Powered By Blogger

جمعرات, ستمبر 30, 2021

یو پی : جنتا دل یو نے 7 اکتوبر سے انتخابی مہم شروع کرنے کا کیا اعلان ، مشکل میں بی جے پی

یو پی : جنتا دل یو نے 7 اکتوبر سے انتخابی مہم شروع کرنے کا کیا اعلان ، مشکل میں بی جے پی

بہار میں بی جے پی کے ساتھ مل کر حکومت چلا رہی نتیش کمار کی پارٹی جنتا دل یو نے اتر پردیش میں 7 اکتوبر سے اپنی انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس دوران سابق مرکزی وزیر اوپیندر کشواہا یو پی کا دورہ کریں گے اور کئی پروگراموں میں شامل ہوں گے۔سابق مرکزی وزیر اور جنتا دل یو پارلیمانی پارٹی کے سربراہ اوپیندر کشواہا نے بتایا کہ وہ اتر پردیش میں کشواہا سماج کے ایک جلسہ میں شامل ہوں گے جو کہ ان کا نجی پروگرام ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست کے کئی اضلاع کا دورہ کریں گے۔ انھوں نے بتایا کہ اس دوران وہ این ڈی اے کی تمام چھوٹی پارٹیوں سے رابطہ کریں گے۔ حالانکہ انھوں نے یہ بھی صاف کیا کہ اگر جنتا دل یو اور بی جے پی کا اتحاد نہیں ہو پایا تو پارٹی تنہا یا این ڈی اے کی چھوٹی پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کر کے بھی الیکشن لڑ سکتی ہے۔

غور طلب ہے کہ جھارکھنڈ کی جے ایم ایم پہلے ہی صاف کر چکی ہے کہ پارٹی جنتا دل یو کے ساتھ اتحاد کر کے انتخاب لڑے گی۔ اس سے قبل جنتا دل یو کے دہلی واقع مرکزی دفتر کی ایک میٹنگ میں آر سی پی سنگھ کو بی جے پی سے بات چیت کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔ اس میٹنگ میں قومی صدر للن سنگھ، مرکزی وزیر آر سی پی سنگھ اور قومی پرنسپل جنرل سکریٹری کے سی تیاگی موجود تھے۔ میٹنگ میں یو پی اسمبلی انتخابات پر بات چیت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق یو پی میں تقریباً دو درجن سیٹوں پر جنتا دل یو انتخاب لڑنا چاہتی ہے۔ حالانکہ ابھی اسکریننگ کا عمل پارٹی نے شروع نہیں کیا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ منگل کو جنتا دل یو نے قومی عہدیداروں کی نئی فہرست بھی جاری کی تھی۔ قومی سربراہ سمیت اس میں کل 18 عہدیداروں کو شامل کیا گیا ہے۔ حالانکہ اس کے پہلے قومی عہدیداروں کی فہرست میں صرف 16 لوگ ہی شامل تھے۔ اس طرح نئی فہرست میں دو عہدیداروں کا اضافہ ہوا ہے۔ فہرست کے مطابق سابق رکن پارلیمنٹ کے سی تیاگی پارٹی کے پرنسپل جنرل سکریٹری عہدہ پر اب بھی بنے ہوئے ہیں۔اوپیندر کشواہا پارلیمانی بورڈ کے سربراہ کی شکل میں کام کرتے رہیں گے۔ پارٹی کے قومی سربراہ راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے جن تین نئے ناموں کو عہدیداروں کی فہرست میں شامل کیا ہے ان میں دو جنرل سکریٹری محمد علی اشرف فاطمی اور ہرش وردھن ہیں۔ ساتھ ہی تیسرا نام پارٹی کے سابق ریاستی ترجمان راجیو رنجن پرساد کا ہے، جن کو پارٹی نے قومی سکریٹری بنایا ہے۔ رکن پارلیمنٹ آلوک کمار سمن کو پارٹی نے خزانچی بنایا ہے

کوئی تبصرے نہیں:

اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...