Powered By Blogger

منگل, نومبر 02, 2021

تریپورہ ہائی کورٹ کے از خود نوٹس لینے سے انتظامیہ کی غیرذمے داری طشت ازبام ، معززججوں کا اقدام قابل ستائش : مولانااحمدولی فیصل رحمانی

تریپورہ ہائی کورٹ کے از خود نوٹس لینے سے انتظامیہ کی غیرذمے داری طشت ازبام ، معززججوں کا اقدام قابل ستائش : مولانااحمدولی فیصل رحمانی

پٹنہ :تریپورہ ہائی کورٹ نے شمالی تریپورہ ، اناکوٹی اور سپاہی جالا اضلاع میں شدت پسندوں کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف دوہفتے سے جاری خونریز تشدد کے معاملے کا از خود نوٹس لیاہے اور ریاستی حکومت سے دس نومبر تک جواب مانگا ہے کہ اس نے فرقہ وارانہ تشدد کی روک تھام کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں۔ امیر شریعت بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے تریپورہ ہائی کورٹ کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے اور اس کے لیے جسٹس اندرجیت مہنتی اور جسٹس ایس تال پتراکو مبارک باد دیتے ہوئے کہاہے کہ انہوں نے انسانیت کی بنیاد پر یہ اقدام کر کے کورٹ پر عوام کے بھروسے کو قائم رکھا ہے۔ امیر شریعت نے مزید کہاہے کہ نفرت اور تعصب کے اس دور میں جب کہ عوام کا اعتماد حکومت اور عدلیہ پر سے کمزور ہوتا جا رہاہے ، تریپورہ ہائی کورٹ کا قدم مستحسن ہے اور اعتماد کو بحال کرنے والاہے۔ امیر شریعت نے مزید کہا کہ تریپورہ ہائی کورٹ نے اپنے عمل سے دوسری ریاستوں کی عدالتوں کو بھی پیغام دیا ہے کہ اگر انتظامیہ اپنا فرض نہیں ادا کرتی ہے تو عدالتوں کو لگام اپنے ہاتھ میں لینی ہو گی۔ ہم امید کرتے ہیں کہ عدالت کے اس اقدام سے تریپورہ میں امن بحال ہوگا، مظلوموں کو انصاف ملے گا اور ظالموں کے خلاف کارروائی ہوگی۔حضرت امیر شریعت نے سوال کیا کہ امن و امان بحال کرنا اور ریاست میں قانون کا نفاذ حکومت اور انتظامیہ کا کام ہے ، مگر حکومت اور انتظامیہ اپنے فرض کو ادا کرنے سے غافل کیوںرہی ہے۔ جس کی بنا پر عدلیہ کو خود نوٹس لینا پڑا۔اس طرح کی روایت کب تک چلتی رہے گی۔مذہب کی بنیادپراس طرح ٹارگیٹ کرنے سے پوری دنیامیںوطن عزیزکی شبیہ خراب ہورہی ہے۔یہ جمہوری ملک کی جمہوری اقدارکے خلاف ہے۔امیرشریعت نے این ڈی اے کی حلیف جماعتوں پربھی زوردیاہے کہ وہ اپنی حلیف جماعت کی حکومت پردبائودیں تاکہ جلدامن کی بحالی ہو،مظلوموں کی بازآبادکاری ہواورظالموں کوجلدسزاملے۔


کوئی تبصرے نہیں:

اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...