حکومت بنی تو بجٹ کا 25 فیصد تعلیم پر خرچ ہوگا : سسودیا
نئی دہلی۔پریا گ راج، دہلی کے وزیر تعلیم اور نائب وزیراعلی منیش سسودیا نے کہاکہ اترپردیش میں عام آدمی پارٹی کی حکومت بنی تو پہلے بجٹ کا 25 فیصد حصہ تعلیم پر خرچ ہوگا۔
مسٹر سسودیا نے 'یو پی کی تعلیم کی بات منیش سسودیا کے ساتھ' پروگرام میں جمعرات کو طلبا اور روشن خیال طبقے کے لوگوں کے ساتھ بات چیت کے دوران ریاست کے عوام سے اپیل کی کہ اس بار وہ اپنے بچوں کی بہتر تعلیم کے لئے ووٹ کریں۔ دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال کی یہ گارنٹی ہے کہ اترپردیش کے تمام سرکاری اسکولوں کو پرائیویٹ اسکولوں سے بہتر کردیا جائے گا۔
انہوں نے تعلیم کے معاملہ پر یوگی حکومت پر زوردار حملہ کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی حکومت کے پانچ برس مکمل ہونے والے ہیں لیکن آج بھی ریاست کے چالیس فیصد اسکولوں میں بجلی نہیں ہے۔ بیسک، سیکنڈری سے لیکر ہائی ایجوکیشن تک اساتذہ کی کمی ہے۔ 2017تک ریاست میں سرکار ی اسکولوں میں پڑھنے والے بچوں کی تعداد 60فیصد اور پرائیویٹ اسکولوں میں پڑھنے والے بچوں کی تعداد 40فیصد تھی لیکن یوگی حکومت نے اپنی اب تک کی مدت کار میں اس اعدادو شمار کو الٹا کردیا۔ آج سرکاری اسکولوں میں چالیس اور پرائیویٹ اسکولوں میں 60فیصد بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ پرائیویٹ اسکولوں کی فیس مسلسل بڑھائی جارہی ہے۔ سرکاری اسکولوں کی بدحالی کی وجہ سے غریب بھی سرکاری اسکولوں سے اپنے بچوں کا نام کٹاکر پرائیویٹ اسکولوں میں انہیں پڑھانے پر مجبور ہیں۔
اترپردیش میں سرکاری اسکول، کالج کھنڈر پڑے ہوئے ہیں۔ان میں جانور باندھے جارہے ہیں۔ مڈ ڈے میل میں نمک کی روٹی کھلائی جارہی ہے تو کہیں طالبات سے روٹیاں بنوائی جارہی ہیں۔ کئی اسکولوں میں ٹوائلیٹ نہیں ہیں۔ ڈیسک کی کمی کے سبب بچے زمین پر بیٹھ کر پڑھنے کے لئے مجبور ہیں۔
مسٹر سسودیا نے کہاکہ اب تک یہاں جو سیاسی جماعتیں تھیں وہ ذات۔مذہب، مندر۔ مسجد جیسے امور پر بات کرتی تھیں۔ تعلیم پر کوئی بات نہیں ہوتی تھی پہلی ریاست ریاست کے عوام کو عام آدمی پارٹی کی شکل میں ایک متبادل ملا ہے جو تعلیم پر بات کرتی ہے۔ ہم صرف بات نہیں کرتے بلکہ ہم نے دہلی میں کرکے بھی دکھایا ہے۔ آج وہاں کے سرکاری اسکول پرائیویٹ اسکولوں کو مات دے رہے ہیں۔ سرکاری اسکول انفرانسٹرکچر سے لیکر نتائج تک میں پرائیویٹ اسکولوں سے بہتر ثابت ہورہے ہیں۔