Powered By Blogger

اتوار, فروری 26, 2023

ایک قبر جو قیادت کررہی ہے!* ✍️ ہمایوں اقبال ندوی ارریہ ، بہار

*ایک قبر جو قیادت کررہی ہے!* 
اردودنیانیوز۷۲ 
✍️ ہمایوں اقبال ندوی
 ارریہ ، بہار 

ضلع ارریہ کی معروف ومشہور علمی وسماجی شخصیت جناب پروفیسر الحاج عرفان احمد صاحب آج سپرد خاک ہوگئے ہیں، باری تعالی جنت الفردوس نصیب کرے، قبر میں جنت کی کھڑکیاں کھول دے،اس خاک کے گڈھے کو بقعہ نور میں تبدیل کر دے، آمین یارب العالمین 

شکریہ اے قبر تک  پہچانے والو  شکریہ 
اب اکیلے ہی چلےجائیں گےاس منزل سے ہم

مرحوم پان اور کام کے بیک وقت رسیا تھے،پانچ سال پہلے کی بات ہے،مدرسہ اسلامیہ یتیم خانہ ارریہ کے سامنے کمال صاحب کی پان دکان ہے،پروفیسر صاحب یہاں پان کھانے تشریف لائے، جناب قاری تبریز صاحب بھی موجود تھے، ایک دانشور نےیہ شکوہ کیا کہ اس وقت حضرت قائد کی بڑی کمی ہے،مرحوم نےبرجستہ یہ تاریخی جواب ارشاد فرمایا؛قائد کی کمی نہیں ہے بلکہ قیادت کی آج بڑی کمی ہے،قائد کی کمی کا رونا لوگ روتے ہیں، مگر اپنے حصہ کی قیادت نہیں کرتے ہیں،ہم اسلام کے نام لیوا ہیں، مذہب اسلام میں ہر کلمہ گو قائد ہے ،مرحوم کی زبان سے نکلا یہ تاریخی جملہ دراصل انکی پوری زندگی کا خلاصہ ہے،اپنی زندگی میں اس کو سچ کردکھایا ہے،مرحوم مدرسہ اسکول، کالج ،امارت، جمعیت اور جماعت ہر جگہ پیش پیش رہے ہیں،اس راہ میں اپنی جانی ومالی قربانی بھی پیش کرتے رہےہیں،گویا اپنی عملی زندگی سے مرحوم نے قیادت کی تشریح کردی ہے،ساتھ ہی قیادت کی ابتدا کہاں سے کی جانی چاہئے ہے؟اس سوال کواپنے عمل سے حل فرمادیا ہے،پہلے اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت سے اس کی ابتدا کی ہے۔

علاقہ کے مشہور عالم دین جناب حضرت مولانا نبی حسن صاحب مظاہری نے جنازہ کی نماز سے پہلے یہ اعلان کیا ہے کہ؛ ڈھونڈنے سے بھی مرحوم جیسا بیدار مغز انسان ہمیں نہیں مل رہا ہے،انہوں نے اپنے گھر سے قیادت شروع کی ہے ،اپنے بچوں کی دینی وعلمی تربیت پہلے کی ہے،قیادت کرنے کا طریقہ ہمیں مرحوم تعلیم کر گئے ہیں، پھرقوم وملت کے لئے فکر مند اور کوشاں ہوئے ہیں، تمام تنظیموں اور تحریکوں کے لئے خود کو وقف کردیتے ہیں، آج ہزاروں کی تعداد ان کے جنازے کی نماز میں شریک ہے، پورا علاقہ سوگوار ہے،یہ سب سے بڑی دلیل ہے۔

آخری سانس لینے سے پہلے اپنےنور نظر جناب مفتی غفران حیدر مظاہری سے یہ کہا کہ؛ بیٹے مجھے اطمنان ہے کہ تم لوگ میرے نقش قدم پر چلوگے، میرے کام کو لیکر آگے بڑھوگے، مرحوم کے تمام بیٹوں نے اس کا عزم بھی لیا ہے، باری تعالٰی استقامت نصیب کرے، آمین 

یہ بات کہاں کسی کو نصیب ہوتی ہے کہ مرنے کے بعد بھی ان کی قبر قائدانہ کردار ادا کرے، مرحوم جاتے جاتے بھی قیادت کرگئے ہیں،اپنی ایک بیگھہ نفیس زمین کو عام قبرستان بنا گئے ہیں، پہلی قبر جو اس قبرستان کی قیادت کرنے جارہی ہے وہ مرحوم الحاج عرفان صاحب ہی ہیں۔اکیلے دفن ہونے گئے ہیں، پہلو میں ایک نوزائیدہ بچی بھی آج مدفون ہوئی ہے، اس قبرستان کی آبادی کا بھی کام شروع ہوگیا ہے -

میں اکیلا ہی چلا تھا جانب منزل مگر
لوگ ساتھ آتے گئے اور کارواں بنتا گیا

گویا یہاں بھی آپ کی قبر قیادت کررہی ہے اور قوم کو یہ پیغام اپنے عمل سےدیا ہے کہ ہم تنہا نہیں جارہے ہیں بلکہ تم سبھوں کو اس قبرستان میں آنا ہے،تمہارے لئے بھی ہم نے جگہ خاص کردی ہے، یہاں آنے کی تیاری شروع کر دو اور موت کا استحضار پیدا کرلو!

آج ڈومریا گاؤں کے کتنے لوگوں نے اپنی قبر کو اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے، اور یہ استحضار کرلیاہےکہ ہمیں الحاج عرفان صاحب کی موقوفہ زمین میں دفن ہونا ہے،منزل ہماری یہی ہے، یہ خیال بھی دل میں ضرور پیداہوا ہوگا کہ مرحوم کے بازو میں جانے سے پہلے اپنی زندگی کو قیمتی بنانی پڑے گی، بچوں کی تعلیم وتربیت کی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی، قوم وملت کے لئے مفید بننا ہوگا،علمی خدمات کے لئے خود کو تیار کرنا ہوگا، تبھی صاحب قبر کا حق ادا ہوسکتا ہے، اس کے جوار میں حقیقی جگہ مل سکتی ہے،یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے، غور کرنے پر یہاں بھی مرحوم الحاج پروفیسر عرفان صاحب کی قیادت نظر آرہی ہے۔

خدا رحمت کند ایں عاشقان پاک طینت را

کوئی تبصرے نہیں:

اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...