#جمعیت_علماءارریہ کی طرف سے نیک خواہشات!
کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند کی شاخ رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ بہار کے لئے اراکینِ عاملہ نے اتفاق رائے سے
#جنرل_سکریٹری کے لئے رفیق گرامی جناب مفتی خالد انور صاحب پورنوی مظاہری کا جو انتخاب کیا ہے وہ انتہائی نیک فال اور قابل مبارکباد ہے۔اس حسن انتخاب پر جمعیت علماء ارریہ کی طرف سے ہم اراکینِ عاملہ کے ساتھ نومنتخب جنرل سکریٹری مفتی خالد انور صاحب پورنوی مظاہری و دیگر نو منتخب عہدیداران کو دل کی گہرائیوں سے ڈھیروں ساری دعائیں،مبارکبادیاں اورنیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔
مفتی صاحب تحریر و تقریر،درس وتدریس اور نظم و ضبط کی بےپناہ صلاحیتوں کے حامل شخص ہیں اور فراغت کے بعد سے ہی جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ میں تقرری کے بعد سابق صدر رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ بہار حضرت اقدس مولانا محمد قاسم صاحب نوراللہ مرقدہ کی معیت میں اور پھر ان کی وفات حسرت آیات کے بعد کارگذار بعدہ مستقل صدر حضرت مولانا مرغوب الرحمٰن صاحب قاسمی دامت برکاتہم کے ساتھ رابطہ مدارس کے حوالے سے مسلسل اپنی خدمات پیش کرتے رہے ہیں۔
اس لئے مفتی صاحب کے لئے ریاست بہار کے مربوط مدارس کے لئے اب خدمت انجام دینا مزید آسان ہوگا اور وہ پوری بیدار مغزی،تندہی اور اولوالعزمی کے ساتھ صدر رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ بہار حضرت مولانا مرغوب الرحمٰن صاحب قاسمی و دیگر نومنتخب اراکین کے ساتھ نئے جذبے کے ساتھ کام کریں گے۔
یہاں یہ حقیقت واضح رہنی چاہئے کہ ریاست بہار میں واقعی جس انداز میں رابطہ مدارس کا کام ہونا چاہئے تھا سچی بات یہی ہے کہ اس طرح کام انجام نہیں ہوسکا ہے۔اب تک کئی اضلاع میں ضلعی کمیٹیوں کی تشکیل تک نہیں ہوپائی ہے اور جہاں ہوگئی ہے ان میں سے بھی بہت سی جگہوں پر کمیٹیاں سرد مہری کا شکار ہیں۔
احقر کئی بار حضرت مولانا محمد قاسم صاحب نوراللہ مرقدہ کی حیات میں جامعہ مدنیہ میں رابطہ کے اجلاس میں شریک رہا ہے جس میں کل ہند ناظم عمومی رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند حضرت مولانا شوکت علی صاحب قاسمی بستوی نے جس انداز سے موجودہ حالات میں مدارس اسلامیہ کے رابطے کے خد و خال اور اس کے اصول و اہداف کی نشاندھی فرمائی تھی؛گرچہ ایک حد تک اس پر کام ہوا مگر جس طرح ہونا چاہئے وہ نہیں ہوسکاہے۔
اب جب کہ مفتی خالد انور صاحب پورنوی مظاہری کی شکل میں ایک خوبصورت نام رابطہ کو مل گیا ہے تو ہمیں امید بدرجہ یقین ہے کہ ان کی قیادت میں رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ بہار نشأۃ ثانیہ کے طور پر کام کرے گا اور موجودہ دین بیزاری اور مدارس کی زبوں حالی کے حوالے سے رابطہ مدارس بہار نئی سمت پر چل کر ایک نئی تاریخ رقم کرے گا انشاءاللہ۔
#محمداطہرالقاسمی
جنرل سکریٹری
جمعیت علماء ارریہ بہار۔
26/08/2021
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں