منگل کی سہ پہر عدالت میں مدعی اور مدعا علیہ کے وکلاء نے تقریباً دو گھنٹے تک بحث کی۔ اس دوران دونوں فریق نے اپنے اپنے دلائل پیش کئے۔ مدعی کے فریق نے کمیشن کی کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ کو ہدایت دینے کی استدعا کی۔ مدعا علیہ نے ایڈووکیٹ کمشنر کی تبدیلی کا موقف پیش کیا۔ عدالت کے روبرو مدعی نے کمیشن کی کارروائی کے دوران مدعا علیہ کی جانب سے کی جانے والی رکاوٹ سے بھی آگاہ کیا۔ مدعی کے وکیل نے عدالت سے موقع پر جانے کی استدعا کی۔ انہوں نے اس کے لیے دین محمد بنام سکریٹری آف انڈیا سے متعلق کیس کا بھی حوالہ دیا۔ اس سلسلے میں مدعی کے ایک وکیل سبھاش نندن چترویدی نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی نے کل اپنا اعتراض دینے کے لیے عدالت سے وقت مانگا ہے۔ مدعی کی جانب سے سول جج سینئر ڈویژن کی عدالت میں اپیل کی گئی ہے کہ ایڈووکیٹ کمشنر کو جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کی اجازت دی جائے۔
دہلی کی رہائشی راکھی سنگھ سمیت پانچ خواتین نے 18 اگست 2021 کو گیان واپی مسجد کمپلیکس میں واقع شرینگار گوری میں باقاعدہ درشن پوجا کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔ سول جج سینئر ڈویژن روی کمار دیواکر کی عدالت میں ایک عرضی داخل کرتے ہوئے خواتین نے 1991 سے پہلے کی طرح کاشی وشواناتھ دھام-گیان واپی کمپلیکس میں واقع شرنگار گوری اور دیگر دیوتاؤں کے باقاعدہ درشن اور پوجا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں