Powered By Blogger

اتوار, اگست 27, 2023

شاہ ولی اللہ انسٹی ٹیو ٹ نئی دہلی کے زیر اہتمام انجمن اسلام ممبئی میں فکر ولی اللٰہی پر ایک باوقار مذاکرہ اور مشاہیرعلماء و دانشوران ملت کا اظہار خیال مولانا مفتی عطاءالرحمٰن قاسمی


شاہ ولی اللہ انسٹی ٹیو ٹ نئی دہلی کے زیر اہتمام انجمن اسلام ممبئی میں فکر ولی اللٰہی پر ایک باوقار مذاکرہ اور مشاہیرعلماء و دانشوران ملت کا اظہار خیال
اردودنیانیوز۷۲ 
 مولانا مفتی عطاءالرحمٰن قاسمی
   آج ۲۵ اگست ممبئی، شیخ الاسلام حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی بلا شبہ ایک پر آشوب دور اور زوال پذیر عہد کی پیداوار ہیں لیکن ان کے لو ح و قلم و سوچ و فکر پر زوال و انحطاط کے اثرات محسوس نہیں ہو تے ہیں انہوں نے عدل اجتماعی کے قیام اور تکثیری معاشرہ میں مذہبی رواداری کے فروغ و ترویج،مسلکی وسماجی اختلافات ونزاعات اور ملی فرقہ بندیوںکو ختم کرانے پر بڑا زور دیاہے اور وہ اتحاد امت کے استعارہ وعلامت تھے اور ہر مکتبہ فکر میں یکساں طور پر مقبول تھے انہوں نے اسلام کو ایک نظام کی حیثیت سے امت کے سامنے پیش کیا ہے ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین مولانا مفتی عطاءالرحمٰن قاسمی چیئر مین شاہ ولی اللہ انسٹی ٹیوٹ نے شاہ ولی اللہ انسٹی ٹیوٹ نئی دہلی کے زیر اہتمام انجمن اسلام ممبئی میں منعقد فکر ولی اللٰہی پر ایک باوقار مذاکرہ میں کیا ہے جس کی صدارت مشہور ماہر تعلیم اور متعدد قومی وملی اداروں کے سربراہ وروح رواں ڈاکٹر ظہیر قاضی صدر انجمن اسلام ممبئی نے کی ہے ،جبکہ نظامت کی ذمہ داری نبھاتے ہوئےمعیشت اکیڈمی کے ڈائرکٹر دانش ریا ض نے شاہ ولی اللہ انسٹی ٹیوٹ کے علمی وتحقیقی کاموں کا بھر پور تعارف کرایا اور اسے ایک ملی تحریک و دینی دعوت قرار دیا ہے۔
مر کزی جمعیت اہل حدیث ہندکے امیر مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے اپنے افتتاحی کلمات میں کہاکہ مفتی عطاءالرحمٰن قاسمی نے شاہ ولی اللہ انسٹی ٹیو ٹ کی جانب سے ۴۲سے زیادہ قرآن و حدیث ،تاریخ و ثقا فت ،اوقاف و آثار اور مغل فرامین کے مو ضوعات پر معرکۃ الآراء کتابیں شائع کر نے اور در جنو ں قومی وبین الاقوامی سیمینار کے انعقاد کرانےکے با وجود ایک عرصہ دراز تک شاہ ولی اللہ انسٹی ٹیوٹ کے موجودہ دفتر کو چھپا ئے رکھا اور جب حال میں میں نے اسے دیکھا اور مفتی صاحب نے بڑی مشکل سے مجھے دفتر دیکھ لایا تو حیرت و استعجاب کی انتہا ہوگئی کہ ایک چھو ٹی مسجد کے ایک کو نے میں واقع ایک ڈیڑھ کمرے میں اور وہ بھی تن تنہا اتنا بڑا تاریخ ساز اور عہد ساز کا م کیا جاتا رہاہے، مفتی صا حب کی کتاب ’’دہلی کی تاریخی مساجد‘‘ اور’’پنجاب وہریانہ کی تاریخی مساجد ‘‘،دہلی اور پنجاب کی مختلف سرکاری عدالتوںمیںبطور ثبوت وشہادت پیش ہوتی رہی ہیںاور مجھے یقین ہے کہ آئندہ بھی بطور دستاویز ودلائل پیش ہوتی رہی رہیںگی، انکی کتاب ’’ہندومندر اوراورنگزیب عالم گیر کے فرامین‘‘ تو موجودہ دور تعصب وتنگ نظری میں غلط سوچ کو بدلنے والی اور تاریخ و ثقافت اور مذہبی رواداری وروایت کو صحیح روپ دینے والی نادر و نایاب کتاب ہے۔
جناب مشتاق انتولے نائب صدر انجمن اسلام نے بھی انتو لے مر حوم کی طرح والہانہ انداز میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے اشعار کے حوا لے سے فکر ولی اللٰہی پر روشنی ڈالی اور انسٹی ٹیوٹ کے کاموں کو سراہا ، ریاض یونیورسٹی سعودی عربیہ کے استا د حدیث ڈاکٹر عبدالرحمٰن الفریوائی نے حضرت شاہ صاحب کی شخصیت اور انکی وسیع خدمات کا ذکر کیا اور مولانا قاسمی کے کاموں کا بھی اعتراف کیا دارالعلوم ندوۃ العلما ءلکھنو کے فرزند ارجمند اور مرد دردمند مولانا ابو ظفر حسان ندوی نے خانوادہ ولی اللٰہی کے مجاہدانہ کار ناموں اورانکے زہدو ورع اور تقوی و طہارت کا ذکر اپنی نم آنکھوں سے کیا اور اہل محفل کو اشکبار اورنمناک کیا، علماء کونسل مہاراشٹر ا کے صدر مولانا محمود دریا آبادی نے کہا کہ مفتی عطاءالر حمٰن قاسمی اپنی ذات میں دراصل ایک انجمن اور ایک تحریک ہیں اور شاہ ولی اللہ انسٹی ٹیوٹ نئی دہلی کے ذریعہ تحریک ولی اللٰہی کو آگے بڑہارہےہیںاور سماج میں فکری وعلمی اور تعلیمی بیداری پیدا کر نے کی جد جہد کر رہے ہیں، آخر میں صدر اجلاس ڈاکٹر ظہیر قاضی صدر انجمن اسلام ممبئی نےاپنےکلیدی خطبہء صدارت میں کہاکہ آج حضرت شاہ صاحب کی شخصیت کے تعلق سے میر ے لیے کچھ ایسے گو شے سامنے آئے ہیں جن سے میں یقینا اب تک لاعلم تھا اور انکی تعلیمات اور افکار ونظریات کی اشا عت وقت کی اہم ضرورت اور عہد کا تقاضاہے ڈاکٹر صا حب اپنی غیر معمولی مصروفیات اور انجمن بورڈ کی متعدد اہم میٹنگوں کے باوجو د اول تا آخر تقریب میں موجود رہے اور اپنے خطاب میں بڑے فکر انگیز اور حو صلہ افزا کلمات کہا اور انسٹی ٹیوٹ کے حوالے سے کہ اعلان کیا کہ انجمن اسلام اب تک چندہ لیتی رہی ہے کبھی کسی کو چندہ نہیں دیا ہے لیکن اس موقع پر انسٹی ٹیو ٹ کے علمی کاموں کی اہمیت کے پیش نظر دولاکھ روپئے کا اعلان کرتا ہوں اورنومبر میں بڑے پیمانے پر انجمن اسلام اور جامع مسجد میں پروگرام کئے جائیں گے اور مفتی اشفاق قاضی اور مولانا محموددریا آبادی سے مدد لی جائے گی جو بڑے با آثر
لوگ ہیں اسکےبعد عروس البلاد ممبئی کے صا حب نظر مفتی اور فقیہ مولانا مفتی عزیز الرحمٰن فتحپوری نے اپنے جامع بیان میں کہاکہ مولانا مفتی عطاءالرحمٰن قاسمی نے مجھےاسوقت یاد کیاہے جبکہ سارے اکابر دنیا سےجاچکے ہیں اور آپ کی پرسوز دعا پر اس تقریب سعید کا اختتام ہوا اور مولانا منظر احسن سلفی نے مہمانوں کے لیے کلمات تشکر ادا کیا اور ڈاکٹر صاحب کا شکریہ ادا کیا اور یہ مذاکرہ انجمن اسلام کے تعاون واشتراک سے ہوا تھا اور انجمن کی جانب سے بڑا پر تکلف عصرانہ کانظم کیا گیاتھا اور عصرانہ میں مشتاق انتولے صاحب مو جود تھے، جس کے لئے انسٹی ٹیوٹ انکا بھی شکر گزار ہے، اس مذاکرہ کے قابل شرکاء میں پروفیسر محمد طاہر علیگ سابق پرنسپل انجمن اسلام کا لج، پروفیسر شکیل الرحمٰن، عظمی ناہید،سلمان غازی، مولانا مستقیم مکی ، مفتی اشفاق قاضی،حافظ اقبال چونے والا،سلمان ملا،اختر رنگوں والا، فواد،اے ایم پاٹکا، فرید شیخ، ڈاکٹر عظیم الدین سعود ملک جاوید عالم شیج، محمود بن منظر سلفی،مفتی رشید اسعد ندوی اور مولانا محمود فیضی وغیرہ تھے۔

جمعرات, اگست 24, 2023

موت کے بعد کی زندگی __✍️مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی

موت کے بعد کی زندگی __
اردودنیانیوز۷۲ 
✍️مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ ورکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ (9431003131)
انسانی ارواح کا پہلا وجود ”عہد الست“ میں ہوا، جب اللہ نے تمام قیامت تک آنے والی روحوں کوحضرت آدم علیہ السلام کے پشت سے وجود بخشا اور اس سے ایک سوال کیا کہ ’کیا میں تمہارا رب نہیں ہوں؟ساری روحوں نے اس بات کا اقرار کیا کہ آپ ہمارے رب ہیں، سورہ اعراف کی آیت نمبر 172 میں اللہ رب العزت نے اس کا تذکرہ کیا ہے اور پھر فرمایا کہ یہ شہادت اس لیے لیا تاکہ قیامت میں یہ نہ کہنے لگوکہ ہمیں تو اس کی خبرہی نہیں تھی، ”عہد الست“ کے بعد یہ پھر لوٹا دی گئیں، چنانچہ ان روحوں کو حسب خاندان، حسب قبیلے، حسب مذہب جن میں زن وشوہر کے تعلق سے آنا تھا، وہ روحیں اسی ترتیب سے دنیا میں آتی ہیں اور آئندہ بھی آتی رہیں گی، یہ ارواح جب دنیا میں جسم کے ساتھ وجود پذیر ہوئیں تو ہر دور میں اللہ رب العزت نے اس عہد کو یاد کرانے کے لیے کہ آپ ہمارے رب ہیں، انبیاء ورسل کو بھیجا، بعض کو کتابیں دیں اور بعض کو صحائف دیے، تاکہ انسانوں پر حجت تام ہو، سب سے آخر میں آقا ومولیٰ فخر موجودات سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم کو مبعوث فرمایا اور قیامت تک کے لیے اس سلسلہ کو ختم کردیا، کتاب ہدایت قرآن کریم کی شکل میں دیا اور اسے رہتی دنیا تک کے لئے دستور حیات بنا دیا، انبیاء ورسل کے سلسلے کے ختم ہونے کے بعد علماء کو وارث قرار دیا تاکہ وہ انسانوں کو عہد الست کی یاد تازہ کراتے رہیں اور لوگ اس ڈگر پر قائم رہیں جو اللہ ورسول کے حکم وہدایت کے مطابق ہے، کوئی اس آزمائش میں پورا اترتا ہے اور کوئی ناکام ہوجاتا ہے، ہر ایک کی مدت حیات پوری ہوجاتی ہے اور موت کا پیالہ پی کر انسان دنیا سے رخصت ہوجاتا ہے، جو لوگ نیکوکار ہیں، ان کے لیے موت اللہ کا تحفہ ہے، جو فرشتے ایمان والوں کے پاس لے کر آتے ہیں اور اطمینان وسکون سے اس کی روح کو لے کر جاتے ہیں، وہ چوں کہ پوری زندگی رب کو خوش کرنے کے لیے ہی کام کرتا رہا ہے، اس لیے اپنے رب کی طرف لوٹنے پر خوشی ومسرت محسوس کرتا ہے اور اس کے ہونٹوں پر تبسم کی لکیریں کبھی مرئی اور کبھی غیرمرئی انداز میں پھیل جاتی ہیں، سامنے والا کبھی دیکھ کر اس کا ادراک کرلیتا ہے اور کبھی نہیں بھی کرپاتا ہے، اسی بات کو اقبال نے نشان مرد مومن قرار دیا ہے کہ ”چوں مرگ آید تبسم برلب اوست“ جو انسان بدعملی، بے عملی میں مبتلا ہوتا ہے اور اللہ کی مرضی کے خلاف زندگی گذارتا ہے اس کے لیے یہ مرحلہ بڑا پریشان کن ہوتا ہے اور موت کے وقت ہی سے اس پر عذاب کی کیفیت طاری ہوتی ہے اور وہ اپنے خالی جسم کو چھوڑنے اور اس کائنات سے دور جانے کو تیار نہیں ہوتا، بالآخر موت اپنا کام کر جاتی ہے اور اس کی روح بدبو دار کپڑے میں لپیٹ کر سجین کے لیے روانہ کردی جاتی ہے۔
پھر بے جان جسم کو قبر میں منتقل کیے جانے کے بعد جب لوگ دفن کرکے لوٹتے ہیں تو منکر نکیر سوالات کے لئے قبر میں آتے ہیں،اس وقت روح اور جسم کا ایک ایسا رشتہ قائم ہوتا ہے جس کو سمجھنے سے ہماری عقل قاصر ہے، اگر انسان نیک ہے، منکر نکیر کے سوال کا جواب بآسانی دے دیا تو جنت کی کھڑکیاں کھول دی جاتی ہیں اور وہ قبر میں سکون محسوس کرتا ہے اور اللہ کی رحمتوں سے مستفیض ہوتا ہے اور اگر گناہگار ہے تو فرشتوں کے جوابات صحیح دینے پر قادر نہیں ہوتا اور فرشتے گرز سے خبر لیتے ہیں، قبر اس قدر تنگ کردی جاتی ہے کہ ایک طرف کی پسلی دوسری طرف داخل ہوجاتی ہے، اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے قبر کے عذاب سے پناہ مانگنے کی تلقین کی ہے اور فرمایا کہ قبر جنت کے باغوں میں ایک باغ ہے یا جہنم کے گڈھوں میں سے ایک گڈھا، نیکوں کو فرشتے کہتے ہیں ”نم کنومۃ العروس“ اطمینان سے دلہن کی طرح سوجاؤ، تمہارا رب تم سے راضی ہے اور بدبختوں پر مختلف قسم کے عذاب ان کے گناہوں کے اعتبار سے قبر میں ہی مسلط کردیے جاتے ہیں اور جہنم کی کھڑکی سے آنے والی گرم ہوائیں جسم کوجھلستی رہتی ہیں اور روح وجسم کے نامعلوم رشتوں کے ساتھ وہ عذاب کی شدت المناکی اور کرب کو جھیلتا رہتا ہے، قبر اور قیامت کے حساب کتاب تک کے فاصلے کو برزخ کہتے ہیں، برزخی معاملات کے لیے قبر کا ہونا ضروری نہیں ہے، اصل معاملہ تو روح کا ہے اور جسم فنا ہونے کے باوجود روح فنا نہیں ہوتی، اس لیے یہ سوال بے محل ہوگا کہ جن کو قبر نہیں ملتی ان کا کیا ہوگا؟ سوال وجواب ان سے بھی ہوگا اور کیا بعید ہے کہ اللہ رب العزت قبر نہ ملنے کے باوجود مردہ کے جسم سے روح کا رشتہ قائم کرکے سوال وجواب کے مراحل سے گذاردے اور اسی کے مطابق اس کے ساتھ معاملہ کیا جائے، لیکن کفن اور قبر کا ملنا بھی بڑی بات ہے، اِسی لئے ان دنوں بعض بزرگوں کو یہ دعا کرتے بھی پایا کہ اے اللہ! کفن اور قبر نصیب فرما۔
عالم برزخ میں یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا، اسے اللہ کے علاوہ کوئی نہیں جانتا، کیوں کہ اللہ نے اس کا علم اپنے پاس محفوظ رکھا ہے، بہرکیف اسرافیل علیہ السلام صور پھونکیں گے تو یہ دنیا تہس نہس ہوجائے گی، آسمان روئی کے گالوں کی طرح اڑنے لگیں گے، زمین پھٹ جائے گی اور جو کچھ اس کے اندر ہے سب باہر پھینک دے گی، ایک زمانہ تک یہی حالت رہے گی، پھر دوسرا صور پھونکا جائے گا تو مردے قبروں سے باہر نکل آئیں گے اور سب میدان حشر میں جمع ہوں گے، سورج سوا نیزے پر ہوگا، گرمی کی شدت وحرارت انسانوں کو پسینے میں شرابور کردے گی اور ہر آدمی اپنے گناہوں کے بقدر پسینے میں ڈوبا ہواہوگا، ہر طرف نفسی نفسی کا عالم ہوگا،ا لعطش العطش یعنی پیاس، پیاس کی آواز گونج رہی ہوگی، آقا صلی اللہ علیہ وسلم حوض کوثر پر ملیں گے اور جو لوگ نیکو کار ہوں گے ان کی پیاس بجھائیں گے، اور جس نے دین میں کوئی نئی چیز ایجاد کی ہوگی اس کو دور بھگائیں گے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کی بارگاہ میں حساب وکتاب شروع کرانے کی سفارش کریں گے، سجدے میں جائیں گے، گڑگڑائیں گے، التجا کریں گے، بالآخر میزان قائم ہوگا، اعمال تولے جائیں گے، پل صراط سے گذارا جائے گا، جن کا نتیجہ اچھا ہوگا، ان کا نامہ اعمال داہنے ہاتھ میں دیا جائے گا، جن کا نتیجہ بُرا ہوگا انہیں نامہئ اعمال بائیں ہاتھ میں تھمایا جائے گا، وہ خواہش کرے گا کہ کاش ہمیں نامہئ اعمال نہ تھمایا جاتا، یہ وہ لوگ ہوں گے جو دنیاوی زندگی میں مگن تھے، ان کو حساب کتاب کا یقین نہیں تھا، وہ مال ودولت، جاہ ومنصب کو ہی سب کچھ سمجھتے تھے، آج کے دن انہیں کچھ کام نہیں آئے گا، اس دن بھائی بھائی سے، ماں باپ اور بیوی شوہر سب ایک دوسرے بھاگتے پھریں گے، ہر ایک پر نفسانفسی کا عالم طاری ہوگا، نامہئ اعمال کے اعتبار سے چہروں پر مسرت اور مایوسی پسری ہوگی، ان مراحل سے گذرنے کے بعد جنت اور جہنم میں دخول ہوگا، ایمان والے گناہگار کُٹائی اور گناہوں کی کثافت کی جہنم کی بھٹی میں دھلائی کے بعد بالآخر جنت میں داخل کیے جائین گے اور جس کے دل میں ذرہ برابر بھی ایمان ہوگا، اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت پر انہیں جہنم سے نکال کر جنت میں ڈال دیا جائے گا، پھر اللہ رب العزت ان لوگوں کا جن کے ایمان کا علم صرف ذات اقدس کو ہوگا کثیر تعداد میں اپنی قدرت کاملہ سے جنت میں داخل کر دیں گے، پھر جنتی ہمیشہ ہمیش کے لیے جنت میں رہیں گے اور جہنمی ہمیشہ ہمیش کے لیے جہنم میں موت کو بھی موت آجائے گی۔
حیات ما بعد الموت کا یہ خلاصہ ہے، جو قرآن کریم اور احادیث مقدسہ میں تفصیل سے بیان کیا گیا ہے، اہل علم نے ضخیم کتابیں اس پر تصنیف کی ہیں، سب کا خلاصہ یہی ہے کہ ہمیں اپنے اعمال کا محاسبہ کرنا چاہیے، اور مال ودولت عز وجاہ کے چکر میں آخرت کو نہیں بھولنا چاہیے، یہ فکر آخرت ہی ہماری زندگی کو درست راستے پر ڈالتی ہے او رجزا وسزا کا تصور ہی خوف خدا کی شاہ کلید ہے، اسی لیے ایمانیات میں یوم حشر ونشر اور قیامت کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ ہماری زندگی بیلنس، معتدل اور متوازن رہے۔ اللہ رب العزت نے سورۃ تکاثر میں اس کا ذکر کیا ہے، جس خلاصہ یہ ہے کہ انسانوں کو لالچ اور حرص نے غافل کر رکھا ہے، یہاں تک کہ وہ قبر کو جاپہونچتا ہے، وہ جان لے گا اور یقینا جان لے گا، وہ ضرور دوزخ کو دیکھے گا اور اس ے نعمتوں کے متعلق بھی سوال کیا جائے گا۔قرآن کریم کی ایک دوسری آیت میں اللہ رب العزت نے ارشاد فرمایا کہ قیامت کے دن ہر انسان جس نے تھوڑی نیکی کی ہوگی، اسے بھی دیکھ لے گا اور جس نے تھوڑی بھی بُرائی کی ہوگی، اسے بھی دیکھے گا، اور حسرت سے کہے گا کہ یہ کیسا رجسٹر ہے، جس نے چھوٹے بڑے ہر اعمال کا لیکھا جوکھا رکھا ہے۔
 اللہ تعالیٰ ہم سب کی بُرے کاموں سے حفاظت فرمائے اور اپنی مرضیات پر چلنے کی توفیق بخشے تاکہ ہمارا حساب وکتاب آسان ہو اور ہم جنت کی ابدی آرام گاہ کے لائق ہو سکیں۔ آمین یا رب العالمین

چند ریان کےکامیاب سفر پرایک ںظم

چند ریان کےکامیاب سفر پرایک ںظم
اردودنیانیوز۷۲ 
            ایک سوال۔۔۔؟ 

  انس مسرورانصاری

 بہت ا نچے ہو تم انچے نگر کی با ت کر تے ہو
 زمیں پرہو مگر شمس و قمرکی بات کر تے ہو
 کمند یں تم نے پھینکی ہیں بہت بام ثریّا  پر
 نظر کی حدسےبھی آ گےسفر کی بات کرتےہو

فلک کوتکنےوالو،ہے زمیں کی بھی خبر تم کو
 سسکتی آ د میت کیا نہیں آ تی  نظر  تم  کو
چلے ہو ا ک  نئی د نیا بسا نےآ سما نو ں میں
مبارک ہو خلوص دل سے یہ عز م سفر تم کو

 نو ا ہےتلخ میر ی، گفت گو ہےز ہرمیں ڈ و بی
مگردانشورو!کہتاہوں تم سےآج کچھ میں بھی

 ابھی  زندان  آشوب  جہاں میں قید ہےانساں
 ابھی  مشق  عتاب آ سماں میں قید ہےانساں
 بز عم  قو ت با ز و ابھی ہیں جنگ کے نعر ے
ابھی تخریب کاری کےجھا ں میں قیدہےانساں
ر
 سنورپایا نہ اب تک تم سے حسن محفل گیتی
 جمال انجم و شمس و قمر کی بات کر تے ہو
تمھا ر ا  مد عا  تو  ا ر تقا ئے  نسل  آ د م  ہے
مگر کیا تم کبھی نوع بشر کی با ت کرتے ہو ؟ 

              * ا نس مسرورانصاری
      قومی اردو تحریک فاؤنڈیشن(انڈیا) 
               رابطہ/9453347784...

___ دہلی انتظامیہ بل ___مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی

___ دہلی انتظامیہ بل ___
اردودنیانیوز۷۲ 
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف 
 بھاجپا ایک زمانہ میں دہلی کو مستقل ریاست کا درجہ دلوانا چاہتی تھی، لال کرشن اڈوانی، مدن لال کھورانہ اور خود اٹل بہاری باجپئی1999ء میں اس کے حق میں تھے۔لیکن سیاسی داؤ پیچ میں ایسا نہیں ہو سکا، البتہ اسمبلی بن گئی، اور لفٹننٹ گورنر کو زیادہ اختیار دے دے دیا گیا جس کی وجہ سے وزیر اعلیٰ بے دست وپا انداز میں کام کرنے لگے، جب کوئی بات مرکزی حکومت کو بری لگتی تو لیفٹنٹ گورنر کے سہارے وہ اس کو روک دیتی، لیکن عاپ کی حکومت آئی، اروند کیجریوال نے بھاجپا کو دھول چٹا دیا اورکہنا چاہیے کہ عاب نے بھاجپا پر جھاڑو پھیر دیا، یاد رکھیے کہ عاپ کا انتخابی نشان جھاڑو ہی ہے۔
 مرکزی حکومت نے اروند کیجریوال کو پریشان کرنے میں کوئی دقیقہ نہیں چھوڑا، دہلی کے سرکاری اسکولوں کو تعلیمی پہچان دینے والے منیش سسودیا پر بدعنوانی کا الزام لگا کر آئی بی کے ذریعہ اسے جیل رسید کر دیاگیا، اور مہینوں گذرنے کے بعد اب تک ان کی ضمانت نہیں ہوسکی ہے۔
 مرکزی حکومت کے اس رویہ کے خلاف دہلی حکومت سپریم کورٹ گئی، وہاں سے اسے راحت ملی اور عدالت نے وزیر اعلیٰ کے اختیار کی وسعت کو تسلیم کیا اور لیفٹننٹ گورنر کی بے جا دخل اندازی پر نا پسندیدگی کا اظہار کیا، لیکن مرکزی حکومت کو یہ گوارہ نہیں تھا، پارلیامنٹ چل نہیں رہی تھی، اس لیے صدر جمہوریہ سے ایک آرڈی نیشن پر دستخط کراکر پھر سے دہلی کے وزیر اعلیٰ کو بے دست وپا کر دیا گیا اور دہلی نیشنل کیپٹل ٹیرٹری ایڈمنسٹریشن ترمیمی بل 2023پارلیامنٹ میں پیش کیا گیا۔
 پارلیامنٹ میں یہ بل اکثریت کے بل پر پاس ہو گیا، راجیہ سبھا میں بھاجپا کو اکثریت حاصل نہیں ہے، اس لیے یہاں گنجائش تھی کہ دہلی انتظامیہ بل پاس نہ ہو سکے، لیکن بھاجپا نے سیاسی دور اندیشی کے ساتھ چندر شیکھر کی راشٹریہ سمیتی، آندھرا کی ٹی آر ایس اس کانگریس اور اڈیشہ کے بیجو جنتا دل کو اپنے ساتھ کر لیا، اس طرح اس بل کے پاس ہونے میں رکاوٹ یہاں بھی باقی نہیں رہی، البتہ این ڈی اے کے ایک سو اکیس (121)اور انڈیا اتحاد کے ایک سو انیس(119) ارکان تھے، راجیہ سبھا میں بحث ہوئی پھرووٹنگ ہوئی تو یہ بل 102کے مقابلہ ایک سو اکتیس (131)سے پاس ہو گیا، اس کا مطلب یہ ہے کہ انڈیا اتحاد میں بھی بھاجپا سیندھ مارنے میں کامیاب ہو گئی اور کم از کم دوسری پارٹی کے بارہ ممبران نے اس بل کی حمایت میں ووٹ دیا، اب یہ صدر جمہوریہ کے دستخط کے بعد قانون بن گیا، لیکن تاریخ میں یہ بات درج ہوگئی کہ بھاجپا وفاقی ڈھانچے اور ریاستوں کو کمزور کرنے کے لیے کسی حدتک جاسکتی ہے، اس کا نقصان ہندوستان کی سالمیت کو پہونچے گا۔
عین ممکن ہے کہ جب بھی دہلی اسمبلی میں بھاجپا کی اکثریت ہوگی اور اس کی حکومت تشکیل پائے گی تو یہ راگ پھر الاپاجائے گا کہ دہلی کو خود مختار اور مکمل ریاست کا درجہ ملنا چاہیے۔کیوں کہ اس کے بغیر دہلی کی ترقی ممکن نہیں ہے۔

منگل, اگست 22, 2023

مولانا مطلوب الرحمن مکیاوی ؒ __✍️مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی

مولانا مطلوب الرحمن مکیاوی ؒ __
Urduduniyanews72 
✍️مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ 
مدرسہ مصباح العلوم مکیا، مدھوبنی کے بانی مہتمم، جامعہ اسلامیہ قاسمیہ بالا ساتھ سیتامڑھی کے سابق صدر المدرسین، الجامعۃ العربیہ اشرف العلوم کنہواں کے نامور فیض یافتہ، مدرسہ مظاہر العلوم سہارن پور کے مشہور فاضل، مدرسہ اسلامیہ شہر فتح پور کوٹ کے سابق مدرس، بڑے عالم دین البیلے خطیب، متواضع اور منکسرا المزاج حضرت مولانا مطلوب الرحمن مکیاوی بن محمد صادق (م 1991) بن امام علی بن شر ف الدین بن احمد بن عبد اللہ کا 15محرم الحرام 1445ھ مطابق 3اگست 2023بروز جمعرات کوئی تین بجے سہ پہر آئی جی ایم ایس پٹنہ میں انتقال ہو گیا، وہ پیٹ کے درد آنتوں کے الجھنے کے مرض میں مبتلا تھے، علاج آپریشن تھا، لیکن پیرانہ سالی اور ضعف کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہوسکا اور مولانانے رخت سفر باندھ لیا۔ جنازہ 4اگست کو سوا تین بجے سہ پہر ان کے صاحب زادہ مولانا محمد عمران ندوی نے پڑھائی، جنازہ سے قبل مولانا محمد شبلی قاسمی قائم مقام ناظم امارت شرعیہ نے مختصر خطاب کیا، مولانا محمد اظہار الحق مظاہری ناظم الجامعۃ العربیہ اشرف العلوم کنہواں، مولانا محمد انوار اللہ فلک قاسمی بانی ادارہ سبیل الشرعیہ آوا پور، شاہ پور سیتامڑھی، حضرت مولانا عبد المنان صاحب بانی مدرسہ امدادیہ اشرفیہ راجو پٹی جیسے اکابر علماء، عوام جم غفیر کے ساتھ جنازہ میں شریک تھے اس کے قبل پٹنہ سے بذریعہ امبولینس ان کا جنازہ مکیا منتقل کیا گیا، بعد نماز جمعہ عام دیدار کے لیے غسل وکفن کے بعد مدرسہ مصباح العلوم کے صحن مین جنازہ رکھا گیا، جس کی ترقی کے لیے وہ پوری زندگی کوشاں رہے، تدفین مدرسہ سے متصل جانب جنوب آبائی قبرستان میں ہوئی، پس ماندگان میں اہلیہ کے علاوہ پانچ لڑکے انور، حافظ انظر، مولانا سلمان، مولانا محمد عمران ندوی اور شاعر حافظ بلال حسامی اور تین لڑکیاں ہیں۔
مولانا مطلوب الرحمن مکیاوی کی و لادت 5مارچ1950کو موضع مکیا، ڈاکخانہ بشن پور موجودہ ضلع مدھوبنی میں ہوئی، مولانا کی نانی ہال گاؤں میں ہی تھی اور ان کے نانا کا نام محمد علیم تھا، ابتدائی تعلیم گاؤں میں حاصل کرنے کے بعد 1964میں الجامعۃ العربیہ اشر ف العلوم کنہواں میں داخل ہوئے، ابتدائی درجات سے عربی چہارم تک کی تعلیم یہاں پائی،1970 تک کازمانہ یہیں گذرا، مولانا نے اس وقت کے نامور اساتذہ حضرت مولانا محمدطیب صاحب ناظم مدرسہ مولانا محمد طیب صاحب کماوری، مولانا زبیر احمد رحہم اللہ سے کسب فیض کیا اور اپنے ساتھیوں میں ممتاز رہے،1971میں مدرسہ مظاہر علوم سہارنپور کا رخ کیا، حضرت مولانا محمد زکریا ؒ شیخ الحدیث اور مولانا محمد یونس صاحب ؒ سے زیادہ تعلق رہا اور بقدر ظرف ان اکابر کے علوم، صلاح وتقویٰ سے حصہ پایا اور سند فراغ 1974میں وہیں سے حاصل کیا۔ فراغت کے بعد 1975میں محمد صدیق بن نوازش کریم کی دختر نیک اختر سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، جناب محمد صدیق صاحب حسن پور بر ہروا کے رہنے والے تھے،ا س لیے مولانا کی سسرال حسن پور برہر وا قرار پائی۔
تدریسی زندگی کا آغاز مدرسہ اسلامیہ شہر فتح پور کورٹ یوپی سے کیا، چودہ سال تک یہاں درس وتدریس کے فرائض انجام دیتے رہے، جب حضرت مولانا عبد الحنان صاحب ؒ نے جامعہ اسلامیہ قاسمیہ بالا ساتھ قائم کیا تو آپ کو فتح پور سے تدریس کے لیے بالاساتھ بلا لیا، چنانچہ تین سال تک آپ یہاں خدمت انجام دینے کے بعد کویت میں ملازمت اختیار کرلی، پڑھنے لکھنے کا ذوق رکھنے ولا آدمی زیادہ دن دوسرے کاموں میں چل نہیں پاتا، چنانچہ دو سال کے بعد آپ فرصت پر آئے تو دوبارہ ادھر کا رخ نہیں کیا، حضرت مولانا عبد الحنان صاحب کا تقاضہ ہوا تو اب وہاں کے صدر مدرس بن کر آئے اور کئی سال یہاں گذارے، اس زمانہ میں مولاناکی ٹوپی مولانا عبد الحنان صاحب ؒ کی طرح ہی کھڑی ہوا کرتی تھی، اور جب دونوں پہلی صف میں جماعت کے لیے آزو بازو بیٹھے ہوتے تو لگتا کہ دو خوبصورت میناران عالی قدر لوگوں کے سروں پر رکھا ہوا ہے، کچھ دن بعد مولانا نے محسوس کیا کہ ان کے پرواز میں کمی آرہی ہے تو انہوں نے جامعہ اسلامیہ قاسمیہ بالاساتھ کو پھر سے خیر باد کہہ دیا،  آبائی وطن مکیا میں پہلے سے جاری مکتب کو مدرسہ کی شکل دیدی اور اس کو پروان چڑھانے میں پوری زندگی لگا دی، مولانا محمد عمران ندوی کی اس لائن سے تربیت کرتے رہے، توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے والد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکیں گے۔
مدرسہ کے ساتھ آپ کا دوسرا بڑا میدان عمل اصلاح معاشرہ کی غرض سے میدان تقریر وخطابت تھا، اس کام میں وہ محبوب، مقبول اور”مطلوب“ تھے، عوامی زبان، عوامی اصطلاحات، عوامی الفاظ، عوامی لب ولہجہ، عوامی محاورے، عوامی ضرب الامثال، لطائف اور لوگ گیتوں پر انہیں عبور تھا،انہیں کمالات کے وجہ سے میں انہیں البیلا خطیب کہا کرتا تھا، درمیان میں نعتیہ اشعار اور حمد وغیرہ بھی اپنے مخصوص لب ولہجہ میں پڑھ کر سناتے، ہر دو چار جملے کو دھیرے اور پھر زور سے بیان کرتے تو مجمع پھر سے ہوشیار اور بیدار ہوجاتا، وہ کسی بھی جلسے میں اپنی تقریر پہلے کروانے کی تجویز نہیں رکھتے کیوں کہ وہ جانتے تھے کہ ہمارا نمبر نواں وکٹ گرنے کے بعد ہی آئے گا اورمجھے فجر تک ناٹ آؤٹ ہی رہنا ہے، ظاہر ہے آخر رات میں مجمع کم ہوجاتا تھا لیکن ان کے لب ولہجے اور تقریر پر اس کا اثر نہیں پڑتا تھا۔جو سامعین بچ جاتے وہی ان کے لیے حتمی ہوتے اور آخر وقت تک بچے کُھچے سامعین ان کا ساتھ دیتے رہتے،بعض لوگ ان کی تقریر شروع ہوگئی اسی وقت جلسہ میں حاضرہوتے۔ خطابت کی مشغولیت نے ان کے علمی رسوخ کو لوگوں کی نگاہ سے اوجھل کر دیا۔
 ان کی مقبولیت کا اندازہ آپ اس سے لگا سکتے ہیں کہ ایک بار ایک جلسہ میں ہم دونوں مدعو تھے، مولانا اتفاق سے تشریف نہیں لا سکے، اب بھی میرے پاس آکر بیٹھتاکہتا کہ مولانا مطلوب صاحب نہیں آئے، میں نے کہا کہ جو آگیا اس کی قدر کرنا سیکھو، کہنے لگے کہ مولانا کی بات ہی کچھ اور ہے، جب ان کی پریشانی بڑھی تو میں نے کہا کہ چلو میں آج ”مطلوب الرحمن“ بننے کی کوشش کرتا ہوں، پھر میں نے ان کے لب ولہجہ میں تین گھنٹے تقریر کی تو مجمع کو کچھ اطمینان ہوا، میں نے اپنی تقریر مولانا احمد رضا خان صاحب کی مشہور نعت کے آخری شعرختم کیا۔
 بس خانہ خام نوائے رضا نہ یہ طرز  مِری نہ یہ رنگ مِرا
ارشاد احباء ناطق تھا نا چار اس راہ پر پڑا جانا
میں شروع سے رت جگے جلسوں کا مخالف رہا ہوں، ایک جلسہ میں میں نے اُس کے خلاف تقریر کر دی، میرے بعد مولانا کا نمبر تھا، میری تقریر کے اثر کو باقی رکھنے کے لیے انہوں نے اس جلسہ میں تقریر نہیں فرمائی، دعا کرکے جلسہ ختم کر دیا، وہ چاہتے تو مختلف دلائل سے میری تقریر کا رد کر سکتے تھے، لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا، مولانا سے آخری ملاقات میری 15مارچ 2023کو مدرسہ عزیزیہ برار سیتامڑھی کے جلسہ میں ہوئی تھی، حسب سابق شفقت ومحبت سے پیش آئے،  مجھے عجلت تھی، بارہ بجے سے پہلے ہی تقریر کرکے میں چلتا بنا، اس سفر میں میرے ساتھ عزیزم محمد ظفر الہدیٰ قاسمی اور ماسٹر عبد الرحیم صاحب بھی تھے۔ اب ایسی شفقت ومحبت اور خورد نوازی کرنے والے کم رہ گیے ہیں۔ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ مولانا کی مغفرت فرمائے اور پس ماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور خطابت کے میدان میں ان کا نعم البدل دے۔ آمین۔

نھواں نعتیہ مشاعرہ واصلاح معاشرہ زوم ایپ پر تحفظ شریعت وویلفیئر سوسائٹی جوکی ہاٹ ارریہ کے بینر تلے

نھواں نعتیہ مشاعرہ واصلاح معاشرہ زوم ایپ پر تحفظ شریعت وویلفیئر سوسائٹی جوکی ہاٹ ارریہ کے بینر تلے
اردودنیانیوز۷۲ 
تحفظ شریعت وویلفیئر سوسائٹی جوکی ہاٹ ارریہ بہار کے بینر تلے گزشتہ (21/08/2023) شب ایک نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا, جس کی صدارت ادارہ کے روح رواں
حضرت مولانا عبد الوارث صاحب مظاہری(سکریٹری تحفظ شریعت) 
زیر سرپرستی حضرت مولانا فیاضاحمدراہی/
زیر قیادت محبوب عالم  وقاری مطیع اللہ رحمانی 
زیر حمایت  قاری منظور صاحب نعمانی و عظمت اللہ نور فیضی 
نظامت کی اہم ترین ذمہ داری حضرت مولانا اسلم پروانہ صاحب  جناب عبدالحق صاحب بحسن وخوبی انجام دیا, مجلس کا آغاز حافظ وقاری کلیم شاہد صاحب  دھنبادی 
نے تلاوت کلام اللہ شریف سے ہوا, جبکہ ابتدائ
نعت پاک شاعر اسلام ح
خطیب حیدرصاحب  ارریہ صاحب کے مسحور کن آواز نے سامعین کے دل میں جگہ بنالی--
خطیب عصر حضرت مولانا عبد السلام عادل صاحب ندوی ارریہ
حضرت مولانا ومفتی مجاھد الاسلام صاحب قاسمی قاضی شریعت  تحفظ شریعت 
جناب حضرت مولانا مفتی مجاہد الاسلام صاحب قاسمی بھاگل پوری
شعراء کرام 
شاعر سیمانچل شمس الزماں صاحب کیشن گنجوی' جناب فہیم دھنبادی صاحب'راشیدالقرصاحب ساجد رحمانی جناب  عبدالحق الرحمٰن صاحب قاسمی شاھد سنگاپوری خورشید قمر صاحب صدام احمد معروفی صاحب شاہنواز دل صاحب 
 شہاب صاحب دربھنگہوی مولانا اظہر راہی صاحب پورنوی'شاعر جھارکھنڈ دانش خوشحال صاحب گڈاوی 
جناب افروز انجم صاحب اڑیسہ'حافظ سرور صاحب لکھنوی' مولانا اخلاق صاحب ندوی'حافظ عابد حسین صاحب دہلوی'حافظ ریحان صاحب کٹیہاروی' قاری اعجاز ضیاء صاحب سیتا مڑھی' قاری انوار الحق صاحب مقیم حال بنگلور 
حیات اللہ صاحب کے نام قابل ذکر ہے-- ہم جملہ شرکائے پروگرام کا تہہ دل سے شکر گزار ہیں کہ اپنا قیمتی وقت دے کر اراکین تحفظ شریعت وویلفیئر کی ہمت افزائ فرمائ اور آئندہ بھی کسی طرح کے پروگرام میں شرکت کرکے حوصلہ افزائ فرمائیں گے یہی امید ہے -- ساتھ ہی ہماری آواز جہاں تک پہنچے لبیک کہیں گے-- 
واضح ہو کہ 9 بجکر ۱۵منٹ شب سے شروع ہونے والا یہ پروگرام دیر رات 11 :۴۵بجے صدر مجلس کی دعاء پر اور شکریہ کے ساتھ اختتام ہوا
اس پروگرام کے انتظام قاری محبوب عالم رحمانی تھے

گیان واپی مسجد معاملہ __مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی

گیان واپی مسجد معاملہ __
Urduduniyanews72 
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ 
بابری مسجد کے بعد فرقہ پرست طاقتوں کی ساری توجہ ان دنون گیان واپی مسجد کی طرف ہے، اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی نے ایک بیان میں گیان واپی مسجد معاملہ کو مسجد کہنے سے بات بگڑنے کی بات کیا کہہ دی کہ میڈیا نے اسے صرف گیان واپی بولنا اور لکھنا شروع کر دیا، حد یہ ہے کہ ہمارے کئی اردو اخبار والوں نے بھی مسجد کا لفظ حذف کر دیا، سوشل میڈیا پر صرف گیان واپی گشت کر رہا ہے، حالاں کہ وہ مسجد ہے اور قیامت تک مسجد رہے گی۔
 اس مسئلہ کو گرمانے کی پوری کوشش فرقہ پرست طاقتیں کر رہی ہیں، پہلے مسجد کے فوارے کے لیے استعمال لوہے کے ایک نلکے کو شیو لنگ کہہ کر بات بڑھائی گئی، مسجد کے وضو کے لیے حوض پر اس بہانے پابندی لگائی گئی، 21جولائی کو وارانسی کی ضلعی عدالت نے گیان واپی مسجد کمپلکس کو اے ایس آئی سروے کا حکم دیدیا، مسلم فریق الٰہ آباد ہائی کورٹ پہونچا، عدالت نے اس موضوع پر سماعت مکمل کرکے 27جولائی کو اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا، بعد میں ورانسی ضلع جج کے فیصلے کواس نے باقی رکھا اور مسلمانوں کی عرضی کو خارج کر دیا، اے ایس آئی کو بھی عجلت تھی، اس لیے اس نے 4اگست سے ہی سروے کا کام شروع کر دیا، مسلم فریق نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا، چیف جسٹس ڈی وائی چندر چور نے اس پر غور کرنے اور سماعت کی تاریخ مقرر کی اورالٰہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو اس شرط کے ساتھ بر قرار رکھا کہ موجودہ عمارت کو سروے سے کسی قسم کا نقصان نہیں پہونچنا چاہیے۔ اے ایس آئی نے سروے کا کام سپریم کورٹ سے عرضی خارج ہونے سے پہلے ہی شروع کر دیا تھا، جو مسلسل جاری ہے، اے ایس آئی نے ابھی کوئی رپورٹ جاری نہیں کی ہے، لیکن فریق مخالف روز نئی نئی افواہیں گڑھ رہا ہے کہ ستونوں پریہ ملا،تہہ خانے میں یہ ملا، مسلم فریق نے وارانسی ضلع کوٹ میں ایک عرضی یہ بھی لگادی تھی کہ سروے کے کام سے میڈیا کو دور کھا جائے، اور افواہوں پر روک لگائی جائے،وارانسی ضلعی عدالت نے اس پر اپنا فیصلہ صادر کر دیا ہے اور اے ایس آئی افسران کو ہدایت دی ہے کہ سروے کی بات کسی کو نہیں بتائیں، البتہ سروے پر روک کی دوسری عرضی پر ابھی فیصلہ آنا باقی ہے۔
 یہ در اصل عدالت اور رائے عامہ کو متاثر کرنے کی گھٹیا کوشش ہے، جو لوگ فوارے کو شو لنگ کہہ سکتے ہیں، ان کے لیے کچھ بھی نکالنے کا دعویٰ کرنا ذرا بھی مشکل نہیں ہے، بلکہ کیا بعید کہ خود ڈال کر رپورٹ میں لکھوادیں کہ یہ یہ چیز ملی اور عدالت اسے ثبوت کے طورپر مان لے، اس درمیان الٰہ آباد ہائی کورٹ نے گیان واپی مسجد میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی کی عرضی کو خارج کر دیا ہے، یہ عرضی راکھی سنگھ نے دائر کی تھی، عرضی کی سماعت چیف جسٹس پرتینیکر دیواکر اور جسٹس آشوتوش سریواستو نے کی اور اسے نا قابل سماعت قرار دیا، فرقہ پرست طاقتیں اس مسئلہ کو اس قدر گرما نا چاہتی ہیں کہ ہندوؤں کے جذبات بھڑکیں اور ہندووٹوں کو متحد کرنے کے لیے اسے حربہ کے طور پرآئندہ انتخاب میں استعمال کیا جا سکے۔
لیکن جس طرح اسے موضوع بحث بنایا جا رہا ہے اور وزیر اعلیٰ اتر پردیش گیان واپی کے لیے مسجد لفظ کے استعمال سے گریز کرنے کا مشورہ دے رہے ہں،اس سے تو یہی معلوم ہوتا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حجت تمام ہوجائے گی اور ملک کو یہ باور کرایا جائے گا کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی گیان واپی مسجد کے بارے میں فیصلہ سنایا گیا ہے۔

اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...