Powered By Blogger

پیر, اکتوبر 09, 2023

دوستانہ

دوستانہ____
اردودنیانیوز۷۲ 
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ 
 ہماری زندگی میں رشتوں کی بڑی اہمیت ہے، کچھ رشتے خونی ہوتے ہیں، پھر ان کی شاخین پھیلتی جا تی ہیں، یہ رشتے قدرتی طور پر بنتے ہیں، ہمارے اختیار میں یہ بات نہیں ہوتی کہ ہم ان کو چنیں، وہ خود بخود قدرت کی طرف سے منتخب ہوا کرتے ہیں، ان میں مزاجی ہم آہنگی نہ ہو تو بھی انہیں ایڈجسٹ کرکے چلنا پڑتا ہے، ورنہ خاندان اور رشتے ٹوٹ جاتے ہیں اورایک ایسی دشمنی کا آغاز ہوتا ہے جو خاندان کے افراد کو برباد کر کے رکھ دیتا ہے۔
 سماجی زندگی گذارنے کے لیے ہمارے پاس ایک اور رشتہ مختلف لوگوں سے ہماری پسند کے مطابق بنتا ہے، اسے ہم دوستانہ اور یارانہ سے تعبیر کرتے ہیں، یہ دوستانہ بنتا کیسے ہے، اس میں مضبوطی کس طرح آتی ہے اور یہ ٹوٹ کس طرح جاتا ہے؟ا ن امور پر لوگوں کی رائے جاننے کے لیے ریسرچ فرم فیشرمینس، فرینڈ نے دو ہزار لوگوں سے رابطہ کیا، آکسفورڈ یونیورسٹی کے ڈاکٹر رابن ڈنبرنے اس کا تجزیہ کیا تو حیرت انگیز نتائج سامنے آئے،ا ن کے تجزیہ کے مطابق اگر آپ کو جگری دوست بنانا ہے توتین تین گھنٹے کی گیارہ ملاقاتیں ضروری ہیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ کم وبیش چونتیس گھنٹے مختلف روز وشب میں آپ کو اس شخص کے ساتھ گذارنے ضروری ہوں گے، دوستوں کی لمبی قطار میں زیادہ سے زیادہ پانچ دوست ہی قلبی دوست آپ کے ہو سکتے ہیں، ایسی دوستی کی عمر انتیس سال ہو سکتی ہے، اگر آپ اپنے دوست کو مناسب وقت نہیں دے پاتے ہیں تو دوریاں بڑھ سکتی ہیں اور دوستی کا خاتمہ بھی ہو سکتا ہے۔
دوستی کے حوالہ سے کچھ اور سوالات بھی ذہن میں گردش کرتے رہتے ہیں، اور وہ یہ کہ دوستی کے لیے سب سے زیادہ ضروری کیا چیز ہے؟ سب اچھے دوست کہاں بنتے ہیں، دوستی اور یاری ٹوٹنے کی کیا وجہ ہوا کرتی ہے؟
ان سوالوں کا جواب بھی آکسفورڈ یونیورسٹی کے ڈاکٹر رابن نے تلاش لیا ہے۔ ان کے مطابق اکسٹھ (61)فی صد لوگوں کا ماننا ہے کہ اچھے دوست کی سب سے بڑی خصوصیت اس کے اندر انسانیت نوازی کا جوہرہونا ہے، جب کہ چوالیس (44)فیصد لوگوں کے نزدیک ذہنی ہم آہنگی ہونی ضروری ہے، یہ ہم آہنگی مذہبی اور سیاسی نظریات میں ہونی چاہیے، اچھے دوست وہی ہیں جو مشکل وقت میں کام آئیں، جو ایسے وقت میں دور ہوجائیں وہ دوست بنائے رکھنے کے قابل نہیں ہیں، دوستی کے لیے بھروسہ مند ہونا بھی انتہائی ضروری ہے، دوست بنانے کے لیے سب سے اچھی جگہ وہ ہے جہاں انسان کام سے لگا ہوتا ہے، اس لیے کہ وہاں زیادہ وقت گذرتا ہے اور ایک دوسرے کے تعاون کی ضرورت بھی ہوتی ہے، جس سے ہمدردی پیدا ہوتی ہے اور دل مدد کرنے والے کی طرف مائل ہوتا ہے۔
یہ کوئی نئی تحقیق نہیں ہے، ہمارے یہاں تو بہت پہلے سے کہا جاتا رہا ہے کہ”دوست آن باشد کہ گیردد ست دوست در پریشاں حالی ودر ماندگی“، اسلام میں اچھے دوست کے بارے میں کہا گیا کہ جو مخلص، ہمدرد اور اسلام کی طرف راغب کرنے والا ہو، تو اگر آپ بھی کسی سے دوستی کرنا چاہتے ہیں تو صرف اللہ کے لیے کیجئے محبت بھی اللہ کے لیے اور بغض بھی اللہ کے لیے، محبت کا یہ انداز اب عنقا ہوتا جا رہا 
ہے، لیکن یہی اسلام کو مطلوب ہے۔

مولانا آفتاب عالم مفتاحی کی زندگی نئی نسل کے لئے مشعل راہ ۔شمشاد رحمانی

مولانا آفتاب عالم مفتاحی کی زندگی نئی نسل کے لئے مشعل راہ ۔شمشاد رحمانی
Urduduniyanews72 
’آفتاب جو غروب ہو گیا ‘کے اجرا کی تقریب سے شفیع مشہدی،امتیاز احمد کریمی اور توقیر عالم سمیت کئی دانشوروں کا خطاب
پٹنہ (پریس ریلیز)نور اردو لائبریری حسن پور گنگھٹی،ویشالی کے زیر اہتمام اتوار کو بہار اردو اکاڈمی کے کانفرنس ہال میں مولانا آفتاب عالم مفتاحی کی شخصیت اور خدمات کے موضوع پرمفتی محمد ثناء الہدی قاسمی کی مرتب کردہ کتاب آفتاب جو غروب ہو گیا کا اجرا عمل میں آیا۔تقریب کی صدارت امارت شرعیہ بہار اڈیشہ جھارکھنڈ کے نائب امیر شریعت حضرت مولانا شمشاد رحمانی قاسمی نے کی اور نظامت کا فریضہ سینیئر صحافی ڈاکٹر ریحان غنی نے انجام دیا ۔اس موقع پر اردو مشاورتی کمیٹی کے سابق چیر مین شفیع مشہدی نے کلیدی خطبہ دیا۔اپنی صدارتی تقریر میں مولانا شمشاد رحمانی نے کہا کہ مولانا آفتاب عالم مفتاحی کی زندگی نئی نسل کے لئے مشعل راہ  اور نمونہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب انتقال کے بعدکسی کے تذکرے ہوتے ہیں تواسے قبر تک ثواب ملتا ہے۔مولانا شمشاد رحمانی نے کہا کہ کسی کام کو منصہ شہود پر لانا وہی جانتے ہیں جو ا س راہ کے مسافر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات ، شخصیات کو زندہ رکھنے کا ذریع ہیں۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد کے لیے نور اردو لائبریری کے عہدیداروں اور اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے کلیدی خطبہ میں جناب شفیع مشہدی نے کہا کہ یہ ہر لحاظ سے بہترین کتاب ہے اس کا مطالعہ ہر کسی کو کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے اسلاف کو فراموش کر دیتی ہیں زمانہ انہیں بھی فراموش کر دیتا ہے۔ شفیع مشہدی نے کہا کہ مولانا آفتاب عالم مفتاحی اپنی تحریروں اور عمل میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ بہار پبلک سروس کمیشن کے رکن امتیاز احمد کریمی نے کہا کہ ویشالی کی سرزمین ایسی ہے جہاں علم و ادب چراغ ہمیشہ روشن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٖفتاب عالم صاحب کو اس لیے یاد کیا جا رہا ہے کہ وہ علم والے تھے۔ اس لیے نئی نسل کو علم والا بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیسوں سے ڈگری حاصل کی جا سکتی ہے علم نہیں حاصل کیا جا سکتا۔ آنے والی نسلوں کی تعلی کا نظم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اگر ہمارے بچے مقابلہ جاتی امتحان میں کامیاب نہیں ہو رہے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ محنت نہیں کر رہے ہیں۔ امتیاز احمد کریمی نے کتابوں سے رغبت پیدا کرنے اور اپنے گھروں کو لائبریری بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔صاحب کتاب مفتی محمد ثنا ء الہدیٰ قاسمی نے تفصیل سے بتایا کہ انہوں نے اپنے استاذ مولانا آفتاب عالم کے تعلق سے کس طرح کتاب ترتیب دی اور ان کے صاحب زادے محمد احمد نے انہیں اس کام میں کس طرح مدد کیا۔اس موقع پر مولانا آفتاب عالم کے لائق و فائق فرزند محمد احمد نے بھی اپنے خیالا ت کا اظہار کیا ۔ اس دوران وہ اپنے والد کے حالت زندگی بیان کرتے وقت بے انتہا جذباتی ہوگئے اور ہال میں موجود تمام لوگوں کی آنکھیں بھی نم ہوگئیں۔ اس موقع پر محمد احمد کی صاحبزادی ڈاکٹر شائستہ آفتاب نے یہ اعلان کیا کہ وہ اپنے دادا علیہ رحمہ کی شخسیت اور خدمات کے موضوع پر ترتیب دی گئی کتاب آفتاب جو غروب ہوگیا کا دوسرا ایڈیشین ترمیم و اضافہ کے ساتھ جلد شائع کرائیں گی۔مولانا مظہر الحق عربی فارسی یونیورسیٹی سابق پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد توقیر عالم نے کہا کہ مولانا آفتاب عالم صاحب بہت علمی صلاحیت کے مالک تھے ۔ نئی نسل کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ اسکول و کالج میں پہلے ہی سے تعلیم کا ماحول نہیں تھا اب مدارس سے بھی تعلیم کا ماحول ختم ہوتا جا رہا ہے۔رسم اجراء کی تقریب سے سابق صدر مدرس مدرسہ احمدیہ ابابکر پور ویشالی مولانامظاہر عالم قمر ، کاروان ادب ، ویشالی کے جنرل سکریٹری انوار الحسن وسطوی، بہار اردو اکادمی کے نائب صدر ڈاکٹر عبدالواحد انصاری، اردو کانسل ہند کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر اسلم جاوداں، ڈاکٹر عارف حسن وسطوی، قمر اعظم صدیقی نے بھی مقالے پڑھے اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر شکیل سہسرامی نے منظوم خراج عقیدت پیش کیا ۔تقریب کا آغاز مولانا مفتی محمد ظفر الہدیٰ قاسمی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔اس موقع پر بارگاہ رسالت ماب میں حافظ مزمل اور مولانا نظرالہدیٰ قاسمی نے نعت کا نظرانہ پیش کیا۔ اس کے بعد مولانا نظرالہدیٰ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ تقریب میں ماڈرن ویلفیر اکیڈمی کے ڈائرکٹر اور عالم دین مولانا محمد مکرم حسین ندوی، ڈاکٹر آصف سلیم ، اردو ایکشن کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر انوار الہدیٰ، مظہر عالم مخدومی، سید مصباح الدین احمد, نواب عتیق الزماں، ضیاء الحسن ،نصرالدین بلخی ،ساجد پرویز،حاجی پور سے کلیم اشرف،عظیم الدین انصاری ، مولانا آفتاب عالم مفتاحی کے خاندان کے افراد اور کافی تعداد میں اہل ذوق حضرات موجو د تھے۔

اتوار, اکتوبر 08, 2023

شوکت علی صاحب کا انتقال پر ملال

شوکت علی صاحب کا انتقال پر ملال 
Urduduniyanews72 
نماز جنازہ کل بعد نماز ظہر ادا کی جاۓ گی 
(حاجی پور نمائندہ)ضلع ویشالی کے مشہور و معروف ادیب جناب انوار الحسن وسطوی صاحب کے بہنوئ  اور ایس آر میڈیا کے بانی قمر اعظم صدیقی کے خالو  ( شوکت علی صاحب موضع شاہ پور جنید ، شکرا ، مظفر پور ) اب اس دنیا میں نہیں رہے -  انا للہ و انا الیہ راجعون ۔ 
انھوں نے دن کے  45 : 12 کے قریب   بنگلور کے  ایک پرایویٹ اسپتال میں آخری سانس لی- موصوف گزشتہ کئی دنوں سے سخت علیل تھے-  انہیں دو  اکتوبر کو بزریعہ طیارہ بہتر حالت میں علاج کے غرض سے  بنگلور لے جایا گیا تھا ۔  انہیں پچھلے کچھ دنوں سے ہارٹ کی شکایت تھی جس کے لیے مستقل علاج و معالجہ جاری تھا اور قبل بھی کئ بار بنگلور کے ڈاکٹر سے مل چکے تھے ۔ اس بار  آپ کو آپریشن کے لیے لے جایا گیا تھا ۔ 6 اکتوبر کو آپ کا این جیو گرافی بھی ہوا ۔ 10 اکتوبر کو ہارٹ کا آپریشن ہونا تھا۔ لیکن اللہ کو کچھ اور ہی منظور تھا ۔ آپ کا بلاوا آگیا اور آپ سب کو روتا بلکتا چھوڑ کر اس دار فانی کو الوداع کہ گۓ ۔ اللہ ان کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین ۔  ان کی جسد خاکی  بزریعہ طیارہ بنگلور سے پٹنہ لایا جا رہا ہے  ۔طیارہ  کل صبح 7بجے پٹنہ  پہنچے گا اس کے بعد انہیں  ان کے آبائ وطن شاہ پور جنید لے جایا جاۓ گا ۔ ان کی نماز جنازہ کل بروز سوموار بعد نماز ظہر مقامی قبرستان میں ادا کی جاۓ گی  موصوف  دیندار ، مہزب ، اخلاق مند اور روزہ نماز کے پابند  تھے ۔  مرحوم کے لواحقین میں ان کی والدہ ، اہلیہ  ، بھائ ، تین بیٹے ، دو بہو ، دو بیٹی اور  ایک داماد موجود ہیں ۔ ان کے بڑے صاحبزادے  عابد شوکت نے قرب و جوار کے لوگوں سے  اپنے والد کے جنازے میں شرکت کرنے اور ان کے لیے دعاۓ مغفرت کرنے کی اپیل کی ہے ۔

روس میں اسلامی بینکنگ

روس میں اسلامی بینکنگ ___
اردودنیانیوز۷۲ 
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ 
 ایک ایسے دور میں جب مسلم ممالک میں بھی سودی بینک کاری عروج پر ہے اور اسلامی بینکنگ کا تصور اور سود کی قباحت ان کے دلوں سے نکلتی جارہی ہے بلکہ نکل گئی ہے ، روس نے (جو زمانہ تک خدا بیزار اور دہریت پسند حکمرانوں کے زیر سایہ رہا اور اب بھی داخلی طور پر اس نظریہ اور فکر سے پورے طور پر نکل نہیں سکا ہے) اسلامی بینکنگ کے قیام کا اعلان کیا ہے بلکہ کہنا چاہیے کہ کام ستمبر2023سے شروع کر دیا ہے، صدارتی حکم نامہ کے مطابق اسلامی بینک آئندہ دو برس تک روس کے مرکزی بینک کی نگرانی میں تجرباتی طور پر کام کرے گا، اسلامی بینکنگ کا یہ پروگرام پہلے مرحلہ میں مسلم اکثریتی علاقے تاتارستان ، بخارستان ، داغستان اور چیچنیا میں متعارف کرایا گیا ہے۔کامیاب تجربہ کے بعد دوسرے علاقوں میں بھی اس کی توسیع کی جائے گی، روس میں کم وبیش ڈھائی کروڑ مسلمان بستے ہیں، جو سودی کاروبار کرنا نہیں چاہتے، اس لیے روسی صدر ولادیمیر پوتین نے مسلمانوں کے جذبات کی رعایت اور ان کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے، یہ اس لیے بھی ہے تاکہ شریعة فریم ورک میں کام کرنے والے سرمایہ کاروں کے لیے روس میں سرمایہ کاری آسان ہوسکے اور مشرق وسطی کے ممالک کی توجہ روس کی طرف مبذول ہو سکے۔
 اسلامی بینکنگ کا آغاز سب سے پہلے متحدہ عرب امارات کے دبئی میں شروع کیا گیا تھا، شیخ سعید آل لوتاہ نے اسے اپنے سرمایہ سے وقار بخشا، اسلامی فکر اور سوچ کے اس مرد قلندر نے اس میدان میں جوکامیاب تجربات کیے اس نے کئی دوسروں کو بھی اس کی طرف متوجہ کیا اور اس کے بعد ہی فیصل اسلامی بینک، دبئی اسلامی بینک ، میزان اسلامی بینک جیسے ادارے وجود میں آئے، با خبر ذرائع کے مطابق 2009میں اسلامی بینکنگ کے مجموعی اثاثوں تخمینی مالیت 900ارب ڈالر تھی جو 2020تک بڑھ کر 15000ارب کی مالیت تک پہونچ گیاتھا، الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر اسلامی بینکنگ کی شرح نمو چالیس فی صد ہے اور 2025تک اس کی مجموعی مالیت 77کھرب ڈالر تک پہونچنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
2008کے عالمی اقتصادی بحران میں اسلامی بینکنگ کی کار کردگی نے مغربی ممالک کو اس طرف متوجہ کیا تھا، کیوں کہ دنیا کو متبادل سرمایہ کے ذرائع کی تلاش تھی،2014میں روس نے کریمیا کا غیر قانونی الحاق کرلیا، جس کی وجہ سے مغربی ممالک نے اس کے اوپر پابندی لگادی تھی ، ایسے میں اسلامی مالیاتی اداروں نے روس کی گرتی معیشت کو سہارا دیا ، تبھی سے یہ فکر زور پکڑنے لگی تھی کہ روس میں قواعد وضوابط کے ساتھ اسلامی بینکنگ کو فروغ دینا چاہیے اور انٹرسٹ (سود) کے بجائے اسلام کے نظام مشارکت ومضاربت کو معاشی استحکام کی بنیاد بنانا چاہیے، اس وقت جب یوکرین کی طویل جنگ کے سبب روس کا معاشی مالیاتی اور اقتصادی نظام چر مرا کر رہ گیا ہے اور اسے مغربی ممالک کی جانب سے اقتصادی پابندیوں کا سامنا ہے ، ایسے میں اسلامی بینک اسے مشارکت اور مضاربت کے اصولوں پر اقتصادی بحران سے نکالنے کا کام کرے گا، ایسی توقع کی جا رہی ہے۔

ہفتہ, اکتوبر 07, 2023

”آفتاب؛جو غروب ہوگیا“ کی تقریب رسم اجراء کلصدارت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی نائب امیر شریعت

”آفتاب؛جو غروب ہوگیا“ کی تقریب رسم اجراء کل
اردودنیانیوز۷۲ 
صدارت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی نائب امیر شریعت اور کلیدی خطاب جناب شفیع مشہدی کا ہوگا
۸/اکتوبر (محمد اسعداللہ قاسمی)مشہور عالم دین مولانا آفتاب عالم مفتاحی پر مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی کی مرتب کردہ کتاب”آفتاب؛جو غروب ہو گیا“کی تقریب رسم اجراء بہار اردو اکیڈمی کے سمینار ہال میں نور اردو لائبریری حسن پور گنگھٹی،بکساما ویشالی کے زیر اہتمام کل منعقد ہو گی،تقریب کی صدارت نائب امیر شریعت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی کریں گے جب کہ کلیدی خطاب مشہور ماہر تعلیم،افسانہ نگار،شاعر جناب شفیع مشہدی صاحب کا ہوگا، مفتی ظفرالہدیٰ قاسمی کی تلاوت اور مولانا نظرالہدیٰ قاسمی کی نعت خوانی سے شروع ہونے والے اس تقریب کے مہمان خصوصی مولانا مظاہر عالم قمر سابق صدر مدرس مدرسہ احمدیہ ابابکرپور ویشالی ہوں گے اور جناب امتیاز احمد کریمی رکن بہار پبلک سروس کمیشن،پروفیسر توقیر عالم سابق پرو وائس چانسلر مولانا مظہر الحق یونیورسٹی،ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی صدر شعبہئ اردو پٹنہ یونیور سٹی،جناب انوارالحسن وسطوی جنرل سکریٹری کاروان ادب حاجی پوراور جناب ارشد فیروز چیئر مین گورنمنٹ اردو لائبریری پٹنہ نیز اردو کے لئے کام کرنے والی مختلف تنظیموں کے ذمہ داران،ملی تنظیموں کے اہم عہدیداران خصوصاًامارت شرعیہ بہار، اڈیشہ وجھارکھنڈ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی،مسلم مجلس مشاورت کے جناب انوارالہدیٰ نیز پرنٹ میڈیا وار لکٹرانک میڈیا سے منسلک اہم شخصیتوں کی باوقار موجودگی اور ڈاکٹر ریحان غنی جنرل سکریٹری اردو میڈیا فورم کی نظامت میں ڈاکٹر اسلم جاوداں ناظم اعلیٰ اردو کونسل ہند،جناب راشد صاحب سب ایڈیٹرقومی تنظیم،ڈاکٹر عارف حسن وسطوی اور جناب قمر اعظم صدیقی کتاب کے مشمولات پر اپنا تبصرہ پیش کریں گے،مولانا آفتاب عالم مفتاحی ؒ کے پسران اس پورے پروگرام کے نگراں اور میزبان ہوں گے۔

جمعہ, اکتوبر 06, 2023

وفا کی شمع جلاؤ کہ ہم غزل کہہ لیں 
اداس رات ہے آؤ کہ ہم غزل کہہ لیں
مرغوب اثر فاطمی ۔
اردودنیانیوز۷۲ 
مرے رزق میں برکتیں ہوگئیں 
پرندوں کو دانا کھلانے  کے بعد، 
وارث اسلام پوری۔

ضیائے حق فاؤنڈیشن کی جانب سے بہار کے دو عظیم شاعر معین کوثر،اور افتخار عاکف کے اعزاز میں محفل اعزازیہ ومشاعرہ کا انعقاد ۔

پٹنہ پھلواری شریف 06/اکتوبر 2023 ( پریس ریلیز) صوبہ بہار  کی مشہور سرزمین۔۔ ۔۔  سے  تعلق رکھنے والے دو مشہور ومعروف شاعر معین کوثر،اور افتخار عاکف کے اعزاز میں نیاز نذر کی صدارت میں ایک خوبصورت محفل اعزازیہ ومشاعرہ مشاعرہ کا انعقاد ہوا،
مہمان خصوصی کے طور پرمشہور ومعروف شاعر، مصنف ،سابق ڈی ایس پی، مرغوب اثر فاطمی نے شرکت کی ۔
تقریب کا اہتمام  محمد ضیاء العظیم (ٹرسٹی  ضیائے حق فاؤنڈیشن )ڈاکٹر صالحہ صدیقی چئیر پرسن ضیائے حق فاؤنڈیشن) ڈاکٹر نصر عالم نصر اور ان کی ٹیم نے کیا، واضح رہے کہ ضیائے حق فاؤنڈیشن ایک سماجی ،فلاحی اور ادبی تنظیم ہے جو دیگر ادبی خدمات میں سرگرم رہنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی کاموں میں بھی پیش پیش رہتی ہے،اس سے قبل بھی کئی اہم شعراء وادباء وصحافی کو ان کی علمی وادبی خدمات کی بناء پر اعزازات سے نواز چکی ہے، ٹرسٹ خصوصیت کے ساتھ ان شعراء وادباء کو تلاش کرتی ہے جو ایک اچھے فنکار ہونے کے باوجود بھی دنیائے ادب انہیں نظر انداز کرتی ہے اور وہ گمنامی کی زندگی گزار رہے ہوتے ہیں، انہیں تلاش کرکے ان کے علوم وفنون سے دنیائے ادب کو متعارف کراتی ہے ،  مذکورہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام شہر پٹنہ  کے قلب میں واقع مسلم اکثریتی علاقہ پھلواری شریف میں ایک ادارہ مدرسہ ضیاء العلوم اور ایک لائبریری ضیائے حق فاؤنڈیشن پبلک لائبریری  بھی چل رہی ہے، جہاں  بچے بچیاں اپنی علمی وادبی پیاس بجھا رہے ہیں۔
 پروگرام  کی نظامت مشہور ومعروف طنز ومزاح کے شاعر رہبر گیاوی المعروف چونچ گیاوی، اور ڈاکٹر نصر عالم نصر نے کی، پروگرام کی شروعات عفان ضیاء نے نعت سےکیا، جبکہ باضابطہ آغاز وارث اسلام پوری نے اپنے مخصوص لب ولہجہ کے ساتھ نعت پاک سے محفل کو خوبصورت بنایا ۔
پھر ناظم مشاعرہ رہبر گیاوی المعروف چونچ گیاوی نے افتتاحی کلمات میں تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ضیائے حق فاؤنڈیشن کا مختصر تعارف میں انہوں نے کہا کہ بہت کم وقتوں میں یہ فاؤنڈیشن نے کارہائے نمایاں انجام دیا اور دے رہا ہے،  اس کے بعد دونوں شعراء افتخار عاکف، معین کوثر کو ان کی علمی وادبی خدمات کے اعتراف میں ضیائے حق فاؤنڈیشن کی جانب سے شال اور سند سے نوازا گیا ۔
پھر ایک خوبصورت مشاعرہ کا انعقاد ہوا، مشاعرہ میں مشہور ومعروف شاعر وادیب شکیل سہسرامی نے معین کوثر اور افتخار عاکف کے اعزاز میں تہنیتی اشعار بھیجیے جسے محمد ضیاء العظیم نے سامعین کے سامنے پڑھا، 
اشعار 
شکیل سہسرامی
شاعر خوب افتخار عاکف
سب کے محبوب افتخار عاکف
حضرتِ رمز سے یہ کرتے ہیں 
خود کو منسوب افتخار عاکف۔

یہ جو موصوف معین کوثر ہیں
طرزِ سنجیدگی کا مظہر ہیں
ان کے شعر و سخن کا کیا کہنا
میری نظروں میں ماہ و اختر ہیں۔


مشاعرہ میں شعراء کرام کے غزل سے چند اشعار 

سہیل فاروقی 
بدلنے کا ہنر بھی جانتا ہے 
میں نازاں ہوں مزاج دوستاں پر، 

نذر فاطمی 
ہمارے ساتھ ہی چلنے کی ضد اگر ٹھہری 
صعوبتوں میں بھی تم مسکرا سکو تو چلو، 

شمیم شعلہ 
ہے ہمیشہ کی طرح آج بھی روشن وہ چراغ 
آندھیاں آئیں بہت، جسکو بجھانے کے لئے، 

ڈاکٹر نصر عالم نصر 
اسے معلوم منزل بھی نہیں ہے 
مگر وہ سب سے آگے چل رہا ہے، 
چونچ گیاوی 
کہا یہ لیڈروں نے نوجوانو 
تم اپنے آپ کو بیدار کر لو 
الیکشن کا زمانہ آ رہا ہے 
سب اپنا اسلحہ تیار کر لو
میر سجاد
آج کے لوگ پہ حاوی ہے نئے دور کا رنگ 
اپنے اجداد کی تہذیب مٹانے نکلے، 

اصغر حسین کامل 
نہ کوئی دوست، نہ دشمن، نہ خاندان کی بات
زمیں پہ رہ کے وہ کرتا ہے آسمان کی بات،
 
وارث اسلام پوری 
نہ اتنا ہنسو دل دکھانے کے بعد 
تمہیں بھی ہے رونا رلانے کے بعد، 

افتخار عاکف 
پھوٹ پھوٹ کر رویا دل تب میں نے یہ غور کیا 
جان بوجھ کر K. K. D نے عاکف کو اگنور کیا، 

معین کوثر 
کسک، سوزش، تپک، افسردگی، بے چینی، مایوسی 
الہی تونے کیا کیا لکھ دیا میرے مقدر میں، 

محمد ضیاء العظیم 
ممکن ہے وہ مجھ کو بھول کر رہ لے گا 
اچھا ہے پھر مجھ کو بھی آسانی ہے، 

مرغوب اثر فاطمی (مہمان خصوصی شاعر ) 
منھ چڑھاتی ہیں مرا اب تو قفس کی تتلیاں 
قید کی مدت بتا صیاد کتنی رہ گئ
 

آخر میں ناظم مشاعرہ ڈاکٹر نصر عالم نصر نے پروگرام کے حوالے سے اپنے تاثرات کا اظہار کیا، انہوں نے دونوں بزرگ شاعر افتخار عاکف اور معین کوثر کے علوم وفنون اور ادبی خدمات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شخصیات محتاج تعارف نہیں ہیں، دنیائے ادب ان کے شعر وادب سے بھر پور استفادہ کرتی ہے، اس بزم میں ان کا تشریف لانا یہ ہمارے لئے خوش آئند ہے، کم وقتوں میں ان کے علوم وفنون پر گفتگو نہیں کی جاسکتی ہے۔نیز میں ضیائے حق فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں سے بخوبی واقف ہوں، اس تنظیم نے ان دو شعراء کا حسن انتخاب کیا کہ ان کی خدمات کو سراہا، یہ تنظیم اپنے محاذ پر بھر پور کارہائے نمایاں انجام دے رہی ہے، آج مجھے یہاں بہت خوشی محسوس ہورہی، یہ محفل میری زندگی کے یادگار کا حسین لمحہ ہوگا، آپ سب کی اس بے لوث محبت کو میں تا عمر یاد رکھوں گا، پھر ضیائے حق فاؤنڈیشن کے برانچ اونر محمد ضیاء العظیم نے تمام مہمانان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری یہ خوش بختی ہے کہ ہماری آواز پر آپ سب اپنی ہزارہا مصروفیات کے باوجود بھی یہاں آنے کی زحمت گوارا کی، ہم پروردگار کا شکر ادا کرتے ہیں اور آپ تمام مہمانان کا شکریہ، خصوصاً ڈاکٹر نصر عالم نصر ،ڈاکٹر صالحہ صدیقی چئیر پرسن ضیائے حق فاؤنڈیشن کا کہ آپ دونوں کی باہمی تعاون سے ہی یہ پروگرام منعقد ہوا، اب ہم سب کی کوشش ہو کہ اردو زبان وادب کی تعلیم سماج ومعاشرہ کا ہر ایک ایک بچہ حاصل کرے، پڑھے، سیکھے، اور بولے، ہماری تہذیب وثقافت اسی زبان کے ذریعہ زندہ وتابندہ رہ سکتی ہے، ہم میں سے ہر ایک فرد ایک ذمہ داری کے ساتھ اس زبان کی تشہیر واشاعت میں کوشاں رہے، پھر صدر محترم نیاز نذر کی اجازت سے محفل کے اختتام کا اعلان ہوا ۔
پروگرام میں مدرسہ ضیاء العلوم کے طلبہ سمیت پھلواری شریف کی معزز شخصیات شامل رہے ، 
اس پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں خصوصی طور پر ضیائے حق فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن واسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو سمستی پور کالج (متھلا یونیورسٹی) ڈاکٹر صالحہ صدیقی،  ڈاکٹر نصر عالم نصر، محمد ضیاء العظیم کا نام مذکور ہے جن کی محنت وکاوش کی وجہ سے یہ پروگرام پایہ تکمیل تک پہنچ سکا، 
جبکہ عمومی طور پر فاطمہ خان، زیب النساء، شمیمہ بانو، فقیھہ روشن، قاری ابوالحسن،قاری عبدالواجد، مفتی نورالعظیم، حافظ ثناء العظیم، عفان ضیاء، حسان عظیم کا نام مذکور ہے.

جمعرات, اکتوبر 05, 2023

مفتی ثنا الہدی قاسمی کی کتاب"آفتاب جو ۼروب ہو گیا " کا اجرا  8 اکتوبر کو
اردودنیانیوز۷۲ 
مولانا شمشاد رحمانی صدارت کریں گے, مولانا مظاہر عالم قمر  مہمان خصوصی ہوں گے
پٹنہ (پریس ریلیز) مفتی محمد ثنا الہدی قاسمی
( نائب ناظم امارت شرعیہ, صدر اردو میڈیا فورم بہار,کاروان ادب, حاجی پور,  نائب  صدر اردو کارواں, مدیر اعلی ہفت روزہ نقیب,پھلواری شریف,پٹنہ )کی کتاب" آفتاب جو ۼروب ہو گیا" کا اجرا 8اکتوبر2023،بروزاتواربوقت:.10بجے دن بہار اردو اکادمی  کے سمینار ہال میں نور اردو لائبریری حسن پور گنگھٹی, بکساواں,ویشالی کے زیر اہتمام عمل میں آئےگا۔۔ یہ اطلاع دیتے ہوئے لائبریری کے سکریٹری مولانا نظرا لہدی قاسمی نے بتایا کہ تقریب رسم اجرا کی صدارت  مولانا شمشاد رحمانی, نائب امیر شریعت, امارت شرعیہ ,بہار اور جھارکھنڈ فرمائیں گے اور نظامت کا فریضہ ڈاکٹر ریحان ۼنی,سینئر صحافی اور قائم مقام صدر اردو ایکشن کمیٹی انجام دیں گے ۔ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا مظاہرعالم قمر,سابق صدر مدرس, مدرسہ احمدیہ,ابا بکر پور ویشالی شرکت کریں گے ۔ اس موقع پر شفیع مشہدی,سابق چییرمین ,اردو مشاورتی کمیٹی,بہار,امتیاز احمد کریمی, رکن بہار پبلک سروس کمیشن,پروفیسر  محمد توقیر عالم,سابق پرو وائس چانسلر,مولانا مظہرالحق عربی فارسی یونی ورسیٹی , ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی,صدر شعبہ اردو ,پٽنہ یونیورسیٹی اور ارشد فیروز,چئرمین گورنمنٹ اردو لائبریری  اور انوارالحسن وسطوی, جنرل سکریٹری, کاروان ادب حاجی پور مہمانان ذی وقار کی حیثیت سے موجود رہیں گے۔اس موقع پر۔ راشد احمد,سینئر صحافی, قومی تنظیم, ڈاکٹر اسلم جاوداں,ناظم اعلی اردو کانسل ہند, ڈاکٹر عارف حسن وسطوی اور قمر اعظم صدیقی کتاب پر تبصرہ پیش کریں گے۔ مولانا نظر الہدی قاسمی نے اہل ذوق حضرات سے تقریب میں شرکت کی گذارش کی ہے۔

اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...