آج سے ایک سال قبل آسمان دنیا کا ایک بے باک و بے مثال ستارہ 3/اپریل 2021کو ہمیشہ ہمیش کے لیے غروب ہوگیا
،جسے دنیا امیر شریعت سابع حضرت مولانا سید محمد ولی صاحب رحمانی رحمہ اللہ کے نام سے جانتی اور پہچانتی ہے،جنہیں مجھ کو حضرت دادا کہنے کا شرف حاصل رہا۔ اس مرد درویش کے حیات زندگی بالخصوص عصری تعلیمی میدان میں ان کی اور خانوادہ رحمانی کی خدمات پر ایک مختصر سا مضمون تحریر کرنے کی کوشش کی ہے۔ ملاحظہ فرمائیے۔
فضل رحماں رحمانی
(ایچ او ڈی) شعبہ صحافت، جامعہ رحمانی مونگیر
خانوادہ رحمانی اور ان کا نظریہ تعلیم
"ایں خانہ ہمہ آفتاب است" کا مقولہ ہوش سنبھالنے کے بعد سے سنتا رہا ،مگر عملاً آنکھوں نے جس خانوادے کے آفتاب وماہتاب کوقریب سے دیکھا ،ان میں خانوادہ رحمانی کو ممتاز پایا ،یوں تو دوصدیوں پر محیط اس خانوادے کی ہمہ جہت خدمات کا ایک ایک پہلو قابل تذکرہ ہے ،تاہم تعلیمی ،تدریسی ،اصلاحی پہلو نیز خانوادہ رحمانی کا نظریہ تعلیم کئی جہتوں سے فکر وتحقیق کا موضوع ہے ۔اگر زیادہ دور جائے بغیر صرف قطب عالم حضرت مولانا محمد علی مونگیری رحمہ اللہ کے تعلیمی ونصابی جد وجہد سے خانوادہ رحمانی کے نظریہ تعلیم کا جائزہ لیا جائے تویہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ خانوادہ رحمانی نے دارالعلوم ندوۃ العلماء کے پلیٹ فارم سےجو نظریہ تعلیم پیش کیا ،زمانے چوٹی کے علماء و دانشوران قوم وملت نے اس کو سراہا اور اس کا زبردست خیر مقدم کیا۔ حضرت نے مونگیر آنے سے قبل کانپور میں ”اسلامیہ یتیم خانہ“ کی بنیاد رکھی تھی جس کے زیر اثر مسیحی پادری جو مسلم بچوں اور بچیوں کی غربت و مفلسی اور یتیمی کا ناجائز فائدہ اٹھا کر ان بچوں کا مذہب تبدیل کرتا تھا ۔آپ نے ان بچوں کو پادریوں سے بچایا۔اس یتیم خانہ کی خصوصیت یہ تھی کہ اس میں بچوں کی تعلیم کے انتظام کے ساتھ انہیں مختلف ہنر سکھانے کا بھی نظم کیا گیا تھا، تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں اور زندگی میں کسی کے محتاج نہ رہیں۔
آپؒ کے سلسلہ میں یہ باتیں عام ہیں کہ آپ نے دعوت و تبلیغ کی راہ میں سد سکندری کا کام کیا لیکن تعلیمی میدان میں بھی آپ کی خدمات اس زمانہ کا تجدیدی کارنامہ تھا جسے سمجھنا بہت آسان ہو جاتا ہے جب آپ ندوۃ العلماء لکھنؤ پر اپنی نگاہ ڈالتے ہیں۔دارالعلوم ندوۃالعلماء لکھنؤ مولانا مونگیریؒ کی کوشش اور جدو جہد کا اہم اور ناقابل فراموش باب ہے۔اس تحریک کو حاجی امداداللہ مہاجر مکیؒ، شیخ الہند مولانا محمود حسن، مولانا اشرف علی تھانوی، مولانا محمد حسین الہ آبادی، سید محمد شاہ محدث رام پوری،مولانا لطف اللہ علی گڑھی، مولانا الطاف حسین حالی، مولانا عبدالحق حقانی، مولانا شاہ محمد سلیمان پھلواروی، مولانا ثناء اللہ امرتسری، مولانا خلیل احمد سہارنپوری، مولانا حکیم سید عبدالحی حسنی اور مولانا حبیب الرحمٰن خان شیروانی رحمتہ اللہ علیہم جیسے اکابرین کی تائید حاصل رہی بلکہ ان میں سے بعض مشائخ حضرت مولانا مونگیریؒ کے تعلیمی مشن میں دست راست رہے۔ آپ اس وجہ سے بھی سبھوں کے محبوب نظر اور مقبول عام تھے کیوں کہ آپ نے مسلکی اختلافات سے پرے رہ کر اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو آگے بڑھایا۔ یہ وسعت ذہنی آپ کو مرشد معظم مولانا فضل رحمٰں گنج مرآدابادی سے ملی تھی۔
مولانا مونگیریؒ کی تعلیمی پالیسی میں دینی، معاشی، تبلیغی اور علمی تمام طرح کی ضرویات شامل ہیں۔ مولانا مونگیریؒ نے علم کےساتھ دین داری، تربیت، سنجیدگی اور تزکیہ نفس کو ضروری قرار دیا ہے۔ آپؒ نے نہ صرف نصاب تعلیم کو مرتب کیا بلکہ نظام تعلیم پر بھی خصوصی روشنی ڈالی ہے۔ آپ نے ندوۃ العلماء کی صرف تحریک نہیں چلائی بلکہ اسی خاکہ پر عملی طور پر ادارہ کی بنیادرکھی۔ معاشی ضروریات کے لیے فنون صناعیہ کے حصول سمیت تمام جزیات کا احاطہ کیا ہے۔ کثیر الجہتی اور تمام جزیات پرخصوصی نگاہ مولانا مونگریؒ کے نظریہ تعلیم کی خصوصیت و انفرادیت ہے۔
؎مولانا مونگیریؒ نے جدید علوم اور جدید زبانوں کے حصول کی تائید کی اور وہ صرف اس لیے کہ انہیں حاصل کر کے تبلیغ دین و اشاعت دین کا اہم فریضہ زیادہ موثر طریقہ سے انجام دیا جا سکتا ہے۔مدارس کے فارغین شکوک و شبہات کا ازالہ اور مضبوط حوالوں کے ساتھ دین کی روشنی میں اسی وقت موثر و کارآمد گفتگو کر سکتے ہیں جب انہیں معلوم ہو کہ غیر مسلموں کے اعتراضات یا شکو ک و شہبات کیا ہیں اور اس کی کیا بنیادیں ہیں۔خلاصہ یہ کہ حضرت مولانا مونگیریؒ نے دینی، معاشی، سماجی، معاشرتی اور اقتصادی تمام ضروریات کو سامنے رکھ کر ان مسائل کے حل کے لیے ایک منظم اور کامیاب نظام تعلیم اور نصاب تعلیم تشکیل دی ہے۔
انہیں اصلاحات اور تصورات کو امیر شریعت رابع مولانا منت اللہ رحمانی اور مولانا ولی رحمانی رحمتہ اللہ علیہما نے تعلیمی تحریکات، اصلاحات اور اقدامات کی شکل میں پروان چڑھایا اور اب ان بزرگان دین کے لگائے ہوئے پودوں کو سینچنے، سنوارنے اور منظم کرنے کا کام موجودہ امیر شریعت اور خانقاہ رحمانی کے سجادہ نشیں حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم بحسن خوبی انجام دے رہے ہیں۔
امیر شریعت رابعؒ کا نظریہ تعلیم
امیر شریعت رابع مولانا منت اللہ رحمانیؒ بھی اپنے والد کی طرح تعلیمی امور کے ماہر اور تعلیمی جہتوں پر خصوصی نگاہ رکھنے کا مزاج رکھتے تھے۔آپ کے تعلیمی نظریہ میں بھی تواز ن و اعتدال ہے۔ آپ قدیم صالح اور جدید نافع کے قائل تھے۔ ان کی دلی تمنا تھی کہ ہر مسلمان کے لیے بنیادی دینی تعلیم کے حصول کا بہترین انتظام ہونا چاہیے اور ضروری دینی تعلیم بھی عام ہونی چاہیے۔اسی بنا پر انہوں نے آسان نصاب کی پیروی کی ہے۔ وہ چاہتے تھے کہ علماء کی ایسی جماعت تیار ہو جس میں علوم دینیہ کی گہرائی و گیرائی ہو تاکہ ملت کی ضرورت پوری ہو سکے۔
حضرت قاضی مجاہد الاسلام قاسمی ؒ ان کے تعلیمی نظریات پر یوں اپنا اظہار خیال کرتے ہیں:
”حضرت مولانا کا نقطہء نظر یہ تھا کہ دینی تعلیم کے دو میدان کار منتخب کیے جانے چاییں۔ پہلا میدان کار دین سےمتعلق بنیادی اور ضروری علم ہر مسلمان کے لیے۔ دوسرے علوم دینیہ میں محققین اور متبحر علماء پیدا کرنا۔ وہ کہا کرتے تھے مسلمانوں کو زندگی کے ہر میدان میں نظر آنا چاہیے۔ اس لیے ہر مسلمانوں کو بخاری شریف تک پڑھانا ضروری نہیں ہے۔ بنیادی تعلیم عام ہونی چاہیے۔ البتہ ایک طبقہ ضرور علوم دینیہ میں ماہر ہونا چاہیے۔“
(امیر شریعت رابع کی حیات و خدمات، ص 27)
حضرت امیر شریعت سابعؒ کا نظریہ تعلیم
اسی طرح اپنے دادا اور والد بزرگوار کے نقش قدم پر چلتے ہوئے 3اپریل سنہ 2021کو اس دنیائے فانی کو الوداع کہنے والے امیرشریعت سابع مولانا محمد ولی رحمانیؒ نے بھی تعلیمی میدان میں بے شمار تجدیدی اور تخلیقی کارنامے انجام دئے ہیں جس کی طرف دور دور تک اچھے اچھے مفکر و مدبر کا ذہن تک نہیں جاتا۔ وہ ایک مؤقر عالم دین، مفکر اسلام و شریعت اور معروف اسلامی اسکالر تھے۔مختلف شعبوں میں انہوں نے ملت اسلامیہ کی بے پناہ خدمات انجام دیں۔ تعلیمی میدان میں ان کے کارنامے اور حصولیابیاں خاص طور سے قابل ذکر ہیں۔
مولانا محمد ولی رحمانیؒ نے 1974 سے 1996 تک بہار قانون ساز کونسل کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ وہ اپنے والد ماجد حضرت مولانا منت اللہ رحمانی رحمۃ اللہ علیہ کی وفات 1991 کے بعد سے خانقاہ رحمانی مونگیر کے سجادہ نشین اور جامعہ رحمانی مونگیر کے سرپرست رہے۔ تعلیمی شعبے میں حضرت مولانامحمد ولی رحمانیؒ کے ذریعہ قائم کیے گئے رحمانی 30 ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ وہ پلیٹفارم ہے جہاں عصری تعلیم کے متعدد شعبوں میں معیاری اعلی تعلیم و قومی مقابلا جاتی امتحانات کے لیے طلبہ کو تیار کیا جاتا ہے۔رحمانی 30 سے ہر سال نیٹ اور جے ای ای میں 100 سے زائد طلبہ منتخب ہوتے ہیں۔ حضرت مولاناسید محمد ولی رحمانیؒ نے اپنی زندگی میں ہی رحمانی 30 کی باگ ڈور اپنے چھوٹے صاحب زادہ جناب انجینئر حامد ولی فہد رحمانی کو سونپی تھی جو آج الحمدللہ اپنے بڑے بھائی اور امیر شریعت ثامن حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ کی معیت میں رحمانی 30 کی تمام ذمہ داریاں بحسن خوبی انجام دے رے ہیں۔
حضرت امیر شریعت سابعؒ عوامی تقریر، اپنی شخصیت و ملی مسائل میں جرأت، صاف گوئی و بے باکی سمیت تعلیم کے لیے مشہور تھے۔ ان کا ماننا تھا کہ کسی کو ایک وقت میں دونوں طرح کی تعلیم یعنی دینی اور دنیاوی تعلیم حاصل کرنی چاہیے اور کسی بھی چیز سے پہلے انسان کو انسان ہی ہونا چاہیے۔یوں تو قطب عالم حضرت مولانا محمد علی مونگیری رحمتہ اللہ علیہ نے 1927 میں جامعہ رحمانی قائم کیا لیکن 1934 کے ہولناک اور قیامت خیز زلزلے میں جامعہ رحمانی کو بند کرنا پڑا جو نئے سرے سے 1942 میں شروع ہوا اور الحمدللہ اب تک پوری کامیابی و کامرانی اور اپنی انفرادیت کے ساتھ وقفہ وقفہ سے نئے فکر و نظر کے ساتھ باصلاحیت اور جدیدیت سے با خبر علما تیار کر رہا ہے۔ یہ ادارہ امت کے لیے بانی ندوۃ العلما لکھنؤ حضرت اقدس قطب عالم حضرت مولانا سیدمحمد علی مونگیر رحمتہ اللہ علیہ اور بانی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ حضرت مولانا سید منت اللہ رحمانی نوراللہ مرقدہ کی جانب سے ایک بہت بڑا عطیہ ہے۔جب صدی کے دو عظیم اور صاحب قلب و نظر عالم دین کے مبارک ہاتھوں یہ پودہ لگا اور پروان چڑھا اور پھر جب اس پودے کو تناور درخت بنانے کا مرحلہ آیا تو صدی کے بے مثال عالم دین مفکر اسلام حضرت مولانا سید محمد ولی صاحب رحمانی رحمتہ اللہ علیہ کا حسن تنظیم جدو جہد اور تعلیم کے میدان میں مثالی فکر و نظر کام آئی۔ یہ ادارہ اب حضرت مولانا احمدولی فیصل رحمانی دامت برکاتہ کے زیر سایہ مخلص اسا تذہ کی محنت سے تیز رفتاری کے ساتھ بڑھتا جا رہا ہے۔ پھلتا اور پھولتاجا رہا ہے اور آئے دن پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعہ جامعہ رحمانی کی کارکرگی اور کاموں کی خبریں پڑھنے اور دیکھنےکو ملتی رہتی ہیں۔
جامعہ رحمانی کے موجودہ نظام تعلیم میں جدید تکنیک یعنی کمپوٹر پراجکٹر اور انٹرنیٹ سے استفادہ کیا جاتا ہے۔خاص طور پر عربی اور علوم الہٰیہ کے تعلیم میں ان جدید آلات کو بڑی اہمیت حاصل ہے۔ یہاں جدید انداز درس کے ساتھ نئی نسل کےذہن و مزاج کے تربیت کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ان کے اندر ہدایت ربانی اور ارشادات نبوی کو محفوظ کرنے کا ذوق پیدا کیا جاتا ہے۔حفظ قرآن، تفسیر اور حدیث فقہ عربی اور اردو زبان و ادب کی مشق و تمرین کی اس نئی جدو جہد کی کامیابی کو آپ یوں دیکھ سکتے ہیں کہ اب جامعہ رحمانی کے ماحول میں حفظ کے طلبا روانی کے ساتھ عربی میں بات کرتے نظر آتے ہیں۔جامعہ رحمانی کی کامیابی اور بڑھتے اقدام کا ایک حسین منظر 14 اکتوبر 2017 کو سامنے آیا جب دنیا کے ممتاز ترین یونیورسٹی جامعہ اظہر مصر اور بھارت کے مایہ ناز ادارہ جامعہ رحمانی کا الحاق عمل میں آیا۔
جامعہ رحمانی کے فارغین اور مولانا محمد ولی رحمانی رحمتہ اللہ علیہ کے پروڈکٹس کی فہرست میں صرف اسکول اور مدرسوں میں پڑھانے والے اور مساجد میں امامت کرنے والے اماموں کے نام شامل نہیں ہیں بلکہ اس فہرست میں بین الاقوامی سطح پر کام کرنے والے بےشمار نام شامل ہیں جس کی تفصیل اس چھوٹے سے مضموں میں نہیں پیش کی جا سکتی۔ان کی خدمات میں جامعہ رحمانی کو عروج بخشنا، رحمانی کمپیوٹر سینٹر کا قیام، رحمانی بی ایڈ کالج،رحمانی اسکول آف ایکسیلینس اور رحمانی 30 کو قائم کرنا قابل ذکر ہے۔حضرت مولانا محمدولی رحمانی رحمتہ اللہ علیہ کی مخلصانہ اور بے لوث کوشش و محنت اور مشہور ماہر تعلیم فزکس کے اعلی درجہ کے استاذ آئی پی ایس افسر اور بہار پولیس کے سب سے اعلی افسر ابھیانند جی کی انتھک محنت اور لگن کے نتیجہ میں رحمانی 30 کا قیام عمل میں آیا اور کامیابی کے ساتھ رواں دواں ہے۔بلا شبہ دین کے لیے حضرت رحمتہ اللہ علیہ کی 70 سالہ خدمات نئی نسل کے لیے اثاثہ ہے۔ آپ کی شخصیت ملک و ملت کا اہم اثاثہ تھی۔
حضرت امیر شریعت ثامن کا تعلیمی نظریہ
اپنے خانوادہ کی تعلیمی نظریہ کو عروج بخشتے ہوئے موجودہ امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر کا کارواں کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور ہر دن ایک نئے کارنامہ اور کاوش کی خبر منظرعام پر آ رہی ہے۔ حضرت مدظلہ نے بہت کم وقت میں اپنی خدمات کا ایسا چھاپ چھوڑا کہ لوگوں نے انہیں 9 اکتوبر سنہ 2021کواتفاق رائے کے ساتھ اپنا امیرشریعت منتخب کیا۔
آپ نے جن اداروں میں تعلیم حاصل کی ہے، اور اللہ پاک نے آپ کے اندر جو صلاحتیں رکھی ہیں، اور جتنی دنیا آپ نے دیکھی ہے، جن تعلیمی اداروں میں آپ نے خدمات انجام دی ہیں اگر ان سب کو سامنے رکھ کر یہ بات کہی جائے کہ آپ کا تعلیمی نظریہ قدیم صالح اور جدید نافع کا سنگم اور امتزاج ہے تو سو فیصد درست ہوگا۔ آپ بانی دارالعلوم ندوۃ العلماء قطب عالم حضرت مولانا سید محمد علی مونگیری رحمۃاللہ علیہ کے تعلیمی نظریے کو پڑھ جائیے جس کا بہت ہی مختصر ذکر راقم الحروف نے زیر نظر مضمون کی ابتدا میں کیا ہے تو آپ کو حضرت والا کی سوچ و فکر کا اندازہ بخوبی ہو جایئے گا۔آپ بھی حالات اور زمانے سے ہم آہنگ ہوکر تعلیمی میدان میں خدمات انجام دینے کا جذبہ اور حوصلہ رکھتے ہیں، آپ یہ چاہتے ہیں کہ مدرسے میں پڑھنے والا ایک طالب علم جن علوم کو حاصل کر رہا ہے اس کو اصل ماخذ سے جاننے کے لیے عربی زبان میں مضبوطی لائے، آپ یہ چاہتے ہیں کہ وہ طلبہ جن کی عمر آٹھ سے دس برس کے درمیان ہے وہ حفظ قرآن مجید کے ساتھ عربی زبان بھی سیکھیں اور بولیں تاکہ قرآن مجید کے تراجم میں ان کو آسانی ہو، کم از کم وہ مفہوم کے سمجھنے پر قدرت حاصل کریں، آپ یہ چاہتے ہیں کہ مدارس کے طلبہ عربی زبان میں درس و تدریس کے عادی ہوں، آپ چاہتے ہیں کہ یہ طلبہ عربی زبان کے ساتھ کم از کم پانچ زبانوں پر قدرت حاصل کر سکیں تاکہ مذہب اسلام کی ترجمانی میں انہیں آسانی ہو اور خوب تقویت ملے، آپ چاہتے کہ طلبہ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بھی ہوں تاکہ اس ترقی یافتہ دور میں وہ پیچھے نہ رہ جائیں؛ لیکن ان تمام چیزوں کے باوجود آپ اس کے قائل نہیں ہیں کہ درس نظامی کے نصاب میں تبدیلی ہو بلکہ ان کاموں کے لیے مستقل ایک شعبہ ہو جن میں یہ چیزیں پڑھائی جائیں، طلبہ کے صوابدید پر ہے وہ جس نظام اور جس نصاب کو پڑھنا چاہیں بخوشی پڑھیں تاکہ وہ ہر میدان میں کارہائے نمایاں انجام دے سکیں اس کے لیے آپ نے والد ماجد رحمۃ اللہ علیہ کے مشورے سے مستقل ایک شعبہ قائم فرمایا جس کا نام بغداد اور حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ کے '' بیت الحکمت '' کے نام پر '' دارالحکمت '' رکھا گیا۔ (جانشین مفکر اسلام شخصیت اور فن، بقلم: مولانا عبدالعلیم رحمانی)
دارالحکمت کے بعد موجود امیر شریعت کے کارہائے نمایاں میں شعبہ صحافت اور شعبہ تخصص فی الافتاء کا قیام قابل ذکر ہے۔
رواں برس 15دسمبر سنہ 2021کو امیرشریعت ثامن حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر نے جامعہ رحمانی میں باضابطہ شعبہ صحافت کا آغاز فرمایا۔ اس موقعہ پر انہوں نے واضح الفاظ میں فرمایا تھا کہ چونکہ صحافتی میدان میں تحقیق کا مزاج رکھنے والے صحافیوں کی کمی ہے اور خاص کر صحافتی میدان میں مسلم صحافی بالخصوص علما طبقہ نہ کے برابر ہے۔ جس کی وجہ سے علما کا صحافی بننا اور تحقیقی مزاج کے ساتھ میدان عمل میں اترنا نہایت ضروری اور اہم ہے۔
احقر راقم الحروف کے لیے یہ سعا دت کی بات ہے کہ اسی موقعہ پر انہوں نے مجھے شعبہ صحافت کا ایچ او ڈی بنانے کا اعلان کیا تھا اور باضابطہ جامعہ رحمانی کے پلیٹ فارم سے صحافتی سرگرمیوں کا بگل بجایا۔
شعبہ صحافت کے زیر اہتمام بنیادی طور پر فی الحال دو کام شروع کئے گئے ہیں جس میں ایک یہ کہ جامعہ رحمانی میں زیر تعلیم سال ششم، ہفتم اور ہشتم عربی کے طلبا کو ابلاغ عامہ اور صحافت کا ڈپلومہ کورس کرانا اور دوسرا فکر و نظر آفیشئل کے نام سے ایک یو ٹیوب چینل شروع کیا گیا ہے۔ جس پر ابھی تجرباتی دور میں طلبا بڑی محنت اور لگن کے ساتھ کا م کر رہے ہیں۔اس چینل پر طلبا اردو کے ساتھ عربی زبان میں بھی خبر اور تجزیہ پیش کرتے ہیں جو قابل ذکر اور قابل تعریف ہے۔ تازہ ترین صورت حال کےمطابق فکر و نظر آفیشئل چینل نے تین ماہ کے اندر 6ہزار5سو20سبسکرائبرز بنا لئے اور اس چینل کو اب تک 6لاکھ35ہزار134افرادنے دیکھا ہے اور چینل روز بروز حضرت امیر شریعت کی سرپرستی اور دعا سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
ساتھ ہی رواں برس 27نومبر 2021ء کو جامعہ رحمانی کے سالانہ اجلاس کے موقعہ پر حضرت مدظلہ نے جامعہ رحمانی میں شعبہ تخصص فی الافتا قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حضرت کا مقصد ہے کہ یہاں سے روایتی طرز کے مفتیان نہ تیار ہوں بلکہ ان کے اندر ایسی صلاحیت و لیاقت پیدا کی جائے کہ وہ جدید دور میں درپیش تمام مسائل کا ازالہ شرعی نقطہ نظر سے مضبوط و مدلل اورمفصل انداز میں پیش کریں۔
مختصر سے مضمون میں ان عظیم خانوادہ کا عظیم تعلیمی نظریہ پیش کرنا سمندر کو کوزے میں بند کرنے کے مترادف ہے۔ تاہم اس مضمون میں مختصراً تمام بزرگان دین کی تعلیمی خدمات پر روشنی ڈالنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اللہ ہم سب کو خانقاہ رحمانی اور یہاں کے بزرگوں سے فیض حاصل کرنے کی توفیق بخشے۔ آمین یا رب العالیمن۔