Powered By Blogger

جمعہ, فروری 03, 2023

پونجی کی حفاظت ضروری ہے

پونجی کی حفاظت ضروری ہے 
اردودنیانیوز۷۲

جمعرات کے دن ہم مولویوں کے ذہن میں چھٹی ہی سوار رہتی ہے، شام کے وقت جب گھر سے نکلنے پر اہلیہ نے پوچھا کہاں جارہے ہیں؟اچانک یہ جملہ منھ سے نکل گیا ؛آوارگی کرنے جارہا ہوں، بعد میں احساس ہوا کہ یہ جواب صحیح نہیں ہے،مجھے ایسا نہیں کہنا چاہیے،بہر کیف اسی ادھیڑ بن میں ارریہ شہر کے مولوی ٹولہ آنا ہوا، وہاں بھی سوال ہوا،مولوی صاحب! یہاں کیا کررہے ہیں؟ خلیل آباد مسجد میں آپ تمام مدرسہ والوں کا ضلعی جوڑ ہے،عشاء تک پروگرام ہے، جلدی جائیے، پہونچ گیا، پروگرام کی آخری کڑی جناب حضرت مولانا ایوب صاحب کی نصیحت ہورہی ہے، حضرت فرمارہے ہیں؛"آپ عالم انسانیت کی ہدایت کا ذریعہ ہیں، موجودہ حالات کو بدلنے کا ذریعہ علماء کرام ہی ہوسکتے ہیں، بس فکر مندی کی ضرورت ہے، رونے کی ضرورت ہے، علماء اللہ سے ڈرنے والی برادری کا نام ہے،قرآن میں لکھا ہوا ہے کہ خشیت الہی عالموں میں ہوتی ہے،یہ یاد رکھئے کہ علم عمل کا امام ہے،جب علم کے ساتھ عمل نہیں جڑتا ہے تو علم رخصت ہوجاتا ہے، بہت سے لوگ تفسیر کا علم سیکھتے ہیں، حدیث کا علم سیکھتے ہیں، اس کا ماحصل اخلاق ہے،آج اس اخلاق کے علم کو پیش کرنے کی ضرورت ہے، ہمارا علم ہدایت کا ذریعہ بن جائے، اس بات کو ملحوظ رکھنے کی ضرورت ہے، 
دعاؤں میں طاقت پیدا کرنے کے لئے یقین ضروری ہے ،یقین جس درجہ کا ہوگا اس کی دعا میں جان اتنی ہی ہوگی، عالموں کے لئے گناہ سے بچنے کی سخت ضرورت ہے، جب گناہ سے ایک عالم بچتا ہے جبھی اس کا علم راسخ ہوتا ہے، آپ اپنی قیمت کو پہچانیئے، آپ پوری امت کے سرمایہ اور پونجی ہیں، اگر پونجی ہی ڈوب گئی تو کاروبار ختم ہوجائے گا، پہلے پونجی کی حفاظت ضروری ہے"
واقعی مولانا نے دو منٹ کے اندر سب کچھ کہ دیا ہے اور ہمیں ذاتی طور پر یہ محسوس ہوا کہ واقعی بڑی چوک ہم سے ہورہی ہے، وہی طالب علمی کے زمانے کی کمیاں پوری عمر ہمارا پیچھا کررہی ہیں کہ آج جمعرات ہے اور چھٹی کا دن ہے، جبکہ  مولویوں کے لئے چھٹی نہیں ہے،ہمیں ہروقت یہ سبق یاد رکھنے کی ضرورت ہے، 
    ع۔۔ اسے چھٹی نہ ملی جس نے سبق یاد کیا 
 حضرت علی میاں رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب تاریخ دعوت وعزیمت کی پانچ جلدوں میں علماء کرام اور مصلحین مجدین کی فہرست پیش کی ہے،تیرہ سو سالہ تاریخ میں جنہوں نے اسلام کی احیاء، تجدید اور اصلاح کا کارنامہ انجام دیا ہے،
اسلام اور مسلمانوں کی حفاظت کے کام میں حصہ لیا ہے،ان کی کوششوں سے اسلام زندہ اور مضبوط شکل میں موجود رہا ہے، کوئی زمانہ خالی نہیں رہا ہے،مگر آج یہ میدان خالی نظر آرہا ہے،مطلوبہ اوصاف سے ہم عاری نظر آرہے ہیں، ایسے میں عزم لینے کی شدید ضرورت ہے کہ ہم حالات کو بدلنے کے لئے پہلے اپنی حالت کو بدلیں گے، اپنی ذمہ داری کا احساس کریں گے، 

   خدا نے آج تک اس قوم کی حالت نہیں بدلی 
  نہ ہو جس کو خیال آپ اپنی حالت کے بدلنے کا 

راقم الحروف 
ہمایوں اقبال ندوی ارریہ 
۲/فروری ۲۰۲۳ء

کوئی تبصرے نہیں:

اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...