بریکنگ نیوزوزیر اعلی نے ایس سی وایس ٹی فلاح منصوبہ کے متعدد منصوبوں کا جائزہ لیا
پٹنہ07اکتوبر 2021:وزیراعلیٰ جناب نتیش کمار نے ایک انے مارگ واقع سنکلپ میں ایس سی ،ایس ٹی فلاح محکمہ کے متعدد منصوبوں کا جائزہ لیا ۔
ایس سی اور ایس ٹی فلاح محکمہ کے سیکریٹری مسٹر دیویش سہرا نے پرزنٹیشن کے ذریعہ محکمہ کے متعدد منصوبوں کی موجودہ صورتحال کی جانکاری دی ۔انہوں نے رہائشی اسکول، ہاسٹل منصوبہ ،اسکالر شپ اور میرٹ اسکیم ، تھروہٹ ایریا ڈیولپمنٹ منصوبہ ، دشرتھ مانجھی اسکل ڈیولپمنٹ منصوبہ ،وزیر اعلیٰ ایس سی اور ایس ٹی سول سروس حوصلہ افزا منصوبہ وغیرہ کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی ۔
میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکو مت میں آنے کے بعد ہم لوگوں نے ایس سی اور ایس ٹی طبقہ کی فلاح کے لیے کئی منصوبے چلائے ہیں ۔ ان کی سہولتوں اور بہتری کے لیے حکومت مسلسل کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی اور ایس ٹی طبقہ کے لیے چلائے جارہے منصوبے کی موجودہ صورتحال کا اندازہ لگاتے رہیں اور اس کی بنیاد پر اور چیزوں کو بہتر کریں ،تاکہ ان کی مکمل ترقی ہوسکے ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ درج فہرست ذات و قبائل (ایس سی اور ایس ٹی)کے سماجی پروگراموں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ فکر اور ثقافتی ترقی کے تعلق سے کمیونٹی سینٹر اور ورک شیڈ کی تعمیرکرائی گئی ہے ۔ اس میں ضروری سہولتیں فراہم کرائی گئی ہیں ۔ ان تمام کمیونٹی سینٹرس کی فعالیت ،منٹیننس کا جائزہ لیں ،تاکہ اسے مزید مفید اور بہتر بنا یا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکالر شپ اور میرٹس اسکیم کو بہتر طریقہ سے چلائیں تاکہ اس کا فائدہ طالبات کو ملتا رہے ۔ تھروہٹ سماج کے لیے چلائے جارہے ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ حالت کا جائزہ لیاں اور اس سماج کی ترقی کے لیے تمام ضروری کام کریں ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قدیم ،خستہ حال ، ہاسٹلوں کو نئی عمارتوں میں تبدیل کر نا ہے ان کی تعمیر کا کام تیزی سے مکمل کریں ۔ رہائشی اسکولوں میں رہ رہے طلبا و طالبات کو معیاری کھانہ فراہم کرانے کے لیے 'دیدی کی رسوئی 'کے توسط سے میس چلانے کا کام کیا جاسکتا ہے ۔ ہاسٹلوں میں فوڈ سپلائی منصوبہ کے تحت رہنے والے طلبا و طالبات کو فی ماہ 15 کیلو کی شرح سے غذائی سپلائی کا نظام جاری رہے اس کو یقینی بنائیں ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایس سی کے 50 ہزار سے زیادہ آبادی والے بلاکوں میں ایس سی اور ایس ٹی ماڈل رہائشی اسکول کا قیام کے لیے زمین کی فراہمی ، اسکول کا ماڈل سمیت دیگر ضروری چیزوں کا جائزہ لیں۔
میٹنگ میں ایس سی و ایس ٹی بہبود کے وزیر جناب سنتوش کمار سومن ،وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری مسٹر دیپک کمار ، چیف سیکریٹری مسٹر تیریپوراری شرن ، ڈیولپمنٹ کمشنر مسٹر عامر سبحانی ، وزیر ا علیٰ کے پرنسپل سیکریٹری مسٹر چنچل کمار ، وزیر اعلیٰ کے سیکریٹری مسٹر انوپم کمار ، ایس سی و ایس ٹی بہبود محکمہ کے سیکریٹری مسٹر دیویش سہرا ، وزیر ا علیٰ کے او ایس ڈی مسٹر گوپال سنگھ سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔