Powered By Blogger

منگل, نومبر 09, 2021

پیغام امن و انصاف کو گھر گھر پہنچانے کی ضرورت : مولانا خليل الرحمن سجاد نعمانی

پیغام امن و انصاف کو گھر گھر پہنچانے کی ضرورت : مولانا خليل الرحمن سجاد نعمانی

نئی دہلی(پریس ریلیز): انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں آل انڈیا علما بورڈ کی جانب سے منعقدہ قومی اقلیتی کانفرنس برائے امن و انصاف کو خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی نے لوگوں سے اپیل کی کہ اگر ہم امن اور انصاف کے متلاشی ہیں تو ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم ایسی تمام کوششوں اور کاوشوں کا حصہ بنیں جو ملک میں امن و امان اور ترقی وبہبود کے لئے چلائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کامیابی کے لئے انفاق، اطعام اور اکرام ضروری ہے باقی کوئی شارٹ کٹ فارمولہ نہیں ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے انعقاد کے لئے بورڈ کے جنرل سکریٹری آرگنائزیشن انظر انور خان اور ان کے ساتھیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اس طرح کی کاوش لائق تحسین ہے اور یہ مسلسل جاری رہنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش یہ ہونی چاہئے کہ ملک میں کوئی بھی بھوکا نہ سوئے۔ کسی ضرورت مند کا استحصال نہ ہو اور ہم سب امن کے پیغامبر بنیں۔ مولانا نے کہاکہ ہمیں زمین پر اتر کر لوگوں کے درمیان جا کر عملی طور پر کام کرنا ہوگا اور ہمیں ان قوموں اورطبقات سے سیکھنا ہوگا جو زمین سے جڑ کر ریا اور نمود سے اوپر اٹھ کر لوگوں کی خدمت کر ر ہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ آل انڈیا علما بورڈ کا پیغام امن ہر گھر تک پہنچائیں اور ممبئی سے آکر دہلی میں اس طرح کے پروگرام کرنا یہ دہلی والوں کے لئے بھی ایک پیغام ہے۔ اس موقع پر سینٹر کے صدر اور مہمان خصوصی سراج الدین قریشی نے بھی اس طرح کی کاوش کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں مایوسی کے بجائے اپنے حصے کا دیا جلانے کی عادت ڈالنی چاہئے۔ جب ہم قرآن کو پڑھتے ہیں تو ہمیں یہ پیغام وہیں سے ملتا ہے کہ مایوس لوگوں کو اللہ پسند نہیں کرتا ہے پھر قدرت سے ہم بغاوت کیوں مول لیتے ہیں؟ کیوں نہیں ہم زمین پر اتر کر امن کو پھیلانے کے لئے کام کرتے ہیں؟اس موقع پر ڈاکٹر سید فاروق احمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے لئے ہمارے رسول اسوہ ہیں۔ کس طرح نبی نے پتھر کھا کر دعا دی، یہ سبق بھی ہم کو یاد رکھنا چاہئے۔ ہمارے لئے یہ لازم ہے کہ ہم لوگوں کو بھلائی کا حکم دیں۔ صاف صفائی کا اہتمام رکھیں۔ لوگ ہم کو دیکھ کر یہ سمجھیں کہ یہ نبی کے دیوانے ہیں اور نبی ایسے ہی تھے۔ دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ذاکر حسین اور حج کمیٹی کے چیئرمین مختار احمد نے بھی کانفرنس کے انعقاد کے لئے انظر انور خان اور بورڈ کے جنرل سکریٹری فائنانس وارث علی خان کو مبارکباد دی۔ سوامی وشوانند نے اپنے پیغام میں کہاکہ بھارت ایک گلدستہ ہے اور بھائی چارہ ہی اس کی اصل پہچان ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتے جب تک کہ ہم محبت کے داعی نہ ہوں۔ انہوں نے کہاکہ کوئی دھرم نفرت کی تعلیم نہیں دیتا ہے اور نفرت کرنے والے ادھرمی ہیں۔ اس موقع پر کیرل سے شمس الدین، ٹی پی سی تنگل، سنی جن یوتھ، چنئی سے نعیم الرحمان، سمیت بڑی تعدادمیں لوگوں نے شرکت کی۔


کوئی تبصرے نہیں:

اردودنیانیوز۷۲

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!

ایک تکبیر جو مکمل تقریر ہے!                   Urduduniyanews72 آج ماہ ذی الحج کی نویں تاریخ ہے، فجر کی نماز کے بعد ایک عمل کا اض...