نصف ملک میں بارش،سیلاب اورتودے گرنے کے واقعات،بچائو کام جاری

گورکھ پور،دہرادون،جل گائوں: ملک کی بڑے حصے میں آبی قیامت کا قہرجاری ہے۔ اترپردیش، مہاراشٹر، گجرات میں بارش کے سبب سیلاب آگیا ہے جب کہ اتراکھنڈ اور ہماچل جیسی پہاڑی ریاستوں میں چٹانیں کھسکنے اور تودے گرنے کے واقعات بھی ہورہے ہیں۔
بارش ، سیلاب اور مٹی کے تودے گرکر اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش جیسی پہاڑی ریاستوں میں تباہی مچا رہے ہیں۔ اتراکھنڈ میں دہرادون-رانی پوکھری-رشی کیش کو جوڑنے والا عارضی پل پیر کی رات جکھان ندی کے تیز دھارے میں بہہ گیا۔
مرکزی پل 27 اگست کو یہاں بہہ گیا۔ لوگوں کو درپیش مسائل کے پیش نظر دریا پر ایک متبادل پل بنایا گیاتھا ، جس پر اتوار کی شام ہی ٹریفک شروع ہوئی ، وہ پل بھی کل رات بہہ گیا۔ رشی کیش-ہریدوار ہائی وے پر گاڑیوں کا دباؤ پل کے بہنے کے بعد بڑھ گیا ہے۔ یہاں سے سفر کرنے والوں کو بھی زیادہ فاصلہ طے کرنا پڑے گا۔
پل دریا میں بہنے کے بعد لوگ یہاں پھنسے ہوئے ہیں۔ پہاڑی ریاستوں سے تباہی کی کئی تصویریں سامنے آرہی ہیں۔ ایک تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ٹرک تیز بارش کے بعد ندی میں بہہ رہا ہے۔ اس سے قبل پیر کے روز ، اتراکھنڈ کے ٹہری میں اچانک سڑک پر بڑی چٹانیں گر گئیں۔ اس دن ہماچل پردیش کے کنور میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ رپورٹ ہوا۔
یہاں رام پور کے جیوری علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد قومی شاہراہ بند ہو گئی جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ضلعی انتظامیہ نے اس واقعے سے پہلے ہی علاقے میں الرٹ جاری کر دیا تھا۔ احتیاط کے طور پر پولیس اہلکار بھی تعینات تھے۔ جس کی وجہ سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دو دن پہلے پہاڑوں سے پتھر گرنے کا سلسلہ یہاں جاری تھا۔ انتظامیہ کو پہلے ہی خدشہ تھا کہ پہاڑ کا بڑا حصہ ٹوٹ سکتا ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے نیشنل ہائی وے نمبر 5 پر ٹریفک مکمل طور پر بند تھی۔ دونوں طرف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ کنور سے آنے والے مسافروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
مہاراشٹر ، اتر پردیش اور گجرات سمیت کئی ریاستوں میں بارش کی وجہ سے بربادی کے واقعات منظر عام پر آرہے ہیں۔ مہاراشٹر کے 750 دیہات سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔ سیلاب میں 500 مویشی بہہ جانے کی اطلاعات ہیں۔ ساتھ ہی اتر پردیش کے 11 ڈیموں میں رسائو شروع ہو گیا ہے۔
اگر ان میں سے کوئی بھی ڈیم ٹوٹ جاتا ہے تو یہ خوفناک تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔ مہاراشٹر کے جلگاؤں کے چالیسگاؤں تالکا میں ، موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے 750 دیہات زیر آب آگئے ہیں۔
شدید بارشوں کی وجہ سے یہاں کمر تک پانی بھر گیا ہے۔ سیلاب میں ایک خاتون جاں بحق 500 سے زائد مویشی پانی میں بہہ گئے ہیں۔ کئی دیہاتوں میں لوگ اب بھی پھنسے ہوئے ہیں اور بچائے جانے کے منتظر ہیں۔ منگل کو بارش کے بعد اورنگ آباد۔دھلے شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ تب سے وہاں ٹریفک جام ہے۔
سڑک پر کیچڑ ہے۔ شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطار ہے۔ گورکھپور ضلع کے بہت سے دیہات میں ، دریاؤں کے پانی کی سطح ہر گھنٹے میں 3 سے 4 انچ بڑھ رہی ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ اتر پردیش کے گورکھپور ضلع میں سیلاب کی صورتحال ہے۔
کئی قریبی دیہات پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ اس خوف سے کہ دریاؤں کے پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے ، لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ جن کے پاس پکے گھر ہیں انہوں نے چھت پر پناہ لی ہے۔ دریاؤں کے پانی کی سطح میں ہر گھنٹے میں 3 سے 4 انچ اضافہ ہو رہا ہے
۔ 11 ڈیموں میں رساو شروع ہو چکا ہے جن میں چوری چورا ، راپتی روہا ڈیم ، گورا دریا کا مہاکول ڈیم ، لکدیہا ڈیم اور بوہوار ڈیم شامل ہیں۔ 23 سال پہلے 1998 میں ایسی بری صورت حال پیش آئی تھی۔ اب تک 39 افراد کو بچایا گیا ہے اور محفوظ مقام پر پہنچایا گیا ہے
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں