نوٹ بندی کا فیصلہ ، جس کے فائدے عوام کو آج تک سمجھ میں نہیں آئے ... سید خرم رضا
اس کے ساتھ ایک بہت ہی عجیب فیصلہ سامنے آیا کہ حکومت دو ہزار روپے کا نوٹ لا رہی ہے، یہ بات اس لئے عجیب لگی کہ پانچ سو اور ہزار کے نوٹ کو ختم کرتے ہوئے یہ دلیل دی گئی تھی کہ اس سے بدعنوانی رک جائے گی لیکن ان کو ختم کر کے بڑی کرنسی کو شروع کرنے کا مطلب یہ ہے کہ بدعنوان افراد کے لئے اب کم جگہ میں زیادہ پیسہ رکھنے اور دینے کی سہولت مل گئی، ابھی تک ہم یہ سنتے رہے ہیں کہ بڑی کرنسی سے بدعنوانی کو فروغ ملتا ہے۔ لیکن اس تعلق سے ابھی تک کوئی تسلی بخش جواب نہیں ملا۔
کہا یہ گیا کہ دہشت گردی کی کمر ٹوٹ جائے گی جوکہ آج تک ٹوٹی نظر نہیں آئی۔ کیونکہ دہشت گرد ہمارے فوجیوں اور پولیس والوں کو اب بھی شہید کردیتے ہیں اور ان ظالموں کے ظلم میں کوئی کمی نظر نہیں آئی۔ زمین جائداد کی خریداری میں لوگ آج بھی نقد کا استعمال کر رہے ہیں اور ان کی کوشش یہی ہوتی ہے کہ اس میں سفید کرنسی صرف اتنی ہی ہو جتنی سرکاری طور پر لازمی ہے۔
کہا یہ جا رہا ہے کہ کیش لیس یعنی کارڈ وغیرہ سے خریداری میں اضافہ ہوا ہے جس سے شفافیت آ ئی ہے۔ کارڈ اور ڈیجیٹل طریقوں سے لین دین میں اضافہ ہوا ہے لیکن اس میں نوٹ بندی کا کوئی کردار نہیں ہے۔ اس میں اگر کوئی کردار ہے تو سماج کی ترقی، ٹیکنالوجی کی ترقی اور کورونا وبا۔ کورونا وبا کے دوران لوگوں نے جو گھر بیٹھ کر سامان منگوایا اور ان کو جن لوگوں نے رقم ٹرانسفر کی ہے اس سے ضرور ڈیجیٹل پیمنٹ کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔
نوٹ بندی کا کوئی فائدہ نظر نہیں آتا لیکن اس کے نقصانات بہت ہوئے ہیں۔ گھروں سے پیسہ غائب ہو گیا، چھوٹے کاروبار تباہ ہو گئے، قومی معیشت کو زبردست نقصان ہوا جو کہ جلد ابھرتی نظر نہیں آ رہی۔ یہ وہ فیصلہ تھا جس کے فائدہ عوام کو آج تک سمجھ میں نہیں آئے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں