Powered By Blogger

بدھ, مئی 11, 2022

اترپردیش کے بعد مقابلہ کرے گی تلنگانہ میں مجلس 15 نشستوں پر

اترپردیش کے بعد مقابلہ کرے گی تلنگانہ میں مجلس 15 نشستوں پرحیدرآباد کے جوبلی ہلز ، صنعت نگر ، مشیر آباد ، عنبر پیٹ کے علاوہ اضلاع پر بھی پارٹی کی نظر
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مئی : ( اردو دنیا نیوز۷۲ ) : صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی نے اترپردیش کے بعد تلنگانہ میں آئندہ اسمبلی انتخابات پر توجہ مرکوز کردی ہے ۔ تلنگانہ میں مجلس کے فی الحال 7 ارکان اسمبلی ہیں ۔ آئندہ انتخابات میں 15 تا 20 ایسے اسمبلی حلقہ جات جہاں مسلمانوں کی آبادی 20 تا 40 فیصد ہے امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارنے کی حکمت عملی تیار کررہے ہیں ۔ شہر کے اسمبلی حلقہ جات جوبلی ہلز ، صنعت نگر ، مشیر آباد ، عنبر پیٹ کے علاوہ راجندر نگر اور مہیشورم اسمبلی حلقہ جات پر مقابلہ کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ مجلس تلنگانہ کے ایسے اضلاع جہاں اسمبلی حلقہ جات پر مسلمانوں کا موقف فیصلہ کن ہے ان پر بھی مقابلہ کا منصوبہ تیار کرکے کام کررہی ہے ۔ ان میں قابل ذکر محبوب نگر ، نلگنڈہ ، کریم نگر ، ورنگل ، نظام آباد ، سنگاریڈی وغیرہ شامل ہیں ۔ مجلس پر اترپردیش کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں میں تنظیمی طور پر طاقتور نہ ہونے کے باوجود مقابلہ کرکے بی جے پی کو فائدہ پہونچانے کے الزامات ہیں ۔ جس ریاست میں مجلس کا قیام عمل میں آیا ہے وہاں پرانے شہر تک محدود ہونے پر سیاسی جماعتوں کی تنقیدوں کا سامنا ہے ۔ ان الزامات اور تنقیدوں سے چھٹکارا حاصل کرنے مجلس تلنگانہ انتخابات میں 15 تا 20 حلقوں پر مقابلہ کی حکمت عملی تیار کررہی ہے ۔ مسلم غلبہ والے اسمبلی حلقوں پر مجلس دلت بی سی اور قبائلی طبقات کے ووٹوں پر نظر جمائے ہیں ۔ ان کے مسائل پر بھی آواز اُٹھانے کا پلان تیار کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ میں حکمران ٹی آر ایس سے مجلس کا سیاسی اتحاد نہیں ہے مگر دونوں جماعتوں میں مفاہمت ہے جس کا کھل کر دونوں ہی نے اعتراف کیا ہے ۔ مجلس کے فیصلے پر ٹی آر ایس کا ردعمل کیا ہوگا یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا ۔ ریاست کے سیاسی حلقوں میں یہ موضوع بحث بنا ہوا ہے ۔ مجلس کے عددی طاقت میں اضافہ ہوگا یا اس سے بی جے پی کو فائدہ ہوگا اس پر بھی چہ میگوئیاں شروع ہوگئی ہیں ۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ اسد الدین اویسی نے پارٹی قائدین کا اجلاس طلب کیا اور انہیں پارٹی روپ میاپ سے واقف کراتے ہوئے جن حلقوں میں مقابلہ کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے وہاں ووٹر لسٹ میں مسلمانوں کے ناموں کا اندراج کرانے کی پارٹی کیڈر کو ہدایت دی گئی اور یہاں پارٹی سرگرمیاں شروع کرنے پر زور دیا گیا ہے ۔ن

کوئی تبصرے نہیں:

اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...