Powered By Blogger

اتوار, ستمبر 26, 2021

آئی پی ایل : پنجاب کنگز کی سٹرائزرس حیدرآباد پر سنسنی خیز جیت ، پلے آف کی ریس میں برقرار

آئی پی ایل : پنجاب کنگز کی سٹرائزرس حیدرآباد پر سنسنی خیز جیت ، پلے آف کی ریس میں برقرار

شارجہ: انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 14 ویں سیزن کے 37 ویں میچ میں پنجاب کنگز نے سنسنی خیز مقابلہ کے دوران سن رائزرس حیدرآباد کو 5 رنز سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ پنجاب کی پلے آف میں پہنچنے کی امیدیں برقرار ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں پانچویں نمبر پر آ گئی ہے۔ پنجاب کنگز کے 10 میچوں میں 8 پوائنٹس ہو گئے ہیں۔

حیدرآباد کی ٹیم 126 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری لیکن اس کی شروعات بہتر نہیں رہی۔ ڈیوڈ وارنر 2 اور کپتان کین ولیمسن صرف ایک رن بنا سکے۔ فاسٹ بولر محمد شامی نے دونوں کی وکٹ حاصل کی۔ ٹیم 60 رنز پر 5 وکٹیں گنوا چکی تھی۔

منیش پانڈے نے 13، کیدار جادھو نے 12 اور وریدھیمان ساہا نے 31 رنز بنائے۔ لیگ اسپنر روی بشنوئی نے 24 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جیسن ہولڈر 47 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے لیکن وہ ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔ انہوں نے 29 گیندوں میں 5 چھکے بھی لگائے۔ حیدرآباد کو آخری 3 اوورز میں 30 رنز بنانے تھے لیکن پنجاب کے باؤلرز نے حیدرآباد کے بلے بازوں کو رنز بنانے کا موقع فراہم نہیں کیا۔

قبل ازیں، رائزرس حیدرآباد (ایس آر ایچ) نے آل راؤنڈر جیسن ہولڈر (3/19) کی تباہ بولنگ کی بدولت پنجاب کنگز (پی کے) کو آئی پی ایل 14 کے 37 ویں میچ میں 125 رنز پرسمیٹ دیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پنجاب کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے۔ حیدرآباد نے پنجاب کے بلے بازوں کو شروع سے ہی باندھے رکھا۔ اچھی بالنگ کی وجہ سے اوپنرز لوکیش راہل اور مینک اگروال نے احتیاط سے شروعات کی ، لیکن اس کے باوجود دونوں اپنی وکٹیں بچانے میں ناکام رہے۔

جیسن ہولڈر نے اپنی تباہ کن بولنگ سے دونوں بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ ہولڈر نے یہ دونوں وکٹیں میچ کے پانچویں اوور میں حاصل کیں جس کے بعد پنجاب پر دباؤ اتنا بڑھ گیا کہ دھماکہ خیز بلے باز کرس گیل ، ایڈن مارکرم اور نکولس پورن بھی زیادہ کچھ نہ کر سکے اور آؤٹ ہونے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ مارکرم نے 27 رنز ضرور بنائے لیکن اس کے لیے ا نہوں نے 32 گیندیں کھیلی۔

88 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد لوئر آرڈر کے بلے بازوں نے ٹیم کو 125 رنز تک لے جانے کے لیے چند رنوں کا تعاون کیا۔ مارکرم کے علاوہ کپتان راہل نے 21 جبکہ لوئر آرڈر بلے باز ہرپریت برار اور ناتھن ایلس نے بالترتیب 18 اور 12 رنز بنائے۔ کرس گیل اور دیپک ہوڈا نے بھی بالترتیب 14 اور 13 رنز بنائے۔

حیدرآباد کی جانب سے جیسن ہولڈر سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے چار اوورز میں 19 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ سندیپ شرما، بھونیشور کمار، راشد خان اور عبد الصمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہولڈر، راشد اور سندیپ کافی کفایتی رہے۔

بشریٰ بانو:ملازمت اورگھرکی ذمہ داری کے باوجود’ یوپی ایس سی‘میں شاندارکامیابی

بشریٰ بانو:ملازمت اورگھرکی ذمہ داری کے باوجود’ یوپی ایس سی‘میں شاندارکامیابی

بشریٰ کی کامیابی
بشریٰ کی کامیابی

  •  
  •   


فیروزآباد

یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) سول سروسز امتحان (سی ایس ای) 2020 میں ، ٹنڈلہ ، فیروز آباد کی ایس ڈی ایم بشریٰ بانوبھی کامیاب امیدواروں میں شامل ہیں۔انہوں نے اس بار 234 واں رینک حاصل کیا ہے۔ بشریٰ بانو نے 2018 کے سول سروسز امتحان میں 277 واں رینک حاصل کیا تھا۔

وہیں ، متھرا کے وشال سرسوت ، جو پی سی ایس میں یوپی ٹاپر تھے ، نے یو پی ایس سی میں 591 واں رینک حاصل کیا ہے۔ بشریٰ بانو نے اس کامیابی کا سہرا اپنے والدین کے ساتھ اپنے شوہر کو دیا ہے۔

بشریٰ بانو کی شادی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) سے پی ایچ ڈی مینجمنٹ کرتے ہوئے ہوئی تھی۔ شادی کے بعد بشریٰ اپنے شوہر کے ساتھ سعودی عرب چلی گئیں۔ ان کے شوہر وہاں پروفیسر تھے۔

۔ 2016 میں سعودی عرب سے علی گڑھ واپس آنے کے بعد ، انھوں نے یو پی ایس سی کی تیاری کی۔ 2018 میں کامیاب ہوئیں۔ تب سے وہ ٹنڈلا ایس ڈی ایم کے طور پر کام کر رہی ہیں۔

بشریٰ بانو نے ایک بار پھر کامیابی سے کوشش کی۔ انہوں نے سول سروسز امتحان 2020 میں 234 واں رینک حاصل کیا۔ بشریٰ بانو دو بچوں کی ماں ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ نوکری کے ساتھ ساتھ دونوں بچوں کی دیکھ بھال کرنے کے بعد ، انھوں نے روزانہ 6 گھنٹے مطالعے کے لیے وقت نکالا۔ وہ اپنی کامیابی کا سہرا اپنے خاندان کو دیتی ہیں۔


میں مسجد حرام کی تیسری توسيع آخری مراحل داخل ، فن تعمیر کا شاہکار اور خدمات کا عالمی معیار

میں مسجد حرام کی تیسری توسيع آخری مراحل داخل ، فن تعمیر کا شاہکار اور خدمات کا عالمی معیار

مکہ مکرمہ: سعودی مُملکت ہر سطح پر مسجد حرام کی دیکھ بھال کر رہی ہے اور خصوصی توجہ دے رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ آل سعود کے دور حکومت میں اب تک مسجد حرام کی تین بار توسیع کی جا چکی ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق مسجد حرام کا فن تعمیر اور اس کی توسیع کا مقصد بیت اللہ میں آنے والے اللہ کے مہمانوں کا ان کے شایان شان استقبال کرنا ہے۔

اس وقت مسجد حرام کی سعودی دور کی تیسری توسیع اپنے آخری مراحل میں ہے۔ توسیع کا یہ مرحلہ فن تعمیر کا ایک منفرد شاہ کار ہے۔ مسجد حرام کی توسیع کے اس تیسرے مرحلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے بھرپور منصوبہ بندی، وسیع مطالعے، غور و خوض اور انجینیرنگ کی مہارت کے بعد سال بھر آنے والے اللہ کے مہمانوں کی ضروریات اور ان کے لیے خدمات کو سامنے رکھ کر تیار کیا گیا۔

مسجد حرام میں تیسری سعودی توسیع صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین کی نگرانی میں کی گئی۔ توسیع کے حوالے سے تمام سروسز، تکنیکی، انجینیرنگ اور دیگرامورکے لیے باقاعدہ فیلڈ ٹورز کے ذریعے نظر رکھی گئی۔ توسیع کے حوالے سے ہونے والے کاموں کی تفصیلات پر مبنی رپورٹس مجاز حکام تک پہنچائی جاتیں۔ تعمیراتی عمل کے دوران سروسز کے معیار کو بہتر بنانے، اعتراضات اور شکایات کے ازالے کے لیے ڈائریکٹر جنرل اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ رکھا گیا۔

تیسری سعودی توسیع کے دوران کئی اداروں کی طرف سے خدمات فراہم کی گئیں۔ ان میں سیکیورٹی ادارے، مانیٹرنگ ادارے، انتظامی امور کی نگرانی کرنے والے ادارے شامل ہیں۔ اس دوران نماز کی جگہوں، راہ داریوں پر جراثیم کش اسپرے کا چھڑکائو کیا جاتا اور صفائی کا خاص خیال رکھا جاتا۔ توسیع شدہ مقام میں عبادت کے لیے آنے والے زائرین کو اعلیٰ معیار کے جدید عالمی طریقوں سے تکنیکی سروسز مہیا کی گئی ہیں۔ ان کی رہ نمائی کا معقول انتظام ہے۔ جگہ جگہ پر رہ نما اصولوں پر مبنی ہدایات کا انتظام ہے اور رہ نمائی کے لیےالیکٹرانک اسکرینوں پر ہدایات چلائی جا رہی ہیں۔

اسی ضمن میں امور حرمین کی طرف سے نمازیوں کی آمدو رفت کو منظم کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ نمازیوں کی نماز کی مخصوص جگہوں تک رسائی کے حوالے سے پہلے سے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد کیا جاتا ہے۔ نمازوں کی ادائی کے دوران کرونا وبا سے بچاؤ کے لیے ایس اوپیز جیسا کہ سماجی دوری، ماسک کا استعمال اور سینی ٹائزر کا استعمال یقینی بنایا جاتا ہے۔ نمازیوں کے درمیان سماجی فاصلہ رکھنے کے لیے نشانیاں لگائی گئی ہیں۔

مسجد حرام کی تیسری توسیع اپنی نوعیت کے اعتبار سے تاریخی توسیع قرار دی جائے گی۔ مسجد حرام میں اس نوعیت کی سہولیات پر مبنی توسیع ماضی میں کسی دور میں نہیں دیکھی گئی۔

مسجد کی توسیع میں بہت سے اعلی معیار کے آرکیٹیکچرل ڈیزائن مخصوص جیومیٹرک شکل کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ جہاں تیسری سعودی توسیع کی عمارت اونچی آرکیٹیکچرل پارٹیشنز، اونچی چھتوں، نظر آنے کھلی بالکونیوں اور وسیع و عریض جگہوں سنگ مرمر کے ستونوں اور عرب تعمیرات کی خصوصی پہچان سنہری مشربیات سے مزین ہے۔ ان مشربیات اور ستونوں پرنقوش اور آیات قرآنی منقش ہیں۔ انہوں نے مسجد کی رونق اور اس کے حسن کو چار چاند لگا دیے ہیں۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی آگ بھڑکنے کا سلسلہ جاری ، ڈیزل کے داموں میں 25 پیسے کا اضافہ

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی آگ بھڑکنے کا سلسلہ جاری ، ڈیزل کے داموں میں 25 پیسے کا اضافہ

نئی دہلی: ہندوستان کے عوام پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی مار لگاتار جاری ہے۔ اتوار کو گھریلو مارکیٹ میں ڈیزل کی قیمتوں میں ایک دن بعد 25 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا جبکہ پٹرول کی قیمتیں 21 ویں دن بھی مستحکم رہیں۔ اس اضافے کے بعد دارالحکومت دہلی میں ڈیزل 89.07 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں جمعہ کے روز 20 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا تھا۔

گزشتہ پانچ ستمبر کو پٹرول کی قیمتوں میں 15 پیسے فی لیٹر کی کمی کی گئی تھی ۔ دہلی میں آج انڈین آئل کے پمپ پر پٹرول 101.19 روپے فی لیٹر پر مستحکم رہا جبکہ ڈیزل بڑھ کر 89.07 روپے فی لیٹر ہو گیا ۔ آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق دہلی میں پٹرول 101.19 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 89.07 روپے فی لیٹر رہا۔

امریکی تیل کے ذخائر تین سال کی کم ترین سطح پر آ نے اور قدرتی گیس کی پیداوارمیں کمی کی وجہ سے پچھلے ہفتے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیزی رہی۔ اس کے بعد ہفتے کے آخر میں برینٹ کروڈ 78.099 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا ۔ امریکی کروڈ بڑھ کر 73.98 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا۔

فی الحال بین الاقوامی بازار میں خام تیل کے داموں میں اضافہ ہو رہا ہے تاہم حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر جو ایکسائز ڈیوٹی عائد کی ہے اس میں کوئی کمی نہیں کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ جب خام تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوتی ہے تب بھی گھریلوں بازار میں تیل کی قیمتوں میں کوئی خاص کمی نہیں کی جاتی۔ وہیں، عوام کی طرف سے لگاتار پٹرولیم مصنوعات کو جی ایس ٹی کے دائرے میں لانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، حکومت اس پر بھی کوئی توجہ نہیں دے رہی۔

شہر ----- پٹرول ----- ڈیزل

دہلی ----- 101.19 ----- 89.07

ممبئی ----- 107.26 ----- 96.68

چنئی ----- 98.96 ----- 93.69

کولکاتا ----- 101.62 ----- 92.17


ہفتہ, ستمبر 25, 2021

مسلمان اپنا لیڈر کب منتخب کریں گے، مسلمانوں کے اتحاد سے یوپی کا نقشہ کیسا ہوگا، اویسی کا خطاب

مسلمان اپنا لیڈر کب منتخب کریں گے، مسلمانوں کے اتحاد سے یوپی کا نقشہ کیسا ہوگا، اویسی کا خطاب

 
 
 
 

پریاگ راج: (ایجنسی) آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے قومی صدر اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اویسی نے اپنے ہر تقریر میں بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی اپیل کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عام لوگ خاص کر مسلمانوں کا اتحاد موجودہ اسمبلی الیکشن میں اپنا رنگ دکھائے گا اور حکمراں جماعت بی جے پی کی اقتدار سے بے دخلی کا اہم سبب بنے گا۔ پریاگ راج کے مجیدیہ اسلامیہ انٹرکالج میں منعقد ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے کہا کہ مرکز اور ریاست کی بی جے پی حکومت نے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے اور پسماندہ طبقات کی اعتماد شکنی کی ہے۔

حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ عتیق احمد کے کئی مکانوں کو منہدم کردیا گیا۔ ان کی تصویر بھی چسپاں کرا دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی یوگی کو بی جے پی کے ان لوگوں کی تصویر بھی لگانی چاہئے جن کے حکومت نے تمام مجرمانہ کیس واپس لے لئے ہیں ۔ مظفر نگر فسادات میں جن لوگوں پر مقدمے درج کئے گئے تھے ان کی بھی تصویر لگوانی چاہئے تھی ۔ لیکن تصویر اگر چسپاں کی جاتی ہے تو ہماری کی جاتی ہے اور ہمارے بارے میں لوگوں کو گمراہ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستانی سیاست میں یہ ایک حقیقت ہے کہ جس سماج کے پاس اس کا لیڈر ہوگا اس کے مسائل کا تصفیہ ہوگا۔ جس سماج کے پاس لیڈر نہیں ہوگا اس سماج کو نہ تو حصہ ملے گا اور نہ ہی اس کی آواز کو سنا اور اس کے درد کو سمجھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اب کی بار ہمیں اپنا مقام حاصل کرنا ہے ، ہمیں ہمارا حق اسی وقت ملے گا جب ہم اپنا لیڈر اسی طرح منتخب کریں گے جس طرح یادو سماج نے اکھلیش اور دلت سماج نے مایاوتی کو اپنا لیڈر مانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں ٹھاکر سماج نے یوگی کو اپنا لیڈر مانا ہے۔ کرمی برادری کے لوگوں نے انوپریا پٹیل کو اور برہمن سماج نے نریندر مودی کو اپنا لیڈر منتخب کیا ہے۔ اب ضرورت ہے کہ مسلمان بھی انتخاب میں اپنا ووٹ بے کار نہ جانے دیں اور متحدہ ووٹ کر کے اپنے مسائل کے تصفیہ کا حل نکالیں۔ انھوں نے کہا کہ جب تک مسلمان اپنا لیڈر نہیں چنتے ہیں اس وقت تک وہ ادھر ادھر بھٹکتے رہیں گے اور ان کا کوئی پرسان نہیں ملے گا۔انھوں نے یوپی الیکشن میں بی جے پی کو سبق سکھانے کے لیے مسلمانوں کا اتحاد ضروری ہے۔ واضح رہے کہ اسد الدین اویسی ان دنوں میں یوپی میں بہت محنت کررہے ہیں اور اب تک کسی سے ہاتھ ملانے کا عندیہ ظاہر نہیں کیا ہے۔ اویسی کے یوپی آنے کی وجہ سے یہاں کی سیاست میں ایک طرح کی ہلچل دیکھی جارہی ہے

جیل سے عتیق احمد کا خط کہا،’ مسلمانوں کی حالت زار کیلئے ایس پی ذمہ دارہے‘

جیل سے عتیق احمد کا خط کہا،’ مسلمانوں کی حالت زار کیلئے ایس پی ذمہ دارہے‘

atiq_ahmed

الٰہ آباد ، 25ستمبر :(اردودنیانیوز۷۲)جیل میں بند سابق ایم پی عتیق احمد نے ایک خط بھیج کر سماج وادی پارٹی کو نشانہ بنایا ہے۔ عتیق احمد نے خط میں کہا کہ آج ان کی ، ان کے خاندان کی اور ریاست کے مسلمانوں کی جو حالت بنی ہے ، اس کے اصلی ذمہ دار سماج وادی پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بی جے پی جیتے یا ہارے ، لیکن ہمیں اپنی سیاسی طاقت دکھانی ہوگی۔

خط میں انہوں نے اے آئی ایم آئی ایم کو ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔ دراصل عتیق احمد کچھ دن پہلے اپنی اہلیہ کے ساتھ اے آئی ایم آئی ایم میں شامل ہوئے ہیں ۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی بھی ہفتہ کو الٰہ آباد پہنچ رہے ہیں۔عتیق احمد کی اہلیہ شائستہ پروین نے سابرمتی جیل سے بھیجے گئے عتیق احمد کے خط کا پیغام پڑھا۔ خط میں لکھا ’میں اور میرا بھائی اشرف جیل میں ہیں، میرے بیٹے عمر عتیق کو غلط طریقے سے پھنسایا گیا۔

خط میں لکھا ہے کہ کچھ سیاسی غلطیاں ہوئی ہیں۔ میں آپ کا ووٹ لیتا تھا اور دوسروں کو دیتا تھا۔ آزادی کے اتنے سالوں کے بعد مسلمانوں کے پاس کوئی سیاسی رہنما نہیں ہے۔ ہمیں فقط ٹافی کھلائی جاتی رہی ۔ انہیں ایسے مسلم ممبران پارلیمنٹ اور ایم ایل اے کی ضرورت ہے جو ان کی درست رہنمائی کرسکے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایم آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی ہفتہ کو الٰہ آباد کے ایک روزہ دورے پر ہیں۔ یہاں اسے پہلے MIC گراؤنڈ میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں صرف 100 افراد کو شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔

پنچایت الیکشن : مکھیا امیدوار کی انتخابی تشہیر میں نکلی گاڑی نے 6 لوگوں کو روندا ، 3 ہلاک

پنچایت الیکشن : مکھیا امیدوار کی انتخابی تشہیر میں نکلی گاڑی نے 6 لوگوں کو روندا ، 3 ہلاک

بہار کے گوپال گنج ضلع کے کٹیا تھانہ حلقہ میں جمعہ کی شب پنچایت الیکشن میں مکھیا امیدوار کی انتخابی تشہیر میں نکلی بولیرو نے چھ لوگوں کو کچل دیا۔ اس حادثے میں ووٹ مانگ رہے مکھیا امیدوار کے تین حامیوں کی موت ہو گئی جب کہ تین لوگ زخمی بتائے جا رہے ہیں۔

پولیس کے ایک افسر نے ہفتہ کو بتایا کہ رات میں ایک مکھیا امیدوار کے حامی انتخابی تشہیر میں نکلے ہوئے تھے۔ الزام ہے کہ بھگوان پور پنچایت کے کرمی ٹولہ میں جمعہ کی شب انتخابی تشہیر میں شامل ایک بولیرو پر سے ڈرائیور کا کنٹرول ہٹ گیا اور انتخابی تشہیر میں شامل چھ لوگوں کو کچل دیا۔ اس واقعہ میں تین لوگوں کی موت ہو گئی جب کہ دو سے تین لوگ زخمی بتائے جا رہے ہیں۔

ہتھوا کے ڈویژنل پولیس افسر (ایس ڈی پی او) نریش کمار نے ہفتہ کو بتایا کہ حادثہ زدہ بولیرو کو ضبط کر لیا ہے۔ مہلوکین کی شناخت کٹیا تھانہ کے مٹھیا گاؤں باشندہ لال بچن رام (28 سال)، نمیا گاؤں باشندہ پارس گری (65 سال) اور پٹوہوا گاؤں باشندہ کپل دیو سنگھ (69 سال) کی شکل میں کی گئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ سبھی لاشوں کو پولیس نے اپنے قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا ہے جب کہ زخمیوں کو علاج کے لیے گورکھپور میڈیکل کالج ریفر کیا گیا ہے۔ پولیس ضبط بولیرو کے تعلق سے یہ پتہ لگانے کی کوشش میں مصروف ہے کہ کس مکھیا امیدوار کی انتخابی تشہیر میں لوگ رات میں نکلے تھے

اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...