سمستی پور: ملک کے کئی علاقے ان دنوں سیلاب سے بری طرح متاثر ہیں۔ بہار میں بھی سیلاب نے کافی تباہی مچائی ہے۔ ریاست کے سمستی پور میں سیلاب کے پانی کی وجہ سے ریل آپریشن متاثر ہو رہا ہے۔
سمستی پور ریل ڈویژن کے ہایاگھاٹ اسٹیشن کے قریب پل نمبر 16 پر باگمتی ندی کے سلایب کا پانی پہنچ گیا ہے۔ اس کی وجہ سے سمستی پور - دربھنگہ ریلوے لائن پر تیسرے دن بھی ٹرینوں کی آمد و رفت بند رہی۔ جبکہ 14 مسافر اور انٹرسٹی ایکسپریس ٹرینیں پانی بھرنے کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ کچھ ٹرینوں کے روٹ بھی تبدیل کئے گئے ہیں۔
سینئر ڈی سی ایم سرسوتی چندر نے بتایا کہ 02565/66 بہار سمپرک ایکسپریس ٹرین اگلے احکامات تک سیتامڑھی - نرکٹیا گنج سے ہو کر گزرے گی۔ وہیں، 01061/62 پون ایکسپریس کو مظفر پور میں مختصر طور پر منسوخ کر کے مظفر پور سے چلایا جائے گا۔ اسی طرح ٹرین نمبر 04673/74 شہید ایکسپریس سمستی پور اسٹیشن سے چلائی جائے گی۔ ریلوے نے کہا ہے کہ جو مسافر اپنا سفر منسوخ کرنا چاہتے ہیں وہ ٹکٹ واپس کر کے اپنے پیسے واپس لے سکتے ہیں۔
سمستی پور ریلوے ڈویژن کے ڈی آر ایم آلوک اگروال نے کہا کہ سیلابی پانی پل کے گاڈر تک پہنچ گیا ہے، اس لئے ٹرینوں کی آمد و رفت کو منسوخ کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی سطح کم ہوتی ہے یا زیادہ ہوتی ہے، اس پر ہم نظر بنائے ہوئے ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں