھی جنگلی سمجھا جاتا ہے اسے انسان کا درجہ دلائیں۔ ساتھ ہی اس نوحہ گر نے ایک اور مظلوم کے سینے میں دہکنے والی آگ  کی لپٹوں کو بھی اپنے بیان میں لپیٹ کر ہماری بصارتوں اور سماعتوں تک لانے کی کوشش کی ہے ‌۔ نیز نسترن نے اپنی اس تخلیق میں اس  قوت کو بھی دکھانے کی سعی کی ہے کہ اگر ادھر توجہ نہیں دی گئی تو ایک آگ جو ابھی سلگ رہی ہے کہیں بھڑک گئی  سب کو جلا کر خاک نہ کر دے ۔
     نسترن فتیحی ان خواتین قلم کاروں میں سے  ایک ہیں جن کا قلم ہمیشہ کسی نہ کسی صورت میں اپنی جنگ لڑتا رہتا ہے ۔ لفٹ کے
بعد انھوں نے معاشرے کے ایک اور اہم مسئلے کو نہایت ہی پر زور آواز  میں اٹھایا ہے اور ایسا پر سوز لہجہ اختیار کیا ہے کہ پڑھتے وقت ناول ایک نوحے میں بدل جاتا ہے اور قاری پر رقت طاری کر دیتا ہے۔اس کیفیت کو پیدا کرنے میں نسترن کے حساس اور درد مند دل کا ہاتھ تو ہے ہی ان کی قوت, بیان نے بھی اہم کردارنبھایا ہے ۔
  نسترن فتیحی کی اس افسانوی تخلیق میں
موجزن اثریت کا ایک سبب شاید یہ بھی ہے کہ انھوں نے اس ناول کو ڈرائنگ روم میں یا اسٹڈی ٹیبل پر  بیٹھ کر نہیں لکھا ہے بلکہ اس کے لیے وہ اپنے آرام دہ خواب گاہ سے نکل کر  پرخار راستوں پر چلی ہیں ۔ بدبو دار گلیوں میں گھومی ہیں ۔تنگ و تاریک علاقوں میں پہنچی ہیں ۔ طرح طرح کی صعوبتیں اٹھائیں ہیں۔ مصیبتیں جھیلی ہیں ۔
    مجھے امید ہے کہ نوحہ گر کا نوحہ ضرور  اپنا اثر دکھاۓگا اور معاشرے کے جمود کو پگھلاۓ‌ گا۔ پتھر دلوں کو موم کرے گا اور نگاہوں کو اس جانب بھی مرکوز کر ے گا
جدھر آہیں اور کراہیں کب سے راہ دکھ رہی ہیں ۔
  اس اچھے،بامعنی اور اثر دار ناول کی تخلیق کے لیے نسترن فتیحی کو ڈھیروں مبارکباد ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
غضنفر

منگل, جون 13, 2023

ہمایوں اقبال ندوی نائب صدر، جمعیت علماء ارریہوجنرل سکریٹری، تنظیم أبناء ندوہ پورنیہ کمشنری

تعلیم گاہ میں جہالت کاداخلہ
اردودنیانیوز۷۲ 
بالاسور اڈیشہ کے اس اسکول کو گرادیا جائے گا جسمیں عارضی طور پر ٹرین حادثہ  کے مہلوکین کو رکھا گیا تھا، یہ ضلع کلکٹردتاتریہ بھاؤصاحب شندے کا کہنا ہے،دراصل یہ مطالبہ اسکول کے اساتذہ وطلبہ اور ان کے رشتہ داروں کی طرف سے مشترکہ طور پر کیا گیا تھا ،جو مان لیا گیا ہے، اس کی وجہ طلبہ اور اساتذہ میں ڈر کا ماحول ہے، خوف کے مارے وہ لوگ اسکول نہیں جانا چاہتے ہیں،حادثہ کے معا بعد عارضی طور پر اسکول کی عمارت میں مرحومین کی لاشوں کو رکھنےسے وہ سبھی ناراض ہیں اور دہشت میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
سینکڑوں لوگ اس حادثہ میں اپنی قیمتی جانیں گنوا چکے ہیں، ان کے وارثین ہنوزصدمہ میں ہیں،مزیداسکول منہدم کرنے والی خبر سے انہیں بھی تکلیف پہونچی ہے،بلکہ یہ ان کے زخم میں نمک چھڑکنے جیسا ہے،گویا ان مرحومین کو اچھوت سمجھا جارہا ہے،جو اب اسکول کی پوری عمارت ہی گرائی جارہی ہے۔اس میں مرحومین کاکیا قصور ہے؟ آخر اس کی ضرورت کیوں پیش آئی ہے؟ یہ ڈر کا ماحول کیوں پیدا ہوگیا ہے؟ ڈھیر سارے سوالات ہیں جو اس وقت پیدا ہوگئے ہیں،  بروقت اس کا جواب دینا ضروری ہے ۔
خاص طور پر ملک کے تعلیم یافتہ لوگوں اور تعلیمی اداروں کے لئے تویہ شرم کی بھی بات ہے،اس پر جتنا ماتم کیا جائے کم ہے، توہم پرستی یہ خالص جاہلانہ عمل ہے،تعلیمی اداروں میں اسکی گنجائش نہیں ہے، مذکورہ واقعہ سے محسوس یہ ہوتا ہے کہ اب تعلیم گاہ میں بھی اندھ وشواش کا داخلہ ہوگیا ہے۔بچوں کے ساتھ بالاسور کے اس ہائی اسکول کےگرو جی کو بھی یہ خوف ستا رہا ہے،اس کا  مطلب صاف ہے، یہ فاسد خیال ذہن میں راسخ ہوگیا ہے کہ، مرنے والوں نے موت کے بعد اسکول کوہی اپنا مسکن بنالیا ہے، یہ ٹرین حادثہ مورخہ ۲/جون ۲۰۲۳ء کو پیش آیا ہے، آج دس دن ہوگئے ہیں، مرحومین کی آخری رسومات بھی ادا کردی گئی ہیں، اس وقت اسکول میں کچھ بھی نہیں ہے، پھر یہ دہشت دل میں ہے کہ مہلوکین کی آتمائیں اسی عمارت میں موجود ہیں،  یہی نہیں بلکہ اسکول کی نئی عمارت بننے کے بعد بھی اسکول  انتظامیہ نے روحانی پروگرام اور پوجا پاٹ کرنے کا منصوبہ بھی بنا یاہے، یہ اندھ وشواش کی بدترین مثال ہے۔

جب ایک انسان مرتا ہے توجسم سے اس کی روح نکل جاتی بے، اسی لئے اسے مردہ کہتے ہیں، یہ روح کہاں چلی جاتی ہے؟ اس سوال کا سیدھا سا جواب ہے جو ہر مذہب کا ماننے والا دیتا ہے کہ جہاں سے روح آتی ہے، وہیں موت کے بعد واپس چلی جاتی ہے،یہ خدا کے حکم سے ایک جسم میں داخل ہوتی ہے،اور خدا ہی کے حکم سے باہر نکل کر اس کے پاس چلی جاتی ہے،کسی  کے انتقال کی خبر جب ایک مسلمان سنتا ہے تو پہلی فرصت میں یہی کہتا ہے کہ؛ہم سب خدا کے ہیں، اور اسی کی طرف لوٹ کر جائیں گے،( سورہ بقرہ)
 قرآن میں دوسری جگہ یہ واضح طور پرلکھا ہوا ہے کہ؛وہ موت جس سے تم بھاگتے ہو اس سے ملنا ہی ہے، پھر تم اس خدا کے پاس لوٹ جاؤگے جو حاضر وغائب کا جاننے والا ہے،وہ تم کو تمہارے کرتوت بتائے گا،(سورہ الجمعہ)
ماحصل یہ کہ مرنے کے بعد انسانی روح خدا کے پاس چلی جاتی ہے، ایک نیک انسان کی روح علیین میں ہوتی ہے، اس کے برعکس بدروح کی جگہ سجین ہے،ایک موقع پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے دریافت کیا کہ؛علیین اور سجین کیا ہیں؟آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا؛علیین آسمان کی بلندی پر ایک پرفضا مقام ہے،جہاں نیک ارواح رہتی ہیں، یہ آپس میں ایک دوسرے سے مانوس بھی ہوتی ہیں،اور محبت کا اظہار بھی کرتی ہیں، اور سجین زمین کی سب سے نچلی سطح میں ایک خوفناک قید خانہ ہے،یہاں برے لوگوں کی ارواح قید کی جاتی ہیں، یہ آپس میں ایک دوسرے کو لعن وطعن کرتی رہتی ہیں،
(تفسیر ابن کثیر )
 ہندو دھرم کے مطابق بھی جو لوگ مرچکے ہیں، ان کی روحیں جہاں سے آئی تھیں، وہاں پہونچ چکی ہیں،لاشوں کو نذر آتش کرنے کے پیچھے دراصل یہی فلسفہ کار فرماہے،وہ کہتے ہیں کہ انسان کی اصل پانچ چیزیں ہیں، مٹی، پانی، آگ، ہوا اور آکاش، مرنے کے بعد جلانے سے ایک انسان جب آگ کے حوالہ ہوتا ہے تو وہ اپنی اصل کی طرف چلاجاتا ہے،دھواں کے ذریعہ ہوا اور آکاش میں، راکھ کا کچھ حصہ مٹی میں مل جاتا ہے، پھر بعد میں جلی ہوئی ہڈیوں کو پانی میں بہادیا جاتا ہے، اس طرح وہ اپنی اصلیت کی طرف لوٹ جاتا ہے،اس سے مرنے والے کو مکتی پراپت ہوجاتی ہے،اور اس کی آتما کو شانتی مل جاتی ہے، اس کے بعد اس کی آتما کہیں بھٹکتی نہیں ہے۔لیکن یہ سب کے باوجود ڈر اور خوف کا ماحول یہ کہتا ہے کہ اب تعلیمی ادارے بھی ملک میں محفوظ نہیں ہے، اس کی وجہ پڑھے لکھے لوگ بھی جادو، ٹونا اور ٹوٹکے کے قائل ہوگئے ہیں، دراصل حالیہ چند سالوں سے ایسی فضا ملک میں بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، اور اس میں بہت حد کامیابی بھی ملی ہے، کچھ سادھو سنتوں کو اس مشن پر لگایا گیا ہے جو چھوت، بھوت، پلیت اور توہم پرستی کا بازار مسلسل گرم کررہے ہیں، 
آج ایک بابا تختی پر لکیر کھینچ کرجو کچھ کہ دیتا ہے اس پر آنکھ بند کرکے لوگ یقین کرلیتے ہیں، پڑھے لکھے لوگ بھی اس کے فالوور ہیں، حدیث شریف میں اسے شیطانی کام قرار دیا گیا ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے، خط کھینچ کر حال بتانا شیطانی کام ہے،(ابوداؤد)
درحقیقت یہ باتیں ایک انسان کی ترقی اور پھر ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن جاتی ہے، آج بالاسور کے ہائی اسکول میں پڑھنے والے ۶۵۰/طلبہ اسی توہم پرستی کی بناپر تعلیم سے دور ہوئے ہیں، اسکول جانے سے خوف محسوس کرتے ہیں، اس خوف کو یقین میں بدلنے کا کام ان کے اساتذہ اور رشتہ داروں نے کیا ہے، یہ توہم پرستی کی بدترین مثال ہے، اور جہالت کی بات ہے، اس سے تعلیمی اداروں کو ان چیزوں سے پاک وصاف کرنے کی ضرورت ہے۔
آج سےساڑھے چودہ سوسال پہلے کی بات ہے، مکہ کے لوگ یہی عقیدہ رکھتے تھے کہ مرنے والے کی روح بھٹکتی رہتی ہے، کبھی کسی شکل میں تو کبھی پرندے کی شکل میں گھومتی رہتی ہے، اسے وہ لوگ ہامہ کہتے تھے،اس کے علاوہ اور بہت سے اوہام وخرافات کے وہ قائل تھے، سانپ کو اہل عرب بھی نہیں مارتے، ان کا یہ عقیدہ تھا کہ سانپ کو مارا جائے تواس کا جوڑا آکر بدلہ لیتا ہے، جو کام کرنا چاہتے پہلے شگون لے لیتے تھے، مثلا کوئی پرندہ داہنی جانب سے اڑا تو مبارک، بائیں جانب اڑا تو باز رہتے تھے، اس قسم کے سینکڑوں اوہام پھیلے تھے، (سیرت النبی جلد چہارم)
 رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نبی بناکر پہلے انہیں کے درمیان بھیجے گئے، آپ صلی علیہ وسلم نے انہیں خدا کی طاقت کا قائل کردیا، اور جن چیزوں کو وہ طاقتور سمجھتے تھے، ان کی یہ حیثیت بتلائی کہ ؛نہ چھوا چھوت کی کوئی اصل ہے،نہ بدفالی کی کوئی حیثیت ہے،نہ پیٹ میں بھوک کا سانپ رہتا ہے،نہ مرنے والے کی کھوپڑی سے کوئی پرندہ نکلتا ہے، (ابوداؤد)
اسلام کی اس سچی تعلیم سے اندھ وشواش کا طلسم ٹوٹا ہے،خدا کا شکر ہے کہ اس وقت مکہ سے اس کا خاتمہ ہوچکا ہے، موجودہ وقت میں ملک کے مسلمانوں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے،ان اوہام کے خاتمے کے لئے اپنی قربانی پیش کریں، ابھی دو سال پہلے کورونا وائرس کی وبا میں مسلمانوں نے ان لاشوں کی بھی آخری رسومات ادا کی ہے جنکو لیجانے سے ان کے وارثین نے انکار کر دیا تھا، اس سے زبردست پیغام گیا تھا، اور آج بالاسور اڈیشہ کے اسکول اور ان جیسے تعلیمی اداروں میں پھیلی توہم پرستی کے خاتمے کے لئے کیا ہم کیا کچھ کرسکتے ہیں؟ اس پر سنجیدگی سے غور کرنےاور مضبوط لائحہ عمل لینےکی ضرورت ہے۔

ہمایوں اقبال ندوی 
نائب صدر، جمعیت علماء ارریہ 
وجنرل سکریٹری، تنظیم أبناء ندوہ پورنیہ کمشنری

پیر, جون 12, 2023

امام شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ؒ کل ہند مقالہ نویسی مقابلہخادمین امت کے ذریعے پہلی مرتبہ ملک گیر مسابقے کا انعقاد۔پورے


خادمین امت کے ذریعے پہلی مرتبہ ملک گیر مسابقے کا انعقاد۔پورے ملک سے داخلوں کا آغاز جاری۔
اردودنیانیوز۷۲ 
اول انعام 33,3,33، دوم انعام 22,2,22، سوم انعام 11,1,11

ناندیڑ:(پریس ریلیز)12جون:خادمین امت خدمت دین اور امت کے نونہالوں کی شعور آبیاری کے لئے مسلسل سترہ سالوں سے سرگرم عمل ہے۔ خادمین امت کی منفرد سرگرمیوں سے مہاراشٹر اور اطراف اضلاع کے طلباء، اساتذہ، معلمین و معلمات اور اولیائے طلباء واقف ہی ہیں۔
اس بار حضرت مولانا مفتی غازی سید عمیر احمد ندوی صاحب، شیخ الحدیث کی ایما پر خادمین امت کے زیر انصرام ملک گیر سطح پر '' امام شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ کل ہند مقالہ نویسی مقابلہ '' کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ جس کی تفصیلات اس طرح ہیں۔
ڈاکٹر محمد عبدالصمد عمری (حیدرآباد) اور مفتی غازی سیدعمیر احمدنوی (ناندیڑ) کی زیر سرپرستی میں منعقدہ یہ مقالہ نویسی مقابلہ ڈاکٹر مفتی احمد نورعینی (حیدرآباد) و مفتی صدام حسین لدھیانوی کی زیرنگرانی میں منعقد ہوگا۔ اس کے عناوین (1) فلسطین:ماضی، حال اور مستقبل (2) فتنوں کے باب میں رسول اللہ ﷺ کی پیشن گوئیاں (3) خلافت علی منہاج النبوۃ اور اس کے تقاضے رہیں گے۔
شرائط: مذکورہ بالا کسی ایک عنوان پر مقابلہ تحریر کریں۔ کم ازکم 50 صفحات اے فور سائز،زیادہ کی کوئی قید نہیں۔ عمر،جنس اور تعلیمی اہلیت کی کوئی قید نہیں۔ خود تحریر کریں، صاف ستھرالکھیں ڈی ٹی پی کرتے ہیں توبہتر ہے۔
مدت:12جون 2023 سے تحریر کا آغاز کریں۔ 11 نومبر 2023 کو ذیل کے پتہ پر پہنچ جائے اس طرح روانہ کریں۔ یا ای میل آئی ڈی پرروانہ کریں۔abidamish.in@gmail.com
داخلہ فیس: صرف 100روپئے ہے جوفون پے یا گوگل پے نمبر  8793304448پر جمع کریں۔
پتہ: افسری فارما میڈیکل اسٹور، قدوای نگرچوراستہ روڈ،ٹائر بورڈ، دیگلورناکہ ناندیڑ۔431604 مہاراشٹر
رجسٹریشن:7385503946،  9028555897کسی بھی ایک نمبر پر مکمل نام وپتہ اور فیس جمع کا اسکرین شاٹ روانہ کریں۔
انعامات:اول انعام  33,3,33۔دوم انعام 22,2,22۔سوم انعام11,1,11۔ تین ترغیبی انعام 7,7,77 اس کے علاوہ سبھی کو میڈل اور سند دی جائے گی۔ انعام یافتگان کو جلسہ تقسیم انعامات کیلئے صرف ایک فرد سفر خرچ(ریل ٹکٹ) دیاجائیگا۔ ٹاپ 30 مقالہ جات کو کتابی شکل میں شائع کیاجائے گا، جس کارسم اجراء جلسہ تقسیم انعامات میں کیاجائیگا۔
رابطہ نمبرات:9021639489, 7385503946
مرکزی جلسہ  سیرت النبیؐ وتفویض اعزازت وتقسیم انعامات مورخہ 21جنوری 2024 بروز اتوار صبح 11بجے ناندیڑ مہاراشٹر میں ہوگا۔
2 جون سے ہی داخلوں کا آغاز ہو چکا۔ تاحال 70 شرکاء شامل ہوچکے ہیں جن میں 10 خاتون قلم کار بھی شامل ہیں۔ ان شرکاء میں ملک کے چوٹی کے علماء بھی شامل ہیں۔
اس مسابقہ کے سرپرست و نگراں حضرات نے باذوق قلم کاروں کو  زیادہ سے زیادہ شرکت کی دعوت دی ہے۔
اس طرح سے ایک عظیم علمی سرگرمی کے انعقاد کا شرف خادمین امت کو حاصل ہوا ہے اس بات کا اظہار امیر خادمین امت جناب عابد خان حمید خان صاحب نے اپنے بیان میں کیا۔

اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...