Powered By Blogger

منگل, اپریل 19, 2022

*روزہ کے خلوص پر حملہ

*روزہ کے خلوص پر حملہ*

آج روزہ کی فضلیت واہمیت پر خوب سے خوب گفتگو ہوتی ہے، تحریر وتقریر کے ذریعہ یہ بات سمجھائی جاتی ہے کہ روزہ ایک ایسی عبادت کا نام ہے جس پر بے پناہ اجر وثواب لکھا جاتا ہے، یہ عبادت کا دروازہ ہے،روزہ دار کے منھ کی بوخدا کو مشک سے زیادہ پسندیدہ ہے، شیطانی حملہ سے حفاظت کا یہ ذریعہ ہے،اس سے پرہیزگاری پیدا ہوتی ہے، اسمیں کوئی شک نہیں ہے، یہ قرآن وحدیث کی باتیں ہیں مگر موجودہ وقت میں ضرورت اس بات کی شدید ہے کہ روزہ کی حفاظت پر گفتگو کی جائے اور تحریر وتقریر کا اسے عنوان بنایا جائے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے روزہ داروں کی ایک قسم یہ بھی بتلائی کے جن کے روزے کی کوئی حیثیت اور اہمیت اللہ کے نزدیک نہیں ہے، 
روزہ کی حالت میں جب بندہ غلط بات اپنے منھ سےنکالتا ہے اوراپنے جسم سے غلط کام انجام دیتا ہے تو ایسے روزہ کے بارے میں حدیث میں لکھا ہوا ہے، ؛جو شخص غلط، جھوٹ اور گناہ کی بات اور غلط اور گناہ کا کام نہ چھوڑے تو اللہ کو اس کی ضرورت نہیں ہے کہ وہ اپنا کھانا پینا چھوڑدے، (حدیث )
غلط بات میں جھوٹ ،غیبت،چغلی، گالی، فحش گوئی اور زبان کی تمام بے اعتدالیاں شامل ہیں، 
حدیث میں جھوٹ بولنے والے کے بارے میں یہ بھی لکھا ہوا ہے کہ جب بندہ جھوٹ بولتا ہے تو اس کے منھ سے ایسی خراب بو نکلتی ہے جس سے فرشتے بھی بھاگ کھڑے ہوتے ہیں، اور غیبت کرنے والے کے متعلق تو قران کریم میں صاف لکھا ہوا ہے کہ مردے بھائی کے گوشت کھانے سے بدتر ہے، ایسے روزہ دار کی بو خدا کو مشک سے زیادہ کیسے پسند ہوسکتی ہےجو مردہ کھارہا یے اور منھ میں خطرناک بدبو لئے ہوئے ہے؟
آج یہی ہورہا ہے کہ آدمی کا روزہ بھی ہورہا ہے اور روزہ کے خلوص پرجھوٹ اور غیبت کا حملہ بھی ہورہا ہے۔
یہ بات آج بتانے کی ہے کہ روزہ پر اجر وثواب درحقیقت اس عبادت کےخلوص کی وجہ سے ہے، روزہ صرف اللہ کی رضا کے لئے رکھا جاتا ہے، اس میں ریاکاری اور دکھاوا نہیں ہوتا ہے، اس لئے اسے حدیث میں عبادت کا دروازہ کہا گیا ہے، بندگی کا مقصد اس سے حاصل ہوتا ہے۔
روزہ جیسی عبادت میں بھی خلوص نہ رہے تو یہ اجر سے خالی ہوجاتا ہے، 
آج روزہ دار ٹائم پاس کے نام پر موبائل پر ننگی تصاویر اور فحش ویڈیوز دیکھ رہا ہے، کچھ ایسے مسائل بھی پوچھے جارہے ہیں کہ مولوی صاحب!
میں موبائل پر ویڈیوز دیکھ رہا تھا کہ، غسل کی ضرورت پڑگئی، اب میرے روزے کا کیا ہوگا؟
مسئلہ کی رو سے تو روزہ ہوجائے گامگر ننگی تصاویر اور فحش ویڈیوز دیکھنا جو سخت گناہ کا کام ہے،اس کے مرتکب ہونے کی وجہ کر اس شخص کا روزہ اجر وثواب سے خالی ہوگا، حدیث شریف میں جسکی جانب نشاندہی کردی گئی ہے کہ غلط کام کا ارتکاب روزہ کی حالت میں ہےتو وہ ثواب سے خالی ہوجاتاہے۔
بالخصوص ہمارے نوجوان بھائیوں سے اس تعلق سے زیادہ بے اعتدالی دیکھنے میں آتی ہے، 
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،ایک صاحب نے روزہ کی حالت میں اپنی اہلیہ سے بغلگیر ہونے کے بارے میں اللہ کے رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے مسئلہ دریافت کیا تو آپ نے اجازت دے دی، دوسرے صاحب آئے انہوں نے بھی یہی مسئلہ معلوم کیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اجازت نہیں دی، جن صاحب کو آپ نے اجازت مرحمت فرمائی وہ سن رسیدہ تھے،اور جن کو منع فرمایا تھا وہ جوان تھے، یہ ابوداؤد شریف کی حدیث ہے۔
اس حدیث سے یہ بات ہمیں سمجھ میں آتی ہے کہ نوجوانوں کو بالخصوص زیادہ محتاط ہونے کی ضرورت ہے، آج مشاہدہ یہی کہتا ہے کہ نئی عمر کے لڑکے جو روزہ بھی رکھتے ہیں اور ساتھ ہی موبائل سے چمٹے رہتے ہیں، روزہ کی حالت میں نماز کا خیال ہے اور نہ دوسرے کسی کام کا، بسا اوقات وہ خطرہ اور اندیشہ جسکی بنیاد پر اللہ کے رسول نے ایک جوان کو اپنی بیوی سے بھی روزہ کی حالت میں منع فرمادیا تھا وہ رونما ہوجاتا ہے، الامان والحفیظ، 
روزہ خالص عبادت ہے اس کے خلوص کی حفاظت اس وقت سب سے اہم کام اور عنوان ہے،اس موضوع پر ہمیں متحد ہونے کی شدید ضرورت ہے۔

ہمایوں اقبال ندوی، ارریہ 
۱۶/رمضان المبارک ۱۴۴۳ھ

کوئی تبصرے نہیں:

اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...