نوپور شرما اور اہل خانہ کو پولس نے سیکورٹی فراہم کیدہلی پولیس نے نوپور شرما اور ان کے خاندان کو تحفظ فراہم کیا ہے، جو پیغمبر اسلام کے بارے میں ایک ٹی وی مباحثے کے دوران ریمارکس کی وجہ سے تنازعات میں گھری ہوئی ہیں۔ نوپور شرما اور اس کے اہل خانہ کی جانب سے پولیس کو شکایت دی گئی کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ اس کے بعد پولیس نے انہیں سیکورٹی فراہم کی۔
نئی دہلی ضلع کی ڈی سی پی امرتا گگلوتھ نے منگل کو کہا کہ نوپور شرما اور ان کے خاندان کو پولیس تحفظ فراہم کیاگیا ہے۔ انھوں نے الزام لگایا تھا کہ انھیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں اور ان کے بیان کے بعد انھیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 27 مئی کو ایک نیوز چینل پر جاری بحث کے دوران سابق بی جے پی ترجمان نوپور شرما اور پینل میں بیٹھے ایک اور شخص کے درمیان بحث ہوئی تھی۔ اس دوران نوپور شرما نے ایک مذہب کے ماننے والے پیغمبر کے بارے میں قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ تب سے نوپور شرما کو ٹوئٹر پر مختلف آئی ڈیز سے دھمکیاں دی جارہی تھیں۔انہوں نے دہلی پولیس کمشنر کو ٹویٹ کرکے اس کی شکایت کی تھی۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ انہیں اور ان کے اہل خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ٹویٹر آئی ڈی کے ذریعے اس کی تشہیر کی جا رہی ہے۔ دھمکیاں دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ جس کے بعد دہلی پولیس کے انٹیلی جنس فیوزن اینڈ اسٹریٹجک آپریشنز (آئی ایف ایس او) نے ایک کیس درج کیا تھا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں