Powered By Blogger

ہفتہ, مارچ 26, 2022

یوگی آدتیہ ناتھ کی بطور چیف منسٹر یوپی دوسری بار حلف برداری

یوگی آدتیہ ناتھ کی بطور چیف منسٹر یوپی دوسری بار حلف برداری

یوگی کابینہ میں مسلم وزیر دانش انصاری بھی شامل

لکھنو: یوگی آدتیہ ناتھ نے دوسری بار یوپی کے چیف منسٹر عہدے کا آج حلف لے لیا ہے۔ اس کے علاوہ کیشو پرساد موریہ کو ایک بار پھر ڈپٹی چیف منسٹر کی ذمہ داری ملی ہے اور اس بار بھی ان کاسرکاری قد دوسرے نمبر کا ہوگا۔ وہیں یوگی حکومت کی پہلی مدت میں وزیر قانون کی ذمہ داری سنبھالنے والے برجیش پاٹھک کو دوسرا نائب وزیر اعلیٰ بنایا گیا ہے۔ وہیں، یوگی کابینہ 2.0 میں ذات پات کی برابری کا بھی پورا دھیان رکھا گیا ہے۔دانش آزاد انصاری مسلم نمائندہ وزیر ہیں ۔

یوگی آدتیہ ناتھ کی کابینہ میں اس بار 52 وزیر بنے ہیں۔ اس میں برہمن (8)، او بی سی (20)، شیڈول کاسٹ (8)، جاٹ (5) اور (6) ٹھاکر وزیر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بھومیہار، ویشیہ، سکھ، کایستھ، پنجابی اور مسلم طبقے کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔ ویسے اس بار یوگی کے ساتھ دو نائب وزرائے اعلیٰ، 16 کابینی وزیر، 14 ریاستی وزیر (آزادانہ چارج) اور 20 ریاستی وزرا نے حلف اٹھایا ہے۔ حالانکہ اس کابینہ کی ایک خاص بات یہ رہی کہ ریاستی وزیرحج محسن رضا کی چھٹی کر دی گئی ہے اور ان کی جگہ پر دانش آزاد انصاری کو موقع دیا گیا ہے۔کابینی وزیر: سوریہ پرتاپ شاہی، سریش کمار کھنہ، سوتنتر دیو سنگھ، بی بی رانی موریہ، لکشمی نارائن چودھری، جے ویر سنگھ، دھرمپال سنگھ، نند گوپال گپتا نندی، بھوپیندر سنگھ چودھری، انل راج بھر، جتن پرساد، راکیش سچان، اروند کمار شرما، یوگیندر اپادھیائے، آشیش پٹیل اور سنجے نشاد۔

چیف منسٹر یوگی کی نئی کابینہ میں 52 وزراء
لکھنؤ: اترپردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل نے یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو ملک کی کثیر آبادی والی ریاست اترپردیش کے چیف منسٹر کی حیثیت سے دوسری بار حلف دلایا ہے ۔ ان کے ساتھ گورنر نے برجیش پاٹھک اور کیشو پرساد موریہ کو ڈپٹی چیف منسٹرس کا حلف دلایا۔ریاستی دارالحکومت لکھنؤ کے اکانا اسٹیڈیم میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں گورنر آنندی بین نے 16کابینی وزراء، 14مملکتی وزراء (آزادانہ چارج) اور 20وزراء کومملکتی درجہ کی حیثیت سے حلف دلایا۔ تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی کے صدر جے پی نڈا، وزیرداخلہ امیت شاہ سمیت متعدد مرکزی وزراء، بی جے پی حکمرانی والی ریاستوں کے وزراء کے علاوہ معروف سیاسی و سماجی شخصیات و بی جے پی کارکنان موجود رہے ۔یوگی کابینہ میں کابینی وزیر کی حیثیت سے حلف لینے والوں میں سریش کمار کھنہ، سوریہ پرتاپ شاہی،سوتنتر دیو سنگھ، بیبی رانی موریہ، لکشمی نارائن چودھری، جیویر سنگھ، دھرمپال سنگھ، نندگوپال گپتا نندی، بھوپیندر چودھری، انل راج بھر، جتن پرساد، سنجے نشاد شامل ہیں۔ وہیں مملکتی وزیر (آزادانہ چارج )کی حیثیت سے حلف لینے والو ں میں نتن اگروال،کپل دیواگروال، روندر جیسوال،سندیپ سنگھ، گلاب دیوی،گریش چندر یادو،دھرمویر پرجاپتی،اسیم ارون،جے پی ایس راٹھور،دیا شنکر سنگھ، نریندر کشیپ،دنیش پرتاپ سنگھ،ارون کمار سکسینا، دیا شنکر مشر'دیالو' کے نام شامل ہیں۔ 10مارچ کو یوپی اسمبلی چناؤ کے نتائج میں بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں نے 273سیٹوں پر جیت درج کیا تھا۔

جبکہ مملکتی وزراء میں مینکیشور سنگھ، دنیش کھٹک،سنجئے گوڑ، بلدیو سنگھ اولکھ،اجیت پال، جسونت سینی، رام کیشو نشاد،منوہر لال منو کوری،سنجئے گنگوار، برجیش سنگھ، کے پی ملک، سریش راہی،سومیندر تومر،انوپ پردھام والمیکی،پرتبھا شکلا،راکیش راٹھر گرو،رجنی تیواری،ستیش شرما، دانش آزاد انصاری،وجئے لکشمی گوتم نے حلف لیا ہے ۔دلچسپ ہیں کہ ستیش مہانا،رما پتی شاستری،جئے پرتاپ سنگھ،شری کانت شرما،سدھارتھ ناتھ سنگھ،آشوتوش ٹنڈن، ڈاکٹر نریندر سنگھ،رام نریش اگنیہوتری،سریش رانا،ڈاکٹر نیل کنٹھ تیواری،اشوک کٹاریا،شری رام چوہان ایسے نام ہیں جو سابقہ حکومت میں وزیر تھے لیکن اس بار انہیں یوگی کابینہ میں جگہ نہیں ملی ہے ۔جبکہ گلاب دیوی اور سندیپ سنگھ کو کو مملکتی وزیر سے مملکتی وزیر( آزدانہ چارج) کے عہدے پر پرموشن دیا گیا ہے سندیپ سنگھ کلیان سنگھ کے پوتے ہیں۔

*حافظ قرآن کی حفاظت کیجئے*

*حافظ قرآن کی حفاظت کیجئے*
مدرسہ شمس العلوم سیسونا گیاری میں دستاربندی حفاظ کرام اجلاس کے صدر جناب حضرت مولانا عبدالمنان صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں حفاظ قرآن کی حفاظت کی اپیل کی ہےاور اسے موجودہ وقت کی سب سے اہم ضرورت قرار دیا ہے۔
موصوف کہتے ہیں کہ آج قرآن کے حافظوں کو اچک لیاجارہا ہے۔ہر مدرسہ میں کچھ خاص قسم کےلوگ پہونچ رہےہیں اور حفاظ کرام کو معاشی ترقی کاسبز باغ دکھا کرمدارس سےدور کررہے ہیں۔جب کہ مدارس اسلامیہ کو ان جیسے ذہین افراد کی آج شدید ضرورت ہے۔ایسا شخص جو قرآن کے تیسوں پاروں کو حفظ کرسکتا ہےوہ بہترین معلم بن سکتا ہے اور نبی آخر الزماں کا سچا اور پکا جانشین بن کر دین کی تبلیغ کا فرض انجام دے سکتا ہے۔مدرسوں میں آج اچھے مدرسین نہیں ہیں۔بخاری شریف کا حق مدرسی ادا کرنے والے خال خال دستیاب ہیں۔اس تعلق سےایک بڑاسا خلاپیدا ہوگیا ہے۔ حافظ قرآن سے بڑی امید کی جاسکتی ہے۔ایک حافظ بہترین معلم ومدرس بن کرقران کریم کی حفاظت کا ذریعہ بنتا ہے،اور تھوڑی سی محنت میں عالم بن کراس خلا کو پر کرسکتا ہے،مزید انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے۔
 افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑتا ہے کہ ان حفاظ کو ڈاکٹر انجینئر بننے کا سبز باغ دکھا کر مدارس اسلامیہ اورملت اسلامیہ ہندکے حق میں نا انصافی کی جارہی ہے۔یہ ایک یہودی چال ہے۔
میرے مدرسہ میں میرے غائبانہ میں کچھ لوگ پہونچے، میرے پاس فون آیا کہ حفاظ کرام کو لینے آئے ہیں، میں نے منع کردیا اور یہ بھی کہ دیا کہ آپ جیسے لوگوں کے خلاف میں جلسوں میں تقریر کروں گا،آج میں آپ کو ہوشیار کررہا ہوں اور خبردار کررہا ہوں کہ یہ یہودی سازش ہے،یہ دراصل اچھے ذہین اور باصلاحیت اساتذہ سے مدارس کو خالی کرنے کی ایک ناپاک کوشش ہے۔
یہ باتیں مولانا عبدالمنان صاحب قاسمی خلیفہ و مجاز حضرت شاہ ابرارالحق صاحب ہردوئی رحمۃ اللہ علیہ نےمجمع عام میں کہی ہے۔
ہمارے لئے سوچنے کی بات یہ بھی کہ مدارس میں پڑھنے والوں کی تعداد معمولی ہے۔بعض احباب کی زبانی صرف دوفیصد مسلم آبادی مدارس میں زیر تعلیم ہے۔اسمیں حفاظ کرام کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے۔اسی جماعت سے مساجد کی امامت کا کام لیا جاتا ہےاور رمضان المبارک کے موقع سے تراویح میں تکمیل قرآن کی سعادت ہمیں نصیب ہوتی ہے۔ تجربہ یہ بتلاتا ہے کہ جس حافظ صاحب نے اپنا میدان خالص  عصری اداروں کو فکر معاش کے لئے بنایا ہے وہ قرآن کریم مکمل محفوظ نہیں رکھ سکے ہیں، (الا ماشاءاللہ )
ایسے میں واقعی ہمارے لئے یہ سوچنے کی بات ہے۔مولانا موصوف کی تقریرسے یہ تشویش بھی پیدا ہوتی ہے کہ مساجد ومدارس جو دین کے قلعے ہیں،یہ آج اس طریق سےکمزور ہوتے جارہے ہیں اور کمزور ہاتھوں میں چلےجارہے ہیں۔اچھے انجینئر اور اچھے ڈاکٹرس کی آج کمی نہیں ہے، مگر ایک انقلابی امام اور اجتہادی صلاحیت کے حامل عالم کی ملک وملت کو آج شدید ضرورت ہے۔موجودہ حالات اورپیش آمدہ واقعات ومسائل کے حل کے لئے حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کی حکمت مطلوب ہے۔ایک طرف جہاں قرآن کی آیات ازبر ہوں تو دوسری طرف اس آخری کتاب کےمعانی ومفاہیم پر گہری نظر ہو۔آیات احکام سے ہی نہیں بلکہ قرآنی قصص واقعات سے بھی وہ دعوت وہدایت کا فریضہ انجام دینے کا اہل ہو۔اس کے لئےایک حافظ سے زیادہ موزوں شخص اور کون ہوسکتا ہے جو قرآن کے ایک ایک لفظ اور ایک ایک حرف کو زبانی یادکرلیا ہے۔اب اسے قرآن کی وادیوں میں سفر کرنے کی ضرورت ہے۔مگر افسوس ہے کہ فکر معاش میں وہ زیر وزبر ہورہا ہے۔مولانا موصوف کی اس بات میں بڑا دم ہے اور وقت ہمارے پاس بہت ہی کم ہے۔اس عنوان پر باضابطہ ایک تحریک شروع کی جائے کہ "حافظ قرآن کی حفاظت کیجئے "۔
راقم الحروف
ہمایوں اقبال ندوی، ارریہ 
رابطہ  9973722710

جمعہ, مارچ 25, 2022

دنیاکی سب سے تیزچکن کھانے والی عورت سے ملئے

دنیاکی سب سے تیزچکن کھانے والی عورت سے ملئے

میلان: برطانیہ سے تعلق رکھنے والی خاتون نے ایک منٹ میں 19 چکن نگٹس کھا کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرالیا۔

گنیز بک کی ویب سائٹ نے خاتون کی ویڈیو شیئر کی اور بتایا کہ لیہ شٹ کیور کا تعلق برطانیہ کے ویسٹ مِڈلینڈز سے ہے جنہیں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں کھانے کے پروگرام میں مدعو کیا گیا۔

یہ پروگرام اٹلی کے شہر میلان میں ہوا، شو میں لیہ نے ایک منٹ میں 20 نگٹس کھانے کا چیلنج قبول کیا، کھانے والے 19 نگٹس کا وزن 12.5 اونس تھا۔

برطانوی خاتون کوششوں کے باوجود بھی 20 نگٹس کھانے کا چیلنج پورا نہ کرسکیں لیکن وہ 19 نگٹس کھانے میں کامیاب رہیں جس کے بعد یہ ریکارڈ قائم ہوا۔

خاتون نے 2020 میں نیلا زائسر نامی خاتون کا بنایا گیا ریکارڈ توڑا جنہوں نے 10.51 وزن کے نگٹس کھائے تھے۔

لیہ شٹ کیور کا اس سے قبل بھی گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام ہے، انہوں نے ہاتھوں کا استعمال کیے بغیر برق رفتاری سے مفن کیک کھایا تھا، اس کے علاوہ انہوں نے تین گوشت کے بڑے ٹکڑے کھانے کا بھی ریکارڈ بنا رکھا ہے۔

لیہ کے نام ایک منٹ میں سب سے زیادہ ٹماٹر کھانے کا بھی اعزاز ہے۔ (ایجنسی)


اوٹکور میں مدرسہ محمد یہ عربیہ کا ۳۲واں سالانہ جلسہ کا انعقاد

اوٹکور میں مدرسہ محمد یہ عربیہ کا ۳۲واں سالانہ جلسہ کا انعقاداوٹکور : 25 مارچ (اردولیکس۔عبدالوسیم) اوٹکور مستقر کے مدرسہ محمدیہ عربیہ صباحیہ مسجد اہل حدیث ایکمینار محلہ بنڈہ اوٹکور کا بتیسواں سالانہ جلسہ جناب مقبول احمد صاحب بڑے پیر صدر کمیٹی مسجد اہل حدیث ایکمینار محلہ بنڈہ کی زیر صدرات میں منعقد ہوا۔جلسہ کا آغاز راحت فاطمہ کی قرآت کلام پاک سے کیا گیا۔اس جلسہ میں طلبا و طالبات نے اپنے اپنے تعلیمی مظاہرے پیش کٸے۔کامیاب طلبا و طالبات کو درجہ اول و درجہ دوم انعامات سے بھی نوازا گیا۔اس موقع پر فضیلتہ الشیخ شریف فیضی حفظہ اللہ امام و خطیب مسجد اہل حدیث ایکمینار محلہ بنڈہ نے سامعین و طلبا سے اولاد کی تربیت کے موضوع پر خطاب کرتے ہوے کہا کہ دورحاضر میں اولاد کی تربیت بہت ضروی ہے۔طلبا وطالبات کے والدین سے کہا کہ اپنی اپنی اولاد کو دینی علوم سے آراستہ کرنا بہت ضروری ہے۔بعد ازیں مدرسہ صدر مدرس جناب محمد انور نے مدرسہ کی سالانہ رپورٹ اور طلبا و طالبات کے نتاٸج سناٸے۔ اس موقع پر جناب محمد عظمت اللہ، جناب محمد مقصود میاں،جناب محمد خورشید گدوال،جناب محمد انور باگو کے علاوہ اولیاٸے طلبا و دیگر شریک رہے۔

خورشید انوار عارفی __میں ڈوب بھی گیاتو شفق چھوڑ جاؤں گا

خورشید انوار عارفی __میں ڈوب بھی گیاتو شفق چھوڑ جاؤں گا
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ
ڈاکٹر عثمان غنی امارت کمپیوٹر انسٹی چیوٹ ہارون نگر پٹنہ کے صدر، اردو اور انگریزی کے معروف صحافی، اکابر امرت شرعیہ کے معتمد ،مومن کانفرنس کے سابق صدر، اردو انگریزی میں نصف درجن سے زائد کتابوں کے مصنف ، جناب خورشید انوار عارفی ، ساکن اے 104 حسین الیگنٹ پرل اپارٹمنٹ منہاج نگر پھلواری شریف پٹنہ کا 23فروری 2022کو رات دیر گیے ہندوستانی وقت کے مطابق سوا بارہ بجے لندن میں انتقال ہو گیا، وہ بغرض علاج چند ماہ قبل اپنے بیٹوں کے پاس لندن گیے تھے، موت نے وہیں آلیا اور 23فروری کو بعد نماز ظہر وہیں کی مٹی میں سپرد خاک ہوئے، پس ماندگان میں اہلیہ قدرت النساء ، دو صاحب زادے ضیا عارفی، عمران عارفی مقیم لندن ، دو صاحب زادی فرح عارفی مقیم کولکاتہ ، حنا عارفی مقیم آسٹن امریکہ ہیں۔
خورشید انوار عارفی بن انوار علی بن شیخ مظہر علی کی ولادت 20جنوری 1934کو کوئیلور شاہ آباد میں ہوئی، یہ شاہ آباد اب آرہ ہو گیا ہے، خورشید انوار عارفی کے تین جزمیں سے ایک ان کے والد انوار اور دوسرا عارفی ان خاندان سے منسوب ہے، جس سے ان کا تعلق تھا، کہا جاتا ہے کہ ان کے خاندان کا تعلق حضرت مومن عارف کی نسل سے ہے جو 576ھ میں نقل مکانی کرکے یمن سے ہندوستان آئے تھے، اور منیر شریف میں قیام کیا تھا، جہاں ان کا مزار ہے ۔ اس طرح جو لوگ خورشید انورعارفی بغیر الف کے لکھتے اور بولتے ہیں، یہ صحیح نہیں ہے ، خورشید انوار عارفی کے دو بھائی  اور ہیں، جن میں سے ایک کا نام ہارون انوار عارفی اور چھوٹے کا نہال انوار عارفی ہے، چار بہنیں رابعہ خاتون ، حمیرہ خاتون، سعیدہ خاتون اور نفیسہ خاتون ہیں، جن میں سے حمیرہ دنیا سے رخصت ہو چکی ہیں، بقیہ حی القائم ہیں۔ خورشید انوار عارفی بھائیوں میں سب سے بڑے تھے۔ عارفی کی تعلیم وتربیت ان کے والد کے زیر سایہ ہوئی ،ا نہوں نے اپنی صحافتی زندگی کا آغاز، 1957میں پٹنہ کے اخبارات میں کالم نگاری سے کیا، 1963میں ہفت روزہ اخبار صدائے ہند نکالنا شروع کیا، جس کا دفتر شاد مارکیٹ پٹنہ میں تھا، وہ مومن کانفرنس کے ترجمان پندرہ روزہ المؤمن کے مدیر بھی رہے، ہفتہ روزہ عوام دہلی ، نئی دنیا دہلی میں بھی ان کے مضامین کثرت سے شائع ہوا کرتے تھے، پاکستان کے روزنامہ مشرق لاہور میں برسوں وہ" مکتوب بھارت" کے نام سے کالم لکھتے رہے، انہوں نے لندن سے شائع ہونے والے جرہد ہ مساوات کے دہلی نامہ نگار کی حیثیت سے بھی کام کیا، 1980میں انہوں نے دہلی سے پندرہ روزہ با تصویر نیوز میگزین ’’معاملات‘‘ کے نام سے نکالا اور اس کی ادارت کی ذمہ داری خود سنبھالی۔ 
 خورشید انوار عارفی ملی کاموں میں انہتائی پیش پیش رہا کرتے تھے، امارت شرعیہ ، جمعیت علماء، جماعت اسلامی، آل انڈیا  ملی کونسل مسلم مجلس مشاورت سبھی سے ان کے تعلقات اور مراسم تھے، وہ ستر کی دہائی میں آل انڈیا اردو ایڈیٹرس کانفرنس سے بھی وابستہ رہے، حسب ضرورت وموقع ان جماعتوں، جمیعتوں،ادارے  اور تنظیموں کے پروگرام میں شرکت کے لیے وہ وقت نکالا کرتے تھے، اپنی مرنجا مرنج طبیعت، خوش اخلاقی، وضع داری اور صاف صاف بات کہہ گذرنے اور بغیر کسی مفاد کے ان تنظیموں کے لیے وقت نکالنے کی وجہ سے وہ سب کے یہاں مقبول تھے اور ان کی آرا کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا، عارفی صاحب کی اردو اور انگریزی بہت مضبوط تھی، ان دونوں زبانوں میں لکھنے ، پڑھنے اور بولنے پر قدرت رکھتے تھے، اللہ تعالیٰ نے تصنیف وتالیف کا خصوصی ملکہ عطا فرمایا تھا، ان کی چار کتابیں اردو اور اتنی ہی کتابیں انگریزی میں مطبوعہ ہیں، اردو میں ان کی کتاب سفروسیلہ  ظفر،میرے شب وروز، ہندوستان انتشار کے بھنور میں،مؤمن تحریک اور انصاری برادری کے نام سے مطبوعہ شکل میں  موجود  ہے، ہندوستان انتشار کے بھنور میں ان کی انگریزی کتاب INDIA NATION IN TURMOIL کا ترجمہ ہے ، جسے مشہور افسانہ نگار محترمہ ذکیہ مشہدی نے کیا ہے ، جبکہ مومن تحریک اور انصاری برادری کا انگریزی ترجمہ MOMIN MOVEMENT AND ANSARI COMMUNITY کے نام سے موجود ہے، انکی انگریزی میں ایک کتاب ڈاکٹر جگن ناتھ مشرا پر ہے اور ایک کتاب گجرات فساد کے حوالہ سے GUJRAT BLOT ON THE NATIONکے عنوان سے ہے ، جو اصلا اس مواد پر مشتمل ہے جو امارت شرعیہ کی خدمات کے بارے  میں گجرات فساد پر مفتی نسیم احمد قاسمی مرحوم نے تیار کیا تھا، اور جو مطبوعہ شکل میں موجود ہے ، یاد آتا ہے کہ اکابر امارت کی بھی رائے تھی کہ یہ رپورٹ دوسری زبانوں میں بھی شائع ہو چنانچہ عارفی صاحب نے اس رپورٹ کی روشنی میں مستقل ایک کتاب تیار کر دیا ، جس نے بڑی مقبولیت حاصل کی۔
 خورشید انوار عارفی سے ہماری دیرینہ شناشائی تھی ، امارت شرعیہ آنے کے قبل ہی حضرت مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمی ؒ نے میرا تعارف ان سے کرایا تھا، آل انڈیا ملی کونسل اور امارت شرعیہ کے پروگراموں میں ہم لوگ ایک ساتھ رہے، ان کی محنت اور شفقت مجھے ملتی رہی ، میرے کالم جواب ہندوستان بھر کے اخباروں میں چھپنے لگے ہیں، اسے وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے اور فون پر حوصلہ افزائی کیا کرتے تھے۔
 عارف صاحب اب ہمارے درمیان نہیں ہیں، اللہ ان کی نیکیوں کو قبول فرمائے اور سیئات سے در گذر کرے، اب تو دعاء مغفرت ہی ان کے لیے بہترین اور مفید ہے ، اسی کا اہتمام ہم سب کو کرنا چاہیے۔

جمعرات, مارچ 24, 2022

*ایک کتاب جو مکمل لائبریری ہے

*ایک کتاب جو مکمل لائبریری ہے*
آج ہم ایک لائبریری کا افتتاح کررہے ہیں جو ایک مدرسہ میں واقع ہے۔لائبریری میں کتابیں رہتی ہیں، ایک ایسی کتاب بھی ہے جو مکمل لائبریری کی حیثیت رکھتی ہے اور وہ قرآن کریم ہے۔
آپ اس مدرسہ میں بیٹھے ہیں، یہ مدرسہ کیا چیز ہے؟کس لئے مدارس قائم کئے جاتے ہیں؟
اسی آخری کتاب الہی کی تشریح وتفہیم کے لئے مدارس کھولے گئے ہیں۔حدیث کی تعلیم ہو یا فقہ کی تعلیم وتدریس ہو،نحو پڑھائی جاتی ہو یا صرف کی تعلیم دی جاتی ہو،سب قرآن سمجھنے اور سمجھانے کے لئے ہے۔اب مسئلہ یہ ہے کہ ہم کتنا اس سے مستفید ہوتے ہیں اور قران فہمی کی کوشش کرتے ہیں۔
قرآن کی حفاظت دراصل یہی ہے جس کا قرآن نے وعدہ بھی کیا ہے کہ ہم اس طریق پر اس کتاب کی حفاظت کا سامان کرتے ہیں۔ان علوم سے وابستگی دراصل اسلام سے وابستگی ہے۔
ایسے لوگوں کی حفاظت خدا کی جانب سے ہوتی ہے جو اس کتاب کی حفاظت کا ذریعہ اور سامان بن جاتے ہیں۔
میں مبارک باد دیتا ہوں بچپن کے ساتھی گروپ کے طلبہ کو جنہوں نے اپنی وابستگی اس ادارہ سے آج بھی بنارکھی ہے،اور نثار بھائی نے اپنے مادر علمی دارالعلوم ضیاء الاسلام بوجگاوں کو لائبریری بناکر پیش کردی ہے۔
حضرت علی میاں رحمۃ نے ایک کتاب عربی زبان میں لکھی ہے، اس میں یہی لکھا ہے کہ مسلمانوں کے زوال سے انسانیت کا نقصان ہوا ہے۔انسانیت کیا ہے؟یہ اللہ کے آخری رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا نمونہ ہے۔میں آج اس جلسہ کے حوالے سے یہ اعلان کرتا ہوں کہ جو علم کتابوں میں ہے وہ ہماری زندگی میں آجائے، کتابوں سے حقیقی استفادہ اسی کا نام ہے۔
قرآن کہتا ہے کہ اس سے اچھی بات اور کیا ہوسکتی ہےکہ بندہ کو خالق سے جوڑنے کی بات کی جائے۔آج یہ دعوت عملی زندگی سے دینے کی ضرورت ہے ۔ہمیں یہ کہنے کی ضرورت نہ ہو بلکہ ہماری زندگی بولتی ہوکہ ہم مسلمان ہیں۔اس شان امتیازی کو حاصل کرنا ہے تو دل میں خدا کا خوف پیدا کیجئے۔ہمارا علم آج اللہ کے نام سے دور ہورہا ہے۔اس علم کے رشتہ کو رب سے جوڑنے کی بھی کوشش ہونی چاہیے۔جبھی ہم ہمارا علم نافع ہوگا اور ہم دوسروں کی ضرورتوں کو بھی پوری کرسکتے ہیں۔
مذکورہ بالا باتیں آج بتاریخ ۲۴/مارچ ۲۰۲۲ء دارالعلوم ضیاء الاسلام بوجگاوں میں نثار اخلاق نیشنل لائبریری کے افتتاح کے موقع سے حضرت مولانا سید بلال عبدالحی حسنی ندوی مدظلہ العالی نے کہی ہے۔آپ ندوۃ العلماء کے ناظر عام ہیں، ملک بھر میں حضرت علی میاں رحمۃ اللہ کی شروع کردہ تحریک "پیام انسانیت" کے امین و علم بردار ہیں۔حضرت کےلئے دعا کریں کہ اللہ سایہ تا دیر قائم رکھے اور ہمیں ان باتوں کی قدردانی کی توفیق مرحمت کرے، آمین 
راقم الحروف 
ہمایوں اقبال ندوی، ارریہ 
رابطہ، 9973722710

وزیر اعلیٰ پنجاب بھگونت مان کی وزیر اعظم مودی سے ملاقات

وزیر اعلیٰ پنجاب بھگونت مان کی وزیر اعظم مودی سے ملاقات

پنجاب کے نومنتخب وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ہے۔ وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد توقع ہے کہ وہ عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سے بھی ملاقات کریں گے۔

عمر خالد کو عدالت سے جھٹکا، درخواست ضمانت خارج

دہلی کی ایک عدالت سے عمر خالد کو اس وقت جھٹکا لگا جب ان کی درخواست ضمانت کو خارج کر دیا گیا۔ خیال رہے کہ عمر خالد کو فروری 2020 میں شمال مشرقی دہلی میں ہونے والے فسادات کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر فسادات کی سازش رچنے کا الزام ہے۔

چناؤ ختم ہوتے ہی مہنگائی واپس آ گئی، سنجے راؤت

شیو سینا کے لیڈر سنجے راؤت نے ایندھن قیمتوں میں اضافہ کے حوالہ سے مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا، 'ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اب جبکہ الیکشن ہو چکے ہیں تو مہنگائی واپس آ گئی ہے۔ یہ بی جے پی کا کھیل ہے۔ اصل مسئلہ روس اور یوکرین کی جنگ یا فلم 'دی کشمیر فائلز' یا حجاب نہیں ہے بلکہ مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔

حجاب معاملہ پر سماعت کے لئے تاریخ دینے سے سپریم کورٹ کا انکار

کرناٹک ہائی کورٹ کی جانب سے تعلیمی اداروں میں حجاب پر عائد پابندی کو برقرار رکھے جانے کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی عرضی پر جلد سماعت کے لئے تاریخ دینے سے سپریم کورٹ نے انکار کر دیا ہے۔ عرضی گزاروں کے وکیل نے جلد شروع ہونے جا رہے امتحان کا حوالہ دیتے ہوئے سپریم کورٹ سے سماعت کے لئے کوئی تاریخ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ جس پر سپریم کورٹ نے کہا، ''اس معاملہ کو حساس مت بنائیے، اس کا امتحانات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔''

ہندوستان میں کورونا وائرس کے 1938 نئے معاملے، 67 اموات

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 1938 نئے معاملے رپورٹ ہوئے، اس دوران 2531 مریضوں نے شفایابی حاصل کی جبکہ 67 کی جان چلی گئی۔


اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...