#جمعیت_علماء_فاربس_گنج کے ذریعےجہیز و نشہ مخالف مہم کو اپنے حلقے میں تیز کرنے کا اعلان
_____________________________________
مرکزی و صوبائی جمعیت کی ہدایت کے مطابق جمعیت علماء ارریہ پورے ضلع میں جہیز اور نشہ کے خلاف مہم چلارہی ہے۔
الحمد للہ منظم انداز میں جاری ہے۔یہ مہم ضلع کے تمام 9/بلاک میں بلاک سطحی جمعیت کی قیادت میں چلائی جارہی ہے۔جس کی سرپرستی صدر شعبہ اصلاح معاشرہ جمعیت علماء ارریہ مفتی محمد اطہر القاسمی کررہےہیں۔
اسی موضوع پر جمعیت علماء بلاک فاربس گنج کے تحت علاقے کا قدیم ادارہ مدرسہ رحمانیہ ننکار رام پور فاربس گنج میں ایک بڑا پروگرام منعقد ہوا۔جس میں ان دونوں موضوع کے ساتھ مدرسہ رحمانیہ ننکار کے اکابر کی سوانح پر مولانا محمد عثمان ندوی نائب مہتمم مدرسہ نور الاسلام جلپاپور نیپال کی تصنیف کا اجراء بھی عمل میں آیا۔
اجلاس کی نظامت کرتے ہوئے جمعیت علماء ارریہ کے جوائنٹ سیکریٹری مولانا محمد فیروز نعمانی نے سامعین کو اجلاس کے اغراض و مقاصد سے روشناس کراتے ہوئے کہاکہ جمعیت علماء ارریہ لاک ڈاؤن سے پہلے فاربس گنج بلاک میں بڑے منظم انداز میں جہیز اور نشہ کے خلاف مہم چلائی جارہی تھی،اب دوبارہ جمعیت علماء کے مرکزی و صوبائی اکابرین کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی جمعیت پورے زور وشور سے مہم جارہی ہے جس کے مثبت اثرات ضرور مرتب ہوں گے۔
اجلاس کا آغاز قاری محمد احتشام کی تلاوت قرآن کریم اور محمد حسیب اللہ متعلمین مدرسہ رحمانیہ ننکارکی نعت رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے ہوا۔
افتتاحی خطاب کرتے ہوئے بلاک کے صدر مولانا غیاث الدین نعمانی نے کہاکہ اصلاح کے دو پہلو ہیں،امر بالمعروف اور ونہی عن المنکر۔آج امر بالمعروف پر بیشتر لوگ محنت کررہے ہیں مگر نہی عن المنکر پر کوئی خاص توجہ نہیں دی جارہی ہے۔جمعیت علماء ارریہ اسی دوسرے عنوان کو لےکر آپ کے علاقے میں حاضر ہے۔آپ اس کا تعاون کریں۔
بلاک کے سیکریٹری مولانا عبد الجبار ندوی نے کہا کہ سماج میں آگ لگی ہوئی ہے اور لوگ بےفکر اپنے گھروں میں سورہے ہیں۔اس کا نتیجہ سوائے تباہی کے اور کیا ہوسکتا ہے۔
علاقے کے بزرگ عالم دین حضرت مولانا عبد الوہاب صاحب شمسی نے کہا کہ میں نے اس سرزمین پر 45/سال کی عمریں گذار دی، میرے طلبہ آج بڑے بڑے علماء بن گئے ہیں۔یہی علماء آج قوم کے سچے رہنما ہیں۔آج سخت سردی میں یہ لوگ جمعیت کے پلیٹ فارم سے جہیز و نشہ کے خلاف مہم چلاتے ہوئے آج یہاں آئے ہیں،یہ سراسر قوم کی سچی ہمدردی ہے۔اس پیغام کو قبول کرنا آپ سب کی ذمےداری ہے۔
سابق قاضی شریعت امارت شرعیہ ارریہ قاضی نذیر احمد قاسمی نے کہا کہ تحریک کے روح رواں جناب مفتی محمد اطہر القاسمی ملت اسلامیہ کی ہمدردی کے لئےاپنے کلیجے میں ایک دھڑکتا ہوا دل رکھنے والے مخلص عالم دین ہیں۔ان کی موجودہ تحریک ہم سب کی اجتماعی تحریک ہے۔ہم مکمل ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر آپ سب سے اس تحریک کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہیں اور ساتھ ہی مفتی صاحب سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ان دونوں موضوع کے ساتھ سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے نوجوان نسلوں پر کیا مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں اسے بھی شامل مہم کریں۔
مولانا محمد عثمان ندوی نے کہا کہ آج جو سوانحی کتاب بانیان مدرسہ رحمانیہ ننکار رام پور کا رسم اجراء ہورہاہے ان میں سے بیشتر میرے محسن اساتذہ کرام ہیں،لاک ڈاؤن کے ایام میں اللہ تعالیٰ نے مجھے توفیق بخشی اور میرے ٹوٹے پھوٹے قلم سے انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم ہوا۔قابل مبارکباد ہیں ادارے کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد فاروق مظہری نائب صدر جمعیت علماء ارریہ کہ انہوں نے اگلی نسل کو اپنے اکابرین کی تاریخ پڑھنے کے لئے اس کتاب کی اشاعت کروائی۔
اجلاس کے سرپرست مفتی محمد اطہر القاسمی نے کہاکہ میں لگاتار 20/سال سے جہیز کے خلاف آوازیں لگاتا رہا مگر میری آواز صدا بصحرا ثابت ہوئی،لیکن خوشی کی بات یہ ہے کہ اب یہ تحریک ملک کی سوسالہ تاریخ ساز جماعت جمعیت علماء ہند چلارہی ہے۔
جماعت پر خدائی نصرت کا فیضان ہوتا ہے اس لئے آپ سب بھی جمعیت کی اس تحریک سے وابستہ ہوجائیں اور روزانہ اپنی تمام تر مصروفیات زندگی میں سے صرف آدھا گھنٹہ نکال لیں اور گاؤں گاؤں،شہر شہر اور مسجد مسجد دعوت وتبلیغ والوں کی طرح لوگوں کے ہاتھ پکڑ کر انہیں سنت و شریعت کے مطابق نکاح کے انعقاد کے لئے تیار کریں۔اور ساتھ ہی نوجوان نسلوں کے ہاتھوں کو نشہ سے دور کریں۔ان شاءاللہ تحریک کامیاب ہوگی۔موصوف نے تمام شرکاء سے فرداً فرداً اس تحریک کوکامیاب بنانے کےلئے عہد لیا۔
اخیر میں صدر اجلاس بزرگ عالم دین مفتی شکیل احمد قاسمی نائب شیخ الحدیث سردار شہر راجستھان نے کہاکہ خلوص وللہیت کے ساتھ جو بھی کام کیا جاتاہے خدا کی نصرت اس میں شامل ہوتی ہے۔جمعیت علماء اس تحریک کو لےکر کھڑی ہوئی ہے،یہ خوشی کی بات ہے ہم آپ سب کی کامیابی کے لئے دل سے دعائیں کرتے ہیں۔
خطاب کے بعد کتاب کے رسم اجراء کی تقریب عمل میں آئی۔اور تمام موجود احباب کو مولانا محمد فاروق مظہری ناظم اعلیٰ مدرسہ ہذا کی طرف سے کتاب ہدیہ کی گئی اور تمام شرکاء کی آمد کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ تن من دھن سے جہیز و نشہ مخالف مہم کو کامیاب بنانے کےلئے اپیل کی گئی اور سبھوں کی ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا۔حضرت مفتی شکیل احمد قاسمی صاحب کی دعاء پر مجلس اختتام پذیر ہوئی۔
اجلاس میں مذکورہ بالا علماء کرام کے علاوہ مفتی محمد یعقوب ندوی،ماسٹر محمد عمر حسین،مفتی جاوید مظاہری،مولانا مکھیا ممتاز احمد پوٹھیہ،مولانا ظفر امام قاسمی جھروا،سرپنج محمد اشفاق رام پور،الحاج محمد طاہر ہری پور،قاری حسیب الرحمان نرپت گنج،قاری شوکت مجھوا وغیرہ کے علاوہ عوام الناس کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں